غیر معتبر روایات کا فنی جائزہ (حصہ اول)

روایت: ایک بَدُّو کا آپ ﷺ سے ۲۴ سوالات کرنا۔

تحقیق و نظرِ ثانی: مفتی طارق امیر خان صاحب

حکم: سنداً ثابت نہیں ہے، بیان نہیں کر سکتے۔

تحقیق کی تفصیل

اسلا می تاریخ کا ہر آنے والا دور ایک مضبوط بندھن کے ساتھ عہدِ رسالت سے جڑا ہوا ہے،اس مبارک ربط کو محدثین کی اصطلاح میں’’اسناد‘‘ کہا جاتا ہے، یہ سند نہ صرف مخبر صادق حضرت محمد ﷺ کے اقوال ہم تک پہنچاتی ہے، بلکہ ان احادیث کو اسی سند کی کسوٹی پر پرکھا جاتا ہے، چنانچہ حضرت عبد اللہ بن مبارک رحمہ اللہ نے امرِ دین (دینی معاملات) میں ’’اسناد‘‘ کا مقام ان لفظوں میں بیان کیا ہے:

’’مَثَلُ الذي یَطْلُبُ أمرَ دِیْنِه بلا إسنادٍ، کمثلِ الذي یَرْتَقِي السَّطْحَ بِلاَ سُلّمٍ‘‘[1].

جو شخص سند کے بغیر اپنے دین کو تلاش کرنا چاہے،اس کی مثال ایسی ہے جیسے کوئی شخص سیڑھی کے بغیر چھت پر چڑھنے کا خواہشمند ہو۔

یہی وجہ ہے کہ محدثینِ کرام نے ’’اسناد‘‘ کی مضبوط باڑ خیر القرون ہی میں قائم کر لی تھی، تاکہ ذخیرۂ احادیث کو خس وخاشاک سے بچایا جا سکے، چنانچہ آپ ﷺ کے انتساب سے صرف ایسی بات کی جاسکتی ہے جو کسی معتبر سند سے ثابت ہو،اسی تناظر میں حضرت عبد للہ بن مبارک رحمہ اللہ کا ایک دوسرا قول سنہرے حروف سے لکھے جانے کے لائق ہے:

’’... عن عبدان، قال: سمعتُ عبد اﷲ بن المبارک یقول: الإسناد عندي مِنْ الدین،ولولا الإسناد لَقَالَ مَنْ شاء: ما شَاء، ولکن إذا قیل له: مَنْ حَدَّثک؟بقي! [ساکتاً منقطعاً مفحماً] قال عبدان: ذَکَرَ ـ أي عبد اﷲ بن المبارک ـ هذا عند ذکر الزَنَادِقَة وما یَضَعُون مِنَ الأحادیث‘‘[2].

’’…حضرت عبداللہ بن مبارک رحمہ اللہ کے تلمیذ عبدان بن عثمان کہتے ہیں کہ میں نے عبد اللہ بن مبارک رحمہ اللہ کو یہ فرماتے ہوئے سنا: میرے نزدیک اسناد دین میں سے ہے، اگر اسناد نہ ہوتی تو یقیناً ہر شخص جو چاہتا سو کہتا رہتا ، لیکن جب اس سے پوچھا جائے کہ آپ کو یہ حدیث کس نے بیان کی ہے؟ تو وہ خاموش، چپ کھڑا ہو جاتا ہے! عبدان فرماتے ہیں کہ عبد اللہ بن مبارک رحمہ اللہ نے یہ قول زَنادقہ اور ان کی من گھڑت روایتوں پر گفتگو کے دوران فرمایا تھا‘‘۔

بہر حال اَسلاف کے اس منہج کو باقی رکھتے ہوئے، ہر فردِ امت کو اسلامی تعلیمات کے بارے میں حساس رہنے کی ضرورت ہے،اسی مقصود کے پیشِ نظر ذیل میں ایک ایسی ہی روایت پیش کی جارہی ہے، جو اگرچہ کسی معتبر سند سے ثابت نہیں ہے، اس کے باوجود یہ روایت زبان زَد عام ہے، حالاں کہ آپ جان چکے ہیں کہ ایسی بے اصل حدیثیں آپ ﷺ کی طرف منسوب کرنا ہر گز جائز نہیں۔

علامہ علاء الدین علی المتقی الہندی رحمہ اللہ (المتوفی ۹۷۵ھ) ’’ کنز العُمّال‘‘[3] میں لکھتے ہیں:

