حضرت مولانا محمد یونس جونپوری صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا من گھڑت روایات پر تعاقب

[قرنِ صحابہ گذر جانے کے بعد کسی جن صحابی کے دیکھنے سے برتقدیرِ صحت میری ناقص رائے میں تابعیت کا شرف حاصل نہ ہوگا، اس لئے کہ یہ فضیلت قرن کے ساتھ خاص ہے]

تحقیق و نظرِ ثانی: مفتی طارق امیر خان صاحب

تحقیق کی تفصیل

’’سوال: کچھ لوگ یہ کہتے ہیں کہ ان کی جنات صحابی سے ملاقات ہوتی ہے، اور ان سے وہ لوگ بیعت واکتساب فیض کرتے ہیں۔

اب دریافت طلب یہ امر ہے کہ اگر ان سے بشکل انسانی کوئی آدمی ملاقات کرے تو وہ تابعین میں شمار ہوگا یا نہیں؟ اور ان سے دینی فیض بذریعہ بیعت وغیرہ ہوسکتا ہے یا نہیں؟ اور خیر القرون میں باہم جنات وانسان میں اس طرح بیعت اور رشد وہدایت اور فیض رسانی کا سلسلہ قائم ہوا ہے یا نہیں؟ اور اب ہوسکتا ہے یا نہیں؟

جواب:  حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ  فرماتے ہیں:

×صلى النبي صلى الله عليه وسلمصلوة في آخر حياته، فلما سلم قام النبي صلى الله عليه وسلمفقال: أرأيتَكم ليلتكم هذه! فإن رأس مائة سنة لايبقي ممن هو اليوم على ظهر الأرض أحد. رواه البخاري (ص: ۸۴) ومسلم÷ (۳۱۰/۲).

[نبی ﷺ نے ایک دفعہ اپنی عمر کے آخری حصہ میں نماز پڑھائی،سلام پھیرنے کے بعد آپ ﷺ کھڑے ہو گئے اور فرمایا: تم یہ رات دیکھ رہے ہو (اسے یاد رکھو)، کیونکہ آج روئے زمین پر رہنے والوں میں کوئی بھی سو سال کے ختم تک باقی نہیں رہے گا۔ اس روایت کو بخاری رحمہ اللہ  ومسلم رحمہ اللہ  نے تخریج کیا ہے]

ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ  فرماتے ہیں:

×لما رجع النبي صلى الله عليه وسلممن تبوك سألوه عن الساعة، فقال رسول الله صلى الله عليه وسلم: لاتأتي مائة سنة وعلى الأرض نَفْس منفوسة اليوم. رواه مسلم÷.

 [جب آپ ﷺ تبوک سے واپس تشریف لائے تو صحابہ رضی اللہ عنہم  نے آپ ﷺ سے قیامت کے بارے میں پوچھا، رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:آج جو بھی ذی نفس روئے زمین پر موجود ہے، اس پر سو سال نہیں گزریں گے درحالیکہ وہ زندہ ہو۔ اسے مسلم رحمہ اللہ  نے تخریج کیا ہے]

اور حضرت جابر رضی اللہ عنہ  فرماتے ہیں:

×سمعت النبي صلى الله عليه وسلميقول قبل أن يموت بشهر: ما على الأرض من نَفْس منفوسة لاتأتي عليها مائة سنة. رواه مسلم (۳۱۰/۲)÷.

 [آپ ﷺ کے انتقال سے ایک ماہ قبل میں نے نبی ﷺ کا ارشاد سنا: جو بھی ذی نفس روئے زمین پر موجود ہے، اس پر سو سال نہیں گزریں گے درحالیکہ وہ زندہ ہو۔ اسے مسلم رحمہ اللہ  نے تخریج کیا ہے]

ان احادیث کی وجہ سے حضرات محدثین فرماتے ہیں کہ جو شخص وفات ِنبوی کے سو سال بعد صحابیت کا دعوی کرے وہ کاذب ہے، حضرت عیسیٰ علیہ السلام  چونکہ آسمان پر اٹھا لئے گئے اور ابلیس لعین کو اللہ تعالیٰ نے ﴿إِنَّكَ مِنَ الْمُنْظَرِيْن﴾ فرماکر مہلت دیدی، اس لئے ان کا استثناء ذکر کیا ہے، اسی طرح حضرات صوفیہ اور بعض محدثین جیسے ابو القاسم السہیلی رحمہ اللہ ، حافظ ابن الصلاح رحمہ اللہ ، امام نَوَوِی رحمہ اللہ  حضرت خضر علیہ السلام  کو مستثنی مانتے ہیں،کیونکہ ان حضرات کی رائے پر وہ زندہ ہیں، امام نَوَوِی رحمہ اللہ  فرماتے ہیں:ہوسکتا ہے کہ حضرت خضر علیہ السلام  ارشاد نبوی کے وقت سمندر میں ہوں۔

حوالہ جات

[1] الیواقیت الغالیۃ:اگر جن صحابی سے بشکل انسانی کوئی ملاقات کرلے تو کیا تابعی شمار ہوگا؟۲/۱۵۴ - ۱۵۶۔