روایت: کسی عالم کی مجلس میں حاضر ہونا ایک ہزار جنازوں، ایک ہزار رکعتوں اور ایک ہزار مریضوں کی عیادت کرنے سے افضل ہے۔
حکم :من گھڑت
تحقیق کی تفصیل
استقراءً اس کا ایک طریق ہے، جسے حافظ ابن جوزی رحمہ اللہ نے ’’کتاب الموضوعات‘‘[1] میں تخریج کیا ہے:
’’روى محمد بن علي بن عمر المذكر، قال: حدثنا إسحاق بن الجعد، قال: حدثنا أحمد بن عبد الله الهَرَوِي، قال: حدثنا إسحاق بن نَجِيح، قال: حدثنا هشام بن حسان، قال: حدثنا محمد بن سيرين، قال: حدثنا عبيدة السلماني، عن عمر بن الخطاب رضي الله عنه قال: جاء رجل من الأنصار إلى رسول الله صلى الله عليه وسلم وأنا شاهد فقال: يا رسول الله! إذا حضرت جنازة وحضرت مجلس عالم، أيهما أحب إليك أن أشهد؟ فقال: إن كان للجنازة من يتبعها ويدفنها، فإن حضور مجلس عالم خير من حضور ألف جنازة تشيعها، ومن حضور ألف مريض تعوده، ومن قيام ألف ليلة للصلاة، ومن ألف يوم تصومها، ومن ألف درهم تتصدق بها، ومن ألف حجة سوى الفرض، ومن ألف غزاة سوى الواجب تغزوها في سبيل الله بنفسك ومالك، وأين تقع هذه المشاهد من مشهد عالم؟
أما علمت أن الله يطاع بالعلم ويعبد بالعلم، وخير الدنيا والآخرة من العلم، ومن شر الدنيا والآخرة من الجهل، فقال رجل: قراءة القرآن؟ فقال: ويحك قراءة القرآن بغير علم؟ وما الحج بغير علم؟ وما الجمعة بغير علم؟ أما علمت أن السنة تقضي على القرآن، و القرآن لا يقضي على السنة؟‘‘ .
حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میری موجودگی میں ایک انصاری شخص رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا، اس نے کہا کہ یا رسول اللہ! اگر جنازہ بھی آجائے اور عالم کی مجلس کا وقت بھی ہوجائے تو آپ ﷺ کے نزدیک میرے لیے زیادہ پسندیدہ بات کیا ہے کہ میں کس میں شرکت کروں؟ آپ ﷺ نے فرمایاکہ اگر ایسے لوگ موجود ہوں جو جنازہ کے ساتھ جائیں اور اسے دفن کردیں تو پھر کسی عالم کی مجلس میں حاضری دینا ، ایک ہزار جنازوں کے ساتھ جانے سے بہتر ہے، اور یہ ایک ہزار مریضوں کی عیادت سے بہتر ہے، اور ایک ہزار راتوں کے قیام، ایک ہزار دنوں کے روزوں، ایک ہزار درہم صدقہ کرنے سے بہتر ہے، حج فرض کے علاوہ ایک ہزار حج سے بہتر ہے، ایک ہزار مرتبہ اپنے جان ومال کے ساتھ اللہ کے راستے میں نکلنے سے بہتر ہے، بشرطیکہ یہ نکلنا واجب نہ ہو، اِن مقامات کی حاضری عالم کی مجلس میں حاضری کے برابر کیسے ہوسکتی ہے۔
کیا تمہیں معلوم نہیں کہ علم کی وجہ سے اللہ کی اطاعت کی جاتی ہے، علم کی وجہ سے اللہ کی عبادت ہوتی ہے، اور دنیا وآخرت کی بھلائی علم کی وجہ سے ہے، اور دنیا وآخرت کی خرابی جہل کی وجہ سے ہے،ایک شخص نے کہا کہ قرآن کی قراءت؟ آپ ﷺ نے فرمایا کہ تمہارا ناس ہو، بغیر علم کے قراءت قرآن ؟ بغیر علم کے حج کیا ہے؟ بغیر علم کے جمعہ کیا ہے؟ کیا تمہیں معلوم نہیں کہ سنت قرآن پر فیصل بنتی ہے،اور قرآن سنت پر فیصل نہیں ہوتا؟
روایت پر ائمہ کا کلام
حافظ ابن جوزی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ’’هذا حديث موضوع، أما المذكر، فقال أبو بكر الخطيب: هو متروك. وأما الهروي فهو الجويباري وهو الذي وضعه، قال أحمد بن حنبل: إسحاق ابن نَجِيح أكذب الناس‘‘[2].
