روایت: حضرت سلمان رضی اللہ عنہ کو آپ ﷺ کا ترتیب وار چالیس احادیث بیان کرنا ،اور انہیں یاد کرنے پرانبیاء و علماء کے ساتھ حشر کی فضیلت۔
حکم: حافظ ذہبی رحمہ اللہ نے اسے جھوٹ قرار دیا ہے،حافظ ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ نے بھی بلا تعاقب حافظ ذہبی رحمہ اللہ کےاس قول کو برقرار رکھا ہے۔
تحقیق کی تفصیل
اس روایت کے دو طریق ہیں: 1 ابو الخیر ابن رِفاعہ کا طریق 2 سعد بن سعید جرجانی کا طریق۔
(ا) ابو الخیر ابن رِفاعہ کا طریق
حافظ ذہبی رحمہ اللہ ’’میزان الاعتدال‘‘[1] میں ابوالقاسم زید بن عبداللہ بن مسعود ہاشمی کے ترجمہ میں تحریر فرماتے ہیں:
’’اتُّهم بوضع أربعين في الآداب، قاله النَبَاتي.
قلت: هو أبو الخير بن رِفاعة لا صبَّحه الله بخير، سمع منه تلك الأربعين الباطلة أبو الفتح سلم بن أيوب الرازي بالرَي بعد الأربع مائة، وروى أبو الموفق محمد بن محمد النيسابوري، عن زيد بن عبدالله بن محمد الزاهد، شيخ البَلُّوطِيّين، حدثنا إبراهيم بن حاتم التُسْتَرِي، حدثنا علي بن الحسين بن إسحاق، حدثنا أبي، حدثنا محمد بن إبراهيم الشامي، عن محمد بن يوسف الفريابي، عن الثوري، عن ليث، عن مجاهد، عن سلمان، قال: سألت رسول الله صلى الله عليه وسلم عن الأربعين حديثا، فقال: من حفظها على أمتي دخل الجنة، وحشر مع الأنبياء والعلماء، فقلت: يا رسول الله! أي الأحاديث هي؟ قال: أن تؤمن بالله واليوم الآخر والملائكة والكتاب والنبيين، والبعث، والحساب، والموقف، والشفاعة، والقدر، والوتر كل ليلة، ولا تَعُقُّ والديك... [كذا في الأصل] إلى أن قال: ولا تقل للقصير، يا قصير! وسرد ما بقى، وهذا كذب‘‘ .
’’یہ شخص ’’آداب ‘‘میں چہل حدیث گھڑنے میں متہم ہے، نَبَاتی رحمہ اللہ نے اسی طرح کہا ہے،( حافظ ذہبی رحمہ اللہ مزیدفرماتے ہیں) میں کہتاہوں کہ وہ ابو الخیر بن رفاعہ ہے، اللہ اس کی صبح بخیر نہ کر، اس سے ابو الفتح سلم بن ایوب رازی نے رَی میں چار سو ہجری کے بعد ان چالیس باطل روایات کی سماعت کی ہے۔۔۔‘‘۔
حضرت سلمان رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے حضور ﷺ سے پوچھا کہ وہ چالیس حدیثیں جن کے بارے میں یہ کہا ہے کہ جو ان کو یاد کرے جنت میں داخل ہوگا ، وہ کیا ہیں؟ حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: تو اللہ پر ایمان لا، اور آخرت کے دن پر ،اور فرشتوں کے وجود پر ، اور کتابوں پر،اور تمام انبیاء علیہ الصلاۃ والسلام پر،اور مرنے کے بعد دوبارہ زندگی پر، اور حساب پر، اور اللہ کے رُو برو کھڑے ہونے پر، اور شفاعت پر، اور تقدیر پر، اور ہر رات نماز وتر پڑھ، اور والدین کی نافرمانی نہ کر۔۔۔ کسی پستہ قد کو، ارے ٹھگنے!مت کہہ، اس کے بعد بھی چیزیں ذکر فرمائیں۔
(حافظ ذہبی رحمہ اللہ فرماتے ہیں) یہ جھوٹ ہے۔
حافظ ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ نے ’’لسان الميزان‘‘[2] میں بلا تعاقب حافظ ذہبی رحمہ اللہ کے قول پراکتفاء کیا ہے۔
سند میں موجود راوی ابوالقاسم زید بن عبداللہ بن مسعود ہاشمی ویقال ابو الخیر ابن رِفاعہ کے بارے میں ائمہ رجال کا کلام
حافظ خطیب بغدادی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ’’کان کذابا ‘‘ [3]. یہ جھوٹا تھا۔
حافظ خطیب بغدادی رحمہ اللہ مزید فرماتے ہیں : ’’سمعت أباالقاسم هبة الله بن الحسن الطَبَرِي ذكر زيد بن رِفاعة، فقال: رأيته بالري، وأساء القول فيه‘‘ .
