روایت: آپ ﷺ کا ارشاد ہے: ’’المَعْرِفَةُ رَأسُ مَالِي...‘‘. اﷲ کی معرفت میرا سرمایہ ہے۔۔۔‘‘۔
حکم: بے اصل ومن گھڑت
تحقیق کی تفصیل
علوم شرعیہ میں تصنیف وتالیف کو بنیادی حیثیت حاصل ہے،لیکن اسلامی تعلیمات کی تذکیر وتشہیر دیگر فنون وعلوم سے یکسر مختلف ہے؛ کیونکہ شریعت کے تمام مضامین، اپنی خاص بنیادی اساس پر قائم ہوتے ہیں، جن کی روشنی میں ہر تصنیف وتالیف کی صحت و سُقَم کا فیصلہ ہوتا ہے، خصوصاً احادیث کو نقل کر نے کے سلسلے میں محدثینِ کرام کی وضع کردہ شرائط پر پورا اترنا انتہائی اہم ہے،ورنہ صاحبِ تصنیف بعض اوقات غیر مستند روایات کی تشہیر کرنے لگتا ہے، ہمارے پاک وہند کی تصنیفات میں اس اہم فریضے کی طرف مزید توجہ کی ضرورت ہے، چنانچہ ہم یہاں خاتم المحدثین مولانا عبد العزیز فرہاروی رحمہ اللہ کا ایک اقتباس نقل کرتے ہیں،جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ہمارے عرف میں غیر مستند روایات کے پھیلنے کی کیا وجوہات ہیں، تاکہ ان اسباب سے اہتمام سے بچا جاسکے، ملاحظہ ہو:
’’والسَّبَبُ أنّه قَلَّ اشْتِغَالُهم بِصَنَاعَةِ الحَدِیث، وأنّهم اعْتَمَدُوا علی المشهور في الألْسِنَة مِنْ تَحْسِیْنِ الظَّنّ بالمُسْلِم، وأنَّهم انْخَدَعُوا بالکُتُب الغَیرِ المُنَقَّحَةِ الحَاوِیَةِ لِلرطْبِ والیَابِسِ، وأنَّة لم یَبْلُغْهُم وَعِیدُ التَّهَاوُنِ في روایةِ الحَدِیثِ، وأیضاً منهم مَنْ یَعْتَمِدُ علی کُلِّ ما أسْنِدَ مِنْ غَیرِ قَدْحٍ وتَعْدِیلٍ في الرُّوَاة‘‘[1].
’’(ان کتب میں رطب ویابس احادیث کی )وجہ یہ ہے کہ ان کتابوں کے مصنّفین فن حدیث سے مشغولیت کم رکھتے تھے،اور مسلمان سے حسن ظن رکھتے ہوئے، زبان زَد عام روایتوں پر بھروسہ کر لیتے [حا لانکہ ایسا اعتماد صرف ماہرِ فن پر ہی کیا جا سکتا ہے،نہ کہ حدیث میں کم اشتغال رکھنے والوں پر] اور یہ مصنفین رطب ویابس پر مشتمل، غیر منقح کتابوں سے دھوکے میں پڑگئے، اور (ان کے بارے میں یہی حسنِ ظن ہےکہ)ان مصنفین کو حدیث نقل کرنے میں تہاون (حقیر سمجھنا) کی وعید نہیں پہنچی ہوگی،اور ان میں بعض مصنفین ایسے بھی ہیں کہ سند کے راویوں کی جرح وقدح دیکھے بغیر، ہر سند والی روایت پر اعتمادکر لیتے ہیں‘‘۔
بہرحال ہمارے معاشرے میں اَربابِ تصنیف کے ساتھ ساتھ، ہر فردِ امت کو حدیث کے معاملے میں انتہائی حسّاس رہنے کی ضرورت ہے،تا کہ من گھڑت اور ساقط الاعتبار احادیث کی روک تھام ہوسکے۔
اسی اہمیت کے پیش ِنظرذیل میں ایک ایسی حدیث پیش کی جائے گی،جو محدثینِ کرام کے نزدیک بے اصل اور من گھڑت ہے؛ اس لئے اس کے بیان کرنے سے احتراز ضروری ہے۔
آپ ﷺ کا ارشاد ہے کہ ’’اﷲ کی معرفت میرا سرمایہ ہے۔۔۔‘‘۔
روایت کی تحقیق تین بنیادی اجزاء پر مشتمل ہے:
۱- روایت اور اس کے مصادر
۲- روایت کے بارے میں ائمہ کے اقوال اور اس کا خلاصہ
