غیر معتبر روایات کا فنی جائزہ (تیرہواں حصہ)

روایت: ’’قیامت کے دن جب اس امت کے اعمال کا وزن کیا جائےگا تو ان کی نماز کی ایک رکعت دوسری امتوں کی نماز کی ہزار رکعات سے بڑھ جائے گی، سو لوگ اس پر تعجب کریں گے، پھر ان سے کہا جائےگا: یہ لوگ اپنی نماز میں ’’بسم اللہ الرحمن الرحیم‘‘پڑھتے تھے‘‘۔

تحقیق و نظرِ ثانی: مفتی طارق امیر خان صاحب

تحقیق کی تفصیل

علامہ عبد الرحمن صفوری رحمہ اللہ نے ’’نزهة المجالس‘‘[1] میں یہ روایت بلاسند ان الفاظ سے ذکر کی ہے:

’’إذا كان يوم القيامة وزنت أعمال هذه الأمة تتزايد ركعة من صلاتهم على ألف ركعة من صلاة غيرهم، فيتعجبون من ذلك، فيقال لهم: كانوا يقولون في صلاتهم: بسم الله الرحمن الرحيم‘‘.

 قیامت کے دن جب اس امت کے اعمال کا وزن کیا جائےگا تو ان کی نماز کی ایک رکعت دوسری امتوں کی نماز کی ہزار رکعات سے بڑھ جائے گی، سو لوگ اس پر تعجب کریں گے، پھر ان سے کہا جائےگا: یہ لوگ اپنی نماز میں ’’بسم اللہ الرحمن الرحیم‘‘پڑھتے تھے۔

تلاش بسیار کے باوجود یہ روایت سنداً نہیں مل سکی، اور ایسی خبر صرف آپ ﷺ کے ارشاد ہی سے معلوم ہوسکتی ہے، اس لئے جب تک اس کی کوئی معتبر سند نہ ملے اسے بیان کرنا موقوف رکھا جائے، واللہ اعلم۔

حوالہ جات

[1] نزهة المجالس ومنتخب النفائس:۱/۳۶،المكتبة العصرية ـ بيروت،الطبعة1438هـ .