غیر معتبر روایات کا فنی جائزہ (حصہ سوم)

روایت : ’’نبی اکرم ﷺ نے فرمایا :جوبالغہ عورت پردہ نہ کرے تواس کی نماز نہیں ہوتی‘‘۔

تحقیق و نظرِ ثانی: مفتی طارق امیر خان صاحب

تحقیق کی تفصیل

تلاش بسیار کے باوجودیہ روایت سند اًتاحال ہمیں کہیں نہیں مل سکی، اورجب تک اس کی کوئی معتبر سند نہ ملے اسے آپ ﷺ کے انتساب سے بیان کرنا درست نہیں ہے،کیونکہ آپﷺ کی جانب صرف ایساکلام وواقعہ ہی منسوب کیا جاسکتا ہے جومعتبر سند سے ثابت ہو،واللہ اعلم ۔

فائدہ:  مذکورہ روایت کے ہم معنی ایک دوسری روایت ذخیرۂ احادیث میں ملتی ہے جسے امام ابن ماجہ رحمہ اللہ  نےاپنی’’سنن ‘‘ میں نقل کیا ہے، اسے بیان کرنے میں حرج نہیں ہے،ملاحظہ ہو:

روایت: ’’حدثنا محمد بن يحيى، حدثنا أبو الوليد وأبو النعمان، قالا :حدثنا حماد بن سلمة، عن قتادة، عن محمد بن سيرين، عن صفية بنت الحارث، عن عائشة، عن النبي صلى الله عليه و سلم قال: لا يقبل الله صلاة حائض[1] إلا بخمار‘‘[2].

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا  سے منقول ہے کہ آپ ﷺ نے فرمایا : بالغہ عورت کی نماز اللہ تعالی بغیر اوڑھنی کے قبول نہیں فرماتا۔

حوالہ جات

[1] والمراد بالحائض من بلغت سن الحيض فإنها لا تقبل صلاتها إلا بالسترة، ولا تصح ولا تقبل مع انكشاف العورة، کذا فی عمدة القاری:۲/۳۷۱.

[2]  سنن ابن ماجه:ص:۲۱۴،رقم:۶۵۵ ،ت:محمد فؤاد عبدالباقی،دارإحیاء الکتب العربیة ـ مصر، الطبعة ۱۳۷۲هـ .