۳- تتِمّہ اور روایت کا فنی حکم
حجّۃ الاسلام امام ابو حامد الغزالی رحمہ اللہ ’’إحیاء علوم الدین‘‘[2] میں لکھتے ہیں:
’’وعن علي بن أبي طالب کَرَّم اﷲ وجهه قال: سألتُ رسولَ اﷲ صلى الله عليه وسلم عن سُنَّتِه فقال:
’’المَعْرِفَةُ رَأسُ مَالِي، والعَقْلُ أصْلُ دِینِي، والحُبُّ أسَاسِي، والشَّوقُ مَرْکَبِي، وذِکْرُ اﷲ أنِیسِي، والثِّقَةُ کَنْزِي، والحُزْنُ رَفِیقِي، والعِلْمُ سِلَاحِي، والصَّبْرُ رِدَائِي، والرِّضَا غَنِیمَتِي، والعَجْزُ فَخْرِي، والزُّهْدُ حِرْفَتِي، والیَقِینُ قُوَّتِي، والصِّدْقُ شَفِیعِي، والطَّاعَةُ حَسْبِي، والجِهَادُ خُلُقِي، وقُرَّةُ عَیْنِي في الصَّلاة‘‘.
حضرت علی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے آپ کی سنتوں کے متعلق دریافت کیا، تو آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا:
’’اللہ تعالی کی معرفت میری پونجی ہے، اور میرے دین کی بنیاد اور اصل، عقل ہے، اور میری اساس محبت ہے، اور میری سواری شوق ہے،اور اللہ کی یاد میری اُنسیت کی چیز ہے، اور اللہ پر بھروسہ میرا خزانہ ہے،اور غم میرا ساتھی ہے، اور علم میرا ہتھیار ہے، اور صبر میری چادر ہے، اور اللہ کی خوشنودی میری غنیمت ہے، اور میرا فخر عجز وانکساری ہے، اور میرا پیشہ دنیا سے بے رغبتی ہے، اور میری قوت یقین ہے، اور سچائی میری شفاعت کرنے والی ہے، اور اللہ کی اطاعت مجھے کافی ہے، اور جہاد میرے اخلاق ہیں، اور میری آنکھوں کی ٹھنڈک نماز میں ہے‘‘۔
علامہ قاضی ابوالفضل عیاض الیَحْصُبِی رحمہ اللہ (۵۴۴ھ) نے ’’الشِفَاء بِتَعْرِیفِ حُقُوقِ المُصْطَفَی‘‘[3] میں سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی مذکورہ مرفوع روایت بلاسند نقل کی ہے، اس میں یہ اضافہ بھی ہے:
’’وفي حدیث آخر: وثَمْرَةُ فُؤَادِي في ذِکرِه، وغَمّي لأجلِ أمَّتِي، وشَوقِي إلی رَبِّي عَزَّوجَلَّ‘‘.
ترجمہ: ’’اور ایک دوسری حدیث میں ہے کہ’’اور میرے دل کا پھل اللہ کی یاد میں ہے، اور میرا غم امت کےلئے ہے، اور میرا شوق اللہ عزوجل کی جانب ہے‘‘۔
حافظ عراقی رحمہ اللہ ، حافظ ابن حجر ہَیتَمی رحمہ اللہ ، علامہ تاج الدین سُبْکِی رحمہ اللہ ، علامہ سُیوطِی رحمہ اللہ ، حافظ مرتضی زَبِیدی رحمہ اللہ ، علامہ طاہر پٹنی رحمہ اللہ ، ملا علی قاری رحمہ اللہ ، علامہ خفاجی رحمہ اللہ اورامام شَوکانی رحمہ اللہ ، ان سب محدثین نے زیرِ بحث روایت پر تبصرہ کیا ہے، ذیل میں ان محدثینِ کرام کے اقوال اور آخر میں ان کا خلاصہ لکھا جائے گا۔
حافظ مرتضیٰ زَبِیدِی رحمہ اللہ (۱۲۰۵ھ) ’’إتحَاف السَّادَة المُتَّقِین‘‘[4] میں رقمطراز ہیں:
’’قال العِرَاقِي: ذَکَرَه القاضي عیاض مِنْ حدیث عَلِيٍّ، ولم أجِدْ له إسناداً اهـ . قلتُ: وسُئِلَ عنه الحافظ ابن حَجَرٍ في فَتَاویه فقال: لا أصلَ له‘‘.
