حضرت بلال رضی اللہ عنہ نے اذان نہیں دی توصبح نہیں ہورہی تھی
تحقیق کی تفصیل
’’ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ لوگوں نے حضرت بلال رضی اللہ عنہ کی لکنت کی شکایت کی تو آپﷺ نے حضرت بلال رضی اللہ عنہ کو اذان دینے سے منع کردیا اور کسی دوسرےشخص نےصبح کی اذان دے دی،اس کےبعد بہت دیر ہوگئی صبح ہی نہیں ہورہی تھی، لوگوں نے آپﷺ سے یہ بات عرض کردی،آپ ﷺ پریشان ہوئے،جبرائیل علیہ السلام وحی لے کر آئے کہ جب تک بلال رضی اللہ عنہ اذان نہیں دیں گے صبح نہیں ہوگی،حضرت بلال رضی اللہ عنہ نے اذان دی توصبح ہوگئی،آپﷺ نے فرمایا: اگر بلال اذان نہ دیتے تو صبح ہی نہ ہوتی‘‘۔
حضرت بلال رضی اللہ عنہ کی زبان میں لکنت یا ہکلاہٹ ’’بے اصل‘‘بات ہے،اس کی تفصیل روایت: ’’سين بلال عند الله شين. بلال کا سین بھی اللہ کے نزدیک شین ہے‘‘۔کے تحت گذر چکی ہے،ذکر کردہ واقعہ میں بھی لکنت کا ذکر ہے،اس لئے قرینِ قیاس یہی ہے کہ یہ قصہ بھی ’’بے اصل ‘‘ہے۔
فائدہ: کتب احادیث میں حضرت بلال رضی اللہ عنہ کے متعلق ایک واقعہ ملتا ہے،جسے امام بخاری رحمہ اللہ نے اپنی ’’صحیح ‘‘میں ذکر کیا ہے، اس واقعہ میں درجِ بالا مضمون سے ایک حد تک معارض مضمون ملتا ہے، ملاحظہ ہو:
’’حدثنا عمران بن ميْسرة، قال: حدثنا محمد بن فضيل، قال: حدثنا حصين، عن عبد الله بن أبي قتادة، عن أبيه، قال: سرنا مع النبي صلى الله عليه وسلم ليلة، فقال بعض القوم: لو عرّست بنا يا رسول الله! قال أخاف أن تناموا عن الصلاة، قال بلال: أنا أوقظكم، فاضطجعوا وأسند بلال ظهره إلى راحلته فغلبته عيناه فنام، فاستيقظ النبي صلى الله عليه وسلم وقد طلع حاجب الشمس، فقال: يا بلال! أين ما قلت؟ قال: ما ألقِيتْ علي نومةٌ مثلها قط، قال: إن الله قبض أرواحكم حين شاء وردها عليكم حين شاء، يا بلال! قم فأذن بالناس بالصلاة، فتوضأ، فلما ارتفعت الشمس وابْيَاضَّتْ [ کذا فی الأصل] قام فصلى‘‘[1].
ترجمہ: حضرت قتادہ رضی اللہ عنہ سے منقول ہےکہ ہم آنحضرتﷺ کے ساتھ ایک رات سفر کررہے تھے،کسی نے کہا: یارسول اللہ ! بہتر ہوگا کہ ہم رات کے آخری پہر کچھ آرام کرلیں،آپﷺ نے فرمایا: مجھے ڈر ہےکہ کہیں تم نماز سے سوتے نہ رہ جاؤ، حضرت بلال رضی اللہ عنہ نے کہا: میں آپ سب کوجگادوں گا،چنانچہ سب لیٹ گئے، بلال رضی اللہ عنہ نے اپنی پیٹھ اپنی سواری سےلگائی اور انہیں بھی نیند آگئی، حضوراقدس ﷺ بیدار ہوئے توسورج نکل چکا تھا،فرمایا: اے بلال! تم نے کیا کہاتھا؟ بلال رضی اللہ عنہ نے کہا:مجھے ایسی نیند کبھی نہیں آئی،آپﷺ نے فرمایا: اے بلال!اللہ تعالیٰ نے جب چاہا تمہاری روحیں قبض کرلیں اور جب چاہا لوٹادیں،بلال !اٹھو اور اذان دو،حضرت بلال رضی اللہ عنہ نے اذان دی، آپﷺنے وضوکیا جب سور ج بلند ہوا اور سفید ہوگیا، تو آپ ﷺ کھڑے ہوئےاور نماز پڑھی۔
حوالہ جات
[1] الصحیح للبخاری: باب الأذان بعد ذهاب الوقت، ۱/ ۱۲۲، ت: محمد زهيربن ناصر، دارطوق النجاة- بیروت،۱۴۲۲ هـ .