غیر معتبر روایات کا فنی جائزہ (حصہ ہشتم)

روایت:بد نظری کی وجہ سے اللہ تعالی کے دیدار سے محروم ہونا ۔

تحقیق و نظرِ ثانی: مفتی طارق امیر خان صاحب

تحقیق کی تفصیل

زیر بحث روایت حافظ ابن جزری رحمہ اللہ نے ’’الزهر الفائح‘‘[1] میں بلا سند ان الفاظ سے ذکر کی ہے:

’’وقيل: إن حسان بن ثابت رضي الله عنه خرج يوم عيد، فصلى ثم عاد إلى زوجته، فقالت له: يا حسان! كم رأيت من وجه مليح؟ فقال: والله! ما رفعت طرفي ولا علمت ما كان من الناس، ولقد سمعت رسول الله صلى الله عليه وسلم يقول: من نظر إلى ما لا يحل له حرم الله عليه النظر إلى وجهه، وألقاه في النار‘‘.

اور کہا گیا ہے کہ حسان بن ثابت رضی اللہ عنہ  عید کے دن باہر تشریف لائے، عید کی نماز پڑھ کر اپنی اہلیہ کے پاس آئے، اہلیہ نے کہا: اے حسان! آپ نے کتنے ملیح چہرے والوں کو دیکھا ہے؟ حسان رضی اللہ عنہ  نے کہا: اللہ کی قسم! میں نے اپنی آنکھوں کو اوپر کی طرف نہیں اٹھایا، اور مجھے لوگوں کا علم ہی نہیں ہوتا، اور میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا ہے: جس شخص  نے ایسی چیز کی طرف دیکھا کہ جس کا دیکھنا حلال نہیں تھا تو اللہ تعالی اس شخص پر اپنے دیدار کو حرام کردیں گے، اور اسے جہنم میں ڈال دیں گے۔

تلاش بسیار کے باوجودیہ روایت سند اًتاحال ہمیں کہیں نہیں مل سکی، اور جب تک اس کی کوئی معتبر سند نہ ملے اسے آپ ﷺ کے انتساب سے بیان کرنا موقوف رکھا جائے،کیونکہ آپﷺ کی جانب صرف ایساکلام اور واقعہ ہی منسوب کیا جاسکتا ہے جومعتبر سند سے ثابت ہو،واللہ اعلم ۔

حوالہ جات

[1] الزهر الفائح في ذكر من تنزه عن الذنوب والقبائح:ص:31،ت:محمد عبد القادر عطا،دار الكتب العلمية ـ بيروت،الطبعة الأولى1406هـ .