علامہ عراقی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ قاضی عیاض رحمہ اللہ نے یہ روایت حضرت علی رضی اللہ عنہ سے نقل کی ہے اور مجھے اس کی سند نہیں ملی، میں (حافظ مرتضیٰ زَبِیدِی رحمہ اللہ ) کہتا ہوں کہ حافظ ابن حجر الہَیتَمی رحمہ اللہ (۹۷۴ھ) سے ان کے مجموعہ فتاوی میں اس روایت کے بارے میں پوچھا گیا، تو انہوں نے اس کے جواب میں کہا کہ اس کی ’’اصل‘‘ نہیں ہے۔
علامہ تا ج الدین سُبْکِی رحمہ اللہ (۷۷۱ھ) نے ’’طَبَقَات الشَّا فِعِیَّة الکُبْرَى‘‘[5] میں ’’الإحیاء‘‘ میں مذکور ایسی روایتوں کے لئے ایک فصل قائم کی ہے، جن کے بارے میں علامہ تاج الدین سُبْکِی رحمہ اللہ نے ’’لم أجِدْ لها إسناداً‘‘ (یعنی مجھے اس کی اصل نہیں ملی) کہا ہے، چنانچہ ’’إحیاء‘‘ کی زیر بحث روایت کو اسی فصل کے تحت ذکر کیا ہے۔
علامہ محمد بن طاہر پٹنی رحمہ اللہ (۹۸۶ھ) نے ’’تذکرة الموضوعات‘‘[6] میں لکھا ہے:
’’في المختصر: ’’المَعْرِفَة رَأسُ مَالِي ... ذَکَرَه القاضي عیاض ولم یُوجَد‘‘.
مختصر (امام سُیوطِی رحمہ اللہ کی کتاب) میں ہے: ’’المَعْرِفَة رَأسُ مَالِي...‘‘. اسے قاضی عیاض رحمہ اللہ نے ذکر کیا ہے، اور یہ روایت نہیں ملی (یعنی اس کی سند نہیں ملی)۔
امام محمد بن علی شوکانی رحمہ اللہ (۱۲۵۰ھ) ’’الفوائد المجموعة‘‘[7] میں رقمطراز ہیں:
’’ذَکَرَه القاضي عیاض، وآثَارُ الوَضْعِ علیه لائِحَةٌ‘‘.
قاضی عیاض رحمہ اللہ نے اسے ذکر کیا ہے، اور وضع کے آثار اس پر ظاہر ہیں۔
علامہ شہاب الدین احمد بن محمد الخفاجی المصری رحمہ اللہ (۱۰۶۹ھ) ’’نَسِیمُ الرِّیَاض في شرح الشفاء‘‘[8] میں لکھتے ہیں:
’’وهذا الحدیث ذَکَرَه في الإحیاء، وقال الحافظ العراقي:إنَّه لا أصلَ له، وقال السُّیوطي رَحِمَه اﷲ تعالی:إنَّه موضوعٌ وآثارُ الوَضْعِ لائِحَةٌ علیه، وهو یُشْبِهُ کلامَ الصُّوفِیَة‘‘.
