[محققین کی ایک جماعت کے نزدیک جس نے صرف ایک حدیث میں جھوٹ کہا ہو، اس کی سابقہ تمام احادیث مردود ہو جائیں گی]
’’سوال: عرض ہے کہ آنحضرت کو ایک تکلیف دے رہا ہوں، امید ہے زحمت فرماکر ممنون فرمادیں گے۔
’’فتح الملہم‘‘ کے مقدمہ میں (ص: ۱۲۱) شہادت اور خبر کے فرق میں سیوطی رحمہ اللہ (ص: ۲۲۲) کا یہ قول نقل کیا ہے کہ:
×السابع: من كذب في حديث رد جميع حديثه السابق بخلاف من تبين شهادته للزور في مرة لا ينتقض ما شهد به قبل ذلك÷. [(روایت اورشہادت کے مابین) ساتواں فرق: جس نے صرف ایک حدیث میں جھوٹ کہا ہو، اس کی سابقہ تمام احادیث مردود ہو جائیں گی، بخلاف ایسے شخص کے جس کا ایک دفعہ جھوٹی گواہی دینا ظاہر ہوجائے اس کی سابقہ گواہی منقوض نہیں ہوگی]
حضرت شیخ الحدیث مولانا فخر الدین رحمہ اللہ نے یہ فرمایا تھا کہ کاذب کی روایت کے بارے میں یہ قول سیوطی رحمہ اللہ کا ہے جمہور کا نہیں، بلکہ جمہور کے یہاں ماقبل کذب والی روایتیں قابل قبول ہوں گی، اور مابعد الکذب مردود ہے جو شاہد کے بارے میں ہے، اور کتاب کا حوالہ بھی فرمایا تھا، مجھ کو وہ حوالہ والی کتاب کا نام محفوظ نہیں رہا۔
اب آپ سے دو باتیں معلوم کرنی ہیں، ایک یہ کہ آپ کو یہ کتاب معلوم ہو تو اس کا نام یا اگر زحمت نہ ہو تو وہ عبارت نقل فرمادیں۔
دوسرے یہ کہ آپ کی تحقیق وہی ہے جو سیوطی رحمہ اللہ نے تحریر فرمائی ہے یا جیسے حضرت الاستاذ فخر الدین رحمہ اللہ نے فرمائی تھی۔
امید ہے کہ کرم فرماکر تفصیل سے جواب عطافرماکر اس الجھن کو دور فرمادیں گے، کیوں کہ سیوطی رحمہ اللہ کی ساری تحقیق ایسی نہیں ہے کہ اس کو بلاتحقیق قبول کر لیا جائے، ’’اللآلی المصنوعۃ فی الاحادیث الموضوعۃ‘‘ وغیرہ شاہد ہے، جواب اور دعا کا طالب تکلیف دہی کی معافی کا خواستگار۔
تحقیق کی تفصیل
جواب: عزیز مکرم۔
کئی دن ہوئے تمہارا کارڈ آیا تھا، لیکن کچھ تو مشغولی اور کچھ اپنی دیگر اعذار فوری جواب سے مانع رہے، امید ہے کہ اس کا خیال نہ کروگے۔
علامہ سیوطی رحمہ اللہ نے جو فرق روایت وشہادت میں بیان فرمایا ہے اس میں وہ منفرد نہیں ہیں، ان سے پہلے امام ابو المظفر السمعانی رحمہ اللہ بھی یہی لکھ آئے ہیں:
×قال السمعاني: من كذب في خبر واحد وجب إسقاط ما تقدم من حديثه÷. [سمعانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: جس نے صرف ایک حدیث میں جھوٹ کہا اس کی سابقہ تمام احادیث کو ساقط کرنا واجب ہے]
سمعانی رحمہ اللہ کا یہ قول ابن الصلاح رحمہ اللہ ،عراقی رحمہ اللہ ، ابن کثیر رحمہ اللہ وغیرہ نے بغیر کسی نقد کے نقل کیا ہے جس سے یہی نکلتا ہے کہ یہ حضرات بھی انہیں کے ہم خیال ہیں،امام احمد رحمہ اللہ وغیرہ کی یہی رائے معلوم ہوتی ہے:
×قال أبو عبد الرحمن عبيد الله بن أحمد الحلبي: سألت أحمد بن حنبل عن محدث كذب في حديث واحد ثم تاب ورجع؟ قال: توبته فيما بينه وبين الله تعالى، ولايكتب حديثه أبدا، كذا نقله الخطيب÷ (ص: ۱۱۷).
