غیر معتبر روایات کا فنی جائزہ (حصہ ششم)

روایت: ’’درج ذیل کلمات پڑھنے پر حضور ﷺکی سفارش کہ حساب نہ لیا جائے، اور یہ کہ اللہ تعالی نے بخش دیا:

’’اللهم آمنّا في أوطاننا، وأصلحنا وأصلح ولاة أمورنا، اللهم صل على محمد كلما ذكره الذاكرون، وكلما غفل عن ذكره الغافلون‘‘. اے اللہ! ہمارے وطنوں کو امن کا گہوارہ بنا، اور ہمیں نیک بنا اور ہمارے حاکموں کو نیک بنا، اے اللہ! محمدﷺ پر رحمت کاملہ نازل فرما جب بھی یاد کرنے والے انہیں یاد کریں اور جب بھی غافل ہونے والے ان سے غافل ہوں‘‘۔

تحقیق و نظرِ ثانی: مفتی طارق امیر خان صاحب

تحقیق کی تفصیل

تلاش بسیار کے باوجودیہ روایت سند اًتاحال ہمیں کہیں نہیں مل سکی، اور جب تک اس کی کوئی معتبر سند نہ ملے اسے آپ ﷺ کے انتساب سے بیان کرنا موقوف رکھا جائے، کیونکہ آپﷺ کی جانب صرف ایساکلام اور واقعہ ہی منسوب کیا جاسکتا ہے جومعتبر سند سے ثابت ہو،واللہ اعلم ۔

واضح رہے کہ زیر بحث کلمات پر مذکورہ فضیلت سنداً کسی روایت میں نہیں مل سکی، تاہم یہ ضرور ہے کہ متعدد علماء نے خواب میں امام شافعی رحمہ اللہ  کی زیارت کی، پوچھنے پر امام شافعی رحمہ اللہ  نے بتایا کہ اللہ تعالی نے مذکورہ درود یعنی’’اللہم صل علی محمد کلما ذکرہ الذاکرون، وکلما غفل عن ذکرہ الغافلون‘‘ پڑھنے پر میری بخشش کردی، نیز نبیﷺ نے ان کے حق میں اللہ سے سفارش کی کہ ان سے حساب نہ لیا جائے، یہ ساری تفصیل حافظ سخاوی رحمہ اللہ  نے’’القول البديع‘‘[1] میں ان الفاظ سے نقل کی ہے:

’’وعن عبد الله بن عبد الحكم قال: رأيت الشافعي رضي الله عنه في النوم، فقلت له: ما فعل الله بك؟ قال: رحمني، وغفر لي، وزففت إلى الجنة كما تزف العروس، ونثر علي كما ينثر على العروس، فقلت له: بم بلغت هذه الحالة؟ فقال لي قائل: يقول لك: بما في كتاب الرسالة من الصلاة على محمد صلى الله عليه وسلم، قلت: وكيف ذلك؟ قال: قال: وصلى الله على محمد عدد ما ذكره الذاكرون وعدد ما غفل عن ذكره الغافلون، قال: فلما أصبحت نظرت في الرسالة، فوجدت الأمر كما رأيت صلى الله عليه وسلم، رواه النُمَيْرِي، وابن بَشْكُوَال، وابن مَسْدِي من طريق الطحاوي عنه.

وكذا روي كما أخرجه البَرَدَانِي في المنامات، ومن طريقه ابن مَسْدِي من طريق المُزَنِي أنه قال: رأيت الشافعي في المنام بعد موته فقلت له: ما فعل الله بك؟ فقال غفر لي بصلاة صليتها على النبي صلى الله عليه وسلم في كتاب الرسالة، وهي: اللهم صل على محمد كلما ذكره الذاكرون، وصل على محمد كلما غفل عن ذكره الغافلون.

وفي لفظ للبيهقي في المناقب من طريق محمد بن حمدان الطرائفي، عن عبد الله الدينوري، قال: سمعت أبا الحسن الشافعي قال: رأيت النبي صلى الله عليه وسلم في المنام، فقلت: يا رسول الله! بم جزي الشافعي عنك حيث يقول في كتاب الرسالة وصلى الله على محمد كلما ذكره الذاكرون، وغفل عن ذكره الغافلون؟ فقال: جزي عني أنه لا يوقف للحساب.

وكذا رواه التيمي في الترغيب، ومن طريقه أبو اليمن ابن عساكر لكن بلفظ: كلما ذكره الذاكر وغفل عن ذكره غافل، قال: جزي أنه لايوقف للحساب يوم القيامة.