’’قال الشیخ جلال الدین السیوطي رحمه ﷲ تعالی: ’’وَجَدْتُ الشیخ شمس الدین بن القَمَّاح في مجموعٍ له، عن أبي العباس المُسْتَغْفِرِي قال: قَصَدْتُ مِصْرَ أرِیدُ طَلَبَ العِلْمِ مِنَ الإمام أبي حامد المِصْرِي والْتَمَسْتُ منه حدیث خالد بن الولید، أمَرَنِي بصوم سَنَة، ثُمَّ عاوَدْتُه في ذلک، فأخْبَرَنِي بإسناده عن مَشَایِخِه إلی خالد بن الولید، قال: جاء رجلٌ إلی النبي صلى اﷲ علیه وسلم...‘‘ .

’’علامہ جلال الدین سُیوطِی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ مجھے شیخ شمس الدین ابن القماح کے ایک ’’مجموعہ ‘‘میں یہ روایت ملی، جس میں ابو العباس مستغفری رحمہ اللہ سے یہ مروی تھا کہ میں نے ایک دفعہ علم کی تلاش میں ابو حامد مصری کے پاس مصر جانے کاارادہ کیا، وہاں پہنچ کر میں نے ان سے حدیثِ خالد بن ولید رضی اللہ عنہ کی التماس کی،انھوں نے مجھے ایک سال روزے رکھنے کا حکم فرمایا، پھر میں نے اس بارے میں ان سے دوبارہ گزارش کی، تو انھوں نے اپنے شیخ سے حضرت خالد بن ولیدرضی اللہ عنہ تک کی سندکے ساتھ مجھے یہ حدیث بیان کی:

حضرت خالد بن ولیدرضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ایک شخص حضور اقدس ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوکر کہنے لگا کہ میں دنیا وآخرت کے متعلق آپ سے پوچھنا چاہتا ہوں، آپﷺ نے فرمایا: جو چاہے پوچھو، اس پر وہ شخص کہنے لگا:

’’یا نَبِيَّ اﷲ! أحبُّ أنْ أکونَ أعلمَ الناس‘‘. اے اللہ کے نبی! میں سب سے بڑا عالم بننا چاہتا ہوں۔

آپ ﷺ نے فرمایا: ’’اتَّقِ اﷲ، تَکُنْ أعلمَ الناس‘‘. اللہ کا خوف اختیار کرلو، سب سے بڑے عالم بن جاؤ گے۔

وہ شخص کہنے لگا: ’’أحِبُّ أنْ أکونَ أغنی الناس‘‘. میں لوگوں میں سب سے زیادہ غنی بننا چاہتا ہوں۔

آپ ﷺ نے فرمایا: ’’کُنْ قنعاً، تَکُنْ أغنی الناس‘‘. قناعت اختیار کرو، لوگوں میں سب سے غنی بن جاؤ گے۔

وہ شخص کہنے لگا: ’’أحبُّ أن أکونَ خیرَ الناس‘‘. میں لوگوں میں سب سے بہتر بننا چاہتا ہوں۔

آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’خیرُ الناس مَنْ یَنْفَعُ الناسَ، فکُنْ نافعاً لهم‘‘. لوگوں میں سب سے بہتر شخص وہ ہے جو لوگوں کو نفع پہنچانے والا ہو، چنانچہ تو بھی لوگوں کو نفع پہنچانے والا بن جا۔

وہ کہنے لگا: ’’أحبُّ أنْ أکونَ أعدلَ الناس‘‘. میں لوگوں میں سب سے بڑا عادل بننا چاہتا ہوں۔

آپ ﷺ نے فرمایا: ’’أحِبَّ للنَّاس ما تُحِبُّ لنفسک، تکُنْ أعدلَ الناس‘‘. جو اپنے لئے پسند کرتا ہے وہی لوگوں کےلئے پسند کر، تو لوگوں میں سب سے بڑا عادل بن جائے گا۔

وہ کہنے لگا: ’’أحِبُّ أنْ أ کونَ أخَصّ الناس إلی اﷲ تعالی‘‘. میں اللہ کی بارگاہ میں سب سے خاص بندہ بننا چاہتا ہوں۔

آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’أکثِرْ ذکرَ ﷲ، تکنْ أخصّ العباد إلی اﷲ‘‘. اللہ کا ذکر کثرت سے کر، تو اللہ کے بندوں میں سب سے زیادہ خاص بن جائے گا۔