امام غزالی رحمہ اللہ نے یہ حدیث ’’احیاء‘‘ میں ذکر کی ہے اور اس کے بارے میں علامہ عراقی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ اس کی کوئی اصل نہیں ہے، اور امام سُیوطِی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ یہ موضوع ہے، اوراس حدیث میں وضع کے آثار ظاہر ہیں، اور یہ حدیث صوفیہ کے کلام کے مشابہ ہے۔
ملا علی قاری رحمہ اللہ (۱۰۱۴ھ) ’’شَرْحُ الشِّفَاء‘‘[9] میں لکھتے ہیں:
’’فهذه کَلِمَاتٌ جامِعَةٌ معانیها مُطَابَقَه لِمَا في الکتاب والسُّنَّة، والمُصَنِّف ثَبْتٌ ثِقَةٌ حُجَّةٌ، فحُسْنُ الظَّنِّ به أنَّه ما رواها إلاّ عن بَیِّنَةٍ، وإن لم تَکُنْ عندنا بَیِّنَة، وأمَّا قولُ الدلجي: قال الأئِمَّة: موضوعٌ. یَحْتَمِلُ أن یکون باعتبار بعض أفْرَادِه بِنَاءً علی اختلافِ إسْنَادِه کما بَیَّنَّاه، واﷲ أعلم‘‘.
اس حدیث کے کلمات اپنے معنی میں جامع ہیں، اور یہ کلمات قرآن وحدیث کے مطابق ہیں، اور مصنف (قاضی عیاض رحمہ اللہ ) ثَبْت، ثقہ اور حجت ہیں، اُن سے حسن ظن کا تقاضا یہی ہے کہ انہوں نے کسی دلیل (سند) ہی سے یہ حدیث نقل کی ہوگی، اگرچہ ہمارے پاس اس کی کوئی دلیل (سند) نہیں ہے، اور دلجی رحمہ اللہ [یعنی محمدبن محمد الدلجی المصری رحمہ اللہ المتوفی ۹۴۷ھ، موصوف نے ’’الإصطفا‘‘ کے نام سے ’’شِفَاء‘‘ کی شرح لکھی ہے] کا یہ کہنا ہے کہ ائمہ نے اس حدیث کو موضوع کہا ہے، اس قول میں یہ احتمال ہے کہ یہ حدیث اختلافِ اسناد کی بناء پر، اپنے بعض افراد کے اعتبار سے موضوع ہو، جیسا کہ ہم نے اس کو بیان کردیا ہے، واﷲ اعلم۔
واضح رہے کہ حافظ عراقی رحمہ اللہ ، حافظ ابن حجر ہَیتَمی رحمہ اللہ ، علامہ تاج الدین سُبْکِی رحمہ اللہ ، علامہ سُیوطِی رحمہ اللہ ، حافظ مرتضی زَبِیدی رحمہ اللہ ، علامہ پٹنی رحمہ اللہ ، علامہ خفاجی رحمہ اللہ اورعلامہ شَوکانی رحمہ اللہ ، ان سب محدثین نے اس روایت کو بے اصل قرار دیا ہے، اور علامہ شہاب الدین خفاجی رحمہ اللہ (شارح شفاء)، علامہ دلجی رحمہ اللہ (شارح شفاء)، علامہ سُیوطِی رحمہ اللہ (ایک قول کے مطابق) اور امام شَوکانی رحمہ اللہ ان علمائے کرام رحمہم اللہ تعالی نے واضح لفظوں میں اس روایت کو موضوع کہا ہے، ان نامور محدثین کی مذکورہ تصریحات کے بعداب ہم ملا علی قاری رحمہ اللہ کا سابقہ قول دوبارہ ذکر کرتے ہیں، ملاحظہ ہو:
’’قاضی عیاض رحمہ اللہ ثَبْت، ثقہ اور حجت ہیں، اُن سے حسن ظن کا تقاضا یہی ہے کہ انہوں نے کسی دلیل (سند) سے یہ حدیث نقل کی ہوگی، اگرچہ ہمارے پاس اس کی کوئی دلیل (سند) نہیں ہے‘‘