ورويناه في الجزء المروي لنا من حديث ابن الصلاح من طريق أبي المظفر السمعاني بسنده إلى  أبي الحسين يحيى بن الحسين الطائي، وكذا هو في مسلسلات ابن مسدي من طريق أبي الحسين، قال: سمعت ابن بنُان الأصبهاني ـ وهو بموحدة مضمومة ـ يقول: رأيت رسول الله صلى الله عليه وسلم في المنام، فقلت: يا رسول الله! محمد بن إدريس الشافعي ابن عمك هل خصصته بشيء، أو هل نفعته بشيء؟ قال: نعم، سألت الله أن لا يحاسبه، فقلت: يا رسول الله بم؟ قال: لأنه كان يصلي علي صلاة لم يصل علي أحد مثلها، قلت: فما تلك الصلاة؟ قال: كان يقول: اللهم صل على محمد كلما ذكره الذاكرون، وصل على محمد كلما غفل عن ذكره الغافلون.

قلت: وقد بينت لفظ الشافعي في الفائدة التي قبيل الفصول من الباب الأول، وأنه فصلى الله على محمد نبينا كلما ذكره الذاكرون، وغفل عن ذكره الغافلون.

وعند البيهقي أيضا: أن الشافعي رئي في النوم، فقيل له: ما فعل الله بك؟ قال: غفر لي، فقيل له: بماذا؟ قال: بخمس كلمات كنت أصلي بهن على رسول الله صلى الله عليه وسلم، فقيل له: وما هن؟ قال: كنت أقول: اللهم صل على محمد عدد من صلى عليه، وصل على محمد بعدد من لم يصل عليه، وصل على محمد كما أمرت أن يصلى عليه، وصل على محمد كما تحب أن يصلى عليه، وصل على محمد كما تنبغي الصلاة عليه‘‘.

عبد اللہ بن عبد الحکم رحمہ اللہ  فرماتے ہیں: میں نے شافعی  رضی اللہ عنہ  کو خواب میں دیکھا تو ان سے پوچھا : اللہ تعالی نے آپ کے ساتھ کیا معاملہ کیا؟ شافعی رحمہ اللہ  نے فرمایا: مجھ پر اللہ نے رحم فرمایا اور میری بخشش کردی، اور مجھے جنت میں آراستہ کرکے ایسے بھیجا  گیا جیسے دلہن کو رخصت کیا جاتا ہے، اور مجھ پر ایسی چیزیں بکھیری گئیں، جیسے دلہن پر بکھیری جاتی ہیں، میں نے کہا : آپ اس مقام پر کیسے پہنچے ہیں؟ مجھے کسی کہنے والے نے کہا: یہ آپ سے کہہ رہے ہیں: کتاب ’’الرسالہ‘‘ میں موجود محمدﷺ پر درود کی وجہ سے، میں نے کہا کہ وہ درود کیسا ہے؟ انہوں نے کہا: ’’صلى الله على محمد عدد ما ذکره الذاکرون، وعدد ماغفل عن ذکره الغافلون‘‘.

 عبد اللہ بن عبد الحکم رحمہ اللہ  فرماتے ہیں: جب صبح ہوئی تو میں نے ’’رسالہ‘‘ کو دیکھا، اس میں اسی طرح تھا جس طرح میں نے رسول اللہ ﷺ کو خواب میں فرماتے ہوئے سنا ۔

نمیری رحمہ اللہ ، ابن بشکوال رحمہ اللہ ، ابن مَسْدِی رحمہ اللہ نے بطریق طحاوی رحمہ اللہ  اسے روایت کیا ہے، اور ایسے ہی بَرَدَانی رحمہ اللہ  نے ’’منامات‘‘میں  اور ان کے طریق سے ابن مَسْدِی رحمہ اللہ نے بطریق مزنی رحمہ اللہ  اسےنقل کیا ہے، وہ فرماتے ہیں: میں نے شافعی رحمہ اللہ  کے انتقال کے بعد ان کو خواب میں دیکھا تو میں نے ان سے کہا: اللہ نے آپ کے ساتھ کیا معاملہ کیا؟ شافعی رحمہ اللہ  نے کہا: اللہ تعالی نے کتاب ’’الرسالہ‘‘ میں موجود درود کی وجہ سے میری بخشش کر دی، جو میں نے نبیﷺ پر پڑھا تھا، وہ درود یہ ہے: ’’ اللهم صل علی محمد کلما ذکره الذاکرون، وصل على محمد کلما غفل عن ذکره الغافلون‘‘.