وہ کہنے لگا: ’’أحبُّ أن أکونَ مِنَ المُحْسِنِین‘‘. میں ان لوگوں میں ہونا پسند کرتا ہوں، جو احسان والے(صفتِ احسان کے ساتھ متّصف) ہیں۔

آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’أعْبُدِ اﷲ کأنّک تراه، فإن لم تَکُنْ تَرَاه فإنّه یراک‘‘. اللہ کی عبادت ایسے کر، گویا تو اس کو دیکھ رہا ہے، پھر اگر تو اسے نہیں بھی دیکھ رہا ہے، تو وہ تو تجھے دیکھ ہی رہا ہے۔

وہ کہنے لگا: ’’أحِبُّ أنْ یَکْمُلَ إیماني‘‘. میں چاہتا ہوں کہ میرا ایمان کامل ہوجائے۔

آپ ﷺ نے فرمایا: ’’حَسِّن خلقک، یَکْمُل إیمانُک‘‘. اپنے اخلاق اچھے بنالے، تیرا ایمان کامل ہوجائے گا۔

وہ کہنے لگا: ’’أحِبُّ أنْ أکونَ مِنَ المُطِیعِین‘‘. میں اللہ کے فرماں بردار بندوں میں سے بننا چاہتا ہوں۔

آپ ﷺ نے فرمایا: ’’أدِّ فرائض اﷲ، تَکُنْ مُطیعاً‘‘. اللہ کے فرائض کو بجا لاؤ، اللہ کے مطیع بن جائو گے۔

وہ کہنے لگا: ’’أحبُّ أنْ ألقی اﷲ نَقِیاًّ مِنَ الذ نوب‘‘. میں چاہتا ہوں کہ گناہوں سے پاک صاف ہوکر اللہ سے ملوں۔

آپ ﷺ نے فرمایا: ’’اغْتَسِلْ مِنَ الجَنَابَة مُتَطَهِّراً، تَلْقَی اﷲ یومَ القیامة وما علیک ذَنْبٌ‘‘. غسل جنابت خوب صفائی سے کیا کر، (ایسا کرنے پر) تو روزِ قیامت اللہ سے اس حال میں ملے گا کہ تجھ پر کوئی گناہ نہیں ہوگا۔

وہ کہنے لگا: ’’أحِبُّ أنْ أحْشَرَ یومَ القیامة في النُّور‘‘. میں چاہتا ہوں روزِ قیامت مجھے نور میں اٹھایا جائے۔

آپ ﷺ نے فرمایا: ’’لا تَظْلِمْ أحداً، تُحْشَر یوم القیامة في النور‘‘. کسی پر ظلم مت کر، روزِ قیامت تجھے نور میں اٹھایا جائے گا۔

وہ کہنے لگا: ’’أحِبُّ أن یَرْحَمَني رَبِّي‘‘. میں چاہتا ہوں کہ میرا رب مجھ پر رحم فرمادے۔

آپ ﷺ نے فرمایا: ’’ارحَمْ نَفْسَک وارْحَمْ خَلْقَ اﷲ، یَرْحَمک اﷲ‘‘. اپنے آپ پر رحم کھا، اور اللہ کی مخلوق پر رحم کر، اللہ تجھ پر رحم کرے گا۔

وہ کہنے لگا: ’’أحب أنْ تَقِلَّ ذُنُوبِي‘‘. میں چاہتاہوں کہ میرے گناہ کم ہوجائیں۔

آپ ﷺ نے فرمایا: ’’اسْتَغْفِرِ اﷲ، تَقِلّ ذُنوبُک‘‘. اللہ سے بخشش مانگ، تیرے گناہ کم ہوجائیں گے۔

وہ کہنے لگا: ’’أحِبُّ أنْ أکونَ أکرمَ الناسِ‘‘. میں چاہتا ہوں کہ لوگوں میں سب سے معزز بن جاؤں۔

آپ ﷺ نے فرمایا: ’’لا تَشْکُوَنّ اﷲ إلی الخَلْقِ، تَکُنْ أکرمَ الناس‘‘. لوگوں کے سامنے اللہ کی شکایت ہرگز مت کر، تو معزز ترین شخص بن جائے گا۔

وہ کہنے لگا: ’’أحِبُّ أنْ أکونَ مِنْ أحِبّاء اﷲ ورسوله‘‘. میں اللہ اور اس کے رسول ﷺ کا محبوب بننا چاہتا ہوں۔

آپ ﷺ نے فرمایا: ’’أحِبّ ما أحَبَّ اﷲ ورسوله، وأبغض ما أبْغَضَ اﷲ ورسوله‘‘. جو اللہ اور اس کے رسول کو محبوب ہو تو بھی اسے پسند کر، اور اللہ اور اس کے رسول جس چیز سے بغض رکھیں، تو بھی اس سے بغض رکھ۔

