بے پردہ عورت جہنم میں بالوں کے بل لٹکائی جائے گی
تحقیق کی تفصیل
نبی اکرم ﷺ نے معراج کی شب جہنم میں اپنی امت کی بعض گناہ گار عورتوں کو دیکھا جو مختلف قسم کے عذاب میں مبتلا تھیں،ان میں سے ایک عورت بالوں کے بل لٹکی ہو ئی تھی ،اسے یہ عذاب اس وجہ سے ہورہاتھا کہ وہ ننگے سر نامحرم کے سامنے آتی اور بے پردہ گھرسے باہر نکلتی تھی۔
حکم: سنداً نہیں ملتی،بیان کرنا موقوف رکھا جائے۔
حافظ ابن حجرہیتمی رحمہ اللہ نے ’’الزواجر عن اقتراف الكبائر‘‘ [1] میں اس روایت کو بلاسند اس طرح ذکر کیا ہے:
’’وقال علي كرم الله وجهه: دخلت على النبي صلى الله عليه وسلم أنا وفاطمة رضي الله عنهما، فوجدناه يبكي بكاء شديدا، فقلت: فداك أبي وأمي يا رسول الله! ماالذي أبكاك؟ قال: يا علي! ليلة أسري بي إلى السماء رأيت نساء من أمتي يعذبن بأنواع العذاب، فبكيت لما رأيت من شدة عذابهن، رأيت امرأة معلقة بشعرها يغلي دماغها، ورأيت امرأة معلقة بلسانها والحميم يصب في حلقها، ورأيت امرأة قد شد رجلاها إلى ثدييها ويداها إلى ناصيتها، وقد سلط الله عليها الحيات والعقارب، ورأيت امرأة معلقة بثدييها، ورأيت امرأة رأسها برأس خنزير وبدنها بدن حمار وعليها ألف ألف لون من العذاب، ورأيت امرأة على صورة الكلب والنار تدخل من فيها وتخرج من دبرها والملائكة يضربون رأسها بمقامع من نار .
فقامت فاطمة الزهراء رضي الله تعالى عنها وقالت : يا حبيبي! وقرة عيني! ما كان أعمال هؤلاءحتى وقع عليهن هذا العذاب؟ فقال النبي صلى الله عليه وسلم : يا بنية! أما المعلقة بشعرها فإنها كانت لا تغطي شعرها من الرجال، وأما المعلقة بلسانها فإنها كانت تؤذي زوجها، وأما المعلقة بثدييها فإنها كانت تؤذي فراش زوجها، وأما التي شد رجلاها إلى ثدييها ويداها إلى ناصيتها، وقد سلط الله عليها الحيات والعقارب، فإنها كانت لا تغتسل من الجنابة والحيض، وتستهزئ بالصلاة، وأما التي رأسها رأس خنزير وبدنها بدن حمار فإنها كانت نمَّامة كذابة، وأما التي على صورة الكلب والنار تدخل من فيها وتخرج من دبرها فإنها كانت منّانة حسادة، يا بنية! الويل لامرأة تعصي زوجها. انتهى ما ذكره ذلك الإمام، والعهدة عليه‘‘.
حضرت علی رضی اللہ عنہ سے منقول ہے،فرماتے ہیں : میں اور فاطمہ رضی اللہ عنہا نبی کریم ﷺ کے پاس آئے تو آپ کو بہت زیادہ روتے ہوئے دیکھا،میں نے کہا: میرے ماں باپ آپ پرقربان ہوں کس چیزنے آپ کورلایا؟آپ ﷺ نے فرمایا : اے علی! معراج کی رات میں نے اپنی امت کی عورتوں کو مختلف قسم کے عذاب میں مبتلا پایا ، میں ان کے عذاب کی شدت کی وجہ سے رورہا ہوں ،میں نے ایک عورت کو دیکھا جوبالوں کے بل لٹکی ہوئی تھی اور اس کا دماغ کھول رہا تھا، ایک عورت کو دیکھا جو زبان کے بل لٹکی ہو ئی تھی اور کھولتا ہوا پانی اس کے حلق میں ڈالا جارہاہے،ایک عورت کو دیکھااس کے پیر اس کے پستانوں سے اور ہاتھ پیشانی سے بندھے ہوئے تھے اور اللہ نے اس پر سانپ بچھومسلط کرديے تھے،ایک پستانوں کے بل لٹکی ہوئی تھی،ایک عورت کودیکھا کہ اس کاسر خنزیر کے سر کی طرح اور جسم گدھے کی طرح تھا اور اس پر ہزار ہزار رنگ کے عذاب مسلط تھے،ایک عورت کو دیکھا کہ اس کی شکل کتے کی طرح ہے،آگ اس کے منہ میں داخل ہوتی اور اس کے پیچھے سے نکلتی ہے،اور فرشتے اسے آگ کے گُرز ماررہے ہیں۔
حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کھڑی ہوئیں اور کہا : اے میرے حبیب! اور میری آنکھوں کی ٹھنڈک !ان عورتوں کے ایسے کیا اعمال تھے جن کی وجہ سے انہیں اس طرح کا عذاب ہورہا تھا ؟آپ ﷺ نے فرمایا : اے میری بیٹی ! جو عورت بالوں کے بل لٹکی ہوئی تھی وہ نامحرم مَردوں سے اپنے بال نہیں چھپاتی تھی[یعنی پردہ نہیں کرتی تھی]،جوعورت زبان کے بل لٹکی ہوئی تھی وہ اپنے شوہر کو تکلیف دیتی تھی،اور جوعورت چھاتی کےبل لٹکی ہوئی تھی وہ اپنے شوہر کے بستر میں ایذاء کا باعث تھی،اور جس عورت کے پاؤں پستانوں سے اور ہاتھ پیشانی سے بندھے ہوئے تھے اور اللہ نے اس پر سانپ بچھو مسلط کیے تھے وہ عورت غسل ِ جنابت وغسلِ حیض نہیں کرتی تھی اور نماز کا مذاق اڑاتی تھی ،اور جس عورت کا سر خنزیر کے سر کی طرح اور جسم گدھے کے جسم کی طرح تھا وہ چغل خور ، جھوٹی تھی ،اور جس عور ت کی شکل کتے کی شکل کی طرح تھی ،او رآگ اس کے منہ میں داخل ہوکر پیچھے سے نکل رہی تھی، وہ احسان جتلاتی اور حسد کرتی تھی ،اے میری بیٹی ! ہلاکت ہو ایسی عورت کے لئے جو اپنے شوہر کی نافرمانی کرے۔
حافظ ابن حجرہیتمی رحمہ اللہ (نقل روایت کے بعد) فرماتے ہیں کہ اس امام کی بات مکمل ہوئی،ذمہ داری انہیں پر ہے۔
تلاش بسیار کے باوجودیہ روایت سند اًتاحال ہمیں کہیں نہیں مل سکی، اورجب تک اس کی کوئی معتبر سند نہ ملے اسے آپ ﷺ کے انتساب سے بیان کرنا موقوف رکھا جائے ،کیونکہ آپﷺ کی جانب صرف ایساکلام وواقعہ ہی منسوب کیا جاسکتا ہے جومعتبر سند سے ثابت ہو،واللہ اعلم۔
حوالہ جات
[1] الزواجر عن اقتراف الكبائر :۲/ ۸۶ ،ت:محمد محمود عبدالعزیز،سید إبراهیم صادق،جمال ثابت، دارالحدیث- القاهرة،الطبعة۱۴۲۳هـ .