روایت: ’’إذاسلِم رمضان سلِمت السنة، وإذا سلِمت الجمعة سلِمت الأيام ‘‘.
اگر رمضان شریف ٹھیک رہا،تو پورا سال ٹھیک رہےگا، اور اگر جمعہ ٹھیک رہا تو پورا ہفتہ ٹھیک رہے گا۔
حکم: شدید ضعیف، بیان نہیں کر سکتے،بعض نے اسے صراحتاً من گھڑت کہاہے۔
تحقیق کی تفصیل
یہ روایت حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے دو مختلف سندوں کے ساتھ مروی ہے:
(1) روایت بطریق ابو خالدقُرشی
(2) روایت بطریق ابو مطیع بلخی
ذیل میں ہر ایک کو تفصیل سے لکھا جائے گا،اور آخر میں خلاصہ لکھا جائے گا۔
روایت بطریق ابو خالدقُرشی
یہ روایت حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے ابو خالدقُرشی کے طریق سے مروی ہے، جس کو اما م ابو نعیم اصفہانی رحمہ اللہ نے’’حلية الأولیاء‘‘[1] میں ذکر کیا ہے،ملاحظہ ہو:
’’حدثنا أبوبكر محمد بن حميد بن سهل، ثنا هارون بن علي، ثنا إبراهيم بن سعيد الجَوْهَرِي، ثنا أبوخالد القُرَشِي، عن سفيان الثوري، عن هشام بن عروة، عن أبيه، عن عائشة قالت: قال رسول اللها: إذا سلِم رمضان سلِمت السنة، وإذا سلِمت الجمعة سلِمت الأيام. تفرد به إبراهيم عن أبي خالد القُرَشِي، ورواه يحيى بن سعيد عن الثوري‘‘ .
ترجمہ: آ پﷺ کا ارشاد ہے: اگر رمضان شریف ( کامہینہ اعمال کے اعتبار سے) ٹھیک رہا، تو پورا سال ٹھیک رہےگا، اور اگر جمعہ (کا دن اعمال کے اعتبار سے) ٹھیک رہا تو پورا ہفتہ ٹھیک رہے گا۔
(ا ما م ابو نعیم اصفہا نی رحمہ اللہ فرماتے ہیں)یہ روایت ابوخالد قُرَشی سے نقل کرنے میں ابراہیم متفرد ہے،اور یحیی بن سعید نے یہ روایت ثوری رحمہ اللہ سے نقل کی ہے۔
مذکورہ روایت ابو خالد قُرشی عبدالعزیز بن ابان کی سند کے ساتھ ’’شعب الإیمان‘‘[2] میں بھی ہے۔
روایت پر ائمہ کا کلام
امام عبد اللہ ابن عدی رحمہ اللہ ابو خالد قُرشی عبدالعزیز بن ابان کے ترجمہ میں، اس سے پہلے ایک اور حدیث نقل کرنے کے بعد دونوں کے بارے میں فرماتے ہیں:
’’وهذان الحديثان عن الثوري باطلان، ليس لهما أصل، وإبراهيم بن سعيد يقول: أبوخالد القُرَشِي، ولايسميه لضعفه، وهو عبدالعزيزبن أبان، وله عن الثوري غيرماذكرت من البواطيل وعن غيره‘‘[3] .
یہ دو حد یثیں (جو مو صوف نے کتاب میں ذکر کی ہیں اور ان میں ایک زیر بحث روایت ہے) امام ثوری رحمہ اللہ سے منقول ہیں،یہ دونوں باطل ہیں ان کی کوئی اصل نہیں ہے،اور ابراہیم ابن سعید، ابو خالد قُرشی کہہ کر روایت نقل کرتے ہیں،ان کا نام نہیں لیتے،ان (ابو خالد)کے ضعیف ہونے کی وجہ سے،اور ابو خالد قرشی کا نام عبدالعزیر بن ابان ہے،مذکورہ روایت کے علاوہ ثوری رحمہ اللہ وغیرہ سے ان کی اور (بھی)باطل روایات منقول ہیں۔
’’تفرد به عبدالعزيز، قال يحيى: هو ليس لبشیء، هو كذاب، يضع الحديث. وقال: محمد بن عبدالله بن نُمَيْر: هو كذاب‘‘[4].
