غیر معتبر روایات کا فنی جائزہ (حصہ سوم)

درود پڑھنے پر اللہ تعالی ستر ہزار پَروں والا ایک پرند ہ پیدا کریں گے جس کی تسبیح کا اجر درود پڑھنے والے کوملے گا

تحقیق و نظرِ ثانی: مفتی طارق امیر خان صاحب

حکم: علامہ قاؤقجی رحمہ اللہ کی تصریح کے مطابق حافظ عراقی رحمہ اللہ نے اس کےمن گھڑت ہونے کی جانب اشارہ کیا ہے۔

تحقیق کی تفصیل

علامہ ابو عبد اللہ محمد بن سلیمان جُزُوْلِی رحمہ اللہ  ( ۸۰۷ ھ/۸۷۰ھ) ’’دلائل الخیرات‘‘ [1] میں زیرِبحث روایت کو بلاسند نقل فرماتے ہیں:

      ’’ما من عبد صلى عليّ إلا خرجت الصلاة مسرعة مِنْ فِيْهِ، فلا يبقى بر ولا بحر ولا شرق ولا غرب إلا وتمر به، وتقول: أنا صلاة فلان ابن فلان ! صلى على محمد المختار خير من خلق الله، فلا يبقى شيء إلا وصلى عليه، ويُخْلَق من تلك الصلاة طائر له سبعون ألف جناح، في كل جناح سبعون ألف ريشة، في كل ريشة سبعون ألف وجه، في كل وجه سبعون ألف فم، في كل فم سبعون ألف لسان، كل لسان يسبح الله بسبعين ألف لغة، ويكتب له ثواب ذلك كله‘‘.

نبی اکرمﷺ نے فرمایا: جوشخص مجھ پر درود بھیجے وہ درود اس کے منہ سے تیزی سے نکلتا ہے،اوربرو بحر، مشرق ومغرب میں کوئی جگہ ایسی نہیں ہوتی جہاں سے وہ نہ گزرے،اور یہ درود کہتا ہے کہ میں فلاں کے بیتے!فلاں کا درود ہوں، جس نے محمد مختار،خیر الخلائق پر درود پڑھا ہے،ہر شئی اس کے لئے دعائے رحمت کرتی ہے،اور اس درودسے ایک پرند ہ پیدا کیا جاتا ہے،اس کے ستر(۷۰) ہزاربازو ہوں گے،ہربازو میں سترہزار پَرہوں گے،اور ہرپر میں سترہزار چہرے ہوں گے،ہرچہرے میں ستر ہزار منہ ہوں گے،ہرمنہ میں ستر ہزار زبانیں ہوں گی،ہر زبان ستر ہزار لغات میں اللہ کی تسبیح بیان کرے گی،ان تمام کا اجر اس درود پڑھنے والے کے لئے لکھا جائے گا۔

آپ حضرات ملاحظہ کرچکے ہیں کہ علامہ قاؤقجی رحمہ اللہ  کی تصریح کے مطابق حافظ عراقی رحمہ اللہ  نے زیربحث روایت کے ’’من گھڑت ‘‘ ہونے کی جانب اشارہ کیا ہے،اور علامہ فَاسِی رحمہ اللہ  نے کہا ہے کہ’’مجھے یہ روایت نہیں مل سکی‘‘،چنانچہ اس روایت کو آپﷺ کے انتساب سے بیان کرنا درست نہیں ہے۔

حوالہ جات

[1] دلائل الخیرات:ص:۱۷،تجارة النبویة بالدرب الأحمر ـ مصر،الطبعة۱۳۳۳ هـ .

[2]  مطالع المسرات: ص:۴۶،مطبعة وادی النیل ـ مصر،الطبعة۱۳۸۹هـ .

[3]  اللؤلؤ المرصوع:ص:۱۶۳،رقم:۴۸۵،ت:فوازأحمدزمرلي،دارالبشائرالإسلامية ـ بيروت،الطبعة۱۴۱۵هـ .