حضرت مولانا محمد یونس جونپوری صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا من گھڑت روایات پر تعاقب

[متشکل یاانسانی بدن میں حلول کیا ہوا جن، صحابی یا تابعی ہونے کا دعویٰ کرے تو اس کا کیا حکم ہے؟ نیز انسان اگر انھیں ان صورتوں میں دیکھ لے تو اسے کوئی فضیلت حاصل ہوگی؟]

تحقیق و نظرِ ثانی: مفتی طارق امیر خان صاحب

تحقیق کی تفصیل

’’سوال: بعض جنات جسم انسانی میں حلول کر کے آتے ہیں، بعض دفعہ وہ تابعی یا صحابی ہونے کا بھی دعویٰ یا اظہار کرتے ہیں، ایسی صورت میں دیکھنے والے کو کیا فضیلت حاصل ہوجاتی ہے؟

اور اگر وہ بغیر حلول کئے متشکل ہوں تب تو کہا جائے گا کہ انہیں متشکل دیکھا،ورنہ حلول کی صورت میں انہیں دیکھنا نہیں پایا گیا، اس صورت میں اس انسان ملاقی [ملاقات کرنے والے] کا کیا حکم ہوسکتا ہے؟ اور اس انسان کا کیا ہونا چاہئے جس کے جسم میں یہ حلول کئے ہوئے ہیں۔

’’آ کام المرجان‘‘ میں نے دیکھنی چاہی مگر وہ یہاں دستیاب نہیں، شاید اس میں اس قسم کی بحث ہو۔

جواب:  جمہور محدثین کے نزدیک صحابی وہ مسلمان ہے جس نے بحالتِ ایمان حضوراکرمﷺ کو ایک لحظہ  (سکنڈ) بھی دیکھا ہو یا آپ کی صحبت پائی ہو،اور پھر ایمان پر اس کی وفات ہوئی ہو،اور صحبت کے معلوم ہونے کی حافظ ابن الصلاح رحمہ اللہ ، امام نَوَوِی رحمہ اللہ ،حافظ عراقی رحمہ اللہ  نے چار صورتیں لکھی ہیں:

بدرالدین الزرکشی رحمہ اللہ  اور حافظ ابن حجر رحمہ اللہ  (ص: ۱۱۷) کی رائے میں اگر تابعی کسی کا صحابی ہونا بیان کرے تو اس سے بھی صحبت ثابت ہوجائے گی، صورتِ رابعہ میں ابو الحسن بن القطان رحمہ اللہ  کے نزدیک صحبت ثابت نہ ہوگی، لیکن حافظ ابوبکر الخطیب البغدادی رحمہ اللہ  (ص: ۶۷)، سیف الدین الآمدی رحمہ اللہ ، حافظ ابن حجر رحمہ اللہ ،محقق ابن الہُمَام رحمہ اللہ ،محقق ابن امیر الحاج الحلبی رحمہ اللہ  (ص: ۲۶۲ ج: ۲) وغیرہ حضرات ثبوت کے قائل ہیں جو ابن الصلاح وغیرہ کی رائے ہے، البتہ اس صورت میں دو امر ضروری ہیں، اول تویہ کہ اس صورت میں کوئی قطعی حکم نہیں لگایا جاسکتا ہے:

×قال الخطيب: وقد يحكم بأنه صحابي إذا كان ثقة أمينا مقبول القول، إذا قال: صحبت النبي صلى الله عليه وسلموكثر لقائي له، فيحكم بأنه صحابي في الظاهر لموضع عدالته وقبول خبره، وإن لم يقطع بذلك [انتهى كلام الخطيب].

 وقال الآمدي في الأحكام: فلو قال من عاصره: أنا صحابي مع إسلامه وعدالته، فالظاهر صدقه [انتهى كلام الآمدي].

 وقال ابن الهُمَام في التحرير وتبعه تلميذه ابن أمير الحاج في شرحه(ص: ۲۶۲،ج: ۲): إذا قال المعاصر للنبي صلى الله عليه وسلم العدل: أنا صحابي، قبل على الظهور لأن الظاهر أن وَازِع عدالته تمنعه من الكذب، لا على القطع لاحتمال قصد الشرف بدعوى رتبة شريفة لنفسه÷.

