روایت: ’’حضرت ابو دجانہ رضی اللہ عنہ ایک صحابی ہیں، وہ فجر کی نماز پڑھتے، اور نماز پڑھنے کے بعد جلدی اپنے گھر چلے جاتے تھے، نبی اکرم ﷺ کی خدمت میں فجر کی محفل میں شرکت نہیں کرتے تھے، کسی نے نبی اکرم ﷺ سے عرض کیا کہ ابو دجانہ رضی اللہ عنہ پتہ نہیں کس حال میں ہے کہ جلدی چلا جاتا ہے، جب نبی کریم ﷺ نے ان سے پوچھا کہ تم جلدی کیوں چلے جاتے ہو؟ تو وہ کہنے لگے: اے اللہ کے نبی ﷺ! میرے ہمسائے کے گھر میں ایک درخت ہے جس پر پھل لگے ہوئے ہیں، مگر اس کی کچھ شاخیں میرے گھر پر آتی ہیں، اور جب رات ہوتی ہے تو شاخوں سے پھل میرے گھر میں گر جاتے ہیں، میں فجر کی نماز پڑھ کر جلدی آتا ہوں، تا کہ ان پھلوں کو اٹھا کر اس آدمی کے گھر واپس ڈال دوں، ایسا نہ ہو کہ میرے بچے جاگ جائیں، اور بلا اجازت دوسرے کے پھل کھانے کے گناہ میں ملوث ہوجائیں۔۔۔‘‘۔
حکم: سنداً نہیں ملتی، بیان کرنا موقوف رکھا جائے۔
تحقیق کی تفصیل
زیر بحث روایت علامہ عبدالرحمن صفوری رحمہ اللہ نے ’’نزهة المجالس‘‘[1] میں بغیر سند کے ان الفاظ سے ذکر کی ہے :
’’حكاية: كان في زمن النبي صلى الله عليه وسلم رجل يقال له أبو دجانة، فإذا صلى الصبح خرج من المسجد سريعا ولم يحضر الدعاء، فسأله النبي صلى الله عليه وسلم عن ذلك فقال: جاري له نخلة، يسقط رطبها في داري ليلا من الهواء، فأسبق أولادي قبل أن يستيقظوا، فأطرحه في داره، فقال النبي صلى الله عليه وسلم لصاحبها: بعني نخلتك بعشر نخلات في الجنة، عروقها من ذهب أحمر وزبرجد أخضر، وأغصانها من اللؤلؤ الأبيض، فقال: لا أبيع حاضرا بغائب .
فقال أبو بكر: قد اشتريتها منه بعشر نخلات في مكان كذا، فرح المنافق، ووهب النخلة التي في داره لأبي دجانة، وقال لزوجته: قد بعت هذه النخلة لأبي بكر بعشر نخلات في مكان كذا، وهي داري، فلا ندفع لصاحبها إلا القليل، فلما نام تلك الليلة وأصبح، وجد النخلة قد تحولت من داره إلى دار أبي دجانة‘‘.
نبی ﷺ کے زمانہ میں ایک شخص جن کو ابو دجانہ کہا جاتا تھا، جب وہ نماز فجر ادا کرتے تو جلدی سے مسجد سے نکل جاتے، اور دعا میں شریک نہیں ہوتے تھے، نبی ﷺ نے اس کی وجہ دریافت کی، انہوں نے جواب دیا کہ میرے پڑوسی کے گھر میں کھجور کا درخت ہے، رات میں ہوا کے چلنے کی وجہ سے اس کی کھجوریں میرے گھر میں گرتی ہیں، میں اپنے بچوں کے جاگنے سے پہلے گھر جاتا ہوں اور ان کھجوروں کو اس کے گھر میں پھینک دیتا ہوں، نبی ﷺ نے اس پڑوسی گھر کے مالک سے فرمایا: اس کھجور کے درخت کو جنت کے ان دس کھجور کے درختوں کے بدلے بیچ دو جن کی جڑیں سرخ سونے اور سبز زبر جد کی ہوں گی، اور ان کی ٹہنیاں سفید موتیوں کی ہوں گی، تو اس نے کہا: میں موجودہ چیز کو غائب کے بدلے میں نہیں بیچتا۔
