غیر معتبر روایات کا فنی جائزہ (حصہ ہشتم)

روایت: شہد کی مکھیوں کا آپ ﷺ کو یہ بتانا کہ ہم پھلوں کا رس چوستے وقت آپﷺ پر درود بھیجتی ہیں، جس کی وجہ سے شہد میں مٹھاس پیدا ہوجاتی ہے۔

تحقیق و نظرِ ثانی: مفتی طارق امیر خان صاحب

حکم: سنداً نہیں ملتی، اس کو بیان نہ کیا جائے۔

تحقیق کی تفصیل

زیر بحث روایت کو مولانا خواجہ ضیاء اللہ نقشبندی رحمہ اللہ (۱۱۴۰ھ زمانۂ تالیف کتاب ہذا) نے ’’مقاصد السالكين‘‘[1]  میں ان الفاظ سے ذکر کیا ہے:

’’کہتے ہیں کہ ایک روز آنحضرت ﷺ جہاد کو تشریف لے جا رہے تھے، صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی جماعت ساتھ تھی، خیمہ میں اترے اور آپ نے کھانا طلب کیا، ایک روٹی جَو کی موجود تھی، وہ حاضر کی گئی، فرمایا: کچھ لگاؤں (لازمہ سالن) بھی ہے؟ دوستوں نے عرض کیا کہ کچھ نہیں۔

اتفاقاً ایک شہد کی مکھی اصحاب رضی اللہ تعالی عنہم اجمعین کے سروں پر گھوم رہی تھی، اور بڑے زور سے بھنبھناتی تھی، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے عرض کیا: یا رسول اللہ! یہ مکھی کیوں اس قدر شور مچاتی ہے؟ فرمایا: یہ کہتی ہے: ہم مکھیوں کی فوج بے قرار اور ملول ہیں کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم روٹی کو بغیر لگاؤں کے کھاتے ہیں، حالانکہ ہم نے اسی پڑوس والے پہاڑ میں شہد تیار کر رکھا ہے، لیکن اس کے یہاں لانے کے وسائل اور طاقت ہم میں نہیں ہے، کسی کوبلاتی ہیں کہ وہاں سے جاکر شہد لائے۔

امیر المومنین حضرت علی المرتضی کرم اللہ وجہہ اٹھ کھڑے ہوئے اور آنحضرت ﷺ کا چوبی پیالہ اپنے ساتھ لیا، اور مکھی کے پیچھے پہاڑ کی طرف گئے، مکھی ایک غار میں چلی گئی، حضرت علی رضی اللہ عنہ  نے بھی اس کا تعاقب کیا، نہایت صاف ومصفّا شہد دیکھا، آنحضرت صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں حاضر کیا، آپ نے وہ شہد دوستوں میں بانٹ دیا، اور سب کو حصہ مل گیا، لیکن وہ شہد کی مکھی ویسے ہی بھنبھنا رہی تھی، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے آنحضرت ﷺ سے اس کا سبب دریافت کیا، آنحضرت ﷺ نے جواب دیا کہ ہمارے ساتھ سوال وجواب کررہی ہے، میں نے اس سے پوچھا ہے: تمہاری خوراک کیا ہے؟ اس نے جواب دیا ہے: اے اللہ کے رسول! اس پہاڑ اور بیابان میں ہم کڑوے پھول اور بے مزہ پتے کھاتی ہیں۔

پھر میں نے پوچھا: جب تمہاری خوراک ایسی کڑوی اور بے مزہ ہے تو پھر ایسا صاف ومصفّا اور مصفا وشیریں شہد کیوں کر ممکن ہوا؟ تو اس نے جواب دیا: اے اللہ کے رسول! ہمارا ایک امیر اور سردار ہے، جس کے ہم سب تابع ہیں، جب ہم پھولوں کا رس چوسنے بیٹھتی ہیں،تو ہمارا امیر آپ پر درود شریف بھیجنے کےلئے زبان کھولتا ہے، تو ہم سب اس کی ہم آواز ہوتی ہیں، اور آنحضرت ﷺ پر درود بھیجتی ہیں، تو وہ سب تلخ پھول اور بے مزہ پتے درود شریف کی برکت سے ہمارے حلق میں پہنچتے ہی شیریں ہوجاتے ہیں، اور شہد نہایت صاف ومصفّا ہوجاتا ہے، اسی سبب سے لوگوں کے درد کی شفاء اس میں ہے۔

تلاش بسیار کے باوجود یہ روایت سنداً نہیں مل سکی، اس لئے اس کو بیان نہ کیا جائے، واللہ اعلم۔

حوالہ جات

[1] مقاصد السالكين:مترجم:ملك فضل الدين نقشبندی،ص:۶۷،اسلامك كلچرل فاؤنڈيشن،يو کے۔