[خطیب رحمہ اللہ  فرماتے ہیں: کبھی کبھی صحابی ہونے کا حکم یوں بھی لگایا جاتا ہے کہ ایک شخص جو کہ ثقہ، امین، مقبول القول ہو، یہ کہے کہ میں نے نبی ﷺ کی صحبت پائی ہے، اور کثرت سے میری آپ سے ملاقات رہی ہے، بناء بر ظاہر اس کے صحابی ہونے کا حکم لگایا جائے گا، کیونکہ عدالت موجودہے اور اس کی خبر مقبول ہے، اگرچہ یہ حکم قطعی نہیں ہوگا (خطیب رحمہ اللہ  کا کلام مکمل ہوا)۔

 اورآمدی رحمہ اللہ  ’’احکام‘‘ میں فرماتے ہیں کہ آپ ﷺ کا زمانہ پانے والا ایک شخص یہ کہے کہ میں صحابی ہوں، اور اس کے ساتھ ساتھ وہ مسلمان وعادل بھی ہو تو بظاہر اس کا یہ قول سچ ہوگا(آمدی رحمہ اللہ  کا کلام مکمل ہوا)۔

ابن ہُمَام رحمہ اللہ  ’’التحریر‘‘ میں لکھتے ہیں، اور ان کے شاگرد ابن امیر الحاج رحمہ اللہ  نے ’’التحریر‘‘ کی شرح میں ان کی اتباع کی ہے: اگر ایک عادل شخص جو نبی ﷺ کا زمانہ پانے والاہے، یہ کہے کہ میں صحابی ہوں تو بناء بر ظاہر اس کی بات قبول کی جائے گی، کیونکہ بظاہر اس کی عدالتی آڑ اسے جھوٹ سے روکے گی، لیکن یہ بات قطعی نہیں کہلائے گی، احتمال تو موجود ہے کہ اس نے شرف حاصل کرنے کے لیے اس مرتبۂ شرافت کا دعویٰ کیا ہو]

اور دوسرا امر ضروری یہ ہے کہ دعویٰ اسی وقت معتبر ہوگا جب کہ حضورﷺ کی وفات سے سو سال گذر جانے کے بعد نہ ہو۔

حافظ زین الدین العراقی رحمہ اللہ  نے ’’التقیید والایضاح‘‘ میں (ص: ۳۰۰) اور حافظ ابن حجر رحمہ اللہ  نے ’’مقدمۃ الاصابۃ‘‘ (ص: ۶،ج: ۱)،علامہ سخاوی رحمہ اللہ  نے’’شرح الالفیۃ‘‘ (ص:۹۷،ج: ۳) میں، علامہ سیوطی رحمہ اللہ  نے ’’تدریب الراوی‘‘(ص: ۴۰۰)اور ’’الحاوی للفتاوِی‘‘(ص: ۹۸،ج: ۲) میں، اور ابن امیر الحاج الحلبی رحمہ اللہ  نے’’شرح التحریر‘‘(ص: ۲۶۲،ج:۲) میں اس کی تصریح کی ہے، اس لئے کہ حضور اقدس ﷺ نے اپنی وفات کے قریب ارشاد فرمایا تھا کہ اس وقت جو لوگ زندہ ہیں وہ سو سال کے بعد زندہ نہیں رہیں گے۔

حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ  حضور اقدس ﷺ کا ارشاد نقل فرماتے ہیں:

×أرأيتَكم ليلتكم هذه، فإن على رأس مائة سنة منها لا يبقى ممن هو اليوم عليها أحد. رواه البخاري ومسلم÷. [تم یہ رات دیکھ رہے ہو (اسے یاد رکھو)، کیونکہ آج روئے زمین پر رہنے والوں میں کوئی بھی سو سال کے ختم تک باقی نہیں رہے گا۔ اس روایت کو بخاری رحمہ اللہ  ومسلم رحمہ اللہ  نے تخریج کیا ہے]

اور حضرت جابر رضی اللہ عنہ  فرماتے ہیں:

 ×سمعت النبي صلى الله عليه وسلم قبل أن يموت بشهر: أقسم بالله ما على الأرض من نفس منفوسة اليوم، يأتي عليها مائة سنة وهي حية يومئذ. رواه مسلم÷ (ص: ۳۱۰).