پھر ابو بکر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: میں نے اس درخت کو اس شخص سے فلاں جگہ کے دس درختوں کے بدلے میں خرید لیا ہے، منافق خوش ہوگیا، اور وہ کھجور کا درخت جو اس کے گھر میں تھا اس نے ابو دجانہ کو دے دیا، اور اپنی بیوی کو بتایا کہ میں نے ان دس درختوں کے بدلے میں جو فلاں جگہ میں اپنے اس درخت کو ابو بکر رضی اللہ عنہ کو بیچ دیا ہے، جبکہ یہ درخت میرے گھر میں ہی ہے، سو ہم صرف تھوڑا درخت ہی دیں گے، وہ رات کو سو گیا اور صبح ہوئی تو وہ درخت ابو دجانہ رضی اللہ عنہ کے گھر منتقل ہو چکاتھا۔
نیز یہی روایت علامہ ابو بکر عثمان بن محمد شطا دمیاطی ثم مکی رحمہ اللہ نے ’’إعانة الطالبين‘‘[2] میں بغیر سند کے کچھ تفصیل کے ساتھ ذکر کی ہے:
’’(لطيفة) كان في زمن النبي صلى الله عليه وسلم رجل يقال له أبو دجانة، فكان إذا صلى الفجر خرج مستعجلا ولا يصبر حتى يسمع دعاء النبي صلى الله عليه وسلم، فقال له يوما: أليس لك إلى الله حاجة؟ فقال: بلى، فقال: فلم لا تقف حتى تسمع الدعاء؟ فقال: لي عذر يا رسول الله! قال: وما عذرك؟ فقال: إن داري ملاصقة لدار رجل، وفي داره نخلة، وهي مشرفة على داري، فإذا هب الهواء ليلا يقع من رطبها في داري، فإذا انتبه أولادي، وقد مسهم الضر من الجوع، فما وجدوه أكلوه، فأعجل قبل انتباههم، وأجمع ما وقع وأحمله إلى صاحب النخلة .
ولقد رأيت ولدي يوما قد وضع رطبة في فمه فأخرجتها بأصبعي من فيه، وقلت له: يا بني! لا تفضح أباك في الآخرة، فبكى لفرط جوعه، فقلت له: لو خرجت نفسك لم أدع الحرام يدخل إلى جوفك، وحملتها مع غيرها إلى صاحبها، فدمعت عينا النبي صلى الله عليه وسلم .
وسأل عن صاحب النخلة، فقيل له: فلان المنافق، فاستدعاه، وقال له: بعني تلك النخلة التي في دارك بعشرة من النخل، عروقها من الزبرجد الأخضر، وساقها من الذهب الأحمر، وقضبانها من اللؤلؤ الأبيض، ومعها من الحور العين بعدد ما عليها من الرطب، فقال له المنافق: ما أنا تاجر أبيع بنسيئة، لا أبيع إلا نقدا لا وعدا، فوثب أبو بكر الصديق رضي الله تعالى عنه وقال: هي بعشرة من النخيل في الموضع الفلاني، وليس في المدينة مثل تلك النخيل، ففرح المنافق، وقال: بعتك، قال: قد اشتريت، ثم وهبها لأبي دجانة .
فقال النبي صلى الله عليه وسلم: قد ضمنت لك يا أبا بكر عوضها، ففرح الصديق، وفرح أبو دجانة رضي الله عنهما، ومضى المنافق إلى زوجته يقول: قدربحت اليوم ربحا عظيما، وأخبرها بالقصة، وقال: قد أخذت عشرة من النخيل، والنخلة التي بعتها مقيمة عندي في داري أبدا، نأكل منها ولا نوصل منها شيئا إلى صاحبها، فلما نام تلك الليلة، وأصبح الصباح، وإذا بالنخلة قد تحولت بالقدرة إلى دار أبي دجانة، كأنها لم تكن في دار المنافق، فتعجب غاية العجب، وهذه معجزة سيدنا رسول الله صلى الله عليه وسلم، وفي قدرة الله تعالى ما هو أعظم من ذلك‘‘.
