تحقیق کی تفصیل

’’سوال: ایک اردو کتاب میں تحریر ہے کہ کفارۂ قضاءِ عمری کےلئے نماز بترکیبِ ذیل ادا کرنی چاہئے، ہر رکعت میں آیت الکرسی ایک ایک مرتبہ اور سورۃ کوثر گیارہ گیارہ مرتبہ، بعد سورۃ فاتحہ پڑھے، یہ جائز ہے یا مکروہ، اور اسی طرح پر اور نمازوں کی نسبت بھی کئی کئی سورۃ مختلف مقامات کی ہر رکعت میں پڑھنے کے لئے تحریر ہے؟

جواب:  اس کی کچھ اصل نہیں ہے، اور اس ترکیب سے نفل پڑھنے میں قضاءِ عمری حاصل نہیں ہوتی، اول تو خود قضاءِ عمری کی کچھ اصل نہیں ہے، بلکہ فقہاء نے اس کو مکروہ لکھا ہے، اور ثانیاًاس ہیئت اور کیفیت کے ساتھ پڑھنا قضاءِ عمری کے لئے  [كذا في الأصل] ثابت نہیں ہے، اور یہ طریقہ قضا کا خلافِ قواعدِ شرعیہ ہے، قاعدہ یہ ہے کہ جس قدر نمازیں کسی کے ذمہ فائتہ ہوں بیقین یا بظن غالب ان کو قضا کرے، اور محض توہم کی بنا پر قضاءِ عمری ثابت نہیں ہے، بلکہ مکروہ ہے۔

 ’’شامی‘‘ میں  ’’درمختار‘‘ کے اس قول پر: {وما نقل أن الإمام قضى صلوة عمر} الخ لکھا ہے: {أنه لم يصح ذلك عن الإمام الخ، فالوجه كراهة القضاء لتوهم الفساد} الخ .ص: ۴۹۹‘‘[1]۔

’’سوال: از کتاب  ’’انیس الارواح‘‘ ص: ۲۴ مجلس نمبر۱۳، فرمایا کہ امیر المؤمنین علی رضی اللہ عنہ   نے رسول اللہ ﷺ سے روایت فرمائی ہے کہ جس شخص کی نمازیں اتنی قضا ہوگئی ہوں کہ اس کو یاد نہ ہوں، پس دو شنبہ کی رات کو پچاس رکعت نماز ادا کرے، اور ہر رکعت میں ایک دفعہ سورتِ فاتحہ اور ایک دفعہ سورتِ اخلاص پڑھے تو خدا تعالیٰ اس کی گزشتہ نمازوں کا کفارہ کرتا ہے، یہ صحیح ہے شرعاً یا نہیں؟

جواب: مسئلہ کا جواب یہ ہے کہ احادیث وفقہ سے یہ ثابت ہے کہ جس قدر نمازیں قضا ہوں ان سب کی قضاء کرنی چاہیے، اور اگر قضا نمازیں یاد نہ ہوں کہ کس قدر ہیں تو ان کے بارہ میں یہ حکم ہے کہ اندازہ کرے کہ اس قدر نماز میرے ذمہ ہیں اسی قدر قضا کرے، اور جو روایت آپ نے کتاب  ’’انیس الارواح‘‘ سے نقل کی ہے اس کی کچھ اصل اور سند معلوم نہیں ہے، اور نہ یہ کہ یہ روایت حدیث کی کسی کتاب میں ہے، اور یہ روایت اگر ثابت ہوجائے تو اس پر محمول ہے کہ جس قدر نمازیں فوت شدہ اس کو یاد ہوں ان کو قضا کرے اور جو نمازیں لاعلمی سے رہ جائیں ان کے لئے عمل مذکور کرے،فقط!‘‘[2]۔

حوالہ جات

[1] فتاوی دار العلوم دیوبند :قضاءِ عمری کا مروجہ طریقہ ثابت نہیں بے اصل ہے،۴/۲۹۰، مکتبہ حقانیہ ملتان۔

روایتِ قضائے عمری  کو ملا علی قاری رحمہ اللہ   نے  ’’اسرار المرفوعہ‘‘(ص:۳۴۲) اور  ’’المصنوع‘‘ (ص:۱۹۱) میں باطل کہاہے۔ علامہ عجلونی رحمہ اللہ  نے ’’ کشف الخفاء‘‘ (۲/۳۲۱)میں اورعلامہ لکھنوی رحمہ اللہ   نے ’’آثار المرفوعہ‘‘ (ص:۸۵)میں ملا علی قاری رحمہ اللہ  کےکلام پر اعتماد کیا ہے، علامہ پٹنی رحمہ اللہ   نے اسے جھوٹ کہا ہے (دیکھئے: ردع الاخوان:ص:۶۰)،علامہ ابن حجر ہیتمی رحمہ اللہ   نے  ’’ تحفۃ المحتاج بشرح المنہاج‘‘ (۱/۴۲۴) میں اسےحرام قرار دیاہے، علامہ زرقانی   رحمہ اللہ  نے ’’شرح مواہب اللدنیۃ‘‘ (۹/۴۶۴) میں علامہ ابن حجر ہیتمی رحمہ اللہ  کے کلام کو نقل کرنے پر اکتفاء کیا ہے، شاہ عبد العزیز دہلوی رحمہ اللہ   نے  ’’عجالہ نافعہ‘‘ میں اسے خلاف عقل اور جھوٹ قرار دیا ہے (دیکھئے: ردع الاخوان:ص:۵۹)،علامہ شوکانی رحمہ اللہ  نے ’’فوائد مجموعہ‘‘(ص:۷۹)میں اسے من گھڑت قرار دیا ہے، علامہ محمد درویش حوت رحمہ اللہ   نے ’’اسنی المطالب‘‘ (ص:۳۰۵)میں اسے بے اصل کہا ہے، علامہ لکھنوی رحمہ اللہ   نے ’’الاجوبۃ الفاضلہ‘‘ (ص:۳۲)اور ’’ردع الاخوان عن محدثات آخر جمعۃ رمضان‘‘ (ص:۶۳)میں اسے باطل، من گھڑت قرار دیا ہے۔

[2] فتاوی دار العلوم دیوبند: قضاء عمری کا جو طریقہ مروجہ بعض کتابوں میں منقول ہے ثابت نہیں، ۴/۲۹۹، مکتبہ حقانیہ ملتان۔

[3] فتاوی دار العلوم دیوبند :رمضان کے اخیر جمعہ میں قضاءِ عمری کا رواج ثابت نہیں،۴/۳۰۳، مکتبہ حقانیہ ملتان۔

[4] فتاوی دار العلوم دیوبند :قضاء عمری، ۴/۳۰۶،مکتبہ حقانیہ ملتان۔