[آپ ﷺ کے انتقال سے ایک ماہ قبل میں نے نبی ﷺ کا ارشاد سنا: میں اللہ کی قسم کھا کر کہتا ہوں کہ آج جو بھی ذی نفس روئے زمین پر موجود ہے، اس پر سو سال نہیں گزریں گے درحالیکہ وہ زندہ ہو۔ اسے مسلم رحمہ اللہ  نے تخریج کیا ہے]

حافظ ابن حجر رحمہ اللہ  فرماتے ہیں:

×ولهذه النكتة لم تصدق الأئمة أحدا ادعى الصحبة بعد الغاية المذكورة، وقد ادعاها جماعة فكذِّبوا، وكان آخرهم رَتَن الهندي، لأن الظاهر كذبهم في دعواهم، انتهى÷.

 [اسی نکتہ کی وجہ سے ائمہ، مذکورہ مدت کے بعد کسی کے دعوی صحبت کی تصدیق نہیں کرتے، اور ایک جماعت نے (مذکورہ مدت کے بعد) صحبت کا دعویٰ کیا تو انہیں جھٹلایا گیا ہے، ان میں سب سے آخری رَتَن ہندی ہے، کیونکہ بظاہر یہ لوگ اپنے دعوی میں جھوٹے ہیں، انتہیٰ]

اسی طرح سَرْبَا تَک الہندی، مُعَمَّر بن بریک، قیس بن تمیم المعروف بالاشج، نَسْطُوْر الرومی، مَکْلَبَہ بن ملکان، ابو الحباب وغیر ہ نے صحبت کے دعوے کئے اور ائمہ فن نے ان کی تکذیب کی۔

حافظ شمس الدین الذہبی رحمہ اللہ نے رَتَن الہندی کی اخبار میں ایک رسالہ ’’کَسْروَثَن رَتَن‘‘ نامی تحریر فرمایا اور اس کی طرف منسوب روایات پر نقد وتبصرہ کرتے ہوئے آخر میں لکھتے ہیں:

×وقد اتفق أهل الحديث على أن آخر من رأى النبي صلى الله عليه وسلمموتا أبو الطفيل عامر بن واثلة  رضي الله تعالى عنه، وثبت في صحيح أن النبي صلى الله عليه وسلمقال قبل موته بشهر أو نحوه: أرأيتَكم ليلتكم هذه، فإنه على رأس مائة سنة منها لا يبقى على وجه الأرض ممن هو اليوم عليها أحد. فانقطع المقال، فماذا بعد الحق إلا الضلال÷ .

 [محدثین کا اتفاق ہے کہ نبی ﷺ کا دیدار کرنے والے صحابہ رضی اللہ عنہم  میں سب سے آخر میں ابوطفیل عامر بن واثلہ رضی اللہ عنہ  کا انتقال ہوا ہے، اور صحیح روایت سے ثابت ہے کہ نبی ﷺ نے اپنے انتقال سے ایک ماہ یا اس کے قریب عرصہ پہلے ارشاد فرمایا تھا: تم یہ رات دیکھ رہے ہو(اسے یادرکھو)، کیونکہ آج روئے زمین پر رہنے والوں میں کوئی بھی سو سال کے ختم تک باقی نہیں رہے گا۔ سو بات ہی ختم ہوگئی، حق کے بعد اب صرف گمراہی ہے]