گویا کہ ملا علی قاری رحمہ اللہ بھی یہی ارشاد فرما رہے ہیں کہ اس روایت کی کوئی سند ثابت نہیں ہے، آپ دیکھ چکے ہیں کہ گزشتہ ائمہ کرام نے یہ تصریح کی ہے کہ یہ روایت بے اصل،بلکہ من گھڑت ہے،اس خاص تناظر میں جب کہ اس روایت کی سند ثابت نہیں ہے،اور محدثینِ عظام اس کے ساقط الاعتبار اور بے اصل ہونے کی تصریح کرتے رہیں ہیں، قاضی عیاض رحمہ اللہ کا’’شفاء‘‘ میں اس حدیث کو بلا جرح نقل کرنا، ثبوتِ حدیث کے لئے کافی نہیں ہے، بلکہ اس بارے میں یہ توجیہ قرین قیاس ہے کہ کسی دوسرے شخص نے اس روایت کو ذکر کیا ہو، اور قاضی عیاض رحمہ اللہ نے اس شخص پر اعتماد کر لیا ہو،یا اس کے علاوہ کوئی بھی وجہ ہو سکتی ہے۔
بہرحال محدثین کرام کے نزیک آپ ﷺ کی جانب کسی خبر کا انتساب اسی وقت ہو سکتا ہے،جب وہ کسی معتبر سند سے ثابت ہوجائے،اس لئے سابقہ نصوص سے یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ زیرِ بحث روایت بے اصل اورمن گھڑت ہے، اس لئے اسے رسول اللہ ﷺ کی جانب منسوب کرنا جائز نہیں ہے۔
اس عنوان کے تحت زیرِ بحث روایت پر مشتمل ’’معجم ابن عساکر‘‘ اور ’’ کَشْفُ الخَفَاء‘‘ کی دو روایتیں اور ان کا فنی حکم لکھا جائے گا۔
واضح رہے، پہلے لکھا جا چکا ہے کہ قاضی عیاض رحمہ اللہ نے ’’حدیث آخر‘‘ کے تحت اس زیرِ بحث حدیث میں کچھ اضافہ ذکر کیا ہے، حافظ ابن عساکر رحمہ اللہ نے ’’معجم ابن عساکر‘‘ میں ان اضافی کلمات کی تخریج اور روایت پر کلام کیا ہے۔
چنانچہ ’’معجم ابن عساکر‘‘[10]میں ہے:
’’حدثني إبراهیم بن محمد بن إبراهیم أبو العلاء التَّایَابَاذِي ـ قَرْیَة مِنْ قُرَى بوشَنج وکان فَقِیهَ الکَرَامِیَة ومقدهم ـ مِنْ لفظه ببوزجان ـ قَصْبَة جام مِنْ نَوَاحي نَیْسَابَور ـ قال: ثنا الأستاذ الإمام أبو القاسم إسماعیل بن محمد بن محمد، عن أبیه، عن جدِّه قال: ثنا أبي الإمام أبو حامد أحمد بن إسحاق بن جمع، ثنا أبو إسحاق إبراهیم بن جعفر الشورمیني، ثنا محمود بن محمد الزاوهي، ثنا مأمون بن أحمد السلمي، ثنا مُقَاتِل بن سلیمان، ثنا جعفر بن هارون الواسطي، عن سمعان بن المهدي، عن أنس بن مالک رضي اﷲ عنه قال: قال رسول اﷲ صلى الله عليه وسلم: ’’رَاحَُة نَفْسِي مع أصحابي، وقُرَّةُ عَیْنِي في الصَّلاة، وثَمْرَةُ فُؤادِي ذِکْرُ اﷲ، وغَمِّي لأجل أمَّتِي الذین یکونون في آخر الزمان، وشَوقِي إلی مَوْلاَيَ، ثم قرأ {فاعْلَمُوا أنَّ اﷲ مَوْلاَکُمْ نِعْمَ المَوْلى وَنِعْمَ النَّصِیر}[11].
حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ آپ ﷺ کا ارشاد ہے کہ: میری جان کی راحت میرے صحابہ رضی اللہ عنہم ہیں، اور نماز میری آنکھوں کی ٹھنڈک ہے، اور اللہ کی یاد میرے دل کا پھل ہے، اور میرا غم اپنے ان امتیوں کے لئے ہے، جو آخری زمانے میں آئیں گے، اور میرا شوق اپنے مولیٰ کی طرف ہے،پھر آپ نے یہ آیت پڑھی ’’فاعْلَمُوا أنَّ اﷲ مَوْلاَکُمْ نِعْمَ المَوْلى وَنِعْمَ النَّصِیر‘‘۔
حافظ ابن عساکر رحمہ اللہ تخریج روایت کے بعد لکھتے ہیں:
’’هذا إسنادٌ باطلٌ ومَتْنٌ مُنْکَرٌ، وفیه غیرُ واحدٍ مِنَ المَجْهُولین، ومأمون بن أحمد غیرُ ثقة ولا مأمون‘‘.