[ابو عبد الرحمن عبید اللہ بن احمد حلبی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ میں نے احمد بن حنبل رحمہ اللہ سے پوچھا کہ اگر کوئی محدث صرف ایک حدیث میں جھوٹ کہے پھر توبہ ورجوع کرے (تو اس کا کیا حکم ہے)؟ احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے فرمایا کہ اس کی توبہ تو اس کا اور اللہ تعالیٰ کا معاملہ ہے، البتہ اس کی احادیث کبھی نہیں لکھی جائیں گی۔ خطیب رحمہ اللہ نے اسی طرح نقل کیا ہے]
×ولايكتب حديثه أبدا÷. [اس کی حدیثیں کبھی نہیں لکھی جائیں گی] کا اطلاق وعموم ماقبل ومابعد دونوں کو شامل ہے۔
×وقال عبد العزيز بن أبي رِزْمَة: قال عبد الله بن المبارك: من عقوبة الكذب أن يرد عليه صدقه، وقال رافع بن أشرس: كان يقال: إن من عقوبة الكذب أن لايقبل صدقه، نقله الخطيب÷.
[عبد العزیز بن ابی رِزْمَہ فرماتے ہیں کہ عبد اللہ بن مبارک رحمہ اللہ کا ارشاد ہے کہ جھوٹ کی ایک سزا یہ ہے کہ اس کا سچ بھی رد کر دیا جاتا ہے، اور رافع بن اشرس رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ کہا جاتا ہے: جھوٹ کی ایک سزا یہ ہے کہ اس کا سچ بھی قبول نہیں کیا جاتا، ان اقوال کو خطیب رحمہ اللہ نے نقل کیا ہے]
یہ اطلاق بھی ماقبل ومابعد دونوں کو شامل ہے، اگر تفصیل دیکھنی ہو تو ’’فتح المغیث‘‘ (ص: ۳۱۳) دیکھ لو۔
حضرت مولانا فخر الدین نور اللہ مرقدہ نے کس کتاب کا حوالہ دیا تھا یہ مجھے معلوم نہیں ہے، احقر کی کیا رائے ہوتی لیکن سیوطی رحمہ اللہ ہی کے قولِ مختار کی طرف رجحان ہے، اس لئے کہ مسئلہ کی بنیاد احتمال پر ہے، جب ایک حدیث میں کذب کی وجہ سے مابعد کی روایات میں کذب کا احتمال آگیا تو یہی احتمال ماقبل کی روایات میں بھی پیدا ہوگیا[1]۔
’’ تیسری بات تم نے یہ پوچھی ہے کہ ’’مسندالفردوس‘‘ کا محدثین کے یہاں کیا مقام ہے؟
اس کا جو مقام احقر کے خیال میں ہے وہ یہ ہے کہ اس کی سب روایتوں کو باطل وموضوع نہیں کہہ سکتے ہیں، ہمارے حضرت اقدس شاہ عبد العزیز محدث دہلوی رحمہ اللہ نے اپنے رسالہ ’’فيما يجب حفظه للناظر‘‘ میں طبقۂ رابعہ میں شمار فرمایا ہے، جس کی تمام روایات پر ضعف کا حکم لگایا جائے گا، اور حضرت اقدس شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمہ اللہ نے ’’حجۃ اللہ البالغہ‘‘ میں بھی طبقۂ رابعہ میں لیا ہے اور فرماتے ہیں کہ:
×أصلح هذه الطبقة ماكان ضعيفا محتملا، وأسوأها ماكان موضوعا مقلوبا شديد النكارة. وهذه الطبقة مادة كتاب الموضوعات لابن الجوزي÷ [2].
[اس طبقہ میں سب سے بہتر روایات وہ ہیں جو قابل تحمل ضعیف ہوں، اور سب سے بری روایات وہ ہیں جو موضوع ہوں، مقلوب، شدید نکارت پر مشتمل ہوں، یہ طبقہ ابن جوزی رحمہ اللہ کی کتاب ’’الموضوعات‘‘ کا مادہ ہے]