یہ من گھڑت حدیث ہے، سند میں موجود راوی مذکر کے بارے میں ابو بکر خطیب رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ وہ متروک ہے، اور سند میں موجود ہرَوِی، جُوَیبَاری ہے جس نے اسے گھڑا ہے، احمد بن حنبل رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ (سند میں موجود راوی) اسحاق بن نجیح اکذب الناس ہے۔
علامہ پٹنی رحمہ اللہ نے ’’تذکرة الموضوعات‘‘[3] میں حافظ ابن جوزی رحمہ اللہ کی موافقت کی ہے۔
حافظ ذہبی رحمہ اللہ نے ’’تلخیص الموضوعات‘‘ [4] میں حافظ ابن جوزی رحمہ اللہ کی موافقت کی ہے، نیز حافظ ذہبی رحمہ اللہ ہی نے ’’ميزان الاعتدال‘‘ [5] میں اسے جُویبَاری کی ’’مصائب ‘‘ میں ذکر کیا ہے۔
’’میزان الاعتدال‘‘ میں ذکرکردہ کلام کی موافقت امام سیوطی رحمہ اللہ نے ’’اللآلئ المصنوعة‘‘ [6] میں کی ہے۔
علامہ ابن عرَّاق رحمہ اللہ ، حافظ ابن جوزی رحمہ اللہ و حافظ ذہبی رحمہ اللہ کے کلام کے بعد فرماتے ہیں:
’’أورده الغزالي في الإحياء من حديث أبي ذر مختصرا، وقال العراقي الشافعي في تخريجه: لم أجده، وإنما أعرفه من حديث عمر. [قـال ابـن عـرَّاق] وهو مـوضوع كما قـاله ابن الجوزي، والله تعالى أعلم‘‘[7].
غزالی رحمہ اللہ نے اسے ’’احیاء ‘‘ میں ابوذر رضی اللہ عنہ کی حدیث کے طور پر مختصراً ذکر کیا ہے، عراقی شافعی رحمہ اللہ اس کی تخریج میں فرماتے ہیں: میں تو اسے صرف عمر رضی اللہ عنہ کی حدیث کے طور پر پہچانتا ہوں ۔(ابن عرَّاق رحمہ اللہ فرماتے ہیں) اور یہ حدیث موضوع ہے، جیسا کہ ابن جوزی رحمہ اللہ کا کہنا ہے، واللہ تعالی اعلم۔
علامہ شوکانی رحمہ اللہ نے ’’الفوائدالمجموعة‘‘[8] میں اسے موضوع کہا ہے۔
حافظ ذہبی رحمہ اللہ ’’ميزان الاعتدال‘‘[9] میں فرماتے ہیں:
’’قال ابن عدي: كان يضع الحديث لابن كَرَّام على ما يريده ... قال ابن حبان: هو أبو علي الجويباري دجال من الدجاجلة ... وقال النسائي والدارقطني: كذاب، قلت: الجویباري ممن يضرب المَثَل بكذبه ... قال البيهقي: أما الجويباري، فإني أعرفه حق المعرفة بوضع الأحاديث على رسول الله صلى الله عليه وسلم، فقد وضع عليه أكثر من ألف حديث‘‘.
