حضرت مولانا محمد یونس جونپوری صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا من گھڑت روایات پر تعاقب

اذان کے بعددعائے وسیلہ میں لفظ ×الدرجة الرفيعة÷ مجموعی طور پر ثابت نہیں ہے،اسی طرح ×وارزقنا شفاعته يوم القيامة÷ کے الفاظ بھی کہیں نہیں ملے، ہاں اس کے ہم معنی الفاظ وارد ہیں۔

تحقیق و نظرِ ثانی: مفتی طارق امیر خان صاحب

تحقیق کی تفصیل

زیادتی اول ابن السُنّی lکی ’’عمل الیوم واللیلۃ‘‘ کے مطبوعہ نسخوں میں پائی جاتی ہے،مگر بندہ کے خیال میں یہ زیادتی صحیح نہیں، کسی کاتب وغیرہ نے حاشیہ وغیرہ پر لکھ دیا ہوگا، جو بعد میں متن کتاب میں آگیا،اس کا قرینہ یہ ہے کہ حافظ ابن السُنّی رحمہ اللہ نے یہ حدیث امام نسائی رحمہ اللہ کی سند سے نقل کی ہے جو انہوں نے ’’مجتبیٰ‘‘ میں ذکر کی ہے اور ’’سنن نسائی‘‘ میں اس زیادتی کا کہیں وجود نہیں ۔

امام نسائی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ×أخبرنا عمرو بن منصور، حدثنا علي بن عياش، حدثنا شعيب، عن محمد بن المنكدر، عن جابر  رضي الله تعالى عنه قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: .... الحديث÷. ابن السُنّی فرماتے ہیں: ×حدثنا أبو عبد الرحمن قال: أخبرنا عمرو بن منصور فذكر إسناد النسائي÷.

اب ×الدرجة الرفيعة÷ کی زیادتی یا تو ابن السُنّی نے کی ہے یا کسی اور نے، ظاہر ہے کہ اگر ابن السُنّی یہ زیادتی کریں گےتو حافظ نسائی رحمہ اللہ سے لیں گے، اس لئے کہ یہ حدیث انہیں کی سند سے نقل کر رہے ہیں، لہٰذا یہ زیادتی امام نسائی رحمہ اللہ کے پاس ہوگی، حالانکہ اگر یہ زیادتی امام نسائی رحمہ اللہ کے پاس اس سند صحیح کے ساتھ ہوتی تو وہ اپنی ’’سنن‘‘ میں ضرور ذکر فرماتے، جیسا کہ وہ الفاظِ زائدہ پر نوع آخر وغیرہ کہہ کر تنبیہ فرماتے ہیں، اس لئے بندہ کی رائے میں یہ زیادتی کسی اور نے کی ہے۔

دوسرا قرینہ یہ بھی ہے کہ حضرت امام نَوَوِی رحمہ اللہ نے کتاب ’’الاذکار‘‘ میں اس زیادتی پر تنبیہ نہیں کی، حالانکہ امام نَوَوِی رحمہ اللہ کتابِ ابن السنی سے وہ احادیث والفاظ لیتے ہیں جو دوسری کتب حدیث میں نہ ہوں، نیز شراح بخاری میں سے کسی نے بھی اس زیادتی پر تنبیہ نہیں کی، حتیٰ کہ حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ نے بھی ذکر نہیں فرمایا، حالانکہ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ کے سامنے کتابِ ابن السنی ہے، نہ امام سیوطی رحمہ اللہ نے یہ زیادتی اپنی کتابوں میں نقل فرمائی، حافظ سیوطی رحمہ اللہ نے ایک کتاب تالیف فرمائی ہے جس کا نام ×الکلم الطیب والقول المختار فی المأثور من الدعوات والأذکار÷ ہے، نام سے مضمون کتاب واضح ہے، اس میں امام سیوطی رحمہ اللہ نے ادعیہ کو بھی ذکر فرمایا ہے،اور جو الفاظ زائدہ وارد ہوئے ہیں ان کو بھی ذکر فرمایا ہے، مگر×الدرجة الرفيعة÷ کہیں بھی ذکر نہیں فرمایا، حالانکہ کتاب ابن السُنِّی وغیرہ ان کے سامنے ہے، جیسا کہ مقدمہ میں ظاہر کیا ہے۔

لہذا یہ زیادتی میرے خیال میں کسی کاتب کی غلطی سے متن کتاب میں آگئی، اس کا کتبِ حدیث میں کہیں وجود نہیں ہے، حافظ شمس الدین السخاوی رحمہ اللہ ’’المقاصد الحسنۃ ‘‘ میں لکھتے ہیں: ×لم أره في شيء من الروايات اهـ ÷. [میں نے کسی روایت میں یہ نہیں دیکھا]

