روایت: ’’عجلوا الطاعات قبل الفوت‘‘. عبادات کو فوت ہونے سے پہلے پورا کرو۔
تحقیق کی تفصیل
عارف باللہ مولانا جلال الدین محمد رومی رحمہ اللہ (المتوفی 672ھ) ’’مثنوي‘‘[1] میں لکھتے ہیں:
عجلوا الطاعات قبل الفوت گفت
مصطفے چوں گوہرِ معنی بسُفت
عبادات کو فوت ہونے سے پہلے پورا کرو، فرمایا ہے: مصطفی ﷺ نے، جب معنی کے موتی پروئے۔
تلاش بسیار کے باوجودیہ روایت ان الفاظ سے سند اًتاحال ہمیں کہیں نہیں مل سکی، اورجب تک اس کی کوئی معتبر سند نہ ملے اسے آپ ﷺ کے انتساب سے بیان کرنا موقوف رکھا جائے، کیونکہ آپﷺ کی جانب صرف ایساکلام اور واقعہ ہی منسوب کیا جاسکتا ہے جومعتبر سند سے ثابت ہو،واللہ اعلم۔
1 واضح رہے کہ زیرِ بحث روایت انہی الفاظ سے سنداً نہیں ملتی، البتہ اسی سے ملتی جلتی ایک روایت علامہ صغانی رحمہ اللہ نے اپنی ’’موضوعات‘‘[2] میں من گھڑت روایات میں ذکر کی ہے، جس کے الفاظ یہ ہیں:
’’عجلوا بالصلاة قبل الفوت، وعجلوا بالتوبة قبل الموت‘‘. نماز کو اس کے فوت ہونے سے پہلے ادا کرو، اور موت سے پہلے توبہ کرو۔
(2) زیر بحث روایت سے ملتے جلتے الفاظ علامہ مناوی رحمہ اللہ نے ’’فیض القدیر‘‘[3] میں امام الحرمین رحمہ اللہ کے قول کے طور پر نقل کئے ہیں، ملاحظہ ہوں:
’’وقال إمام الحرمين: الدنيا ثلاثة أنفاس، نفس مضى، عملت فيه ما عملت، ونفس أنت فيه، ونفس لا تدري أتدركه أم لا؟ إذ كم من تنفس نفسا ففاجأه الموت قبل النفس الآخر، فلست تملك إلا نفسا واحدا، لا يوما ولا ساعة، فبادر في هذا النفس إلى الطاعة قبل الفوت، وإلى التوبة قبل الموت، ولا تهتم بالرزق، فلعلك لا تبقى حتى تحتاج إليه، فيكون وقتك ضائعا، والهم فاضلا‘‘.
اور امام الحرمین رحمہ اللہ فرماتے ہیں: دنیا تین سانس ہے، ایک وہ سانس ہے جو گزر چکا، اس میں آپ نے جو کچھ کیا سو کیا، اور ایک سانس وہ ہے جس میں آپ ہیں، اور ایک وہ سانس ہے کہ جس کے بارے میں آپ نہیں جانتے کہ آپ اسے پا سکیں گے یا نہیں، اس لئے کہ کتنے ہی سانس لینے والے ایسے ہیں کہ جو ایک سانس لیتے ہیں تو ان کو دوسرا سانس لینے سے پہلے اچانک موت آجاتی ہے، آپ صرف ایک سانس کے مالک ہو، نہ ایک دن اور نہ ہی ایک گھڑی کے، سو اس سانس کے فوت ہونے سے پہلے اطاعت میں جلدی کرو، اور موت سے پہلے توبہ کی طرف جلدی کرو، اور رزق کے بارے میں غم نہ کرو، شاید کہ آپ باقی نہ رہیں کہ آپ کو اس رزق کی ضرورت پڑے، (ورنہ)آپ کا وقت ضائع ہوجائے گا، اور آپ کا غم اضافی ہوگا۔