اب اگر کوئی جن مدت ِمذکور کے گذر جانے کے بعد صحبتِ نبوی کا دعوی کرے تو وہ بھی تسلیم نہیں کیا جائے گا،انسانوں کی طرح جنات بھی اس قاعدہ میں داخل ہیں، اسی لئے حافظ ابن حجر رحمہ اللہ  (ص: ۲۱۵،ج:۲) وغیرہ شراح حدیث نے مَنْ کے عموم سے حضرت عیسی وخضر علیہما السلام اور ابلیس لعین کا استثناء ذکر کیا ہے، اور جنات کا عمومی استثناء ذکر نہیں کیا ہے،اور سرق وخرقاء کے قصوں سے اس پر کوئی اشکال نہیں ہوتا ہے، کیونکہ حضرت عمر بن عبد العزیز رحمہ اللہ  کا ان کی نماز جنازہ پڑھنا وارد ہے، اور عمر بن عبد العزیز رحمہ اللہ  کی وفات رجب  ۱۰۱  ؁ھ میں ہوئی ہے۔

لیکن ہمارے حضرت شاہ ولی اللہ قدس سرہ نے اپنے رسالہ ’’النوادر‘‘ میں جو واقعات نقل کئے ہیں وہ بہت بعد کے ہیں، اگر ان واقعات کی سند صحیح ہے اور ان جنات نے سچ کہا ہے تو یہ کہا جائے گا کہ ابن عمر رضی اللہ عنہ  وجابر رضی اللہ عنہ  کی حدیثیں انسان کے متعلق ہیں اور جنات اس سے خارج ہیں، لیکن یہ کوئی قطعی امر نہیں ہے:

×وأخرج الطَبَرَانِي في المعجم الكبير من طريق عثمان بن صالح قال: حدثني عمرو الجِنِّي قال: كنت عند النبي صلى الله عليه وسلمفقرأ سورة النجم فسجد وسجدت معه.

 [قال الشيخ الجونفوري] وأخرج ابن عدي من وجه آخر عن عثمان بن صالح قال: رأيت عمرو بن طلق الجِنِّي فقلت له: هل رأيت رسول الله صلى الله عليه وسلم؟ فقال: نعم وبايعته وأسلمت وصليت خلفه الصبح، فقرأ سورة الحج فسجد فيها سجدتين÷.

[طبرانی رحمہ اللہ  نے ’’معجم کبیر‘‘ میں عثمان بن صالح کے طریق سے نقل کیا ہے، عثمان فرماتے ہیں کہ عمرو جِنِّی نے مجھے بتایا کہ میں نبی ﷺ کے ساتھ تھا، آپ ﷺ نے سورۂ نجم پڑھ کر سجدہ کیا تو میں نے بھی آپ ﷺ کے ساتھ سجدہ کیا۔

(حضرت جونپوری رحمہ اللہ  فرماتے ہیں) اور ابن عدی رحمہ اللہ  نے ایک دوسرے طریق سے عثمان بن صالح سے نقل کیا ہے، وہ فرماتے ہیں کہ میں نے عمرو بن طلق جِنِّی کو دیکھا تو ان سے پوچھا کہ آپ نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا ہے، اس نے کہا، ہاں! اور میں آپ ﷺ سے بیعت ہواہوں، اور اسلام لایا ہوں، اور آپ ﷺ کی اقتداء میں فجر کی نماز پڑھی ہے، جس میں آپ ﷺ نے سورۂ حج پڑھی اور اس میں دو سجدے کیے]

علامہ نور الدین الہیثمی (ص: ۲۸۵،ج: ۲) پہلی حدیث نقل کرنے کے بعد تردد کا اظہار کرتے ہیں، فرماتے ہیں:

×في إسناده من لايعرف، وعثمان بن صالح لا أراه أدرك أحدا من الصحابة÷. [اس کی سند میں غیر معروف راوی ہے، میں نہیں سمجھتا کہ عثمان بن صالح نے صحابہ رضی اللہ عنہ  میں سے کسی کو پایا ہو]

 حافظ ابن حجر رحمہ اللہ  نے دونوں حدیثیں نقل کی ہیں اور فرماتے ہیں (ص: ۲۸۹،ج: ۴):

×عثمان المذكور مات سنة تسع عشرة ومائتين، فإن كان الجِنِّي الذي حدثه بذلك صدق، فيحمل الحديث رأس مائة سنة [کذا فِی الأصل] الذي في الصحيح على الإنس بخلاف الجن، انتهى÷.

