غیر معتبر روایات کا فنی جائزہ (حصہ سوم)

روایت : ’’عید کے دن رسالت مآبﷺ کا ایک بے سہارایتیم بچےکے ساتھ اخلاق کریمانہ سے پیش آنا ‘‘

تحقیق و نظرِ ثانی: مفتی طارق امیر خان صاحب

حکم: یہ روایت سنداً نہیں ملتی،بیان کرنا موقوف رکھا جائے ۔

تحقیق کی تفصیل

شیخ عبدالمجید بن علی عدوی رحمہ اللہ  (متوفی۱۳۰۳ھ) ’’التحفة المرضیة في الأخبار القدسية‘‘ [1] میں بلاسند لکھتے ہیں: ’’روی أن النبی صلى الله علیه وسلم خرج یوما لصلاة العید والصبیان یلعبون، وفیهم صبی جالس فی ناحیة یبکی ولایلعب معهم، فقال النبی صلى الله علیه وسلم: أیها الصبی! مالک تبکی، ولاتلعب مع الصبیان؟ فقال له الصبي، وهو لایعرفه: دعنی أیها الرجل! فإن أبی مات فی الغزوة مع رسول الله صلى الله علیه وسلم، فتزوجت أمی برجل غیره، فأکل مالی وأخرجنی زوجها من بیتی، ولیس لی طعام ولاشراب ولا ثیاب ولا بیت آوي إلیه، فلما رأیت الصبیان ذوی الآباء ویلعبون وعلیهم الثیاب الجدد تجدد حزنی، فلذلک بکیت .

فأخذ النبی صلى الله علیه وسلم بیده فقال: أما ترضى أن أکون لک أبا وعائشة أما وفاطمة أختا وعلی عما والحسن والحسین إخوة؟ فعرف الصبی أنه النبی صلى الله علیه وسلم فقال: کیف لا أرضى یا رسول الله! فحمله النبی صلى الله علیه وسلم إلى منزله وألبسه أحسن الثیاب، وزینه، وأطعمه حتى أرضاه، فخرج إلى الصبیان ضاحکا مسرورا، فلما راوه قالوا: أنت الآن کنت تبکی فما بالک صرت مسرورا؟ فقال لهم: کنت جائعا فشبعت، وکنت عریانا فاکتسیت، وکنت یتیما فصار رسول الله صلى الله علیه وسلم أبی وعائشة أمی إلى أخر ماتقدم، فقال الصبیان: لیت آباءنا کلهم ماتوا فی الغزوة مثلک، واستمر الصبی عند رسول الله صلى الله علیه وسلم حتى قبض، فخرج یبکی ویحثو التراب على رأسه ویقول: الآن صرت یتیما، الآن صرت غریبا، فضمه أبوبکر رضی الله عنه‘‘.

منقول ہے کہ نبی اکرم ﷺ عید کی نماز کے لئے گھر سے باہرتشریف لائے، بچے کھیل رہے تھے، ان میں ایک بچہ کونے میں بیٹھا رو رہا تھا ،آپ ﷺ نے فرمایا کہ اے بچے ! تجھے کیا ہوا کہ تو رو رہا ہے اور ان بچوں کے ساتھ نہیں کھیل رہا ؟وہ بچہ آپ ﷺ کونہیں جانتا تھا، اس نے کہا :اےشخص !مجھے اپنے حال پررہنےدو،میرے والد رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ایک غزوہ میں شہید ہوگئے ہیں،اور میری والدہ دوسرے شخص سے نکاح کرچکی ہیں،جس نے میرامال بھی کھا لیاہے،اور اب اس کے شوہر نے مجھ کو میرے گھر سےنکال دیاہے،اوراب نہ میرے پاس کھا نا ہے نہ پینا ہے،نہ کپڑے ہیں،نہ ہی کو ئی گھرہے جو میراٹھکانہ ہو،جب میں نے ان بچوں کوکھیلتےہوئے دیکھا جن کے باپ زند ہ ہیں اور انہوں نے نئے کپڑے پہنے ہوئے ہیں تومیراغم اوربھی بڑھ گیا،اس لئے میں روپڑا۔

آپﷺ نے اس کا ہاتھ پکڑا اور کہا: کیا تواس چیز پر راضی نہیں کہ میں تیرا باپ ہوں،عائشہ رضی اللہ عنہا  تیری ماں ہو،فاطمہ رضی اللہ عنہا  تیری بہن ہو،علی رضی اللہ عنہ  تیرےچچا ہوں ،حسن رضی اللہ عنہ  وحسین رضی اللہ عنہ  تیرے بھائی ہوں ؟ اب بچے نے پہچان لیا کہ یہ رسول اللہ ﷺ ہیں ،اس نے کہا :یارسول اللہ !میں کیسےاس پر راضی نہ ہوں ،آپ ﷺ نے اسے اٹھایا اور گھر لے آئے، اسے اچھا لباس پہناکرخوب آراستہ کیا ،اسے کھانا کھلایاحتی کہ اسے خوش کردیا ،یہ لڑکا بچوں کے پاس ہنستا مسکراتا ہوا آیا ،بچوں نے جب اسے اس حال میں دیکھا تو کہا : ابھی تو تم رورہےتھے ،تجھے کیا ہوا کہ تم خوش ہو ؟ اس نے کہا کہ میں بھوکا تھا میرا پیٹ بھرگیا، میں بے لباس تھا مجھے کپڑے مل گئے ،میں یتیم تھا رسول اللہ ﷺ میرے باپ، عائشہ رضی اللہ عنہا  میری ماں بن گئیں اور آخر تک تمام قصہ سنایا ،بچوں نے کہا :کاش ہم سب کے والد بھی غزوہ میں شہید ہوجاتے جس طرح تیرے والد شہید ہوئے ،وہ بچہ آپ ﷺ کے ساتھ رہا یہاں تک آپﷺ کا وصال ہوگیا،اس دن وہ بچہ روتے ہوئے سرپر مٹی ڈالتے ہوئے نکلا اور کہہ رہاتھا کہ آج میں یتیم ہوگیا ،آج میں غریب ہوگیا ،ابوبکر رضی اللہ عنہ  نے اسے اپنے سے چمٹالیا[2]۔

