روایت: ’’من أكرم حبيبته وفي رواية كريمتيه لايكتب بعد العصر‘‘. جوشخص اپنی محبوب چیز، اور ایک روایت میں ہے دو مکرم چیزوں (یعنی آنکھوں) کا اکرام کرنا چاہے تو وہ عصر کی نماز کے بعد نہ لکھے۔
حکم: یہ قول آپ ﷺ کے ارشادات میں سےنہیں ہے،محدثین نے اسے امام شافعی رحمہ اللہ یا امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ ، یا ان کے علاوہ کسی طبیب وغیرہ کا قول قرار دیا ہے۔
تحقیق کی تفصیل
روایت پرائمہ کا کلام
حافظ سخاوی رحمہ اللہ ’’المقاصدالحسنة‘‘ [1] میں لکھتے ہیں:
’’ليس في المرفوع، ولكن قد أوصى الإمام أحمد بعض أصحابه أن لا ينظر بعد العصر في كتاب، أخرجه الخطيب أو غيره، وقال الشافعي فيما رواه حرملة بن يحیی كما أخرجه البيهقي في مناقبه: الورّاق إنما يأكل دية عينيه‘‘.
یہ حدیث مرفوع روایات(آپﷺ کے ارشادات)میں نہیں ہے، لیکن امام احمد رحمہ اللہ نے اپنے بعض اصحاب کو وصیت کی ہے کہ عصر کی نماز کے بعد کوئی کتاب نہ دیکھیں،اس کی تخریج خطیب رحمہ اللہ یاان کے علاوہ کسی اور نے کی ہے، امام بیہقی رحمہ اللہ نےمناقبِ امام شافعی رحمہ اللہ میں ،حرملہ بن یحیی کی روایت کے مطابق، امام شافعی رحمہ اللہ کا یہ قول تخریج کیا ہے: کاغذ فروش اپنی آنکھوں کی دیت کھاتاہے۔
علامہ ابن دَیْبَع رحمہ اللہ نے’’تمييز الطيب‘‘ [2] میں،علامہ عجلونی رحمہ اللہ نے’’كشف الخفاء‘‘ [3] میں ،علامہ محمدبن درویش حوت رحمہ اللہ نے’’أسنى المطالب‘‘ [4] میں، علامہ نجم الدین غزّی نے’’إتقان مايحسن‘‘ [5] میں اور شیخ احمد بن عبدالکریم غزّی رحمہ اللہ نے’’الجدالحثيث‘‘ [6] میں حافظ سخاوی رحمہ اللہ کےکلام پر اکتفاء کیا ہے۔
ملاعلی قاری رحمہ اللہ ’’الأسرارالمرفوعة‘‘ [7] میں تحریر فرماتےہیں:
’’من أحب حبيبتيه أوكريمتيه، وفي رواية: من أكرم حبيبتيه فلا يكتبن بعد العصر. لا أصل له في المرفوع، قاله السخاوي، ولعل المعنى بعد خروج العصر من غير أن يكون سراج عنده، وقد أوصى الإمام أحمد بعض أصحابه أن لاينظر بعد العصر إلى كتاب، أخرجه الخطيب، قلت: وهو من كلام الطبيب، كما قال الشافعي: الورّاق إنما يأكل من دية عينيه انتهى. وفي معناه: الخياط وأرباب الصنائع‘‘.
جس شخص کو اپنی دو محبوب یا دو مکرم چیزیں محبوب ہوں،اور ایک روایت میں ہےجو شخص اپنی دو محبوب چیزوں کا اکرام کرنا چاہے تو وہ عصر کی نماز کے بعد ہرگز نہ لکھے۔اس حدیث کی مرفوع روایات (آپﷺ کے ارشادات) میں اصل نہیں ہے ،یہ بات حافظ سخاوی رحمہ اللہ نے فرمائی ہے،اور شاید اس کا مطلب یہ ہے کہ عصر کی نماز کے بعدلکھنا اُس کےلئے منع ہے جس کے پاس چراغ (روشنی) نہ ہو،اورامام احمد رحمہ اللہ نے اپنے بعض اصحاب کو وصیت کی کہ عصر کی نماز کے بعد کوئی کتاب نہ دیکھیں،اس کی تخریج خطیب رحمہ اللہ نے کی ہے۔ میں کہتا ہوں کہ یہ طبیب کا کلام ہےجیسا کہ امام شافعی رحمہ اللہ نے فرمایا: کاغذ فروش اپنی آنکھوں کی دیت کھاتاہے،انتہی ۔ نیزدرزی اور دوسرے کام والے بھی اسی میں داخل ہیں۔
نیز ’’المصنوع‘‘[8] میں ملاعلی قاری رحمہ اللہ لکھتے ہیں: ’’لا أصل له‘‘. اس کی کوئی اصل نہیں ہے۔
اورایک مقام پر علامہ عجلونی رحمہ اللہ نے بھی ملا علی قاری رحمہ اللہ کےکلام کو نقل کیا ہے[9] ۔
علامہ قاؤقجی رحمہ اللہ ’’اللؤلؤالمرصوع‘‘ [10] میں فرماتےہیں:
’’من أحب حبيبتيه أوكريمتيه (وفي رواية من أكرم كريمتيه) فلايكتبن بعد العصر. لا أصل له في المرفوع، و إنما هو من كلام الأطباء، وفي معناه: الخياط وأرباب الصنائع‘‘.