بیہقی رحمہ اللہ   کی ’’مناقب‘‘میں محمد بن حماد طرائفی، عن ابی عبد اللہ دِیْنَوَرِی کی سند سے یہ الفاظ منقول ہیں:دِیْنَوَرِی فرماتے ہیں کہ میں نے ابو الحسن شافعی رحمہ اللہ  کو ارشاد فرماتے سنا ہے :میں نے نبیﷺ کو خواب میں دیکھا تو عرض کیا: یا رسول اللہ! شافعی نے کتاب ’’الرسالہ‘‘ میں آپ پر یہ درود پڑھا ہے: ’’وصلى الله على محمد کلما ذکره الذاکرون، و غفل عن ذکره الغافلون‘‘، اس درود کا آپ ﷺ کی جانب سے  ان کو کیا بدلہ ملا ہے؟ آپﷺ نے ارشاد فرمایا: میری جانب سے ان کو یہ جزا ملی ہےکہ ان کو حساب کے لئے روکا نہیں جائے گا۔

اور اسی طرح تیمی رحمہ اللہ  نے’’ترغیب‘‘ میں، اور ان کے طریق سے ابو الیمن ابن عساکر رحمہ اللہ  نے روایت کیا ہے،تاہم اس کے الفاظ یہ ہیں: ’’ کلما ذکره ذاکر، وغفل عن ذکره غافل‘‘، آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا: ان کو یہ جزا ملی ہےکہ ان کو حساب کے لئے روکا نہیں جائے گا۔

ابن صلاح رحمہ اللہ  کی حدیث میں سے ہم تک منقول جزء میں ہمیں بطریق ابو المظفر سمعانی بسندہ الی ابی الحسین یحیی بن حسین طائی روایت کیا گیا ہے، اور مسلسلات ابن مَسْدِی میں بھی یہ اسی طرح بطریق ابو الحسین ہے، وہ فرماتے ہیں: میں نے ابن بُنَان اصبہانی،یہ(لفظ بُنَان) باءکے ضمہ کے ساتھ ہے، کو فرماتے ہوئے سنا ہے: میں نے رسولﷺ کو خواب میں دیکھا تو عرض کیا، یا رسول اللہ! آپ کے چچا کے بیٹے محمد بن ادریس شافعی کو آپ نے کوئی  خصوصیت بخشی ہے، یا آپ سے ان کو کوئی فائدہ مل سکا ہے؟ آپﷺ نے ارشاد فرمایا: جی ہاں، میں نے اللہ سے یہ درخواست کی تھی وہ ان کا حساب نہ لے، میں نے عرض کیا ، یارسول اللہ! اس کی وجہ کیا تھی؟  آپﷺ نے ارشاد فرمایا: اس کی وجہ یہ تھی کے شافعی نے مجھ پر ایسا درود پڑھا تھا جو مجھ پر کسی نے نہیں پڑھا، میں نے عرض کیا: وہ کون سا درود تھا؟ آپﷺ نے ارشاد فرمایا: شافعی نے یہ درود پڑھا تھا: ’’اللهم صل على محمد کلما ذکره الذاکرون، وصل على محمد کلما غفل عن ذکره الغافلون‘‘.

حافظ سخاوی رحمہ اللہ  فرماتے ہیں: میں نے شافعی رحمہ اللہ  کے الفاظ کو اس فائدہ میں بیان کیا ہےجو  باب اول میں فصول سے پہلے ہے، اور وہ یہ ہیں: ’’فصلى الله على محمد نبینا کلما ذکره الذکرون، وغفل عن ذکره الغافلون‘‘.

اور بیہقی رحمہ اللہ  کے نزدیک یہ بھی ہے کہ شافعی رحمہ اللہ  کو خواب میں دیکھا گیا تو ان سے پوچھا گیا : اللہ نے آپ کے ساتھ کیا معاملہ کیا؟ آپ نے فرمایا: اللہ نے میری بخشش کردی، پھر پوچھا گیا: کس عمل کی وجہ سے؟ شافعی رحمہ اللہ  نے فرمایا: پانچ کلمات کی بدولت، جن کے ذریعہ میں رسول اللہﷺ پر درود پڑھتا تھا، ان سے پوچھا گیا وہ کلمات کون سے ہیں؟ آپ نے فرمایا کہ میں یہ پڑھتا تھا: ’’اللهم صل علی محمد عدد من صلی علیه، وصل علی محمد بعدد من لم یصل علیه، وصل على محمد کما أمرت أن یصلى علیه، وصل على محمد کما تحب أن یصلى علیه، وصل على محمد کما تنبغی الصلاة علیه‘‘.

حوالہ جات

[1] القول البديع:ص:489،ت:محمد عوامة،دار اليسر ـ المدينة المنورة،الطبعة الثالثة1432هـ  .