میں نے ابوالقاسم ہبۃ اللہ بن حسن طَبَرِی سے سنا ہے زید بن رِفاعہ کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ میں نے اس کو رَی میں دیکھا ہے، اور پھر اس کے بارے میں انھوں نے بُرا قول اختیار کیا۔
حافظ خطیب بغدادی رحمہ اللہ ہی لکھتے ہیں: ’’سمعت القاضي أبا القاسم التَنُوخِي ذكر زيد بن رِفاعة، فقال: أعرفه، وكان يتولى العمالة لمحمد بن عمر العَلَوِي على بعض النواحي، ولم نعرفه بشيء من العلم ولا سماع الحديث، وكان يذكر لنا عنه أنه يذهب مذهب الفلاسفة، قلت له: أكان هاشميا؟ فقال معاذ الله! ما عرفناه بذلك قط أو كما قال‘‘ .
میں نے قاضی ابوالقاسم تَنُوخِی سے زید بن رِفاعہ کے تذکرہ میں سنا کہ میں اسے جانتا ہوں ،یہ ایک جگہ محمد بن عمر عَلَوِی کے مزدوروں کا متولی تھا، اور ہم نے اس میں ذرہ برابر علم و سماعِ حدیث کو نہیں جانا ، اور اس کے بارے میں ہمیں ذکر کیا جاتا ہے کہ یہ فلاسفہ کا مذہب رکھتا تھا، (خطیب بغدادی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ) میں نے ابو القاسم تَنُوخِی سے کہا کہ کیا وہ ہاشمی تھا؟ تو ابو القاسم تَنُوخِی نے جواب میں کہا کہ ہم نے کبھی بھی اسے ہاشمی ہونے کی حیثیت سے نہیں پہچانا، یا اس جیسی بات ابو القاسم نے کہی ۔
حافظ ذہبی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
’’اتُّهم بوضع أربعين في الآداب‘‘.یہ ’’آداب‘‘میں چہل حدیث گھڑنے میں متہم ہے۔
حافظ ذہبی رحمہ اللہ ایک دوسرے مقام پر فرماتے ہیں:
’’أبو الخير معروف بوضع الحديث على فلسفة فيه، أخذ عن ابن دُرَيْد وابن الأنباري، قال الخطيب: كذاب، وقال اللاَّلِكَائي: رأيته بالرَي، قلت: له أربعون موضوعة، سرقها منه ابن وَدْعَان‘‘[4].
