روایت: ”شبِ برأت یعنی پندرہ شعبان میں آ پ ﷺ کا دندان مبارک شہید ہوا تھا، اور آپ ﷺ نے حلوہ کھایا تھا“، یہ گھڑی ہوئی بات ہے۔
تحقیق کی تفصیل
”ایک روایت یہ ہے کہ اس تاریخ [شبِ برأت میں] میں دندانِ مبارک شہید ہوا تھا اور آپ ﷺ نے حلوہ کھایا تھا، اس لئے کرتے ہیں تو یہ بھی محض لغو ہے، کیونکہ یہ واقعہ شہادتِ دندان کا بھی شوال ہی میں ہوا تھا، غرض یہ باتیں بالکل گھڑی ہوئی ہیں،حضور ﷺ سے جتنا ثابت ہے اس سے صرف اس قدر ثابت ہو سکتا ہے کہ مردوں کو اس رات میں نفع پہنچاؤ، اس سے صرف اتنا نکلے گا کہ مردوں کو ثواب بانٹ دو، باقی اور پابندیاں کوئی چیز نہیں، ثواب پہنچانے کے لئے قران شریف پڑھو، نماز پڑھو، خیرات بھی چاہو کر دو، مگر حلوے کی تخصیص کیسی؟ کچا اناج بھی کافی ہے، پیسے بھی کافی ہیں ۔۔۔“[1]۔
اس حلوے کے متعلق بعض لوگوں کا خیال ہے کہ حضور ﷺ کا دندانِ مبارک جب شہید ہوا تھا تو آپ ﷺ نے حلوہ نوش فرمایا تھا، اور بعض کہتے ہیں کہ حضرت امیر حمزہ رضی اللہ عنہ کی شہادت اسی دن میں ہوئی تھی، یہ ان کی فاتحہ ہے، یہ سب بے اصل ہے، یہ دونوں واقعے شوال کے ہیں[2]۔