روایت: حضرت آدم علیہ السلام کا، حضرت حواء علیا السلام کےمہر میں آپﷺپر درود پڑھنا
تحقیق کی تفصیل
یہ روایت مختلف الفاظ سے نقل کی گئی ہے:
علامہ قسطلانی رحمہ اللہ نے اپنی کتاب ’’المواهب اللدنية‘‘[1] میں یہ روایت ان لفظوں کے ساتھ نقل کی ہے:
’’ثم خلق الله تعالى له حواء زوجته من ضلع من أضلاعه اليسرى، وهو نائم، وسميت حواء، لأنها خلقت من حي، فلما استيقظ ورآها سكن إليها، فقالت الملائكة مه يا آدم! قال: ولم؟ وقد خلقها الله لي، فقالوا: حتى تؤدي مهرها، قال: وما مهرها؟ قالوا: تصلي على محمد صلى الله عليه وسلم ثلاث مرات.
وذكر ابن الجوزى فى كتابه: ’’سَلْوَة الأحزان‘‘ أنه لما رام القرب منها طلبت منه المهر، فقال: يا رب! وماذا أعطيها؟ فقال: يا آدم! صل على حبيبي محمد بن عبد الله عشرين مرة، ففعل‘‘.
پھر اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم علیہ السلام کےلئے ان کی بائیں پسلی سے سونے کی حالت میں ان کی بیوی حواء علیہا السلام کو پیدا کیا، اور حواء نام رکھا، اس لئے کہ وہ زند ہ سے پیدا کی گئی، جب حضرت آدم علیہ السلام بیدار ہوئے، حواء کودیکھا اور ان سے مانوس ہونا چاہا، تو فرشتوں نے کہا اے آدم علیہ السلام ! آپ رک جائیے، حضرت آدم علیہ السلام نے کہا: کیوں؟ اللہ نے اس کو میرے لئے پیدا کیا ہے، فرشتوں نے کہا: آپ ان کا مہر ادا کردیں، حضرت آدم علیہ السلام نے کہا کہ اس کا مہر کیا ہے؟ فرشتوں نے کہا: آپ محمد ﷺ پر تین مرتبہ درود بھیجیں۔
ابن جوزی رحمہ اللہ نے اپنی کتاب ’’سَلْوَۃ الاحزان ‘‘میں ذکر کیا ہے کہ جب حضرت آدم علیہ السلام نے حضرت حواء علیہا السلام سے قربت کا ارادہ کیا تو انہوں نے مہر طلب کیا، حضرت آدم علیہ السلام نے عرض کیا اے میرے رب! میں ان کو کیا چیز دوں؟ اللہ نے فرمایا: اے آدم!میرے حبیب محمد بن عبد اللہ یعنی آپ ﷺ پر بیس مرتبہ درود پاک بھیجو، چناچہ انہوں نے ایسا ہی کیا۔
علامہ قسطلانی رحمہ اللہ کی اس عبارت کے تحت علامہ زرقانی رحمہ اللہ ’’شرح المواهب‘‘[2] میں تحریر فرماتے ہیں:
’’وفي رواية: قالت الملائكة: مه يا آدم! حتى تنكحها، فزوجه الله إياها وخطب، فقال: الحمد لله، والعظمة إزاري، والكبرياء ردائي، والخلق كلهم عبيدي وإمائي، اشهدوا يا ملائكتي وحملة عرشي وسكان سماواتي! أني زوجت حواء أمتي عبدي آدم، بديع قطرتي، وصنيع يدي، على صداق تقديسي وتسبيحي وتهليلي، يا آدم! ’’اسْكُنْ أَنْتَ وَزَوْجُكَ الْجَنَّةَ‘‘، كذا في الخميس، والعلم عند الله‘‘.
ایک اور روایت میں ہے: فرشتوں نے کہا اے آدم! آپ رک جائیے، جب تک کہ آپ ان سے نکاح نہ کر لیں (ان کے قریب نہ جائیں)، چنانچہ اللہ تعالیٰ نے حضرت حواء علیہا السلام سے آپ کا نکاح کردیااور خطبہ میں یہ الفاظ فرمائے: تمام تعریفیں اللہ کےلئے ہیں، اور عظمت میری اوڑھنی ہے، اور کبریائی میری چادر ہے، اور تمام کی تمام مخلوق میرے بندے اور بندیاں ہیں، اے میرے فرشتے گواہ ہوجاؤ، اور میرے عرش کو اٹھانے والے اور میرے آسمان میں رہنے والے !میں نے اپنی بندی حواء علیہا السلام کا نکاح اپنے بندے آدم علیہ السلام سے میری تقدیس، تسبیح اور تہلیل کے بدلہ کردیا، جو میرے قطروں میں انوکھا ہے، اور میرے ہاتھ کی تخلیق ہے، ’’اے آدم! رہا کرو تم اور تمہاری بی بی بہشت میں‘‘، اسی طرح ’’خمیس‘‘ میں ہے، اور علم اللہ ہی کے پاس ہے۔
تلاش بسیار کے باوجود یہ روایت سنداً تاحال ہمیں کہیں نہیں مل سکی، اور جب تک اس کی کوئی معتبر سند نہ ملے اسے آپ ﷺ کے انتساب سے بیان کرنا موقوف رکھا جائے، کیونکہ آپ ﷺ کی جانب صرف ایسا کلام اور واقعہ ہی منسوب کیا جاسکتا ہے جو معتبر سند سے ثابت ہو، واللہ اعلم۔