ابو الخیر وضع حدیث میں معروف ہے، اور ساتھ ساتھ فلسفی بھی ہے،ابن دُرَیْد اور ابن انباری سے اس نے روایات لی ہیں، خطیب رحمہ اللہ فرماتے ہیں: یہ کذاب ہے، لَالِکَائی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: میں نے اسے رَی میں دیکھا ہے، میں (حافظ ذہبی رحمہ اللہ )کہتاہوں: اس نے چالیس حدیثیں گھڑی ہوئی ہیں،جن احادیث کو اس سے ابن وَدْعَان نے سرقہ کیا ہے۔
حافظ ذہبی رحمہ اللہ ایک تیسرے مقام پر محمد بن علی بن وَدْعَان کے ترجمہ کے تحت فرماتے ہیں:
’’وابن رِفاعة وضعها أيضا، ولفق كلمات من رقائق الحكماء ومن قول لقمان‘‘[5]. ابن رِفاعہ نے بھی چہل حدیث کو گھڑا ہے، اوراس نے حکماء کی باریک باتوں نیز حضرت لقمان کے اقوال سے کلمات لے کر احادیث کے ساتھ جوڑدیا ہے ۔
حافظ عبد الکریم قزوینی رحمہ اللہ ’’تاریخ قزوین‘‘[6] میں لکھتے ہیں:
’’أنبا أبو سعد عبد الرحمن بن عبد الله الحَصِيْرِي، أنبا أبو زيد الواقد بن الخليل، قدم علينا الرَي سنة ثمانين وأربعمائة، أنبا والدي، أخبرني أحمد بن عبد الرحمن الحافظ، أنبا أبو نصر محمد بن أحمد بن يحيى المروزي بسمرقند، ثنا أبو رجاء محمد بن حمدوية، ثنا علي بن حماد البزاز، ثنا سعد بن سعيد الجرجاني، عن سفيان الثوري، عن ليث، عن مجاهد، عن سلمان رضي الله عنه قال: سألت رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم عن الأربعين حديثا التي قال: من حفظها من أمتي دخل الجنة، فقلت: وما هو يا رسول الله !
قال: أن تؤمن بالله واليوم الآخروالملائكة والنبيين والبعث بعد الموت والقدر خيره وشره من الله، وأن تشهد أن لا إله إلا الله وأن محمدا رسول الله، وتقيم الصلاة بوضوء سابغ لوقتها، وتؤتى الزكاة، وتصوم رمضان، وتحج البيت إن كان لك مال، وتصلي اثنتي عشرة ركعة في كل يوم وليلة، والوتر لا يتركها في كل ليلة، لا تشرك بالله شيئا، ولا تَعُقُّ والديك، ولا تأكل مال اليتيم ظلما، ولا تشرب الخمر، ولا تزن، ولا تحلف بالله كاذبا، ولا تشهد شهادة زور، ولا تعمل بالهوى، ولا تغتب أخاك، ولا تقذف المحصنة، ولا تغل أخاك المسلم، ولا تلعب، ولا تَلْهَ مع اللاهين، ولا تقل للقصير يا قصير! تريد بذلك عيبه، ولا تسخر بأحد من الناس، ولا تمش بالنميمة بين الاخوان، واشكر لله على نعمته، وتصبر عند البلاء والمعصية [كذا فيه، وفي كنزالعمال: المصيبة]، لا تأمن عقاب الله، ولا تقطع من أقربائك وصلهم، ولا تلعن أحدا من خلق الله، وأكثر من التسبيح والتكبير والتهليل، ولا تدع حضور الجمعة والعيدين، واعلم أن ما أصابك لم يكن ليخطيك وما أخطاك لم يكن ليصيبك، ولا تدع قراءة القرآن على كل حال .
قال سلمان رضي الله عنه قلت: يا رسول الله! ما ثواب من حفظ هذه الأربعين، قال: حشره الله مع الأنبياء والعلماء يوم القيامة .
قال: وأنباه عاليا أبو طاهر محمد بن إبراهيم الصوفي بأصبهان أن أبا القاسم عبد الرحمن بن محمد بن إسحاق بن مندة الحافظ، أخبرهم أنبا أبو بكر محمد بن محمد بن الحسن المَعْدَانِي، ثنا أبي، ثنا محمد بن عبد الله بن الموفق، ثنا أبو عمرو همام بن محمد بن النعمان، ثنا أبو عبد الله محمد بن النعمان والدي، حدثني سعد بن سعيد، عن سفيان الثوري، عن ليث بالإسناد والمتن ‘‘ .