 [مذکورہ عثمان کا انتقال  ۲۱۹ ؁ھ میں ہوا، پھر اگروہ ’’جن‘‘ جس نے عثمان کو یہ حدیث بیان کی ہے، سچا ہے تو ’’صحیح‘‘ میں موجود سو سال کے ختم والی روایت انسانوں پر محمول ہوگی، بخلاف جنات کے، انتہیٰ]

اب اس کے بعد اصل سوال کا جواب عرض ہے۔

حضور اقدس ﷺ جس طرح انسانوں کی طرف مبعوث ہوئے تھے ایسے ہی جنات کی طرف بھی، جن انسانوں کو آپ کی صحبت نصیب ہوئی،جیسے وہ آپ کے صحابی ہیں ایسے ہی جن جنات نے آپ کی صحبت پائی وہ بھی آپ کے صحابی ہوں گے۔

اسی لئے حافظ ابو موسی المدینی رحمہ اللہ  وغیرہ نے جنات صحابہ کا اپنی کتابوں میں تذکرہ کیا ہے، اور ابن الاثیر الجزری رحمہ اللہ  کا ان پر اعتراض کرنا اور ان کی صحبت کا انکار بے دلیل ہے، حافظ ابن حجر رحمہ اللہ  وغیرہ نے اس کو رد کیا ہے۔

 اب جس طرح انسان صحابی کی ملاقات سے مابعد کے لوگ تابعی ہوجاتے ہیں بظاہر جنات صحابی کا بھی یہی حکم ہے،اور اگر کوئی جن انسان کے بدن میں حلول کرلے تو آیا اس کو دیکھنے والا تابعی کہلاسکتا ہے؟ محل تأمل ہے، گو ثبوتِ تابعیت کے لئے جس طرح تابعی کا صحابی کو دیکھنا کافی ہے اسی طرح صحابی کا تابعی کو دیکھنا کافی ہے، ×کماصرح به السخاوي÷ (ص: ۱۱۴، ج۱)

وجہ تامل یہ ہے کہ صورتِ اول تو بہر حال مفقود ہے اور صورت ثانی بھی نہیں ہے، اس لئے کہ جن نے اس انسان کو اپنی حالت میں نہیں دیکھا ہے، مگر فی الجملہ دیکھنا پایا گیا اس لئے مطلق نفی بھی مشکل ہے، اور جس کے جسم میں حلول کیا ہے بظاہر اس کا حال اقویٰ ہے، اس سلسلے میں کوئی تصریح معلوم نہیں ہوسکی، جو کچھ لکھا گیا ہے اپنا خیال ہے، ×جعل الصواب له رفيقا÷ [کذا في الأصل].

اخیر میں یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ وفاتِ نبوی کے ایک صدی گزر جانے کے بعد جن جنات نے صحبت کے دعوے کئے ہیں ان کی ملاقات سے بصورت ِصدق برکت حاصل ہوگی، مگر تابعیت کی وہ خصوصیت وشرف جس کے متعلق فرمان نبوی ×خیر أمتی قرنی ثم الذین یلونهم ثم الذین یلونهم÷. وارد ہے احقر کے خیال میں حاصل نہ ہوگا، اس لئے کہ یہ فضیلت قرن کے متعلق ارشاد فرمائی گئی ہے اور قرن کا اطلاق ایک محدود زمانہ پر ہوتا ہے، جس کی تعیین میں دس سے لے کر ایک سو بیس تک نوّے کو نکال کر گیارہ اقوال ہیں،اور بہت سے اہل لغت کہتے ہیں کہ قرن ایک زمانہ کے ان متقارب لوگوں پر اطلاق کیا جاتا ہے جو کسی مقصود امر میں شریک ہوں،بہر حال ہر دو تفسیر کے لحاظ سے قرنِ صحابہ وتابعین ختم ہوچکا ہے۔۔۔‘‘[1]۔

حوالہ جات

[1] الیواقیت الغالیہ: کیا کوئی جن صحابی یا تابعی جسم انسانی میں حلول کرسکتا ہے؟ اگر اس کو کسی انسان نے دیکھا اس کی فضیلت کیا ہے؟ ۱/۳۸۰ - ۳۸۴۔