حافظ سخاوی رحمہ اللہ کا یہ مقولہ علامہ قَسْطَلاَّنی رحمہ اللہ نے ’’مواہب‘‘ میں، ملاعلی قاری رحمہ اللہ نے ’’شرح مشکوٰۃ‘‘ میں، علامہ زَبِیدی رحمہ اللہ نے ’’اتحاف السادۃ‘‘ میں، علامہ عبد الحی لکھنوی رحمہ اللہ نے ’’حاشیۃ الحصن‘‘ میں، اور دوسرے علماء نے دوسری کتابوں میں كالشهاب الخَفَاجِي في نسيم الرياض (ص: ۳۶۶،ج: ۲) بلانکیر نقل فرمایا ہے ۔

بلکہ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے بھی اس زیادتی کا انکار کیا ہے،’’التلخیص الحبیر‘‘ (ص: ۷۸) میں رقمطراز ہیں:

×ولیس فی شيء من طرقه ذکر الدرجة الرفيعة، انتهى. وکذا قال الشیخ ابن حجر المکي في تحفة المحتاج (ص: ۱۲۸، ج:۱)÷. [حدیث کے کسی بھی طریق میں ’’الدرجۃ الرفیعۃ ‘‘ کا ذکر نہیں ہے،انتہیٰ ۔ اور اسی طرح شیخ ابن حجر مکی رحمہ اللہ نے ’’تحفۃ المحتاج ‘‘ میں کہا ہے]

×[قال الشيخ الجونفوري] وقد ذکرتْ هذه الزیادة فی فتاوی ابن تیمیة المطبوعة بالریاض (ص: ۱۹۲) معزیا إلى البخاري، وکأنه خطأ من الکاتب÷. [(حضرت جونپوری رحمہ اللہ فرماتے ہیں)اور یہ زیادتی فتاویٰ ابن تیمیہ، طبع ریاض میں بحوالہ بخاری ذکر کی گئی ہے، لگتا ہے کہ یہ کاتب کی غلطی سے ہے]

البتہ علامہ زَرْقَانی رحمہ اللہ نے ’’شرح مواہب‘‘ (ص: ۳۵۲،ج:۶) میں اس کے ثابت کرنے کی کوشش کی ہے،فرماتے ہیں:

 ×لكن عند ابن أبي عاصم بسند فيه المسعودي وهو ثقة: أللهم صل على محمد وأبلغه الدرجة والوسيلة في الجنة. قال الزَرْقَانِي: فقد ورد بمعناها، والله أعلم÷. [لیکن ابن ابی عاصم کی ایک سند جس میں مسعودی - جو کہ ایک ثقہ راوی ـ ہے،اس کےیہ الفاظ ہیں: اے اللہ! محمد پر درود نازل فرما، اور انہیں جنت میں درجہ وسیلہ عطاکر، زَرْقَانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: یہ اسی کے معنی میں وارد ہے، واللہ اعلم ]

اس سے اتنا ضرور مترشح ہوتا ہے کہ یہ زیادتی ’’ کتاب ابن السُنِّی‘‘ میں نہیں ہے، ہمارے خیال میں حافظ ابن حجر رحمہ اللہ وحافظ سخاوی رحمہ اللہ وغیرہما نے ×الدرجة الرفيعة÷ مجموعہ کے ثبوت کا انکار کیا ہے، اور یہ کسی روایت میں بھی ثابت نہیں رہ گیا ۔

مطلق لفظ ×درجة÷ بھی ثابت ہے یا نہیں؟بعض روایات میں وارد ہے، مگر ان سب کے طرق میں کلام ہے:

حوالہ جات

[1]الیواقیت الغالیہ: دعائے اذان میں الدرجۃ الرفیعۃ اور وارزقنا شفاعتہ کا ثبوت ؟ ۱/۱۵۳ ـ ۱۵۶۔

پہلے اضافے یعنی ’’الدرجۃ الرفيعۃ‘‘ کے بارے میں علامہ عجلونی رحمہ اللہ نے ’’ کشف الخفاء ‘‘(۱/ ۴۵۶، رقم:۱۲۸۹)میں،علامہ محمد درویش رحمہ اللہ نے ’’اسنى المطالب‘‘ (رقم:۶۷۰)میں اور علامہ قاؤقجی رحمہ اللہ نے ’’اللؤلؤ الموصوع‘‘ (رقم:۱۹۸)میں حافظ سخاوی رحمہ اللہ کے قول پر اکتفاء کیا ہے،حضرت مولانا انورشاہ کشمیری رحمہ اللہ ’’العرف الشذی‘‘ (۱/۲۲۳)میں ان دونوں الفاظ: ’’الدرجۃ الرفيعۃ‘‘ اور ’’وارزقنا شفاعتہ‘‘ کے بارے میں فرماتے ہیں کہ ان کی کوئی اصل نہیں ۔