جان بوجھ کرنماز چھوڑنے پر ایک حقب جہنم میں جلنا
تحقیق کی تفصیل
’’نبی اکرمﷺ نے فرمایا:جوشخص جان بوجھ کر نماز چھوڑ دے یہاں تک کہ وقت گزر جائے پھر وہ قضاء پڑھ لے،اس کے باوجود وہ جہنم میں ایک حقب جلے گا،اور حقب اسی(۸۰)سال کا ہے،اس کا ہرسال تین سو ساٹھ (۳۶۰) دن کااورہردن کی مقدار دنیاکے ایک ہزار (۱۰۰۰)دن کے برابر ہے‘‘۔
مذکورہ روایت کو علامہ احمدبن عبدالقادر رومی رحمہ اللہ (المتوفی ۱۰۴۳ھ) نے ’’مجالس الأبرار‘‘[1] میں بلاسند اس طرح سے ذکر کیا ہے:
’’روي أنه عليه السلام قال: من ترك صلاة حتى مضى وقتها، ثم قضی، عذب في النار حُقُبا، والحُقُب ثمانون سنة، والسنة ثلاث مائة وستون يوما، كل يوم كان مقداره ألف سنة‘‘.
ترجمہ: روایت ہےکہ آپﷺ نے فرمایا: جس شخص نے نماز کوچھوڑا حتی کہ اس نماز کا وقت نکل گیا، پھر اگرچہ اس نے قضاء نماز پڑھ لی، اسے جہنم میں ایک حقب عذاب دیا جائےگا،اور ایک حقب اسی (۸۰)سال کا ہوگا اور ایک سال تین سو ساٹھ(۳۶۰) دن کا،ہردن کی مقدار ایک ہزار(۱۰۰۰)سال ہوگی۔
علامہ اسماعیل حقی رحمہ اللہ نے اپنی تفسیر’’روح البيان‘‘[2]میں یہی روایت بلاسنداس طرح سے ذکر کی ہے:
’’قال النبي صلى الله عليه وسلم: من ترك صلاة حتى مضى وقتها عذب في النار حُقُبا، والحُقُب ثمانون سنة، كل سنة ثلاث مائة وستون يوما، كل يوم ألف سنة مما تعدون ‘‘.
آپﷺ نے فرمایا: جس شخص نے نماز کوچھوڑا حتی کہ اس نماز کا وقت نکل گیا اسے جہنم میں ایک حقب عذاب دیا جائےگا، اور ایک حقب اسی (۸۰)سال کا ہوگا، اور ایک سال تین سو ساٹھ(۳۶۰) دن کا،ہردن کی مقدار ایک ہزار(۱۰۰۰)سال ہوگی جوتم شمار کرتے ہو [یعنی دنیا کے ایک ہزار دن کے برابر]۔
تلاش بسیار کے باوجودمذکورہ روایت انہی الفاظ کے ساتھ سند اًتاحال ہمیں کہیں نہیں ملی،اورجب تک اس کی کوئی معتبر سند نہ ملے اسے آپ ﷺ کے انتساب سے بیان کرنا موقوف رکھا جائے،کیونکہ آپﷺ کی جانب صرف ایساکلام وواقعہ ہی منسوب کیا جاسکتا ہے جومعتبر سند سے ثابت ہو،واللہ اعلم۔
فائدہ: فرض نماز کو جان بوجھ کر چھوڑنے پر احادیث میں بڑی سخت وعید یں آئی ہیں،ذیل میں ایک حدیث ذکر کی جارہی ہے،جسے امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے تخریج کیا ہے،اسے بیان کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
’’عن مكحول، عن أم أيمن أن رسول الله صلى الله عليه و سلم قال:لا تترك الصلاة متعمدا، فإنه من ترك الصلاة متعمدا فقد برئت منه ذمة الله ورسوله‘‘[3].
ام ایمن رضی اللہ عنہ نبی اکرمﷺ سے نقل کرتی ہیں کہ آپﷺ نے فرمایا: تم نماز کوجان بوجھ کر مت چھوڑو،کیونکہ جوشخص جان بوجھ کر نماز کو چھوڑتا ہے اللہ اور اس کا رسول اس کے ذمہ سے بری ہیں۔
حافظ نورالدین ہیثمی رحمہ اللہ ’’مجمع الزوائد‘‘[4]میں مذکورہ روایت کے متعلق لکھتے ہیں:
’’رواه أحمد ورجاله رجال الصحيح إلا أن مكحولا لم يسمع من أم أيمن، والله أعلم‘‘ . اس کو امام احمد رحمہ اللہ نے نقل کیا ہے او راس کے رجال،صحیح کے رجال ہیں،لیکن مکحول(سند میں موجود راوی)کا ام ایمن رضی اللہ عنہ سے سماع نہیں ہے،واللہ اعلم۔
واضح کہ ہمارا موضوع خاص سیاق سے - کہ جان بوجھ کر ایک نماز چھوڑنے کے بعد،پھر پڑھ بھی لے تو ایک حقب جو اتنے اتنے سالوں پر مشتمل ہے،اس شخص کو عذاب ہوگا- روایت کا حکم بیان کرنا ہے،یعنی اسے سند ملنے تک بیان نہ کریں،یہ الگ بات ہے کہ حقب کی مستقل تفسیر بعض موقوف روایات میں موجود ہے،جیسا کہ حاکم رحمہ اللہ نے ’’مستدرک‘‘[5]میں ایک صحیح روایت حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے موقوفاً تخریج کی ہے،جس میں آیتِ شریفہ ’’لابثين فيها أحقابا‘‘ [النبأ:۲۳] کے تحت لکھا ہے کہ ایک حقب اسی برس کا ہوتا ہے،اسی طرح ترک نماز پر شدید وعیدوں پر مستقل احادیث کا ایک مجموعہ موجود ہے۔
حوالہ جات
[1] خرینة الأسرارترجمة مجالس الأبرار: ص:۳۲۰، مطبع مصطفائی- الهند، ط: ۱۲۸۳ هـ .
[2] روح البيان: سورة ا لبقرة، ۱/ ۳۴، مطبعة عثمانية- إستنبول،ط:۱۳۳۰ هـ .
[3] مجمع الزوائد:۲/ ۲۶،رقم:۱۶۳۳، ت: عبدالله محمد درويش، دار الفكر– بيروت، ط: ۱۴۱۲ هـ .
[4] مجمع الزوائد: ۲/ ۲۶، رقم: ۱۶۳۳، ت: عبدالله محمد درويش، دار الفكر– بيروت، ط: ۱۴۱۲ هـ .
[5] المستدرک على الصحیحین: ۲/ ۵۵۶،رقم:۳۸۹۰، ت: یوسف عبدالرحمن المرعشلی، دار المعرفة– بيروت، ط: ۱۴۰۶ هـ .