اس روایت کو نقل کرنےمیں (سند میں موجودراوی)عبد العزیز (ابو خالد قرشی)متفرد ہے،جس کےبارےمیں یحیی رحمہ اللہ فرماتےہیں:یہ ’’ليس بشيء‘‘ (جرح)ہے، جھوٹا آدمی ہے اور حدیثیں گھڑتا ہے۔نىز محمد بن عبد اللہ بن نُمَیْر رحمہ اللہ کہتے ہیں:یہ جھوٹا آدمی ہے۔
’’رواه ابن عدي، و الدارقطني، و أبونعيم، و البيهقي و ضعفه عن عائشة، بل ذكره ابن الجوزي في الموضوعات‘‘[5] .
یہ روایت حافظ ابن عدی رحمہ اللہ ، امام دار قطنی رحمہ اللہ ، حافظ ابو نعی رحمہ اللہ م، اور امام بیہقی رحمہ اللہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے نقل کی ہے اور اس کو ضعیف قرار دیا ہے، بلکہ ابن جوزی رحمہ اللہ نے تو اس کو موضوعات میں ذکر کیا ہے۔
’’رواه الدارقطني عن عائشة مرفوعا، وفي إسناده عبدالعزيز بن أبان وهو كذاب، وقد أخرجه البيهقي في الشعب من طريقه ... ‘‘[6].
’’یہ روایت دارقطنی رحمہ اللہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سےمرفوعاً نقل کی ہے، اس کی سند میں عبدالعزیز بن ابان ہے جوکذاب(جھوٹا)ہے،بیہقی رحمہ اللہ نے’’ شعب الایمان‘‘میں اس (عبدالعزیز بن ابان )کےطریق سے یہ روایت ذکر کی ہے ...‘‘۔
امام مناوی رحمہ اللہ ’’ فیض القدیر‘‘ میں اس روایت پرامام احمد رحمہ اللہ کے کلام[7] کو ذکر کرنے کے بعد لکھتے ہیں: ’’وهو عن الثوري باطل لا أصل له، ولما أورده ابن الجوزي في الموضوع تعقبه المؤلف بوروده من طرق، ولا تخلو كلها عن كذاب أو متهم بالوضع‘‘[8].
اس روایت کو ثوری رحمہ اللہ سے نقل کرنا باطل، بے اصل ہے،اور جب ابن جوزی رحمہ اللہ نے اس روایت کوموضوعات میں ذکر فرمایا تو مصنف (امام سیوطی رحمہ اللہ ) نے کئی طرق ذکر کرکے ان (ابن جوزی رحمہ اللہ ) کا تعاقب کیا ہے، اور ان طرق میں(جوامام سیوطی رحمہ اللہ بطور تعاقب لائے ہیں) کوئی بھی طریق کذاب اور متہم بالوضع سے خالی نہیں ہے۔
زیر بحث روایت میں ائمہ رجال نے ابو خالد قُرَشی کو کلام کامدار بنایا ہے،مناسب معلوم ہوتا ہے کہ ابو خالد قُرَشِی کے بارے میں ائمہ رجال کے اقوال تفصیل سے لکھے جائیں تاکہ روایت کاحکم سمجھنے میں آسانی ہو۔
حافظ ذہبی رحمہ اللہ ’’میزان الاعتدال‘‘[9] میں رقمطراز ہیں:
’’قال أحمد بن حنبل: لما حدث بحديث المواقيت تركته، وقال يحيى: كذاب خبيث، حدث بأحاديث موضوعة، وقال أحمد: لايكتب حديثه، وقال البخاري: تركوه‘‘.
