صحابی رضی اللہ عنہ کا نماز پڑھ کر، اللہ سے نمک مانگنا
تحقیق کی تفصیل
روایت: ’’ایک صحابی مسجد میں آئے،دورکعت نفل پڑھے اور چلے گئے، آپﷺ وہاں تشریف فرما تھے ،آپﷺ نے صحابہ سے فرمایا: تمہیں معلوم ہے کہ اس نے نفل پڑھ کر اللہ سے کیا مانگا ہے؟ صحابہ نے عرض کیا: اللہ اور اللہ کے رسول ہی بہتر جانتے ہیں ،آپ ﷺ نے فرمایا: اس نے اللہ سے نمک مانگاہے‘‘۔
تلاش بسیار کے باوجودیہ روایت سند اً تاحال ہمیں کہیں نہیں مل سکی، اورجب تک اس کی کوئی معتبر سند نہ ملے اسے آپ ﷺ کے انتساب سے بیان کرنا درست نہیں ہے ،کیونکہ آپﷺ کی جانب صرف ایساکلام وواقعہ ہی منسوب کیا جاسکتا ہے جومعتبر سند سے ثابت ہو،واللہ اعلم ۔
رسالت مآب ﷺ نے چھوٹی سے چھوٹی ضروت اور تمام حاجتیں اللہ سے مانگنے کی ترغیب دی ہے، ذخیرۂ احادیث میں اس بارے میں متعدد احادیث وارد ہوئی ہیں،ذیل میں مذکورہ روایت کے معنی پرمشتمل دیگر چند روایات پیش کی جارہی ہیں، جنہیں بیان کرنے میں حرج نہیں ہے،ملاحظہ ہو:
(۱)امام بیہقی رحمہ اللہ ’’شعب الإيمان‘‘[1] میں روایت تخریج فرماتے ہیں :
’’أخبرنا أبو عبد الله الحافظ، حدثنا أبو بكر بن عَتَّاب العبدي ببغداد، حدثنا محمد بن أحمد بن يزيد الرِيَاحِي، حدثنا قريش بن أنس، حدثنا معاوية بن عبدالكريم قال: سمعت بكر بن عبد الله المُزَنِي يقول: كان النبي صلى الله عليه وسلم يقول: سلوا الله حوائجكم حتى الملح.
هكذا جاء به مرسلا ‘‘ .
بکر بن عبداللہ بن مُزَنِی سے منقول ہے کہ نبی اکرمﷺ نے ارشاد فرمایا : اللہ سے اپنی حاجتوں کو مانگو ،یہاں تک کہ نمک بھی اللہ سے مانگو۔
امام ترمذی رحمہ اللہ اسی طرح کی روایت ’’سنن ترمذی‘‘ میں نقل فرماتے ہیں : ’’حدثنا صالح بن عبد الله، قال: أخبرنا جعفر بن سليمان، عن ثابت البُنَانِي، أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: ليسأل أحدكم ربه حاجته حتى يسأله الملح، وحتى يسأله شِسْع نعله إذا انقطع‘‘[2].
حضرت ثابت بنانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ آپﷺ نے فرمایا : تم میں سے ہرشخص کو چاہیے کہ وہ اپنے رب سے اپنی حاجت مانگے یہاں تک کہ نمک بھی اللہ سے مانگے ،اور جوتے کا تسمہ ٹوٹ جائے تووہ بھی اللہ سے مانگے۔
امام ترمذی رحمہ اللہ نےاس روایت کو مرسلاًوموصولاً دونوں طرح سے تخریج کیا ہے ،مرسل طریق تخریج کرنےکے بعدفرماتے ہیں: ’’هذا أصح من حديث قَطَن عن جعفرابن سليمان‘‘.یہ طریق قَطَن عن جعفرابن سلیمان کےطریق سے زیادہ اصح ہے ۔
یعنی مرسل طریق موصول طریق سے زیادہ اصح ہے۔