رسول اللہﷺ کے زمانہ میں ایک شخص تھا جن کو ابو دجانہ کہا جاتا تھا، جب بھی وہ نما ز فجر ادا کرتے تو جلدی سے چلے جاتے، اور اتنا بھی نہ رکتے کہ رسول اللہ ﷺ کی دعا سن لیں ، ایک دن آپﷺ نے ان سے فرمایا:کیا تمہیں اللہ کی حاجت نہیں ہے؟ اس نے کہا: کیوں نہیں، تو آپﷺ نے فرمایا: پھر تم دعا کے سننے تک رک کیوں نہیں جاتے؟ اس نے کہا: اے اللہ کے رسول! میرا عذر ہے، آپ ﷺ نے فرمایا: تمہارا کیا عذر ہے؟ اس نے کہا میرا گھر ایک آدمی کے گھر کے ساتھ ملا ہوا ہے، اور اس کے گھر میں کھجور کا ایک درخت ہے، اور وہ میرے گھر کی طرف جھکا ہوا ہے، چنانچہ جب رات کو ہوا چلتی ہے تو اس کی کھجوریں میرے گھر میں گرتی ہیں، اور جب میرے بچے جاگ جاتے ہیں تو وہ بھوک سے بے تاب ہوتے ہیں، چنانچہ انھیں جو ملتا ہے کھا لیتے ہیں، اسی وجہ سے میں ان کے جاگنے سے پہلے جلدی جاتا ہوں، اور گری ہوئی کھجوروں کو جمع کرکے کھجور کے مالک کے گھر پہنچاتا ہوں۔
اور ایک دن میں نے اپنے لڑکے کو دیکھا کہ اس نے کھجور کو اپنے منہ میں رکھا تو میں نے اپنی انگلی کے ذریعہ اس کے منہ سے اس کھجور کو نکالا، اور میں نے اس کو کہا: اے میرے بیٹے! تو اپنے والد کو آخرت میں رسوا نہ کر، تو وہ بھوک کی شدت کی وجہ سے رونے لگا، میں نے اس کو کہا: اگر چہ تیری جان چلی جائے لیکن میں حرام کو تمہارے پیٹ میں داخل ہونے نہیں دوں گا، اور میں نے دیگر کھجوروں کے ساتھ یہ کھجور بھی درخت والے کو دے دی، یہ سن کر رسول اللہﷺ کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے۔
اور آپ ﷺ نے کھجور والے کے بارے میں پوچھا، بتایا گیا کہ فلاں منافق ہے ، آپﷺ نے اسے بلایا اور اس سے فرمایا: اپنے اس گھر کے درخت کو ان دس درختوں کے بدلے بیچ دیں جن کی جڑیں سبز زبرجد کی ہوں گی، جن کا تنا سرخ سونے کا ہوگا، اور جن کی ٹہنیاں سفید موتیوں کی ہوں گی، اور اس کے ساتھ اس درخت پر موجود کھجوروں کے برابر حور عینابھی ہوں گی، منافق نے کہا: میں ادھار کے بدلے میں بیچنے والا تاجر نہیں ہوں، میں نقد بیچوں گا نہ کہ وعدے پر، ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے آگے بڑھ کر کہا: میں فلاں جگہ کے دس درختوں کے بدلے اس درخت کو خریدتا ہوں، اور مدینہ میں ایسے درخت نہیں تھے، منافق خوش ہوگیا اور کہا کہ میں نے بیچ دیا، ابو بکر رضی اللہ عنہ نے کہا: میں نے خرید لیا، اور پھر ابو بکر رضی اللہ عنہ نے ابو دجانہ رضی اللہ عنہ کو ہدیہ کر دیا۔
اس کے بعد نبیﷺ نے فرمایا: اے ابو بکر! میں تمہارے لئے اس کے بدلہ کا ضامن ہوں، ابو بکر رضی اللہ عنہ اور ابو دجانہ رضی اللہ عنہ خوش ہوگئے، اور منافق اپنی بیوی کے پاس جاکر کہنے لگا: آج میں نے بہت بڑا نفع کمایا ہے، اور اس واقعہ کی خبر دی، اور کہنے لگا: میں نے دس کھجور کے درخت لے لئے ہیں، اور جو کھجور کا درخت بیچا ہےوہ تو ہمارے گھر میں ہی ہمیشہ رہے گا، اور ہم اس سے کھاتے رہیں گے، اور اس سے ابو دجانہ رضی اللہ عنہ کو کچھ بھی نہیں دیں گے، اور جب وہ رات کو سویا، اور صبح ہوئی تو دیکھاکہ کھجور کا درخت اللہ کی قدرت سے ابو دجانہ رضی اللہ عنہ کے گھر منتقل ہوچکا تھا، گویا کہ وہ منافق کے گھر میں ہی نہیں تھا،اس منافق کو انتہائی تعجب ہوا، یہ ہمارے سردار رسول اللہﷺ کا معجزہ ہے، اور اللہ تعالی کی قدرت اس سے بھی بڑی ہے۔
اسی طرح یہی روایت علامہ شمس الدین محمد بن عمر سفیری شافعی رحمہ اللہ نے ’’المجالس الوعظية‘‘[3] میں بغیر سند کے ذکر کی ہے۔
تلاش بسیار کے باوجود یہ روایت سنداً تاحال ہمیں کہیں نہیں مل سکی، اور جب تک اس کی کوئی معتبر سند نہ ملے اسے آپﷺ کے انتساب سے بیان کرنا موقوف رکھاجائے گا، کیونکہ آپﷺ کی جانب صرف ایسا کلام اور واقعہ ہی منسوب کیا جاسکتا ہے جو معتبر سند سے ثابت ہو، واللہ اعلم۔