حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کی قبر کا چین میں ہونا
حکم: ہمارے زمانے میں زبان زد عام وخاص یہی ہے کہ مشہور صحابیحضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ چین میں مدفون ہیں، یہ بات درست نہیں،درست بات یہ ہے کہ حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کا انتقال مدینہ یا اس کےقریب کسی مقام پر ہوا، مدینہ میں ان کی نمازجنازہ ادا کی گئی، پھروہیںاوربعض روایات کے مطابق بقیع میں ان کو دفن کیا گیا۔
تحقیق کی تفصیل
حافظ ابونعیم رحمہ اللہ ’’معرفة الصحابة‘‘ [1] میں تخریج فرماتے ہیں:
’’حدثنا أحمد بن محمد بن جبلة، ثنا محمد بن إسحاق، ثنا عبيد الله بن سعد، ثنا عمي يعقوب، قال: حدثني أبي، عن ابن إسحاق، حدثني يحيى بن عباد، عن أبيه، قال: لما توفي سعد بن أبي وقاص دخل به المسجد، فأدخل على أزواج النبي صلى الله عليه وسلم في الحجر، ليصلين عليه، ففعلن ثم خرجنا به فصلي عليه في الموضع الذي يصلى فيه على الجنائز، ثم انطلقنا به فدفناه بالبقيع‘‘.
جب حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کا انتقال ہوگیا تو ان کو مسجد میں لایا گیا، پھر نبی ﷺ کی ازواج مطہرات کے حجروں میں لے جایا گیا، تاکہ وہ ان کی نماز جنازہ پڑھ سکیں، چنانچہ انھوں نے نماز جنازہ پڑھی اس کے بعد ہم ان کو لے کر روانہ ہوئے اور ان کی نماز جنازہ اسی جگہ ادا کی گئی جہاں عام طور پر دیگر جنازوں کی نماز ادا کی جاتی تھی، جنازہ کے بعد ہم ان کو لے کر چلے اور انہیں بقیع میں دفن کردیا۔
حافظ ابونعیم رحمہ اللہ نے اس طریق کے علاوہ مزید سات طرق ذکر کئے ہیں[2]، جن میں اسی سے ملتا جلتا مضمون وارد ہوا ہے، ان سب میں قدر مشترک یہی ہے کہ حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کا انتقال مدینہ میں ہوا ہے، نیز ان میں سے بعض طرق میں اس کا اضافہ ہے کہ سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کا انتقال اپنے قصر میں ہوا جو عقیق میں مدینہ سے دس میل کے فاصلہ پر ہے، انتقال کے بعد لوگ انہیں اپنے کندھوں پر اٹھا کر مدینہ لے آئےاور یہ واقعہ 55 ھ کا ہے، اور مروان نےجو اس وقت مدینہ کا حاکم تھا ان کی نماز جنازہ پڑھائی۔ [3]
انہی سے ملتے جلتے مضامین حافظ ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ نے ’’الإصابة‘‘ [4] میں اور حافظ ابن الاثیر رحمہ اللہ نے ’’أسد الغابة‘‘[5] اور حافظ عبدالبر رحمہ اللہ ’’الاستيعاب‘‘[6] میں ذکر کئے ہیں۔
پھر بعد میں ’’الصحیح لمسلم‘‘ [7] کی یہ روایت ملی، جس میں صاف موجود ہے کہ حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کی نماز جنازہ مدینہ ہی میں ادا کی گئی، ملاحظہ ہو:
وحدثني هارون بن عبد الله، ومحمد بن رافع واللفظ لابن رافع، قالا: حدثنا ابن أبي فديك، أخبرنا الضحاك يعني ابن عثمان، عن أبي النضر، عن أبي سلمة بن عبد الرحمن، أن عائشة، لما توفي سعد بن أبي وقاص، قالت: ادخلوا به المسجد حتى أصلي عليه، فأنكر ذلك عليها، فقالت: والله، لقد صلى رسول الله صلى الله عليه وسلم على ابني بيضاء في المسجد سهيل وأخيه، قال مسلم: سهيل بن دَعْد وهو ابن البيضاء أمه بيضاء.
