غیر معتبر روایات کا فنی جائزہ (حصہ سوم)

حضرت جبرائیل علیہ السلام کی چالیس ہزارسال کی عبادت سےامت محمدیہﷺکی فجرکی دوسنتیں بڑھ کرہیں

تحقیق و نظرِ ثانی: مفتی طارق امیر خان صاحب

تحقیق کی تفصیل

 ایک بارجبرائیل علیہ السلام  نے اللہ تعالی سے آرزو کی کہ میں آپ کی عبادت کرنا چاہتا ہوں ،اللہ تعالی نے فرمایا :کرلو، انہوں نے دورکعت نماز کی نیت باندھ لی ، اور نہایت اہتمام سے نماز اداکی ،حتی کہ چالیس ہزار (۴۰۰۰۰) سال بعد سلام پھیرا، اللہ تعالی نے فرمایا کہ تم نے بہت اچھی نماز پڑھی ہے، لیکن ایک امت آنے والی ہےجس کی فجر کی دو سنتیں تیری ان دورکعتوں سے بڑھ کر ہوں گی۔

حکم: سنداً نہیں ملتی،بیان کرنا موقوف رکھا جائے۔

علامہ عثمان بن حسن بن احمد خوبوی(المتوفی:۱۲۲۴ھ)نے مذکورہ روایت ’’درةالناصحین‘‘ میں بلاسند نقل کی ہے ، وہ لکھتے ہیں : ’’لما خلق الله تعالى جبرائيل عليه السلام على أحسن صورة، وجعل له ست مائة جناح، طول كل جناح ما بين المشرق والمغرب، نظر إلى نفسه فقال أي جبريل: إلهي! هل خلقت أحسن صورة مني؟ فقال الله تعالى: لا، فقام جبرائيل وصلى ركعتين شكرا لله تعالى، فقام في كل ركعة عشرين ألف سنة، فلما فرغ من الصلاة قال الله تعالى: يا جبرائيل! عبدتني حق عبادتي، ولا يعبد في أحد مثل عبادتك لكن يجيء في آخر الزمان نبي كريم حبيب إلي يقال له محمد، وله أمة ضعيفة مذنبة يصلون ركعتين مع سهو ونقصان في ساعة يسيرة وأفكار كثيرة وذنوب كبيرة، فوعزتي وجلالي، إن صلاتهم أحب إلي من صلاتك، لأن صلاتهم بأمري وأنت صليت بغير أمري.

 قال جبرائيل: يا رب! ما أعطيتهم في مقابلة عبادتهم، فقال الله تعالى: أعطيتهم جنة المأوى، فاستأذن من الله تعالى أن يراها، فأذن الله تعالى له، فأتى جبرائيل وفتح جميع أجنحته ثم طار، فكلما فتح جناحين قطع مسيرة ثلاثة آلاف سنة، وكلما ضم قطع مثل ذلك، فطار على هذا ثلاث مائة عام فعجز ونزل في ظل شجرة، وسجد لله تعالى فقال في سجوده: إلهي! هل بلغت نصفها أو ثلثها أو ربعها؟ فقال الله تعالى: يا جبرائيل! لو طرت ثلاث مائة ألف عام، ولو أعطيتك قوة مثل قوتك وأجنحة مثل أجنحتك، فطرت مثل ما طرت لا تصل إلى عشر من أعشار ما أعطيته لأمة محمد في مقابلة ركعتين من صلاتهم (مشکوة الأنوار)‘‘[1].

حضرت محمدﷺ سے روایت ہے کہ جب اللہ تعالی نے جبرائیل علیہ السلام  کو خوبصورت جسم کے ساتھ پیداکیا اور چھ سو پَر پیدا کیے اوروہ لمبائی کے اعتبار سے مشرق ومغرب کے برابر تھے، جب جبرائیل علیہ السلام  نے اپنے آپ کو خوبصورت دیکھا تو خدا کی بارگاہ میں عرض کی : یااللہ ! کیا تونے مجھ سے کسی کوزیادہ خوبصورت پیداکیا ہے؟ ارشادہوا نہیں، پھر جبرائیل علیہ السلام  نے دورکعت نمازشکر انے کے طور پڑھی اور ہررکعت میں بیس ہزاربرس تک کھڑے رہے،جب جبرائیل علیہ السلام  نماز سے فارغ ہوئے تو اللہ تعالی نے فرمایا: اے جبرائیل! جس طرح تونے میری عبادت کی ہے اس طرح کسی اور نے نہیں کی، لیکن زمانے کے آخرمیں حضور نبی کریمﷺکی امت آئے گی پس جوگنہگار اور ضعیف ہوگی اور دورکعت نمازنفل گناہوں اور خطاؤں کےساتھ اداکرے گی ،پس میری بزرگی اور عزت کی قسم! ان کی نماز تیری نماز سے بہتر ہے کیونکہ ان کی نماز میرےحکم کی وجہ سے ہے اور تیری نماز میرے حکم کے بناء پرنہیں ہے۔

پھر جبرائیل نے عرض کیا: یااللہ ! ان کو اس عبادت کا بدلہ کیادے گا ؟ تواللہ تعالی نے فرمایا کہ ان کورہنےکے لئےجنت عطاکروں گا ،تو جبرائیل امین علیہ السلام  نے جنت دیکھنے کی اجازت طلب کی تو جبرائل امین علیہ السلام  کو جنت دیکھنے کی اجازت مل گئی توجبرائیل علیہ السلام  نےاپنے پروں کو کھولا اور پرواز کرنا شروع کردی توپروں کے کھولنے کےساتھ تین ہزارسال کا فاصلہ طے کرتے تھےاور جب پروں کو بند کرتےتھے تواتناہی فاصلہ طےکرتے تھے ،پھر جبرائیل امین علیہ السلام تین سوسال تک اڑتے رہے پھر عاجز ہو کرایک درخت کے سائے کے نیچے اترے اور اللہ تعالی کے حضور سجدہ کیا ،سجدہ کے اندراللہ تعالی سے کہا کہ میں جنت کے آدھےراستے تک یا تیسرے حصے تک یا چوتھے حصے تک پہنچاہوں؟ توپس اللہ تعالیٰ نے حضرت جبرائیل علیہ السلام کو کہاکہ اے جبرائیل!اگر میں تجھ کو اتنی طاقت اور دے دوں اور تو پھر اڑے اور تین سو برس تک اڑتا رہے تو، تُو اُس کے دسویں حصے تک بھی نہیں پہنچ سکے گا جو  میں نے امتِ مصطفی ﷺ کو دورکعت نماز کے بدلے میں عطاکیا ہے[2]۔

تلاش بسیار کے باوجودیہ روایت سند اًتاحال ہمیں کہیں نہیں مل سکی، اورجب تک اس کی کوئی معتبر سند نہ ملے اسے آپ ﷺ کے انتساب سے بیان کرنا موقوف رکھا جائے ،کیونکہ آپﷺ کی جانب صرف ایساکلام وواقعہ ہی منسوب کیا جاسکتا ہے جومعتبر سند سے ثابت ہو،واللہ اعلم۔

حوالہ جات

[1] درة الناصحین:۱/۶۰،طابع:محمدعبدالأحد،مطبع مجتبائی ـ دهلی،الطبعة۱۳۲۰هـ .

[2] قرة الواعظین: ص:۵۷،مترجم:محمدعبدالأحد،ممتازأکادمی ـ لاهور،الطبعة۲۰۰۴ء.