وہ کہنے لگا: ’’أحِبُّ أن أکونَ أمِناً مِنْ سَخَطِ ﷲ‘‘. میں اللہ کی ناراضگی سے مامون رہنا چاہتا ہوں۔

آپﷺ نے فرمایا: ’’لا تَغْضَبْ علی أحدٍ، تَاْمَن مِنْ غَضَبِ اﷲ وسَخَطِه‘‘. کسی پر غصہ مت ہو،تو اﷲ کے غصے اور ناراضگی سے محفوظ رہے گا۔

وہ کہنے لگا: ’’أحبُّ أن تُسْتَجَابُ دَعْوَتِي‘‘. میں مستجاب الدعوات بننا چاہتا ہوں۔

آپﷺ نے فرمایا: ’’اجْتَنِبْ الحرام، تُسْتَجَب دعوتُک‘‘. حرام سے پرہیز کر، مستجاب الدعوات بن جائے گا۔

وہ کہنے لگا: ’’أحبُّ لا یَفْضَحَنِي اﷲ علی رؤوس الأشْهَاد‘‘. میں چاہتا ہوں کہ اللہ تعالی گواہوں کے سامنے مجھے رسوا نہ کرے۔

آپ ﷺ نے فرمایا: ’’احْفَظْ فَرْجَک، کیلا تَفْتَضِح علی رؤوس الأشْهَادِ‘‘. اپنی شرمگاہ کی حفاظت کر، تاکہ تو گواہو ں کے سامنے رسوا نہ ہو۔

وہ کہنے لگا: ’’أحِبُّ أن یَسْتُرَ اﷲ علی عُیُوبِي‘‘. میں چاہتا ہوں کہ اللہ تعالی میرے عیبوں پر پردہ ڈال دے۔

آپ ﷺ نے فرمایا: ’’اسْتُرْ عُیُوبَ إخوانِک، یَسْتُر اﷲ علیک عُیوبَک‘‘. اپنے بھائیوں کے عیبوں پر پردہ ڈال، اللہ تیرے عیبوں پر پردہ ڈال دے گا۔

وہ کہنے لگا: ’’ما الذي یَمْحُو عَنّي الخَطَایَا؟‘‘. کون سی چیز میرے گناہوں کو مٹانے والی ہے؟

آپ ﷺ نے فرمایا: ’’الدُمُوع والخُضُوع والأمْرَاض‘‘. آنسو اور عاجزی اور بیماریاں۔

وہ کہنے لگا: ’’أيّ حَسَنَةٍ أفْضَلُ عندِ اﷲ؟‘‘. اللہ کے نزدیک کون سی نیکی سب سے افضل ہے؟

آپ ﷺ نے فرمایا: ’’حُسْنُ الخُلْقِ والتَّواضُع والصَّبْرُ علی البَلِیَّة والرِضَّاء بالقَضَاءِ‘‘. اچھے اخلاق، تواضع، مصیبت پر صبر اور اللہ کے فیصلے پر رضامندی۔

وہ کہنے لگا: ’’أيُّ سَیِّئَةٍ أعظمُ عند اﷲ؟‘‘. اللہ کے نزدیک کون سی برائی سب سے بڑی ہے؟

آپ ﷺ نے فرمایا، ’’سوءُ الخُلْقِ والشُحّ المُطَاع‘‘. بد اخلاقی اور وہ بخل جس کی اطاعت کی گئی ہو۔

وہ کہنے لگا، ’’ما الذي یُسَکِّن غَضَبَ الرَّحْمن؟‘‘. رحمٰن کے غصے کو ٹھنڈا کرنے والی چیز کیا ہے؟

آپ ﷺ نے فرمایا: ’’إخفاءُ الصَّدَقَةِ وصِلَةُ الرَحِم‘‘. چھپ کر صدقہ کرنا اور صلہ رحمی۔

وہ کہنے لگا: ’’ما الذي یُطْفِيء نارَ جَهَنَّم؟‘‘. دوزخ کی آگ کو بجھانے والی چیز کیا ہے؟

آپ ﷺ نے فرمایا: ’’الصوم‘‘. روزہ۔

علامہ جلال الدین سُیوطِی رحمہ اللہ (المتوفی۹۱۱ھ) نے ’’جامع الأحادیث‘‘[4] میں یہ روایت نقل کی ہے، پھر یہی روایت شیخ علاء الدین علی متقی ہندی رحمہ اللہ (المتوفی ۹۷۵ھ) نے ’’کنز العُمّال‘‘ میں امام سُیوطِی رحمہ اللہ کے حوالے سے نقل کی ہے۔