جب سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کا انتقال ہوا تو عائشہrنے فرمایا کہ ان کو مسجد کے اندرلے آؤ، تاکہ میں ان کی نماز جنازہ ادا کر سکوں، لیکن ان کے اس فعل پر انکار کیا گیا، جس پر انھوں نے فرمایا: اللہ کی قسم! رسول اللہ ﷺ نے بیضاء کے دونوں بیٹوں سہیل رضی اللہ عنہ اور اس کے بھائی کی نماز جنازہ مسجد کے اندر ہی ادا کی تھی۔مسلم رحمہ اللہ فرماتے ہیں: سہیل بن دَعْد رضی اللہ عنہ ، بیضاءr کا بیٹا ہے، بیضاءr ان کی والدہ ہیں۔
ہمارے زمانے میں زبان زد عام وخاص یہی ہے کہ مشہور صحابی حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ چین میں مدفون ہیں، یہ بات درست نہیں ہے، مندرجہ بالاتفصیل کے مطابق درست بات یہ ہے کہ حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کا انتقال مدینہ یا اس کے قریب کسی مقام پر ہوا، مدینہ میں ان کی نمازجنازہ ادا کی گئی، پھروہیں اوربعض روایات کے مطابق بقیع میں ان کو دفن کیا گیا۔
حوالہ جات
[1] معرفة الصحابة:۱/۱۳۱،رقم:۵۱۳،ت:عادل بن يوسف العزازي،دار الوطن للنشرـ الرياض.
[2] معرفة الصحابة:1/131،رقم:517،515،514،513،512،511،510،504،ت:عادل بن يوسف العزازي، دار الوطن للنشرـ الرياض.
[3] حافظ ابو زید عمر بن شبہ نمیری رحمہ اللہ (المتوفی 262ھ) نے ’’تاريخ المدينة المنورة‘‘ میں ابن دہقان سے نقل کیا ہے کہ حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ نے بقیع میں اپنی تدفین کےلئے جگہ کی تعیین کی تھی،اور انھیں وصیت کی تھی کہ میرے انتقال کے بعد لوگوں کو بتا دینا کہ مجھے یہاں دفن کریں،چنانچہ اُن کے انتقال کے بعد ابن دہقان نے حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کے بیٹے کو ان کی وصیت بتا دی،ان کے بیٹے نے حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کی بقیع میں اُن کے ذکر کردہ مقام پر تدفین کی،عبارت ملاحظہ ہو:
’’( قبر سعد بن أبي وقاص رضي الله عنه) حدثنا محمد بن يحيى، قال: أخبرني عبد العزيز بن عمران، عن عبد الرحمن بن خارجة، قال: أخبرني ابن دهقان، قال: دعاني سعد بن أبي وقاص، فخرجت معه إلى البقيع، وخرج بأوتاد، حتى إذا جاء من موضع زاوية دار عقيل الشرقية الشامية، أمرني فحفرت، حتى إذا بلغت باطن الأرض ضرب فيها الأوتاد، ثم قال: إن هلكت، فادللهم على هذا الموضع يدفنوني فيه، فلما هلك، قلت ذلك لولده، فخرجنا حتى دللتهم على ذلك الموضع، فوجدوا الأوتاد، فحفروا له هناك ودفنوه‘‘ (تاريخ المدينة:1/116،ت:فهيم محمد شلتوت) .
علامہ سمہودی رحمہ اللہ (المتوفی 911ھ) نے ’’وفاء الوفاء‘‘ میں حافظ ابو زید عمر بن شبہ رحمہ اللہ کے قول پر اعتماد کیا ہے (وفاء الوفاء:3/88 ، ت:خالد عبد الغني محفوظ،دار الكتب العلمية ـ بيروت،الطبعة الأولى1427هـ ) .
[4] الاصابة:۳/۶۳،ت:علي محمد معوض وعادل أحمد عبد الموجود،دار الكتب العلمية ـ بيروت،الطبعة الأولى ۱۴۱۵هـ .
[5] أسد الغابة:۱/ ۱۸۸،رقم:۷۰،ت:علي محمد معوض،عادل أحمد عبد الموجود،دار الكتب العلميةـ بيروت،الطبعةالثانية۱۴۲۴هـ .
[6] الاستيعاب:۲/ ۶۱۰،ت:علي محمد البجاوي،دار الجيل- بيروت،الطبعةالأولى1412هـ .
[7] الصحیح لمسلم:2/669،رقم:101،ت:محمد فؤاد عبد الباقي،دار الكتب العلمية ـ بيروت،الطبعة الأولى1412هـ .