حضرت سلمان رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے ان چالیس احادیث کے بارے میں دریافت کیا جن کے بارے میں آپ ﷺ نے فرمایا تھا کہ میری امت میں سے جو کوئی اسے یاد کرے گا تو جنت میں داخل ہوگا، میں نے پوچھا کہ یا رسول اللہ ! وہ کون سی احادیث ہیں؟
آپ ﷺ نے فرمایا کہ تو اللہ پر اور آخرت کے دن پر ایمان لائے، اور ملائکہ، انبیاء، مرنے کے بعد اٹھنے، اور یہ کہ ہر اچھی اور بری تقدید اللہ کی جانب سے ہے اس پر ایمان لائے ،اور لاالہ الااللہ ومحمدرسول اللہ کی گواہی دے، اور تو نماز کو اپنے وقت پر کامل وضوء کے ساتھ اداکرے، اور زکوۃ دے، اور رمضان کے روزے رکھے، اور بیت اللہ کا حج کرے اگر مال ہے، اور ہر شب و روز میں بارہ رکعت پڑھے، اور وتر کو کسی رات میں نہ چھوڑے،اور اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائے، اور والدین کی نافرمانی نہ کر، اور ناحق یتیم کا مال نہ کھا، اور خواہش کی پیروی نہ کر، اور اپنے بھائی کی غیبت مت کر، اور پاکدامن عورت پر تہمت مت لگا، اور اپنے مسلمان بھائی سے کینہ مت رکھ۔
لہو ولعب میں مشغول نہ ہو، تماشائیوں میں شریک نہ ہو، کسی پستہ قد کو عیب کی نیت سے ٹھنگنا مت کہہ، کسی کا مذاق مت اُڑا، مسلمانوں کے درمیان چغل خوری مت کر، اور ہر حال میں اللہ جل شانہ کی نعمتوں پر اس کا شکر کر، بلا اور مصیبت پر صبرکر، اللہ کے عذاب سے بے خوف مت ہو، اعزہ سے قطع تعلق مت کر، بلکہ ان کے ساتھ صلہ رحمی کر، اللہ کی کسی مخلوق کو لعنت مت کر، سبحان اللہ، الحمدللہ، لاالہ الا اللہ، اللہ اکبر ان الفاظ کا اکثر ورد رکھا کر، جمعہ اور عیدین میں حاضری مت چھوڑ، اس بات کا یقین کر کہ جو کچھ تکلیف و راحت تجھے پہنچی وہ مقدر میں تھی جو ٹلنے والی نہ تھی، اور جو کچھ نہیں پہنچا وہ کسی طرح بھی پہنچنے والا نہ تھا، اور کلام اللہ شریف کی تلاوت کسی حال میں مت چھوڑ۔
حضرت سلمان رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے پوچھا کہ یارسول اللہ! جوشخص اس کو یاد کرلے اس کو کیا اجر ملے گا، حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ حق سبحانہ وتقدس اس کا انبیاء اور علماء کے ساتھ حشر فرمادیں گے۔
اہم نوٹ: علی متقی رحمہ اللہ نے ’’کنزالعمال‘‘[7] میں اسے ذکر کردہ دونوں طریق یعنی طریق حافظ ابن مندہ رحمہ اللہ وطریق حافظ ابو الحسن ابن بابویہ رازی رحمہ اللہ سے ذکر کیا ہے۔
حافظ عقیلی رحمہ اللہ ’’ضعفاء الکبیر‘‘ [8] میں امام بخاری رحمہ اللہ کا قول نقل فرماتے ہیں: ’’عن نهشل، ولا يصح حديثه‘‘ . یہ نہشل سے حدیث نقل کرتا ہے، اس کی حدیث صحیح نہیں ہے ۔
حافظ ابن عدی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
’’وهذه الأحاديث التي ذكرتها لسعد بن سعيد، عن الثوري وعن غيره مما ينفرد فيها سعد عنهم، وقد صحب سعد الثوري بجرجان في بلده، روى عنه غرائب، وسأله عن مسائل كثيرة، فتلك المسائل معروفة عنه، ولسعد غير ما ذكرت من الحديث غرائب وأفراد غريبة تروى عنهم، وكان رجلا صالحا، ولم تؤت أحاديثه التي لم يتابع عليها من تعمد منه فيها، أو ضعف في نفسه ورواياته، إلا لغفلة كانت تدخل عليه، وهكذا الصالحين [كذا فيه] .