یہ سند باطل ہے اور اس کا متن ’’منکر‘‘ہے، اور اس میں کئی مجہول راوی ہیں، اور مامون بن احمد غیر ثقہ اور غیر مامون راوی ہے۔
اسی طرح شیخ اسماعیل بن محمد العَجلَو نی رحمہ اللہ نے ’’کَشْفُ الخفَاء‘‘[12] میں اسی مضمون کی ایک روایت نقل کی ہے:
’’الشَرِیْعَةُ أقْوَالِي، والطَّرِیقَة أفْعَالِي، والحَقِیقَة حَالِي، والمَعْرِفَة رَأس مَالِي‘‘.
شریعت میرے اقوال ہیں، اور طریقت میرے افعال ہیں، اور حقیقت میرا حال ہے، اور معرفت میرا راس المال ہے۔
پھر موصوف لکھتے ہیں:
’’لم أرَ مَنْ ذَکَرَه فَضْلاً عن بَیَانِ حَالِه، نَعَمْ ذَکَرَ بعضُم أنَّه رآه في کتب بعض الصُّوفِیَة فلیُرَاجع‘‘.
مجھے تو یہ بھی معلوم نہیں کہ یہ روایت کس نے ذکر کی ہے، چہ جائیکہ اس روایت کی حالت (فنی مقام) معلوم ہو، البتہ بعض علماء فرماتے ہیں کہ انہوں نے بعض صوفیاء کی کتابوں میں اسے دیکھا تھا، چنانچہ مراجعت کرلی جائے۔
زیرِ بحث روایت ائمہ حدیث کی تصریحات کے مطابق بے اصل اور من گھڑت ہے، اسی طرح حدیث کے الفاظ میں اضافہ ’’المُعْجَمُ لابن عساکر‘‘ اور ’’ کَشْفُ الخفَاء‘‘ کے حوالے سے ذکر کیا گیا ہے، وہ بھی بے اصل اور باطل ہے؛ اس لئے اس روایت کو مع اضافات بیان کرنا جائز نہیں۔
حوالہ جات
[1] كوثر النبي:ص:108، المخطوط، نسخة العلامة عبد الله الولهاري(1283هـ) .
[2] إتحاف السادة المتقين(إحياء علوم الدين مع شرحه):كتاب المَحَبّة والشوق والأنس والرضاة، 12/586، دار الكتب العلمية ـ بيروت .
[3] الشفاء بِتعرِیف حقوقِ المصطفی:القسم الأول،الباب الثاني،فصل:وأما خوفه ربَّه...:1 / 146،دار الكتب العلمية ـ بيروت، الطبعة: ۲۰۰۳ء.
[4] إتحاف السادة المتقين(إحياء علوم الدين مع شرحه):كتاب المَحَبّة والشوق والأنس والرضاء، 12/586، دار الكتب العلمية ـ بيروت .
[5] طبقات الشافعية الكبرى:الطبقة الخامسة،تحت ترجمة محمد بن محمد أبو حامد الغزالي،كتاب المحبة والشوق...:3/529،ت:مصطفى عبد القادر عطا،دار الكتب العلمية ـ بيروت،الطبعة الأولى1420هـ .
[6] تذكرة الموضوعات: باب فضل الرسول وخصاله...،ص:87،كتب خانه مجيديه ملتان ـ الباكستان .
[7] الفوائد المجموعة:باب فضائل النبي صلى الله عليه وسلم،ص:326،ت:عبدالرحمن بن يحيى،دار الكتب العلمية ـ بيروت،الطبعة ۱۴۱۶هـ .
[8] نسيم الرياض:فصل،وأما خوفه ربه،2/144،المكتبة السلفية ـ المدينة المنورة .
[9] شرح الشفاء:القسم الأول،الباب الثاني،فصل:وأما خوفه ربه:1/325،ت:عبد الله محمد الخليلي،دار الكتب العلمية ـ بيروت .
[10] معجم ابن عساكر:1/146،ت:الدكتور وفاء تقي الدين،دار البشائرـ دمشق .
[11] سورة الأنفال:الآية40 .
[12] كشف الخفاء:حرف السين:2/5،ت:د ـ عبد الحميد الهندواني،المكتبة العصرية ـ بيروت،الطبعة 1427هـ .