ابن عدی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ احمد جویباری، ابن کرّام کے لیے اس کی چاہت کے مطابق روایتیں گھڑتا تھا۔۔۔ اور ابن حبان رحمہ اللہ رقم طراز ہیں:
ابو علی، جویباری ہے، جو دجالوں میں سے بڑا دجال ہے۔۔۔ امام نسائی رحمہ اللہ
اور دار قطنی رحمہ اللہ نے جویباری کو کذاب کہا ہے، میں(یعنی حافظ ذہبی رحمہ اللہ ) کہتا ہوں کہ جویباری ان لوگوں میں سے ہے، جن کا جھوٹ ضرب المثل ہے۔۔۔ امام بیہقی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: میں خوب اچھی طرح اس کی معرفت رکھتا ہوں کہ جویباری رسول اللہ ﷺ پر حدیثیں گھڑتا ہے، اس نے ہزار سے زائد حدیثیں رسول اللہ ﷺ پر گھڑی ہیں۔
امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ’’إسحاق بن نجيح المَلَطِي من أكذب الناس...‘‘ [10]. اسحاق بن نَجِیح اکذب الناس ہے۔
امام یحیی بن معین رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ’’كذاب، عدو الله‘‘ [11]. یہ جھوٹا، اللہ کا دشمن ہے۔
امام علی بن مدینی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ’’روى عجائب، وضعفه‘‘ [12] . یہ عجائبات نقل کرتا ہے، پھر اس کی تضعیف کی۔
امام ابراہیم بن یعقوب جوزجانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ’’غير ثقة، ولا من أوعية الأمانة‘‘[13].
امام بخاری رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ’’منكر الحديث‘‘[14].
امام نسائی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ’’متروك الحديث‘‘[15].
حافظ ابن عدی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ’’وهذه الأحاديث التي ذكرتها مع سائرالروايات عند إسحاق بن نجيح عمن روي عنه، فكلها موضوعات، وضعهاهو...‘‘[16]. ’’اسحاق بن نَجِیح كی اپنے مروی عنہم سے یہ تمام حدیثیں، جن کو میں نے ذکر کیا ہے، اور دیگر روایتیں تمام تر من گھڑت ہیں، ان روایتوں کو اسحاق ہی نے گھڑا ہے۔۔۔ ‘‘ ۔
امام ابواحمد حاکم رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ’’منكر الحديث‘‘ [17].
حافظ ابو سعید نقاش رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ’’مشهور بوضع الحديث ‘‘ [18]. یہ احادیث تراشنے میں شہرت یافتہ ہے۔
حافظ ابن جوزی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ’’أجمعوا على أنه كان يضع الحديث‘‘[19]. محدثین کا اس پر اجماع ہے کہ یہ حدیثیں گھڑتا تھا۔
حافظ ذہبی رحمہ اللہ فرماتے ہیں : ’’فيه إسحاق بن نَجِيْح كذاب...‘‘[20]. اس میں اسحاق بن نَجِیح کذاب ہے۔
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ’’كذبوه‘‘[21]. محدثین نے اسے کذاب کہا ہے۔
حافظ ابن جوزی رحمہ اللہ ، امام ذہبی رحمہ اللہ ، حافظ سیوطی رحمہ اللہ ، علامہ ابن عرّاق رحمہ اللہ ، علامہ پٹنی رحمہ اللہ ،علامہ شوکانی رحمہ اللہ کی تصریح کے مطابق یہ روایت من گھڑت ہے، اس لیے آپ ﷺ کے انتساب سے اسے بیان کرنا درست نہیں ہے۔
حوالہ جات
[1] کتاب الموضوعات:۱/۲۲۳،ت:عبد الرحمن محمدعثمان،المکتبة السلفيةـ المدینة المنورة،الطبعة الأولى ۱۳۸۶هـ .
[2] کتاب الموضوعات:۱/۲۲۳،ت:عبد الرحمن محمدعثمان،المکتبة السلفيةـ المدینة المنورة،الطبعة الأولى۱۳۸۶هـ .
