نماز کی جانب جاتے ہوئے ایک بوڑھے شخص کے احترام میںحضرت علی رضی اللہ عنہ کاان سے آگے نہ چلنا ،اور اس پر ان کا اعزاز
حکم:من گھڑت
تحقیق کی تفصیل
مذکورہ روایت کو علامہ عبدالرحمن صفوری شافعی رحمہ اللہ (المتوفی: ۸۹۴ھ) نے ’’ نزهة المجالس‘‘[1] میں بلاسند اس طرح ذکر کیا ہے: ’’خرج علي بن أبي طالب للصلاة، فوجد شيخا يمشي أمامه، فمشى خلفه ولم يتقدم عليه إكراما لشيبته واحتراما له، فلما ركع النبي صلى الله عليه وسلم وضع جبريل عليه السلام جناحه على ظهره، فكلما أراد أن يرفع منعه جبريل حتى أدركه علي‘‘.
ایک بار حضرت علی رضی اللہ عنہ نماز کے لئے نکلے دیکھا کہ ایک بوڑھا شخص آگے آگے جارہا ہے، آپ رضی اللہ عنہ اس کے پیچھے پیچھے چلنےلگے،اوراس کے بڑھاپے کی تعظیم اور تکریم کے خیال سےآپ رضی اللہ عنہ اس سے آگے نہیں بڑھے ،جب نبی اکرمﷺ رکوع میں گئے تو جبرائیل علیہ السلام نے آپ ﷺ کی پشت پر اپنا پَررکھ دیا ،آپﷺ جب اٹھنے کا ارادہ کرتےتو جبرائیل علیہ السلام روک دیتے یہاں تک کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ آکرنمازمیں شریک ہوگئے ۔
علامہ عبدالرحمن صفوری شافعی رحمہ اللہ مذکورہ حکایت کو نقل کرنے کے بعد فرماتے ہیں : ’’لكنه حديث موضوع‘‘[2]. یہ حدیث من گھڑت ہے۔
آپ ملاحظہ فرماچکے ہیں کہ علامہ عبدالرحمن صفوری رحمہ اللہ نےمذکورہ روایت کو صراحتاً ’’من گھڑت‘‘ کہا ہے ،چنانچہ اس روایت کو آ پﷺ کے انتساب سے بیان کرنا درست نہیں ہے۔