غیر معتبر روایات کا فنی جائزہ (حصہ اول)

روایت: آپ ﷺ کا ارشاد ہے: ’’اگر میں اپنے والدین یا ان میں سے کسی ایک کو اس حالت میں پاؤں کہ میں عشاء کی نماز میں مشغول ہوں اور سورۂ فاتحہ پڑھ چکا ہوں، اسی دوران میری والدہ مجھے پکار کر کہے: اے محمد! تو میں جواب میں اپنی والدہ سے کہوں گا: حاضر ہوں!‘‘۔

تحقیق و نظرِ ثانی: مفتی طارق امیر خان صاحب

حکم: شدید ضعیف، بیان نہیں کرسکتے۔

تحقیق کی تفصیل

سُنَن کا ایک بڑا ذخیرہ سقیم سندوں کی شکل میں محفوظ ہے، ان سقیم روایتوں کےلئے محدثینِ کرام نے ایسے فنی اصول وضع کیے ہیں، جن کی روشنی میں ان احادیث کو اُن کا فنی مقام دیا جاتا ہے،چنانچہ جمہور علما کے نزدیک فضائل کے باب میں ضعیف حدیث پرعمل کرنا جائز ہے،البتہ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے اس جوازِ عمل کےلئے تین بنیادی شرائط ذکر کی ہیں،جن کو حافظ سخاوی رحمہ اللہ نے ’’القول البدیع‘‘ میں نقل کیا ہے، موصوف فرماتے ہیں:

’’سمعتُ شیخَنا ابن حجر أي العسقلاني المصري مِرَاراً ـ وکتبه لي بخطّه ـ یقول: شَرْطُ العَمَلِ بالحدیث الضعیف ثلاثة: الأوّل: متفقٌ علیه، وهو أن یکون الضعفُ غیرَ شدید، فیَخْرُجُ مَن انْفَرَدَ مِنَ الکذّابین والمتّهمین ومَنْ فَحُشَ غلطُه، والثاني: أن یکون مُنْدَرِجاً تحت أصل عام؛ فیَخْرُجُ ما یُخْتَرَعُ بحیث لا یکون له أصلٌ أصلاً، والثالث: أن لا یُعْتَقَدَ عند العَمَلِ به ثبوتُه؛ لئلا یُنْسَب إلی النبي صلى الله عليه وسلم ما لم یقله، قال: والأخیران عن ابن عبد السلام وابن دَقِیق العید،والأوّل نقل العلائي الاتّفاقَ علیه‘‘[1].

میں نے اپنے شیخ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ سے کئی دفعہ سنا ہے - اور حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے مجھے اپنی قلم سے یہ شرائط لکھ کر بھی دیں - کہ ضعیف حدیث پر عمل کرنے کےلئے تین شرائط ہیں: پہلی شرط اتفاقی ہے کہ ضُعف شدید نہ ہو، لہذا اس شرط سے وہ کذّابین اور متہمین اورفاحش الغلط رُوات نکل گئے، جو نقلِ روایت میں منفرد (تنہا) ہوں۔

دوسری شرط یہ ہے کہ روایت دین کے اصلِ عام کے تحت داخل ہو، اس شرط سے وہ روایتیں نکل گئیں جو گھڑی گئی ہوں،اس طور پر کہ ان کی کوئی اصل نہ ہو۔

تیسری شرط یہ ہے کہ حدیث پر عمل کرتے وقت ثبوتِ حدیث کا اعتقاد نہ ہو، تاکہ آپ ﷺ کی طرف کوئی ایسی بات منسوب نہ ہو جائے، جو آپ ﷺ نے نہ فرمائی ہو۔

حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے مزید فرمایا: آخری دو شرطیں ابن عبد السلام رحمہ اللہ اورابن دَقِیق العید رحمہ اللہ سے منقول ہے،اور شرط اول پر علامہ علائی رحمہ اللہ نے علماء کا اتفاق نقل کیا ہے۔

اس دینی انحطاط کے دور میں ان شرائط کو ملحوظ رکھنے کی ضرورت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ محدثینِ کرام کے اسی منہج کے پیشِ نظر ذیل میں ایک ایسی حدیث کی فنی تحقیق ذکر کی جائی گی،جس میں مذکورہ شرائط میں سے شرطِ اول مفقود ہے، جس کا مقتضی یہ تھا کہ اسے فضائل کے باب میں بھی بیان کرنے سے احتراز کیا جاتا، لیکن اس کے باوجود یہ روایت زبان زد عام ہے۔

آپ ﷺ کا ارشاد ہے: ’’اگر میں اپنے والدین یا ان میں سے کسی ایک کو اس حالت میں پاؤں کہ میں عشاء کی نماز میں مشغول ہوں اور سورۂ فاتحہ پڑھ چکا ہوں، اسی دوران میری والدہ مجھے پکار کر کہے:اے محمد! تو میں جواب میں اپنی والدہ سے کہوں گا: حاضر ہوں!‘‘۔

