غیر معتبر روایات کا فنی جائزہ (گیارہواں حصہ)

روایت: ’’آپ ﷺ نے فرمایا: رجب کے پہلے دن کا روزہ تین سال کا کفارہ ہے، دوسرے دن کا روزہ دو سال کا کفارہ ہے، تیسرے دن کا روزہ ایک سال کا کفارہ ہے، پھر ہر دن کا روزہ ایک ماہ کا کفارہ ہے‘‘۔

تحقیق و نظرِ ثانی: مفتی طارق امیر خان صاحب

حکم: علامہ مناوی رحمہ اللہ نے اس حدیث کو ’’شدید ضعیف‘‘اور اس کی اسناد کو ’’ساقط‘‘ کہا ہے، علامہ شوکا نی رحمہ اللہ نے اسے ’’باطل‘‘احادیث میں شمار کیا ہے، اور تلاش بسیار کے باوجود سند میں موجود راوی ابو بکر صیدلانی، ابو جعفر محمد بن ابی سلیم مقری اور ابو عبد اللہ عُقَیلْانی کے تراجم ہمیں کتب رجال میں نہیں مل سکے، اور محمد بن بشر کی بھی تعیین نہیں ہوسکی، نیز ائمہ حدیث کی ایک جماعت نے قطع نظر کسی خاص سند کے خصوصیت کے ساتھ رجب کے روزوں کی فضیلت سے متعلق حدیث کو ’’من گھڑت‘‘، ’’غیر ثابت‘‘ اور ’’غیر صحیح‘‘ کہا ہے، الحاصل ان تمام امور کے مطابق اس روایت کو آپ ﷺ کے انتساب سے بیان کرنا درست نہیں ہے، واللہ اعلم۔

تحقیق کی تفصیل

روایت پر ائمہ کا کلام

حافظ محمد بن احمد بن عبد الہادی مقدسی رحمہ اللہ قطع نظر خاص زیر بحث روایت کے’’رسالة لطيفة‘‘[6] میں فرماتے ہیں:

’’وكذلك الأحاديث المروية في فضل شهر رجب بخصوصه، أو فضل صيامه، أو صيام شيء منه، أو فضل صلاة مخصوصة فيه كالرغائب، كلها كذب، مختلق‘‘.

اور اسی طرح وہ احادیث جو خصوصیت کے ساتھ رجب کے مہینہ کی فضیلت کے بارے میں روایت کی گئی ہیں، یا اس کے روزوں کی فضیلت کے بارے میں، یا اس میں کسی چیز کے روزے کے بارے میں، یا اس میں مخصوص نماز کی فضیلت کے بارے میں جیسا کہ رغائب، یہ تمام جھوٹی، بنائی گئی ہیں۔

علامہ مناوی رحمہ اللہ زیر بحث روایت کے بارے میں فرماتے ہیں: ’’یہ حدیث شدید ضعیف ہے‘‘، ’’اور اس کی اسناد ساقط ہے‘‘، علامہ شوکانی رحمہ اللہ زیر بحث روایت اور رجب کے روزوں سے متعلق زیر بحث اور چند دیگر روایات ذکر کرنے کے بعد فرماتے ہیں: ’’یہ وہ تمام احادیث ہیں جو رجب کے روزوں کے متعلق وارد ہوئی ہیں، اور یہ تمام باطل ہیں، ان کی کوئی اصل نہیں ہے، اور ہم ان میں سے اکثر ’’فوائد مجموعہ فی الاحادیث الموضوعہ‘‘میں ذکر کرچکے ہیں، اور ابن سبکی رحمہ اللہ نے محمد بن نصر سمعانی رحمہ اللہ سے نقل کیا ہے، وہ فرماتے ہیں: رجب کے مہینہ کے روزے کے بارے میں خصوصی طور پر کوئی ثابت سنت وارد نہیں ہوئی، اور جو احادیث اس بارے میں روایت کی گئی ہیں وہ واہی ہیں، کوئی عالم ان پر خوش نہ ہو، انتہی‘‘۔

قطع نظر خاص زیر بحث روایت کے حافظ ابن تیمیہ رحمہ اللہ   فرماتے ہیں: ’’خصوصیت کے ساتھ رجب کے روزے رکھنا، اس کی تمام احادیث ضعیف ہیں، بلکہ من گھڑت ہیں، اہل علم ان میں سے کسی چیز پر اعتماد نہیں کرتے، اور یہ احادیث ایسی ضعیف بھی نہیں ہیں جن کو فضائل میں بیان کیا جاسکتا ہو، بلکہ اکثر روایات من گھڑت، جھوٹی ہیں‘‘۔

قطع نظر خاص زیر بحث روایت کے حافظ ابن عبد الہادی رحمہ اللہ   فرماتے ہیں: ’’اور اسی طرح وہ احادیث جو خصوصیت کے ساتھ رجب کے مہینہ کی فضیلت کے بارے میں روایت کی گئی ہیں، یا اس کے روزوں کی فضیلت کے بارے میں، یا اس میں کسی چیز کے روزے کے بارے میں، یا اس میں مخصوص نماز کے فضیلت کے بارے میں جیسا کہ رغائب، یہ تمام جھوٹی، بنائی گئی ہیں‘‘۔

