غیر معتبر روایات کا فنی جائزہ (حصہ دوم)

پانچ نمازوں پر پانچ انعام

تحقیق و نظرِ ثانی: مفتی طارق امیر خان صاحب

تحقیق کی تفصیل

’ آپ ﷺ نے فرمایا: جوپانچ وقت کی نمازوں کا اہتمام کرے گا اللہ تعالی اسے پانچ انعامات سے نوازیں گے: 1رزق کی تنگی اس سے دور کردی جائے گی، (2) عذابِ قبر اس سے دور کردیا جائے گا، (3) اعمال نامہ دائیں ہاتھ میں ملے گا، (4) پل صراط پر بجلی کی طرح گزرجائے گا، (5) بغیر حساب کتا ب کے جنت میں داخل ہوگا‘‘۔

مذکورہ روایت کو علامہ ابن حجرمکی رحمہ اللہ  نے ’’الزواجرعن اقتراف الکبائر‘‘[1]میں بلاسند اس طرح ذکر کیاہے:

’’قال بعضهم: وورد في الحديث: أن من حافظ على الصلاة أكرمه الله بخمس خصال: يرفع عنه ضيق العيش و عذاب القبر و يعطيه الله كتابه بيمينه و يمر على الصراط كالبرق و يدخل الجنة بغير حساب .....‘‘ .

ترجمہ:  بعض حضرات کا کہناہے: ’’حدیث میں آیا ہے کہ جوشخص نماز کی پابندی کرے گا اسے اللہ پانچ انعام عطاء کرےگا: رزق کی تنگی اس سے دورکردی جائے گی،عذاب قبر اس سے ہٹادیا جائے گا،اعمال نامہ دائیں ہاتھ میں ملے گا، وہ پل صراط پر بجلی کی طرح گزر جائے گا، اور جنت میں بغیر حساب کتا ب کے داخل ہوگا ...‘‘۔

مذکورہ روایت کو فقیہ ابولیث سمرقندی رحمہ اللہ  نے ’’تنبیه الغافلین‘‘[2] میں اسی طرح بغیر سندکے ذکر کیا ہے۔

تلاش بسیار کے باوجودیہ روایت سند اًتاحال ہمیں کہیں نہیں مل سکی،اورجب تک اس کی کوئی معتبر سند نہ ملے اسے آپ ﷺ کے انتساب سے بیان کرنا موقوف رکھا جائے،کیونکہ آپﷺ کی جانب صرف ایساکلام وواقعہ ہی منسوب کیا جاسکتا ہے جومعتبر سند سے ثابت ہو،واللہ اعلم۔

فقیہ ابولیث سمرقندی رحمہ اللہ  اور علامہ ابن حجرمکی رحمہ اللہ  نے مذکورہ روایت (پانچ نماز پڑھنے پر پانچ انعام)سے متصل تارک صلاۃ پر پندرہ عذاب والے مضمون کوبھی ذکر کیا ہے،اس روایت (تارک صلاۃ پر پندرہ عذاب)کوحافظ ذہبی رحمہ اللہ ، حافظ ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ  اور حافظ سیوطی رحمہ اللہ  نے باطل وموضوع کہا ہے، فقیہ ابولیث سمرقندی رحمہ اللہ  اور علامہ ابن حجرمکی رحمہ اللہ   کا مذکورہ روایت کے ساتھ ساتھ اس پندرہ عذاب والے مضمون کو نقل کرنےسے یہ استیناس ہوتا ہےکہ حافظ ذہبی رحمہ اللہ ، حافظ ابن حجر رحمہ اللہ  وسیوطی رحمہ اللہ   کا کلام مذکورہ روایت (پانچ نماز پڑھنے پر پانچ انعام)کو بھی شامل ہو،واللہ اعلم۔

مذکورہ روایت کے ہم معنی ایک موضوع روایت حافظ سیوطی رحمہ اللہ  نے ’’ذیل اللآليء المصنوعة‘‘[3] میں حافظ دیلمی رحمہ اللہ  کے حوالے نقل فرمائی ہے، ملاحظہ ہو:

’’الدیلمی،أنبانا أبی، أنبانا إبراهیم بن الحسن بن نصر، حدثنا الولید، حدثنا عبدالله بن علی بن محمد، حدثنا أبوعصمة محمد بن أحمد، حدثنا علی بن أحمد الأنصاری الجرجانی، أنبانا أبویاسر الأسْتَراباذِی، حدثنا یزید بن هارون، عن حمید عن أنس رفعه: من صلى صلاة الفجر في جماعة ولا يؤخرها، استوجب من الله عز وجل أربعة أشياء: أولها: رزقا من الحلال، وثانيها: ينجو من عذاب القبر، وثالثها: يعطى كتابه بيمينه، والرابع: يمر على الصراط كالبرق الخاطف‘‘.

 حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ  آپ ﷺ سے نقل فرماتے ہیں کہ جس شخص نے فجر کی نماز جماعت کے ساتھ پڑھی اور اسے مؤخر نہیں کیا،اللہ تعالیٰ اسے چار چیزوں سے نوازیں گے،پہلا: اس کو رزق ِ حلال عطاء ہوگا، دوسرا:وہ عذاب قبر سے محفوظ ہوگا،تیسرا: اسے دائیں ہاتھ میں اعمال نامہ دیا جائے گا، چوتھا: پل صراط سے بجلی کی سی تیزی سے گزر جائے گا۔

حافظ ابن عراق رحمہ اللہ  ’’تنزيه الشريعة‘‘[4]کی فصل ثالث میں اس روایت کو لکھنے کے بعد فرماتے ہیں:

’’(قلت): لم يبين علته وفي سنده جماعة لم أعرفهم، والله أعلم‘‘.میں کہتا ہوں: [حافظ سیوطی رحمہ اللہ  نے ]اس روایت کی علت بیان نہیں کی،اور اس کی سند میں ایک جماعت ایسی ہے جسے میں نہیں جانتا،واللہ اعلم۔

نوٹ:  واضح رہے کہ روایتِ ہذا کی تحقیق اس خاص حیثیت سے پیش کی گئی ہے کہ پانچ نمازوں کی پابندی پر یہ پانچ انعامات اس ترتیب سے مرفوعاً بیان کیے جاتے ہیں،نیز اس کا حکم آپ مشاہدہ فرچکے ہیں،البتہ کسی روایت میں ان فضائل میں کسی فضیلت کا مستقل بیان کسی معتبر روایت میں ہو سکتا ہے،جو ہماری اس خاص روایت کی تحقیق کے منافی نہیں۔

حوالہ جات

[1]  الزواجر:۱/ ۲۵۵، ت: محمد محمودعبدالعزیز وغيره، دارالحدیث- قاهرة، ط:۱۴۲۵ هـ .

[2]  تنبیه الغافلین: ص: ۲۱۲، ت: السید العربی، مکتبة الإیمان- مصر،ط:۱۴۱۵ هـ .

[3]  ذیل اللآلىء المصنوعة:ص:۲۷۹،رقم:۴۸۴،ت:زیاد النقشبندی،دار ابن حزم – بيروت،ط۱۴۳۲ هـ..

[4]  تنزيه الشريعة: کتاب الصلاة، الفصل الثالث، ۲/ ۱۱۹، رقم: ۱۱۸،ت: عبد الله محمد الصديق الغماري، دار الكتب العلمية  –  بيروت، ط: ۱۴۰۱ هـ .