امام بیہقی رحمہ اللہ (المتوفی۴۳۵ھ) ’’شعب الإیمان‘‘[2] میں رقمطراز ہیں:

’’أخبرنا أبو الحُسَیْن بن بِشْرَان، أخبرنا أبو جعفر الرَزَّاز، حدثنا یحیی بن جعفر، أخبرنا زید بن الحُبَاب، حدثنا یاسین بن مُعاذ، حدثنا عبد اﷲ بن قُرَیْر، عن طَلْقِ بن عَلِيّ قال: سمعتُ رسولَ الله صلى الله عليه وسلم یقول: ’’لو أدرکتُ والِدَيَّ أو أحَدَهما وأنا في صلاة العشاء وقد قرأتُ فیها بفاتحة الکتاب، تُنَادِي یا مُحَمّد! لأجبتُها لبَّیک‘‘. یاسین بن معاذ ضعیف‘‘.

ترجمہ: حضرت طلق بن علی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے آپ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا : ’’اگر میں اپنے والدین یا ان میں سے کسی ایک کو اس حالت میں پاؤں کہ میں عشاء کی نماز میں مشغول ہوں اور سورۂ فاتحہ پڑھ چکا ہوں، اسی دوران میری والدہ مجھے پکار کر کہے،:اے محمد! تو میں جواب میں اپنی والدہ سے کہوں گا:میں حاضر ہوں!‘‘، (امام بیہقی رحمہ اللہ فرماتے ہیں) اس روایت میں یاسین بن معاذ ضعیف راوی ہے۔

علامہ ابن جوزی رحمہ اللہ (۵۹۷ھ) نے ’’الموضوعات‘‘[3] میں یہی روایت اس سند سے ذکر کی ہے: ’’ أبو الحَسَن عَلِيّ بن أحمد الموحد، أنبأنا هناد بن إبراهيم النسفي، حدثنا أبو الحسن عفيف بن محمد الخطيب، حدثنا أبو بكر محمد بن أحمد بن حبيب، حدثنا يحيى بن أبي طالب، حدثنا زيد بن الحُباب، حدثنا أبو بكر ياسين بن معاذ، حدثنا عبد الله بن قرين، عن طَلْق بن عَلِيّ قال سمعتُ رسولَ الله صلى الله عليه وسلم يقول:  لو أدركتُ والدَيَّ أو أحدَهما ...‘‘.

واضح رہے کہ امام بیہقی رحمہ اللہ اور علامہ ابن جَوزِی رحمہ اللہ کی ذکر کردہ دونوں سندوں میں راوی ابوبکر یاسین بن معاذ الزیات متکلم فیہ ہے،جن کے بارے میں ائمہ رجال کے اقوال عنقریب تفصیل سے لکھے جائیں گے۔

یاسین بن معاذ کے بارے میں ائمہ رجال کے اقوال آپ کے سامنے تفصیل سے آچکے ہیں،ان تمام ائمہ رجال نے یاسین بن معاذ کو ضعیف ہی قرار دیا ہے، اور علامہ ابن حِبّان رحمہ اللہ ، حافظ ابو حاتم رحمہ اللہ ، امام بخاری رحمہ اللہ ، امام نسائی رحمہ اللہ ، حافظ ابن جنید رحمہ اللہ ، امام ابو داؤد رحمہ اللہ ، امام خلیلی رحمہ اللہ ، امام حاکم رحمہ اللہ ، حافظ نقاش رحمہ اللہ ، امام ابن جَوزِی رحمہ اللہ ، حافظ سَمْعانی رحمہ اللہ ، حافظ ذَہَبِی رحمہ اللہ اور علامہ شَوکانی رحمہ اللہ وغیرہ تمام محدثین نے یاسین بن معاذ کے بارے میں صاف اور جرح کے شدید فنی الفاظ استعمال کیے ہیں، مثلاً:

’’مُنْکَرُ الحَدِیث‘‘. (امام بخاری رحمہ اللہ یہ کلمہ اکثر شدید جرح کےلئے استعمال کرتے ہیں)۔

’’متروکٌ‘‘. (امام نسائی رحمہ اللہ ، حافظ ابن جنید رحمہ اللہ ، امام بیہقی رحمہ اللہ ، حافظ ذَہَبِی رحمہ اللہ )۔

’’ضعیف جداًّ‘‘. (حافظ خلیلی رحمہ اللہ )۔

’’متروک الحدیث‘‘. (حافظ ابو زُرعہ رحمہ اللہ )۔

’’من گھڑت روایات نقل کرتا ہے‘‘ (امام حاکم نیشاپوری رحمہ اللہ )۔

’’یاسین ثقہ راویوں کی طرف منسوب کرکے روایتیں گھڑتا تھا‘‘ (حافظ سَمْعانی رحمہ اللہ ، حافظ ابن حِبّان رحمہ اللہ )۔

