حضرت مولانا محمد یونس جونپوری صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا من گھڑت روایات پر تعاقب

روایت: ’’نکاح میری سنت میں سے ہے، جس نے میری سنت سے اعراض کیا، وہ مجھ سے نہیں ہے‘‘، یہ الفاظ مجموعی طور پر کہیں نہیں ہیں، بلکہ دو حدیثوں سے مرکب ہیں۔

تحقیق و نظرِ ثانی: مفتی طارق امیر خان صاحب

تحقیق کی تفصیل

’’سوال: کیا ×النكاح من سنتي فمن رغب...÷. [نکاح میری سنت میں سے ہے، جس نے میری سنت سے اعراض کیا، وہ مجھ سے نہیں ہے]پوری ایک حدیث ہے؟

جواب: حدیث: ×النكاح من سنتي فمن رغب عن سنتي فليس مني÷. [نکاح میری سنت میں سے ہے، جس نے میری سنت سے اعراض کیا، وہ مجھ سے نہیں ہے] زبان زد خواص بلکہ عوام ہے، اور بعض فقہاء جیسے ابو القاسم الرافعی صاحبِ ’’فتح العزیز‘‘ نے اسی طرح نقل کی ہے، لیکن ان الفاظ سے کتب حدیث میں موجود نہیں۔ بلکہ ابن ماجہ رحمہ اللہ (ص :۵۶۷/۱)نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا  سے نقل کیا ہے :

×قال النبي صلى الله عليه وسلم: النكاح من سنتي فمن لم يعمل بسنتي فليس مني الحديث، وفي إسناده عيسى بن ميمون وهو ضعيف÷. [نکاح میری سنت میں سے ہے، جس نے میری سنت سے اعراض کیا، وہ مجھ سے نہیں ہے،اور اس کی سند میں عیسی بن میمون ضعیف راوی ہے]

صحیحین میں حضرت انس رضی اللہ عنہ کی ایک حدیث میں: ×لكني أصوم وأفطر وأصلي وأنام، وأتزوج، فمن رغب عن سنتي فليس مني÷. [لیکن میں روزہ بھی رکھتا ہوں افطار بھی کرتا ہوں، نماز بھی پڑھتا ہوں، آرام بھی کرتا ہوں، اور نکاح بھی کرتا ہوں، سو جس نے میری سنت سے اعراض کیا وہ مجھ سے نہیں ہے]وارد ہوا ہے۔

 اس لئے یہ کہنا صحیح ہے کہ لفظ مشہور مجموعی طور پر کہیں نہیں ہے، بلکہ دو حدیثوں سے مرکب ہے، جزء اول ’’ابن ماجہ‘‘ کی حدیث کا ٹکڑا ہے اور جزء ثانی ’’صحیحین‘‘ کی حدیث کا‘‘[1]۔

حوالہ جات

[1] الیواقیت الغالیۃ : کیا النکاح من سنتی فمن رغب...پوری ایک حدیث ہے ؟ ۲/۴۷۸۔