روایت:حضرت بلال رضی اللہ عنہ کی قسم پر سحری کے وقت کاختم ہونا
تحقیق کی تفصیل
’’ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ آپ ﷺ سحری تناول فرمارہے تھےکہ حضرت بلال رضی اللہ عنہ نے عرض کیا کہ یارسول اللہ! صبح ہوگئی(یعنی سحری کا وقت ختم ہو گیا)،آپ ﷺ سحری تناول فرماتے رہے،حضرت بلال رضی اللہ عنہ نے پھر کہا: یارسول اللہ ! صبح ہوگئی،آپﷺ سحری تناول فرماتے رہے، تیسری مرتبہ حضرت بلال رضی اللہ عنہ نےکہا: یارسول اللہ!اللہ کی قسم صبح ہوگئی، آپﷺ سحری کھانے سے رک گئے اور فرمایا:صبح تو نہیں ہوئی تھی مگر اللہ تعالی نےبلال رضی اللہ عنہ کی قسم کی وجہ سے صبح کردی ‘‘۔
تلاش بسیار کے باوجودمذکورہ روایت سند اًتاحال ہمیں کہیں نہیں مل سکی، اورجب تک اس کی کوئی معتبر سند نہ ملے اسے آپ ﷺ کے انتساب سے بیان کرنا موقوف رکھا جائے،کیونکہ آپﷺ کی جانب صرف ایساکلام وواقعہ ہی منسوب کیا جاسکتا ہے جومعتبر سند سے ثابت ہو،واللہ اعلم۔
زیرِ بحث روایت کے مقابلہ میں ایک دوسری مرسل روایت ملتی ہے، جسے امام عبدالرزاق صنعانی رحمہ اللہ ’’المصنف‘‘[1] میں تخریج کیا ہے:
’’عبد الرزاق، عن بن عيينة، عن إسماعيل بن أبي خالد، عن حكيم بن جابر قال: جاء بلال إلى النبي صلى الله عليه و سلم والنبي صلى الله عليه و سلم يتسحر، فقال: الصلاة يا رسول الله! قال: فثبت كما هو يأكل، ثم أتاه فقال: الصلاة، وهو حاله، ثم أتاه الثالثة فقال: الصلاة يا رسول الله ! قد والله أصبحت، فقال النبي صلى الله عليه و سلم: يرحم الله بلالا، لولا بلال لرجونا أن يُرَخَّص لنا حتى تطلع الشمس‘‘.
حکیم بن جابر رحمہ اللہ سےمنقول ہے کہ حضرت بلال رضی اللہ عنہ نبی اکرمﷺ کے پاس آئے اور آپﷺ سحری تناول فرما رہےتھے،حضرت بلال رضی اللہ عنہ نے کہا:اے اللہ کے رسول ! نماز،آپ ﷺ اسی طرح کھاتے رہے، حضرت بلال رضی اللہ عنہ دوبارہ آئے اور کہا کہ نماز،آپ ﷺ بدستور اپنی حالت پر رہے،حضرت بلال پھرتیسری مرتبہ آئے اورکہا: اے اللہ کےرسول! نماز،اللہ کی قسم صبح ہوگئی ہے، آپﷺ نے رشاد فرمایا: اللہ بلال پر رحم فرمائے،اگر بلال نہ ہوتے توہمیں امیدتھی کہ ہمیں طلوعِ شمس تک کی رخصت مل جاتی۔
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے ’’المصنف‘‘ کی اس سند کے رجال کو ثقہ کہا ہے[2]۔
اس واقعہ سے معلوم ہوا کہ حضرت بلال رضی اللہ عنہ کے اس کلام سے طلوعِ صبح کی تقدیم و تاخیر میں تو کوئی فرق نہیں پڑا،جیسا کہ زیرِ بحث قصہ میں مذکور ہے،البتہ سحری کے وقت کی مزید رخصت سے یہ کلام مانع بن گیا،واللہ اعلم!