[3] تذكرةالموضوعات:۲۰،داراحياء التراث العربي ـ بيروت،الطبعة الثانية۱۴۱۰هـ .
[4] تلخيص الموضوعات:ص:۵۹،رقم:۱۲۰،ت:أبو تميم ياسر بن إبراهيم بن محمد،مكتبة الرشد ـ الرياض،الطبعة الأولى۱۴۱۹هـ .
[5] ميزان الاعتدال:۱/۱۰۷،رقم:۴۲۱،ت:علي محمد البجاوي،دارالمعرفةـ بيروت .
[6] اللا لئ المصنوعة:۱/ ۴۲،دارالکتب العلمةـ بیروت .
[7] تنزيه الشريعة:۱/۲۵۴،رقم:۱۱،ت:عبدالوهاب عبد اللطيف،عبدالله محمد صديق،دارالكتب العلميةـ بيروت،الطبعة الثانية۱۴۰۱هـ .
[8] الفوائدالمجموعة:ص:۲۷۶،رقم:۱۹،ت:عبدالرحمن بن يحيى المعلمي،دارالكتب العلميةـ بيروت، الطبعة الثانية۱۴۳۰ هـ .
[9] ميزان الاعتدال:۱/۱۰۶،رقم:۴۲۱،ت:علي محمد البجاوي،دارالمعرفةـ بيروت .
[10] تهذيب الكمال:۲/۸۱ ،رقم:۳۸۲،ت:أحمدعلي وحسن أحمد،دارالفكرـ بيروت،الطبعة۱۴۱۴هـ .
[11] تهذيب الكمال:۲/۸۱، رقم:۳۸۲،ت:أحمد عـلي وحسن أحمد،دارالفكرـ بيروت،الطبعة۱۴۱۴هـ .
[12] تهذيب الكمال:۲/۸۱،رقم:۳۸۲،ت:أحمد علي وحسن أحمد،دار الفكر ـ بيروت،الطبعة۱۴۱۴هـ .
[13] تهذيب الكمال:۲/۸۱،رقم:۳۸۲،ت:أحمد علي وحسن أحمد،دارالفكرـ بيروت،الطبعة۱۴۱۴هـ .
[14] تهذيب الكمال:۲/۸۱،رقم:۳۸۲،ت:أحمد علي وحسن أحمد،دارالفكرـ بيروت،الطبعة۱۴۱۴هـ .
[15] تهذيب الكمال:۲/۸۱ ،رقم:۳۸۲،ت:الشيخ أحمد علي وحسن أحمد،دارالفكرـ بيروت،الطبعة۱۴۱۴ هـ .
[16] الكامل في الضعفاء:۱/۵۴۰،رقم:۱۵۵،ت:الشيخ عادل والشيخ علي محمد،دارالكتب العلميةـ بيروت، الطبعة الأولى۱۴۱۸هـ .
[17] تهذيب التهذيب:۱/ ۱۲۹،ت:إبراهيم زيبق وعادل مرشد،مؤسسة الرسالة ـ بيروت،الطبعة۱۴۱۶هـ .
[18] تهذيب التهذيب:۱/ ۱۲۹،ت:إبراهيم زيبق وعادل مرشد،مؤسسة الرسالةـ بيروت،الطبعة۱۴۱۶هـ .
[19] تهذيب التهذيب:۱/ ۱۲۹،ت:إبراهيم زيبق وعادل مرشد،مؤسسة الرسالةـ بيروت،الطبعة۱۴۱۶هـ .
[20] تلخيص كتاب الموضوعات:۳۰۵،رقم:۸۳۷ ت:عبدالرحمن محمدعثمان،المكتبة السلفية بالمدينة المنورة، الطبعة۱۳۸۶هـ .
[21] التقريب:ص:۱۰۳،رقم:۳۸۸،ت:محمدعوامة،دارالرشدـ سوريا،الطبعة الرابعة۱۴۱۸هـ .