ولم أر للمتقدمين فيه كلاما لأنهم كانوا غافلين عنه، وهو من أهل بلدنا، ونحن أعرف به‘‘[9].
اور یہ احادیث جن کو میں نے سعد بن سعید عن الثوری وعن غیرہ کے طریق سے ذکر کیا ہے، یہ ان احادیث میں سے ہیں جن میں سعد ان لوگوں سے روایت لینے میں متفرد ہے، اور سعد نے ثوری کی اپنے شہر جرجان میں مصاحبت اختیار کی ہے، اور ان سے غرائب نقل کی ہیں، اور ان سے بہت سارے مسائل پوچھے ہیں، اور یہ مسائل ان سے معروف ہیں، اور جو میں نے غریب حدیثیں ذکر کی ہیں ، ان کے علاوہ بھی سعد کی غریب حدیثیں افراد غریبہ ہیں جو ان محدثین سے روایت کی جاتی ہیں، اور وہ نیک آدمی تھا، اس کی جن حدیثوں میں کسی دوسرے نے ان کی متابعت نہیں کی ہے، نہ تو یہ جان بوجھ کر اسے لائے ہیں، اور نہ ان میں اور ان کی روایات میں ضعف ہے، اس کی وجہ صرف غفلت ہے، جو ان میں داخل تھی، اور صالحین اسی طرح ہوتے ہیں ۔
اور میں نے اس کے بارے میں متقدمین کا کوئی کلام نہیں دیکھا، کیونکہ کہ وہ اس سے غافل تھے، اور وہ ہمارے شہر والوں میں سے ہے، ہم اس کو زیادہ جانتے ہیں۔
حافظ ذہبی رحمہ اللہ نے ’’میزان الاعتدال‘‘[10] میں اور حافظ ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ نے ’’لسان المیزان‘‘[11] میں حافظ ابن عدی کے کلام پر اکتفاء کیا ہے ۔
نیز حافظ ذہبی رحمہ اللہ ’’میزان الاعتدال ‘‘ [12] میں سعد بن سعید جرجانی کے ترجمہ میں حافظ ابن عدی رحمہ اللہ کی تخریج کردہ روایت : ’’أيها الشاب التارك ...‘‘ . بطریق سعد بن سعید جرجانی عن ثوری بہ نقل کرکے فرماتے ہیں: ’’فهذا موضوع على سفيان ‘‘ .یہ حدیث سفیان پر گھڑی گئی ہے۔
اسی سعد بن سعید جرجانی کے بارے میں حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے حافظ عقیلی رحمہ اللہ کا کلام نقل کیا ہے، اور یہ بھی کہا ہے: ’’وذكره أبو نعيم في رجال يُعْدَل عن تفردهم وقلة إتقانهم ‘‘[13]. ابو نعیم رحمہ اللہ نے انہیں ان لوگوں میں شمار کیا ہے جن سے ان کے تفرد اور اتقان کی کمی کی بناء پر انحراف کیا جاتا ہے۔
حافظ ذہبی رحمہ اللہ نے اسے جھوٹ قرار دیا ہے،حافظ ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ نے بھی بلا تعاقب حافظ ذہبی رحمہ اللہ کےاس قول کو برقرار رکھا ہے۔
اس روایت کی پہلی سند میں موجود راوی زید بن عبداللہ بن مسعود ہاشمی کو خطیب بغدادی رحمہ اللہ نے اور حافظ ذہبی رحمہ اللہ نے معروف بوضع حدیث کہا ہے، نیز دوسری سند میں موجود سعد بن سعید جرجانی اگرچہ بذات خود صالح ہیں، لیکن ان کے تفرد والی روایات ’’منکر‘‘ کہلاتی ہیں، اور یہاں بھی سفیان ثوری رحمہ اللہ سے یہ روایت نقل کر رہے ہیں، جس میں ان کی متابعت زید بن عبد اللہ بن مسعود ہاشمی معروف بوضع الحدیث نے کی ہے۔
الحاصل اسے آپ ﷺ کی جانب منسوب کرنا درست نہیں ہے ۔
حوالہ جات
[1] ميزان الاعتدال:۲/۹۸،رقم:۲۸۶۹،ت:محمدرضوان عرقسوسي،الرسالة العالمية ـ بيروت،الطبعة الأولى۱۴۳۰ هـ .
