غیر معتبر روایات کا فنی جائزہ (حصہ ہفتم)

روایت: نماز میںیوسف علیہ السلام کی جانب توجہ چلے جانے سے حضرت یعقوب علیہ السلام کا پریشانی میں مبتلاء ہونا۔

تحقیق و نظرِ ثانی: مفتی طارق امیر خان صاحب

تحقیق کی تفصیل

امام قرطبی رحمہ اللہ اپنی تفسیر ’’الجامع لأحكام القرآن‘‘[1] میں فرماتے ہیں:

’’وقيل:إن يعقوب كان يصلي، ويوسف نائما معترضا بين يديه، فغط في نومه، فالتفت يعقوب إليه، ثم غط ثانية فالتفت إليه، ثم غط ثالثة فالتفت إليه سرورا به وبغطيطه، فأوحى الله تعالى إلى ملائكته: انظروا إلى صفيي وابن خليلي قائما في مناجاتي يلتفت إلى غيري، وعزتي وجلالي! لأنزعن الحدقتين اللتين التفت بهما، ولأفرقن بينه وبين من التفت إليه ثمانين سنة، ليعلم العاملون أن من قام بين يدي يجب عليه مراقبة نظري‘‘.

کہا گیا ہے: یعقوب علیہ السلام   نماز پڑھ رہے تھے، اور یوسف علیہ السلام  ان کے سامنے لیٹے سورہے تھے، یوسف علیہ السلام   نیندمیں خراٹے لینے لگے، تو یعقوب علیہ السلام   کی توجہ نماز سے یوسف علیہ السلام   کی طرف ہوگئی، پھر دوبارہ خراٹے کی آواز آئی، پھر دھیان یوسف علیہ السلام   کی طرف ہوا، پھر تیسری مرتبہ خراٹے لینے لگے تو یعقوب علیہ السلام  یوسف علیہ السلام   کی طرف دھیان کرکے ان کے خراٹوں کی وجہ سے مسکرادیئے، اللہ تعالی نے فرشتوں کی طرف وحی نازل کی: تم دیکھومیرے منتخب بندے اور میرے خلیل کے بیٹے کی طرف جو کہ میری مناجات میں کھڑا ہوا ہے ، اور اس کا دھیان میرے علاوہ کی طرف ہے، میری عزت وجلال کی قسم! میں ضرور بضرور ان کی وہ دونوں آنکھیں لے لوں گا جن سے وہ متوجہ ہوئے، اور میں ضرور بضرور ان (یعقوب علیہ السلام ) کے اور جس کی طرف ان کا دھیان گیا تھا (یعنی یوسف علیہ السلام ) کے درمیان اسی (80) سال تک جدائی کردوں گا، تاکہ عمل کرنے والے جان لیں کہ جو بھی میرے سامنے کھڑا ہو اس کے لئے ضروری ہے کہ وہ میری نظر پر نگاہ رکھے۔

تلاش بسیار کے باوجودیہ روایت سنداً تاحال ہمیں کہیں نہیں مل سکی، اور جب تک اس کی کوئی معتبر سند نہ ملے اسے آپ ﷺ کے انتساب سے بیان کرنا موقوف رکھا جائے، کیونکہ آپﷺ کی جانب صرف ایساکلام اور واقعہ ہی منسوب کیا جاسکتا ہے جومعتبر سند سے ثابت ہو،واللہ اعلم ۔

واضح رہے کہ’’صحیح‘‘ حدیث کے مطابق بندہ کا دوران نماز کسی دوسری جانب متوجہ ہونا شیطان کا اسے نماز سے اچک لینا ہے،چنانچہ امام بخاری رحمہ اللہ  اپنی  ’’صحیح‘‘[2] میں تخریج فرماتے ہیں:

’’حدثنا مسدد، قال: حدثنا أبو الأحوص، قال: حدثنا أشعث بن سليم، عن أبيه، عن مسروق، عن عائشة، قالت: سألت رسول الله صلى الله عليه وسلم عن الالتفات في الصلاة؟ فقال: هو اختلاس، يختلسه الشيطان من صلاة العبد‘‘.

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہما  فرماتی ہیں کہ میں نےرسول اللہ ﷺ سے دوران نماز کسی دوسری جانب متوجہ ہونے کے بارے میں پوچھا تو آپ ﷺ نے فرمایا: یہ اچکنا ہے، شیطان بندہ کی نماز میں سے اسے اچک لیتا ہے۔

حوالہ جات

[1] الجامع لأحكام القرآن:11/431،ت: عبد الله بن عبد المحسن التركى،مؤسسة الرسالة ـ بيروت،الطبعة الأولي 1427.

[2] الصحيح البخارى:1/150،ت:محمد زهير ناصر الناصر،دار طوق النجاة ـ بيروت،الطبعة الأولي1422.