غیر معتبر روایات کا فنی جائزہ (حصہ دوم)

حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کے اونٹ گم ہوجا نے پر آپﷺ کا تکبیرِ اولیٰ کیاہمیت کو اجاگر کرنا

تحقیق و نظرِ ثانی: مفتی طارق امیر خان صاحب

تحقیق کی تفصیل

روایت:

حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ  کے اونٹ گم ہو گئے آپ رضی اللہ عنہ  بہت غم زدہ ہوئے، نبی اکرم ﷺآپ رضی اللہ عنہ کے پا س آئے اورآپ ﷺ نےحضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ   کو غمگین پا یا،ابو بکرصدیق رضی اللہ عنہ  سے اس کی وجہ پوچھی، انہوں نے ساری بات بتادی، نبی اکرمﷺ نے فرمایا:‘‘میرا تویہ خیال تھاکہ تمہاری تکبیر ِاولی فوت ہوگئی ہے‘‘،ابوبکر رضی اللہ عنہ  نے کہا: تکبیرِ اولیٰ کا ثواب اتنا زیادہ ہے ؟ آپﷺ نے فرمایا: ’’تکبیر ِاولیٰ کا ثواب تو دنیا و مافیہا سے بہتر ہے‘‘۔

اس روایت کو علامہ عبدالرحمن صفوری شافعی رحمہ اللہ  نے ’’نزهة المجالس‘‘[1] میں بلاسند اس طرح سے ذکرکیا ہے، آپ لکھتے ہیں:

’’أخذ اللصوص لأبي بكر الصديق رضي الله عنه أربع مائة بعير وأربعين عبدا، فدخل النبي صلى الله عليه وسلم فرآه حزينا، فسأله فأخبره، فقال: ظننت أنه فاتتك تكبيرة الإحرام، فقال: يا رسول الله! وفواتها أشد؟ قال: ومن ملء الأرض جِمَالا. وفي الخبر: من فاته تكبيرة الإحرام، فقد فاتته تسع مائة وتسع وتسعون نعجة في الجنة، قرونها من ذهب، ذکره النیسابوری‘‘.

ترجمہ:  ابو بکرصدیق رضی اللہ عنہ  کےچارسو اونٹ(۴۰۰) اور چالیس غلاموں(۴۰) کو چور لے گئے، آپﷺابوبکر رضی اللہ عنہ  کے پاس آئے اور انہیں غمگین پایا، آپﷺ نے ان سے پوچھا تو انہوں نے ساری بات گوش گزار کردی،آپﷺ نے فرمایا: ’’میرا خیال تھا کہ آپ کی تکبیرِ اولیٰ فوت ہوگئی‘‘،ابو بکر رضی اللہ عنہ  نے کہا: اے اللہ کے رسول !تکبیرِ اولیٰ کا فوت ہونا اتنا سخت ہے،آپ ﷺ نے فرمایا: ’’تکبیرِاولیٰ کا فوت ہوجانا زمین بھر اونٹ لٹ جانےسے زیادہ سخت ہے‘‘۔

ایک روایت میں آیا ہے کہ آپﷺنےفرمایا: جس کی تکبیرِ اولیٰ فوت ہو جائے تو اس کی جنت سے نوسو ننانوے(۹۹۹) ایسی بھیڑیں جن کے سینگ سونے کےہیں فوت ہوگئیں،اسے نیشاپوری رحمہ اللہ نے ذکر کیا ہے۔

تلاش بسیار کے باوجودیہ روایت سنداً تاحال ہمیں کہیں نہیں مل سکی، اورجب تک اس کی کوئی معتبر سند نہ ملے اسے آپ ﷺ کے انتساب سے بیان کرنا موقوف رکھا جائے،کیونکہ آپﷺ کی جانب صرف ایساکلام وواقعہ ہی منسوب کیا جاسکتا ہے جومعتبر سند سے ثابت ہو،واللہ اعلم۔

’’أخبرنا عبد الرزاق، قال: أخبرنا إسرائيل، عن أبي يحيى، عن مجاهد، قال: سمعت رجلا من أصحاب النبي صلى الله عليه و سلم، قال: لا أعلمه إلا من شهد بدرا، قال لابنه: أدركت الصلاة معنا؟ [كذا في الأصل، وفي كنز العمال: قال: لا] قال: أدركت التكبيرة الأولى؟ قال: لا، قال: لما فاتك منها خير من مائة ناقة كلها سُوْدُ العين‘‘.

حضرت مجاہد رحمہ اللہ  فرماتے ہیں کہ میں نے نبیﷺ کے ایک صحابی سے سنا،اور میں تو انھیں شرکاء بدر ہی میں سمجھتا ہوں،انہوں نے اپنے بیٹے سے کہا:تم نے ہمارے ساتھ نماز پڑھی؟ [ بیٹے نے کہا: جی ہاں ] انہوں کہا: تکبیر اولیٰ کو پایا؟ بیٹے نے کہا: نہیں،انہوں نے کہا: جوتکبیر اولیٰ تم سے فوت ہوئی ہے وہ ایسی سو(۱۰۰)اونٹیوں سے بہتر ہےجو سب کی سب سیاہ آنکھوں والی ہو۔

حوالہ جات

[1]  نز هةالمجالس:۱/ ۱۱۹، محمد الخشاب، المطبعة الکاستلیة –  الهند، ط:۱۲۸۳ هـ .

[2] مصنف عبد الرزاق:۱/ ۵۲۸، رقم:۲۰۲۱، ت: حبيب الرحمن الأعظمي، المكتب الإسلامي – بيروت، ط:۱۴۰۳ هـ .