امام احمد رحمہ اللہ کہتے ہیں: جب اس نے ’’مواقیت والی حدیث‘‘بیان کی تو میں نے اس سے روایت لینا چھوڑدیا۔امام یحیی رحمہ اللہ کہتے ہیں: یہ کذاب (جھوٹا)، خبیث ہے،من گھڑت روایتیں بیان کرتا ہے۔احمد رحمہ اللہ کہتے ہیں:اس کی روایتیں نہیں لکھی جائیں گی۔امام بخاری رحمہ اللہ کہتے ہیں: ’’تركوه‘‘ (شدید جرح)
حافظ ذہبی رحمہ اللہ ان ائمہ کے کلام کے بعد ابو خالد قُرَشی کی زیرِ بحث روایت بھی لائے ہیں۔
حافظ ابن عدی رحمہ اللہ ،علامہ ابن جوزی رحمہ اللہ ،حافظ شوکانی رحمہ اللہ ، امام مناوی رحمہ اللہ ، حافظ عجلونی رحمہ اللہ ان سب حضرات نے روایت بسند ابو خالد قُرَشِی کو من گھڑت، باطل اور شدید ضعیف کہا ہے،اس لئے یہ روایت اس سند کےساتھ رسول اللہ ﷺ کی جانب منسوب کرنا درست نہیں، واللہ اعلم۔
یہاں تک روایت کی تحقیق اس خاص سند کے اعتبار سے تھی جس میں ابو خالد قرشی عبد العزيز بن ابان، سفیان ثوری رحمہ اللہ سے نقل کرتے آرہے تھے، ذیل میں ابو خالد قرشی کے تابع (ابو مطیع بلخی) پر مشتمل سند و روایت کی تحقیق کی جائے گی۔
’’شعب الإیمان‘‘[10]میں ابو مطیع حکم بن عبد اللہ بَلخی نے ابو خالد قُرشی کی متابعت کی ہے، یعنی یہی روایت ابو مطیع بَلخی نے سفیان ثوری رحمہ اللہ سے نقل کی ہے،ملاحظہ ہو:
’’أخبرنا أبوعبدالله الحافظ، أنا أبوالطيِّب محمد بن عبدالله بن المبارك، حدثنا أحمد بن مُعاذ السُلَمِي، حدثنا سليمان بن سعد القُرَشِي، حدثنا أبو مُطِيع، حدثنا سفيان الثوري، عن هشام بن عروة، عن أبيه، عن عائشة قالت: قال رسول الله +: إذا سلِم رمضان سلِمت السنة، وإذا سلِمت الجمعة سلِمت الأيام‘‘.
آ پﷺ کا ارشاد ہے: اگر رمضان شریف ٹھیک رہا، تو پورا سال ٹھیک رہےگا، اور اگر جمعہ ٹھیک رہا تو پورا ہفتہ ٹھیک رہے گا۔
روایت ابومُطیع حکم بن عبد اللہ بلخی(المتوفی ۱۹۹ھ) پرائمہ کاکلام
امام بیہقی رحمہ اللہ ’’شعب الإیمان‘‘ میں ابو مُطیع بَلخی کی سند سے روایت نقل کرنے بعد لکھتے ہیں:
’’قال الإمام أحمد رحمه الله: هذا لايصح عن هشام، وأبو مُطيع الحَكَم بن عبدالله البَلْخِي ضعيف، وإنما يعرف هذا الحديث من حديث عبدالعزيز بن أبان البَلْخِي أبي خالد القُرَشِي عن سفيان، وهو أيضا ضعيف بمرة ‘‘.
امام احمد رحمہ اللہ نے فرمایا: ہشام سے اس حدیث کو بیان کرنا درست نہیں، اور (اس حدیث کی سندمیں) ابو مُطِیع بلخی ضعیف ہے، یہ حدیث دراصل ابو خالد قُرَشِی عبد العزیز بن ابان عن سفیان سے مشہور ہے،جبکہ وہ (ابو خالد قُرَشِی عبد العزیز بن ابان)بھی ’’ضعیف بمرة‘‘(جرح)ہے۔
واضح رہےکہ ’’روایتِ حدیث‘‘ میں ابو مُطِیع بَلخی کےبارے میں ائمہ رجال میں سےامام ابو حاتم رحمہ اللہ ، امام جوزقانی رحمہ اللہ ، امام ابو داؤد رحمہ اللہ ، اورحافظ ذہبی رحمہ اللہ نےجرح کےشدید صیغےاستعمال کیے ہیں[11] ،[12]،[13] ،اس لیے ابو مُطیع حکم بن عبد اللہ بَلخی کا ابو خالد قُرشی کی متابعت کرنااس روایت میں مفیدنہیں ہے[14]۔
اس روایت کو(مختلف سندوں سے) حافظ ابن عدی رحمہ اللہ ، علامہ ابن جوزی رحمہ اللہ ،حافظ شوکانی رحمہ اللہ ، امام مناوی رحمہ اللہ ،حافظ عجلونی رحمہ اللہ نے من گھڑت، باطل اور شدید ضعیف کہا ہے،اس لئے رسول اللہﷺ کے انتساب سے اس روایت کو بیان کرنا درست نہیں،واللہ اعلم۔
حوالہ جات
[1] حلية الأولياء: ۷ /۱۴۰، دار الكتب العلمية- بيروت، الطبعة الأولى: ۱۴۰۹ هـ .