آپ تفصیل سے جان چکے ہیں کہ زیر بحث روایت کی سند ہی ثابت نہیں ہے، کیونکہ پوری سند میں صرف دو راویوں کے نام مذکور ہیں، جن میں سے ایک کا تو ذکر ہی کتب رجال وغیرہ میں نہیں ملتا، جب کہ رسول اللہ ﷺ کی طرف صرف ایسا کلام ہی منسوب ہوسکتا ہے جو پایۂ ثبوت تک پہنچ چکا ہو، بصورت دیگر روایت قابل التفات وبیان نہیں رہتی، چنانچہ شیخ عبد الفَتَّاح ابوغُدّہ رحمہ اللہ ’’المَصْنُوع في معرفة الحدیث الموضوع للعلامة علي القاري‘‘ کے مقدمہ میں لکھتے ہیں:

’’... وإذا کان الحدیث لا إسنادَ له، فلا قیمةَ له ولا یُلْتَفَتُ إلیه، إذ الإعتماد في نقل کلام سیّدنا رسول اﷲ ﷺ إلینا، إنّما هو علی الإسناد الصحیح الثابت أو مایقع موقعَه، وما لیس کذلک فلا قیمةَ له‘‘[9].

’’۔۔۔ اور جب حدیث کی سند ہی نہ ہو، تو وہ بے قیمت اور غیر قابل التفات ہے، کیونکہ ہماری جانب ہمارے آقا رسول اللہ ﷺ کے کلام کو نقل کرنے میں اعتماد صرف اسی سند پر ہو سکتا ہے، جو صحیح سند سے ثابت ہو یا جو اس کے قائم مقام ہو،اور جو حدیث ایسی نہ ہو تو وہ بے قیمت ہے‘‘۔

خلاصہ کلام یہ ہے کہ یہ روایت کسی’’ معتبر سند ‘‘سے ثابت نہیں ہے، اس لئے اسے آپ ﷺ کی طرف منسوب کرکے بیان کرنا جائز نہیں ہے۔

حوالہ جات

[1] الإسناد من الدين:16،تأليف:الشيخ عبد الفتاح أبو غدة،مكتب المطبوعات الإسلامية بحلب،الطبعة الأولى1412هـ .

[2] الإسناد من الدين:16،17،تأليف:الشيخ عبد الفتاح أبو غدة،مكتب المطبوعات الإسلامية بحلب،الطبعة الأولى1412هـ .

[3] كنزالعمال:كتاب المواعظ والرقائق والخطب والحكم،قسم الأفعال:16/53،رقم:44147،ت:محمود عمر الدمياطي،دار الكتب العلمية ـ بيروت،الطبعةالثانية1424هـ .

[4] جامع الأحاديث الجامع الصغير وزوائده والجامع الكبير:المسانيد والمراسيل،7/405،رقم:15922، تحقيق:عباس أحمد صقر وأحمد عبد الجواد،دار الفكر ـ بيروت،الطبعة1414هـ .

[5] طبقات الشافعية الكبرى:الطبقة السابعة:71/56،ت:مصطفى عبد القادر أحمد عطا،دار الكتب العلمية ـ بيروت،الطبعة الأولى۱۴۲۰هـ .

[6] الشماريخ في علم التاريخ:ذكر مبدأ التاريخ الهجري،1/12،ت:عبد الرحمن حسن محمود،مكتب الآداب ـ   القاهرة .

[7] الدرر الكامنة في أعيان المائة الثامنة:حرف الميم،2/185،رقم:3448،ت:الشيخ عبد الوارث محمد علي،دار الكتب العلمية ـ  بيروت،الطبعة الأولى1418هـ .

[8] الأنساب:باب الميم والسين،5/170،رقم:9851،ت:محمد عبد القادر عطا،دار الكتب العلمية ـ بيروت، الطبعة الأولى1419هـ .

[9] المصنوع:شذرات في بيان بعض الاصطلاحات،ص:18،ت:الشيخ عبد الفتاح أبو غدة،ایچ ـ ایم ـ سعید کمپنی کراچی .

[10] مسند أحمد:مسند خالد بن الوليد: 5/746، رقم:16948 ـ 16935،عالم الكتب ـ بيروت،الطبعة الأولى 1419هـ .