عمرہ حج اصغر ہے،اور ہر ایک حج، حج اکبر ہے۔
تحقیق کی تفصیل
’’سوال: جمعہ کے روز جو حج ہوتا ہے اس کو حج اکبری کہتے ہیں، اس کی کچھ اصل ہے یا نہیں، اور جمعہ کے حج میں زیادہ فضیلت ہے یا نہیں؟
جواب: اس کی اس قدر اصل ہے کہ آنحضرت ﷺ جو اخیر حج کیا تھا وہ جمعہ کا دن ہوا تھا اور اس کے بارہ میں آیت: (وَأَذَانٌ مِّنَ اللهِ وَرَسُوْلِهِ إِلَى النَّاسِ يَوْمَ الْحَجِّ الْأَكْبَرِ). الآیۃ نازل ہوئی، باقی ویسے حج اکبر بمقابلہ حج اصغر کے ہے، عمرہ حج اصغر ہے اور ہر ایک حج، حج اکبر ہے۔ فقط!‘‘[1]۔
حوالہ جات
[1] فتاوی دار العلوم دیوبند :جمعہ کو جو حج ہوتا ہے اسے اکبری کہتے ہیں اس کی اصل کیا ہے؟۶/۴۸۱ مکتبہ حقانیہ ملتان۔
حافظ ابن قیم الجوزیہ رحمہ اللہ نے ’’زاد المعاد‘‘ (۱/۶۵) میں اسے (یعنی حدیث : جمعہ کے دن کا حج، حج اکبر ہے) باطل کہا ہے،نیز حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے ’’فتح الباری‘‘ (۸/۲۷۰) میں کہا ہے کہ مجھے اس حدیث کی معرفت نہیں ہے،علامہ زرقانی رحمہ اللہ نے ’’شرح موطأ ‘‘ میں، اور علامہ مناوی رحمہ اللہ نے ’’فیض القدیر‘‘ میں حافظ ابن حجر رحمہ اللہ کے قول کو نقل کرنے پر اکتفاء کیا ہے،علامہ شامی رحمہ اللہ نے ’’رد المحتار‘‘ (۴/۴۷) میں علامہ مناوی رحمہ اللہ کے حوالہ سے نقل کیا ہے کہ بعض حفاظ نے اسے باطل،بے اصل کہا ہے۔
تفصیل کے لئے دیکھئے: کتاب غیر معتبر روایات کا فنی جائزہ،حصہ اول،ص:۲۸۹۔