[2] لسان الميزان:3/557،رقم:3304،ت:عبدالفتاح أبوغدة،دارالبشائرالإسلامیةـ بيروت،الطبعة الأولى ۱۴۲۳ هـ .
[3] تاريخ بغداد:۹/۴۶۰،رقم:۴۵۱۷،ت:دکتوربشارعوّاد،دارالغرب الإسلامی ـ بیروت،الطبعة الأولى ۱۴۲۲ هـ .
[4] ميزان الاعتدال:۲/۹۶،رقم:۲۸۶۹،ت:محمدرضوان عرقسوسي،الرسالة العالميةـ بيروت،الطبعة الأولى ۱۴۳۰ هـ .
[5] ميزان الاعتدال:۴/۲۱۴،رقم:۷۵۲۵،ت:محمدرضوان عرقسوسي،الرسالة العالميةـبيروت،الطبعة الأولى۱۴۳۰ هـ .
[6] التدوين في أخبارقزوين:۳/ ۳۷۵،ت:عزيز الله العطاردي،دارالكتب العلميةـ بيروت،الطبعة۱۴۰۸ هـ .
[7] كنزالعمال:۱۰/ ۲۸۸،رقم:۲۹۴۶۷،ت:بکری حياني،الرسالة العالميةـ بيروت،الطبعة ا لأولى۱۴۳۳ هـ .
[8] ضعفاء الكبير:۲/۱۱۸،رقم:۵۹۴،ت:عبد المعطی أمین قلعجی،دارالکتب العلميةـ بيروت،الطبعة الأولى۱۴۰۴ هـ .
[9] الكامل في ضعفاء:۴/ ۳۹۸،رقم:۸۰۰ ،ت: عادل أحمدعبدالموجود وعلي محمدمعوض،دار الكتب العلمية ـ بيروت،الطبعة الأولى۱۳۹۲هـ .
[10] ميزان الاعتدال:۲/۱۱۴،رقم:۲۹۶۷،ت:محمدرضوان عرقسوسي،الرسالة العالميةـ بيروت،الطبعة الأولى ۱۴۳۰ هـ .
[11] لسان الميزان:۴/۲۹،رقم:۳۳۷۹،ت:عبدالفتاح أبو غدة،دارالبشائرالإسلاميةـ بيروت،الطبعة الأولى ۱۴۲۳ هـ .
[12] ميزان الاعتدال:۲/۱۱۴،رقم:۲۹۶۷،ت:محمدرضوان عرقسوسي،الرسالة العالميةـ بيروت،الطبعة الأولى۱۴۳۰ هـ .
[13] لسان الميزان:۴/ ۲۹،رقم:۳۳۷۹،ت:عبدالفتاح أبو غدة،دارالبشائرالإسلاميةـ بيروت،الطبعة الأولى ۱۴۲۳ هـ .