قطع نظر خاص زیر بحث روایت کے حافظ ابن رجب حنبلی رحمہ اللہ   فرماتے ہیں: ’’رجب کے روزہ کی فضیلت کے بارے میں اس کی خصوصیت کے ساتھ کوئی چیز نبی ﷺ سے صحیح نہیں ہے، اور نہ آپ ﷺ کے صحابہ رضی اللہ عنہم سے‘‘،علامہ فیروزآبادی رحمہ اللہ   فرماتے ہیں: ’’رجب کے روزے کے  بارے میں کوئی چیز ثابت نہیں ہے، بلکہ اس کی کراہت وارد ہوئی ہے‘‘۔

نیز تلاش بسیار کے باوجود سند میں موجود راوی ابو بکر صیدلانی، ابو جعفر محمد بن ابی سلیم مقری اور ابو عبد اللہ عُقَیلْانی کے تراجم ہمیں کتب رجال میں نہیں مل سکے، نیز محمد بن بشر کی بھی تعیین نہیں ہوسکی۔

الحاصل ان تمام امور کے مطابق اس روایت کو آپ ﷺ کے انتساب سے بیان کرنا درست نہیں ہے، واللہ اعلم۔

حوالہ جات

[1] فضائل شهر رجب:ص:64،رقم:10،ت:أبو يوسف عبد الرحمن بن يوسف بن عبد الرحمن آل محمد، دار ابن حزم ـ بيروت،الطبعة الأولى1416هـ .

[2] حافظ خطیب بغدادی رحمہ اللہ ’’تاریخ بغداد‘‘ میں لکھتے ہیں: ’’محمد بن عبد الله أبو بكر الآبنوسي الطلاء: حدث عن محمد بن الحسن بن بدينا، روى عنه عبد الله بن أحمد بن عبد الله التمار، وذكر أنه سمع منه في جامع الرصافة‘‘. (تاريخ بغداد:3/473،رقم:1000،ت:بشار عواد معروف،دار الغرب الإسلامي ـ بیرت،الطبعة الأولى۱۴۲۲هـ) .

[3] الأمالي1/60،رقم:25،مخطوط من الشاملة .

[4] علامہ مرتضی زبیدی رحمہ اللہ کی عبارت ملاحظہ ہے: ’’أخبرنا عبد الخالق بن أبي بكر، أخبرنا يحيى بن يحيى، أخبرنا الحافظ السخاوي، أخبرتنا أم هانىء بنت علي بن عبد الرحمن الهُوْرِيْنِيَّة، سماعا عليها في منزلها، أخبرنا الفقيه عبد الله بن محمد النشاري، أخبرنا إبراهيم بن محمد الطبري، أخبرنا أبو المظفر محمد، أخبرنا أبو البركات عبد الله بن الحسن، أخبرنا أبو منصور سعيد بن محمد بن عمر الرَزَّاز، أخبرنا أبو محمد عبد المحسن بن محمد بن علي البغدادي، أخبرنا أبو محمد الحسن بن محمد الخلال، حدثنا عبد الله بن محمد التمار، حدثنا محمد بن عبد الله الأبنوسي، حدثنا أبو بكر الصيدلاني، حدثنا أبو جعفر محمد بن أبي سليم المقرىء، حدثنا محمد بن بشر، عن حمران بن أبان مولى عثمان، عن عكرمة، عن ابن عباس رضي الله عنهما، عن النبي صلى الله عليه وسلم، قال: صوم أول يوم من رجب كفارة ثلاث سنين، والثاني كفارة سنتين، والثالث كفارة سنة، ثم كل يوم شهرا‘‘. (الأمالي1/60،رقم:25،مخطوط من الشاملة) .

[5] مجموع فتاوى:25/290،ت:عبد الرحمن بن محمد بن قاسم،مجمع الملك فهد ـ المدينة المنورة، الطبعة1425هـ .

[6] رسالة لطيفة في أحاديث متفرقة ضعيفة:ص:59،ت:محمد عيد العباسي،دار الثقافة للجميع ـ بيروت، الطبعة الأولى1400هـ .

[7] لطائف المعارف فيما لمواسم العام من الوظائف:ص:228،ت:ياسين محمد السواس،دار ابن كثير ـ دمشق،الطبعة الخامسة1420هـ .

[8] رسالة في بيان ما لم يثبت فيه حديث من الأبواب:ص:31،ت:أبو عبد الرحمن يحيي بن علي الحجوري، دار الكتاب والسنة ـ القاهرة.

[9] فيض القدير:4/210،رقم:5051 ،دار المعرفة ـ بيروت،الطبعة الثانية1391هـ .

[10] التيسير بشرح الجامع الصغير:2/95،مكتبة الإمام الشافعي ـ الرياض .

[11] الفتح الرباني من فتاوى الإمام الشوكاني:3/3212،ت:أبو مصعب محمد صبيحي بن حسن حلاق، مكتبة الجيل الجديد ـ اليمن .