’’اس حدیث میں یاسین بن معاذ آفت ہے‘‘ (علامہ شَوکانی رحمہ اللہ )۔

حاصل یہ ہے کہ ان متقدمین ومتاخرین علماء کی سابقہ تصریحات کے مطابق، زیرِبحث روایت کسی بھی طرح ضعفِ شدید سے خالی نہیں ہے، یہی وجہ ہے کہ حافظ ابن جَوزِی رحمہ اللہ ، حافظ ذَہَبِی رحمہ اللہ ، اور علامہ شَوکانی رحمہ اللہ نے اس روایت کو’’ موضوع ‘‘ تک کہا ہے؛ اس لئے ان تمام نصوص کا قدر ِمشترک اور اتفاقی نتیجہ یہی ہے کہ یہ روایت ضعفِ شدید سے کسی بھی صورت میں خالی نہیں رہ سکتی؛ اس لئے زیرِ بحث روایت کو فضائل کے باب میں بھی بیان کرنا جائز نہیں ہے؛ کیونکہ جمہور علما کے نزدیک ضعیف حدیث پراگرچہ فضائل کے باب میں عمل کرنا جائز ہے،البتہ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ کے حوالے سے یہ بات گزر چکی ہے کہ اس جوازِ عمل کےلئے اتفاقی شرط یہ ہے کہ حدیث ِضعیف، ضُعفِ شدیدسے خالی ہو۔

یہاں تک کی توضیحات کا بے غبار نتیجہ تکرار سے ماقبل میں آتا رہا ہے کہ زیرِ تبصرہ روایت، بہر صورت ضعفِ شدید پر مشتمل ہے،اور اسے حافظ ابن جوزی رحمہ اللہ ، حافظ ذَہَبِی رحمہ اللہ اور امام شوکانی رحمہ اللہ نے ’’من گھڑت‘‘ کہا ہے، اور حافظ ابن حجر رحمہ اللہ کی تصریح کے مطابق جمہور علماء کے نزدیک فضائل کے باب میں بھی ایسی روایت بیان کرنا جائز نہیں ہے،جیسا کہ تفصیل ماقبل میں گزر چکی ہے۔

حوالہ جات

[1] القول البديع:خاتمة:496،ت:محمد عوامة،دار اليسر ـ المدينة المنورة،الطبعة الثانية1428هـ .

[2] شعب الإيمان:الخامس والخمسون من شعب الإيمان،10/284،رقم:7497،ت:الدكتور مختار أحمد   الندوي،مكتبة الرشد ـ الرياض،الطبعة الأولى 1423هـ .

[3] الموضوعات:باب بر الوالدين:۳/۸۵ ،ت:عبد الرحمن محمد عثمان،المكتبة السلفية ـ المدينة المنورة، الطبعة الأولى۱۳۸۶هـ .

[4] الإكمال في رفع الإرتياب:قرير:7/108،الأستاد نايف العباس،دار الكتاب الإسلامي ـ قاهرة .

[5] الموضوعات:باب بر الوالدين:3/85 ،ت:عبد الرحمن محمد عثمان،المكتبة السلفية ـ المدينة المنورة، الطبعة الأولى۱۳۸۶هـ .

[6] تلخيص الموضوعات:كتاب البر،ص:279،رقم:752،ت:أبو تميم ياسر،مكتبة الرشد ـ الرياض،الطبعة الأولى۱۴۱۹هـ .

[7] الفوائد الجموعة:كتاب الزهد والأدب والطب وعيادة المريض،1/230،رقم:36،ت:عبد الرحمن بن يحيى، دار الكتب العلمية ـ  بيروت،الطبعة۱۴۱۶هـ .

[8] المقاصد الحسنة:حرف اللام،ص::399، رقم:898،ت:عبد الله محمد الصديق،دار الكتب العلمية ـ  بيروت، الطبعة الثانية1427هـ .

[9] فتح الباري: كتاب العمل في الصلاة، باب:إذا دعت الأم والدها...:3/78،دار المعرفة ـ بيروت .

[10] اللآلئ المصنوعة:2/250،ت:محمد عبد المنعم رابح،دار الكتب العلمية ـ  بيروت،الطبعة الثانية۱۴۲۸هـ .

[11] تنزيه الشريعة:كتاب الأدب والزهد والرقائق،الفصل الأول:2/296،رقم:49،ت:عبد الوهاب عبد اللطيف وعبد الله محمد الصديق،دار الكتب العلمية ـ بيروت،الطبعة الثانية1401هـ .

[12] ميزان الاعتدال:4/358،رقم:9443،تحقيق:علي محمد البجاوي،ناشر:دار المعرفة ـ بيروت .

[13] الجرح والتعدیل:باب الياء،9/380،رقم الترجمة:17005،ت:مصطفى عبد القادر عطا،دار الكتب العلمية ـ بيروت،الطبعة الأولى1422هـ .

[14] الأنساب:باب الزاء والياء،/2043،رقم:1363،مجلس دائرة المعارف العثمانية ـ حيدر آباد الدكن ـ الهند،الطبعة الاولى1397هـ .  

[15] لسان الميزان:8/413،رقم:8405،ت:عبد الفتاح أبو غدة،دار البشائر الإسلامية ـ بيروت،الطبعة ۱۴۲۳هـ .

اس تحقیق میں مذکور روات