[2] شعب الإیمان:۵ /۲۸۵، رقم:۳۴۳۴، ت: عبد العلی عبدالحمید حامد، مکتبة الرشد- ریاض، الطبعة الأولى: ۱۴۲۳ هـ .
[3] الکامل في ضعفاء الرجال:۵ /۲۸۸، ت: یحيی مختار غزاوي، دارالفکر- بیروت، الطبعة الثالثة: ۱۴۰۹ هـ .
[4] الموضوعات: ۲ /۱۹۴،ت:عبد الرحمن محمد عثمان، ۲/۱۹۲،مکتبة السلفية- المدینة المنورة، الطبعة الأولى: ۱۳۸۶ هـ .
[5] كشف الخَفَا:۱ /۱۰۹، رقم: ۲۴۵، ت: يوسف بن محمود الحاج أحمد، مكتبة العلم الحديث ـ دمشق،ط: ۱۴۲۱هـ .
[6] الفوائد المجموعة: ۱ /۱۴۶، ت: رضوان جامع رضوان، مصطفی نزار- مكة المکرمة.
[7] امام احمد رحمہ اللہ کا کلام آگے ’’روایت بطریق ابو مطیع بلخی ‘‘کے عنوان کے تحت مذکور ہے۔
[8] فيض القدير: حرف الألف، ۱/ ۳۷۷، الرقم: ۶۸۵، دارالمعرفة - بيروت، الطبعة الثانية: ۱۳۹۱هـ .
[9] میزان الاعتدال: ۲ /۶۲۲، رقم:۵۰۸۲، ت: علی محمد البجاوی، دارالمعرفة - بیروت.
[10] شعب الإیمان:۵ /۲۸۵، رقم: ۳۴۳۴، ت: عبد العلی عبدالحمید حامد،مکتبة الرشد- ریاض، الطبعة الأولى: ۱۴۲۳ هـ .
[11] تاريخ الإسلام: ۱۳/۱۶۰،رقم: ۷۶، ت: عمر عبدالسلام تدمري، دار الكتاب الغربي - بيروت، الطبعة الأولى:۱۴۱۱ هـ .
[12] تنزيه الشريعة:۱ /۵۴، رقم:۴۵، ت:عبدالله الغماري، دار الكتب العلمية ـ بيروت ،ط: ۱۴۰۱ هـ .
[13] لسان الميزان:۳/ ۲۴۶، رقم:۲۶۹۱، ت: عبدالفتاح أبو غدة، دارالبشائرالإسلامية ـ بيروت، الطبعة الأولى: ۱۴۲۳ هـ .
حافظ ذہبی رحمہ اللہ نے لکھا ہے کہ موصوف فقہ میں بڑی شان رکھتے تھے،نیزحافظ عبد اللہ بن مبارک رحمہ اللہ ،ابو مطیع بلخی کی دین وعلم کی وجہ سے تعظیم کرتے تھے،لیکن نقل روایت میں واہی تھے،عبارت ملاحظہ ہو: ’’تفقه به أهل تلك الديار، وكان بصيرا بالرأي علامة كبير الشأن، ولكنه واه في ضبط الأثر، وكان بن المبارك يعظمه ويجله لدينه وعلمه...‘‘.
