غیر معتبر روایات کا فنی جائزہ (حصہ ششم)

روایت: ’’روزہ رکھنے کی وجہ سے امت محمدیہ ﷺ کے ہونٹوں کا خشک ہوجانا اور رنگ کا زرد پڑجانا، اور اس پر باری تعالی کی طرف سے ان کا اکرام فرمانا‘‘۔

تحقیق و نظرِ ثانی: مفتی طارق امیر خان صاحب

تحقیق کی تفصیل

علامہ عبد الرحمن صفوری رحمہ اللہ   ’’نزهة المجالس‘‘[1] میں تحریر فرماتے ہیں:

’’ قال موسى عليه السلام: يا رب! أكرمتني بالتكليم فهل أعطيت أحدا مثل ذلك؟ فأوحى الله تعالى إليه:يا موسى! إن لي عبادا أخرجهم في آخر الزمان، وأكرمهم بشهر رمضان، فأكون أقرب لأحدهم منك، لأنك كلمتني وبيني وبينك سبعون ألف حجاب، فإذا صامت أمة محمد صلى الله عليه وسلم حتى ابيضت شفاههم، واصفرت ألوانهم، أرفع الحجب بيني وبينهم وقت إفطارهم، يا موسى! طوبى لمن عطش كبده، وأجاع بطنه في رمضان‘‘.

موسی علیہ السلام  نے عرض کیا: اے رب! آپ نے مجھے گفتگو سے شرف بخشا، کیا آپ نے کسی اور کا بھی ایسا اکرام کیا ہے؟ سو اللہ تعالی نے وحی نازل فرمائی: اے موسی! بلاشبہ میرے بندے ہیں، جن کو آخری زمانے میں لاؤں گا، اور میں ان کا ماہِ رمضان میں اکرام کروں گا، چنانچہ میں ان سے تم سے زیادہ قریب ہوں گا، کیونکہ تم مجھ سے اس حال میں گفتگو کرتے ہو کہ میرے اور تمہارے درمیان ستر ہزار پردے ہوتے ہیں، جبکہ امتِ محمد ﷺ روزہ رکھتی ہے، حتی کہ ان کے ہونٹ سفید ہوجاتے ہیں، اور ان کا رنگ زرد پڑ جاتا ہے، تو میں ان کے افطار کے وقت اپنے اور ان کے درمیان پردے ہٹا دیتا ہوں، اے موسی! اس شخص کےلئے خوشخبری ہے جس نے رمضان میں اپنے جگر کو پیاسا رکھا، اور اپنے پیٹ کو بھوکا رکھا۔

علامہ اسماعیل حقی استنبولی رحمہ اللہ   نے بھی ’’روح البيان‘‘[2] میں یہ حکایت بلا سند نقل  کی ہے۔

تلاش بسیار کے باوجود یہ روایت سنداً تاحال ہمیں کہیں نہیں مل سکی، اور جب تک اس کی کوئی معتبر سند نہ ملے اسے آپﷺ کے انتساب سے بیان کرنا موقوف رکھاجائے، کیونکہ آپﷺ کی جانب صرف ایسا کلام اور واقعہ ہی منسوب کیا جاسکتا ہے جو معتبر سند سے ثابت ہو، واللہ اعلم۔ 

حوالہ جات

[1] نزهة المجالس:1/200،المكتبة العصرية ـ  بيروت،الطبعة1438هـ .

[2] روح البيان:8/150،دار إحياء التراث العربي ـ  بيروت،الطبعة1438هـ .