یہ واقعہ اس خاص انداز وسیاق سے ہمیں باوجود تتبع وتلاش کےذخیرۂ احادیث میں سنداًکہیں نہیں مل سکا،چنانچہ جب تک اس روایت کی کوئی معتبر سند نہیں مل جاتی اسے بیان کرنے کو موقوف رکھا جائےاورہرگز بیان نہ کریں ۔

حوالہ جات

[1]  التحفة المرضیة:ص:۵۸،المطبع الکاستلیة ـ مصر .

[2] یہی واقعہ کچھ فرق اور اضافہ کے ساتھ اس طرح بیان کیا جاتا ہے :

1 عید کے دن آپﷺ گھر سے مسجد کی طرف جارہے تھے ،راستے میں ایک جگہ کچھ ایسے بچوں کوکھیلتے دیکھا جنہوں نے اچھے کپڑے پہنتے ہوئے تھے ،بچوں نے سلام کیا توآپ ﷺ نے جواب ارشاد فرمایا ،کچھ آگے تشریف لے گئے تووہاں ایک بچے کو اداس بیٹھے دیکھا آپ اس کے قریب رک گئے اور پوچھا :تمہیں کیا ہوا کہ اداس اور پریشان نظر آرہے ہو؟ اس نے روتے ہوئے کہا: اے اللہ کے محبوب !میں یتیم ہوں ،میراباپ نہیں ہے جو میرے لئے کپڑے لادیتا میری ماں نہیں ہے جومجھے نہلاکر نئے کپڑے پہنادیتی ،اس لئے میں یہاں اکیلااداس بیٹھا ہوں ،آپ ﷺ اسے لے کر اپنے گھرتشریف لے گئے اور ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا  سے فرمایا :اس بچے کونہلادو ،اتنے میں آپﷺ نے اپنی مبارک چادر کے دو ٹکڑے کردیے ،کپڑے کا ایک ٹکڑا اسے تہبند کی طرح باندھ دیا گیا اور دوسرا اس کے بدن پر لپیٹ دیا گیا ،پھر اس کے سر پر تیل لگا کر کنگھی کی گئی حتی کہ جب وہ بچہ تیار ہوکر آپﷺ کے ساتھ چلنے لگا توآپ ﷺ نیچے بیٹھ گئے اور اس بچے سے فرمایا:آج تو پیدل چل کر مسجد نہیں جائے گا بلکہ میرے کندھوں پرسوار ہوکر جائے گا۔

جب مسجدتشریف لاکر منبر پرجلوہ افروز ہوئے تو وہ بچہ نیچے بیٹھنے لگا ،آپﷺ نے اسےفرمایا:آج تم زمین پر نہیں بیٹھو گے بلکہ میرے ساتھ منبر پر بیٹھوگے ، آپﷺ نے اس بچے کو منبر پر بٹھایا اور پھر اس کے سرپر ہاتھ رکھ کر فرمایا:جو شخص یتیم کی کفالت کرے گا اور محبت وشفقت سے اس کے سر پرہاتھ پھیرے گا ،اس کے ہاتھ کےنیچے جتنے بال آئیں گے،اللہ اس کے نامہ اعمال میں اتنی ہی نیکیاں لکھ دے گا ،مزید فرمایا : مسلمان مسلمان کا بھائی ہے وہ اس کو مصیبت کے وقت تنہا نہیں چھوڑتا ،جوشخص اپنے بھائی کی مدد کرتا ہے ،اللہ تعالی اس کی مدد کرتا ہے،جوشخص کسی مسلمان کی مشکل دور کرے گا اللہ تعالی اس کے بدلےقیامت میں اس سے سختی دور فرمائے گا۔

2 اسےایک موقع پر یوں بھی بیان کیاگیاہے : آپ ﷺ اس بچے کو اپنے کندھے پرسوارکرکے اس گلی سے تشریف لے جارہے تھے ،بچوں نے جویہ دیکھا تو تمنا کی کہ کاش ہم بھی یتیم ہوتے اور آپﷺ کے کندھوں پر سوار ہونے کا شرف حاصل کرتے ۔

3 ایک جگہ یوں بیان کیا گیا ہے:اس بچہ کا باپ کافر تھا وہ فوت ہوگیا تھا ،اس لئے وہ بےیارومددگارتھا ۔

[3] المعجم الأوسط:۳ /۲۸۵،رقم:۳۱۶۶،ت:طارق بن عوض الله بن محمد،دارالحرمين ـ القاهرة،الطبعة ۱۴۱۵هـ .

[4]  فتح الباري:۱۱/۱۵۱،ت:عبدالعزیز بن باز،دارالمعرفةـ بيروت،الطبعة۱۳۷۹هـ .

[5] صحيح البخاري:۳/۱۲۸،رقم:۲۴۴۲،ت:محمدزهير بن ناصر الناصر،دارطوق النجاةـ بیروت، الطبعة ۱۴۲۲هـ .