[14] اہم فائدہ:سابقہ دونوں طریق (یعنی سند ابو خالد قرشی اور سند ابو مطیع بلخی)میں ’’إذا سلم رمضان سلمت السنة‘‘ کے الفاظ کے ساتھ ساتھ ’’إذا سلمت الجمعة سلمت الايام‘‘ کے الفاظ گزرے ہیں،یہ الفاظ (إذا سلمت الجمعة سلمت الأيام)ایک دوسری سند سے بھی مروی ہے،ذیل میں ضمناً اس سندوروایت کی تحقیق لکھی جارہی ہے، حافظ ابونعیم اصبہانی رحمہ اللہ ’’حلية الأولیاء‘‘ میں لکھتے ہیں:
’’حدثنا محمد بن المُظَفَّر، ثنا العباس بن عمران الغَزِّي الكوفي، ثنا أحمد بن جَمْهُور القَرْقَسَانِي، ثنا علي بن المَدِيني، عن يحيى بن سعيد، عن سفيان الثوري، عن هشام بن عروة، عن أبيه عن عائشة قالت: سمعت رسول الله يقول: إذا سلمت الجمعة سلمت الأيام كلها، ومامن سهْل، ولاجبل، ولاشيء إلا ويستعيذ بالله من يوم الجمعة’‘.( حلية الأولياء:۷ /۱۴۰)
آ پﷺ کا ارشاد ہے: اگر جمعہ ٹھیک رہا تو پورا ہفتہ ٹھیک رہے گا، ہر نرم اور ہر پہاڑ جیسی سخت یعنی ہر چیز جمعہ کے دن اللہ كی پناہ مانگتی ہے۔
فائدہ: واضح رہے کہ’’ احمد بن جمہور‘‘ کی مذکورہ روایت میں’’إذا سلم رمضان سلمت السنة‘‘ کے الفاظ نہیں، نیز سابقہ متن پر اضافہ بھی ہے، جیسا کہ آپ دیکھ رہے ہیں،یہ روایت بھی سفیان ثوری عن ہشام عن عروہ عن عائشہ رضی اللہ عنہ مرفوعاً کےطریق سے ہے، سابقہ دونوں سندیں (سند ابوخالد قرشی اور سند ابومطیع بلخی) بھی اسی (سفیان ثوری الی عائشہ رضی اللہ عنہ ) طریق سے تھی۔
روایت پر ائمہ کرام رحمہ اللہ کا کلام
حافظ ابو نعیم اصفہانی رحمہ اللہ کا کلام
’’غريب من حديث الثوري، لم نكتبه إلا من حديث أحمد بن جمهور‘‘.( حلية الأولياء:۷ /۱۴۰) ثوری رحمہ اللہ کی ا حادیث میں سے یہ روایت غریب (اصطلاحی لفظ)ہے، یہ روایت ہم نے صرف احمد بن جمہور سےلکھی ہے۔
امام سیوطی رحمہ اللہ کا کلام
موصوف نے ’’اللألي المصنوعة‘‘ (۲/۸۸)میں صاف لکھا ہے کہ اس روایت کی سند میں احمد بن جمہور ’’متهم بالكذب‘‘ ہے۔
علامہ شوکانی رحمہ اللہ کا کلام
’’.....ورواه أبونعيم في الحلية بإسناد آخر من غير طريقه فيه أحمد بن جمهور، وهو متهم بالكذب‘‘. (الفوائد المجموعة:۱/۱۴۶) ’’....اور ابو نعیم lنے ’’حلية الأولیاء‘‘ میں اس روايت کوطریق عبدالعزیز بن ابان كےعلاوه ایک دوسری سند سے ذکر کیا ہے،جس میں احمد بن جمہور ’’متهم بالكذب‘‘ (شدید جرح)ہے‘‘۔
زیر بحث سند میں ائمہ رجال نے احمد بن جمہور کو کلام کامدار بنایا ہے،مناسب معلوم ہوتا ہے کہ احمد بن جمہور کے بارے میں حافظ ذہبی رحمہ اللہ کے کلام کو ذکر کیا جائے، تاکہ روایت کاحکم سمجھنے میں آسانی ہو۔
احمد بن جمہور کے بارے میں کلام
حافظ ذہب رحمہ اللہ ی ’’میزان الاعتدال‘‘ میں فرماتے ہیں: ’’أحمد بن جمهور الغَسَّاني شيخ متهم بالكذب‘‘.(میزان الاعتدال:۱ /۸۸، رقم: ۳۲۳)احمد بن جمہورشیخ متهم بالكذب ہے۔
حاصل یہ ہےکہ اس روایت میں موجود راوی احمد بن جمہور کو حافظ ذہبی رحمہ اللہ ، امام شوکانی رحمہ اللہ نے متہم بالکذب کہا ہے، اس لئے اس روایت کو مذکورہ سند سے بھی رسول اللہ ﷺ کے انتساب سے بیان کرنا درست نہیں، واللہ اعلم۔