جس شخص کو اپنی دو محبوب یا مکرم چیزیں محبوب ہوں اور ایک روایت میں ہے جوشخص اپنی دومکرم چیزوں کا اکرام کرنا چاہے تو وہ عصر کی نماز کے بعد ہرگز نہ لکھے۔اس حدیث کی مرفوع روایات(آپﷺ کے ارشادات)میں اصل نہیں ہے ،اوریہ اطباء کا کلام ہے، اور درزی اور دوسرے کام والے بھی اسی میں داخل ہیں۔
حافظ سخاوی رحمہ اللہ نے اس روایت کے بارے میں فرمایا ہے: ’’مرفوع روایات (آپﷺ کے ارشادات)میں نہیں ہے‘‘۔اور علامہ ابن دَیْبَع رحمہ اللہ ، علامہ عجلونی رحمہ اللہ ، علامہ محمدبن درویش حوت رحمہ اللہ ،علامہ نجم الدین غزّی اور شیخ احمد بن عبدالکریم غزّی رحمہ اللہ نے حافظ سخاوی رحمہ اللہ کےکلام کونقل کرنے پر اکتفاء کیا ہے،ملاعلی قاری رحمہ اللہ اورعلامہ قاؤقجی رحمہ اللہ نےبھی حافظ سخاوی رحمہ اللہ جیسی بات فرمائی ہے کہ مرفوع روایات (آپﷺ کے ارشادات)میں اس کی اصل نہیں ہے ۔
اس کے علاوہ حافظ ابوالعباس مستغفری حنفی رحمہ اللہ نے’’الطب‘‘ [11] میں اسے اپنی سند سے ابو الحسن علی بن حُجْر بن اِیاس سعدی اورجریر نامی ایک راوی کے قول کے طور پر نقل کیا ہے،عبارت ملاحظہ ہو:
’’قال أخبرني أبوالفضل الشعبي ابن عبدالله الأقراني، قال: ح أبو يعلى عبدالمؤمن بن خلف، قال: ح عيسى بن الحسين بببلند، قال: سمعت محمد بن سلام يقول: قال لي جرير: لا تنظر في الكتاب غدوة بعد صلوة الصبح و بعد صلوة العصر، لأنه يضر بالبصر.
قال سمعت القاضي أبا سعيد الخليل بن أحمد، يقول مرارا: أخبرنا أبوالعباس السَرَّاج، قال: ح قتيبة، قال: كتب إلي علي بن حجر: إن أحببت أن تستمع ببصرك فلا تنظر بعد صلوة العصر في كتاب‘‘.
محمد بن سلام کہتے ہیں مجھے جریر نے کہا صبح کی نماز کے بعد اور عصر کی نماز کے بعد کتاب نہ دیکھو،اس لئے کہ یہ آنکھوں کےلئے نقصان دہ ہے۔
قتیبہ کہتے ہیں کہ علی بن حجرنے مجھے خط لکھا:اگرآپ یہ پسند کریں کہ آپ اپنی آنکھوں سے فائدہ اٹھائیں تو عصر کی نماز کے بعد آپ کتاب نہ دیکھیں۔
بظاہر ابو رجاء قتیبہ بن سعید بغلانی (المتوفی ۲۴۰ ھ) کو خط لکھنے والےان کے معاصرابو الحسن علی بن حُجْر بن اِیاس سعدی (المتوفی ۲۴۴ ھ )ہیں۔
حوالہ جات
[1] المقاصد الحسنة:حرف الميم،ص:457 ،رقم:1065،ت:عبداللطیف حسن،دارالكتب العلمية ـ بيروت، الطبعة۱۴۲۷هـ .
[2] تمييزالطيب من الخبيث:178،رقم:1332،دارالكتب العلميةـ بيروت،الطبعة الثانية۱۴۰۸هـ .
[3] كشف الخفاء:2/269،رقم:2385،ت:یوسف بن محمود،مکتبة العلم الحدیث ـ دمشق،الطبعة ۱۴۲۱هـ .
[4] أسنى المطالب:283،رقم:1348،دارالكتاب العربي ـ بيروت،الطبعة1403هـ .
[5] إتقان مايحسن:562 ،رقم:1830،الفاروق الحديثيةـ القاهرة،الطبعة الأولى1415هـ. .
[6] الجدالحثيث:219،رقم:478 ،ت:فوازأحمد زمرلي،دارابن حزم ـ بيروت،الطبعة الأولى1418هـ .
[7] الأسرارالمرفوعة:313،رقم :451،ت:محمد الصباغ،المکتب الإسلامی ـ بيروت،الطبعة۱۴۰۶ هـ .
[8] المصنوع:176،رقم:315،ت:عبد الفتاح أبو غدة،مكتب المطبوعات الإسلامية ـ حلب،الطبعة ۱۴۱۴هـ .
[9] كشف الخفاء:2/259،رقم:2354،ت:یوسف بن محمود،مکتبة العلم الحدیث ـ دمشق،الطبعة۱۴۲۱هـ .
[10] اللؤلؤ المرصوع:ص:74،طبع بالطبعة البارونيةبالجدريةـ مصر .
[11] الطب للمستغفري: المخطوط،ص:42،43 .