غیر معتبر روایات کا فنی جائزہ (حصہ دوم)

پانچ نمازوں کوچھوڑنے پرپانچ نقصانات

تحقیق و نظرِ ثانی: مفتی طارق امیر خان صاحب

تحقیق کی تفصیل

’’نبی اکرم ﷺنے فرمایا:جو شخص فجر کی نماز نہ پڑھے اس کے رزق میں برکت نہ ہوگی،جو شخص ظہر کی نماز ترک کردے اس کےقلب میں نور نہ ہوگا، جوشخص عصر چھوڑ دے گا اس کے اعضا ء کی قوت جاتی رہے گی، جوشخص مغرب کی نماز میں غفلت کرےگا اس کے کھانے میں لذت نہ ہو گی، جوشخص عشاء ادا نہیں کرے گا دنیا وآخرت میں اسے ایمان نصیب نہ ہوگا ‘‘۔

علامہ محمد جعفر قریشی رحمہ اللہ  نے ’’تذکرة الواعظین‘‘ میں مذکورہ روایت بلاسند اس طرح نقل کی ہے:

’’عن أبي هریرة رضی اللہ عنہ عن النبی ا أنه قال: من لم یصل صلوة الفجر لم یکن في رزقه برکة، ومن لم یصل صلوة الظهر لم یکن في قلبه نور، ومن لم یصل صلوة العصر لم یکن في أعضائه قوة، ومن لم یصل صلوة المغرب لم یکن في طعامه لذة، ومن لم یصل صلوة العشاء لم یکن مؤمنا في الدنیا والاخرة ‘‘[1].

ترجمہ:  حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ  سے مروی ہے کہ آپﷺنے فرمایا:جو شخص فجر کی نماز نہ پڑھے اس کے رزق میں برکت نہ ہوگی،جو شخص ظہر کی نماز ترک کردے اس کےقلب میں نور نہ ہوگا، جوشخص عصر چھوڑ دے گا اس کے اعضا ء کی قوت جاتی رہے گی، جوشخص مغرب کی نماز نہ پڑھے اس کے کھانے میں لذت نہ ہو گی، جوشخص عشاء ادا نہیں کرے گا دنیا وآخرت میں اسے ایمان نصیب نہ ہوگا۔

تلاش بسیار کے باوجودیہ روایت اس خاص طرزواسلوب کے ساتھ سنداً تاحال ہمیں کہیں نہیں مل سکی،اورجب تک اس کی کوئی معتبر سند نہ ملے اسے آپ ﷺ کے انتساب سے بیان کرنا موقوف رکھا جائے،کیونکہ آپﷺ کی جانب صرف ایساکلام وواقعہ ہی منسوب کیا جاسکتا ہے جومعتبر سند سے ثابت ہو،واللہ اعلم۔

حوالہ جات

[1]  تذکرة الواعظین:ص: ۱۰، مطبع محمدی بمبی– الهند، ط: ۱۳۷۰ هـ .