روایت: روزِ محشر انبیاء علیہم الصلاۃ والسلام کو حکم ہوگا: تم اپنی امتوں کو پیش کرو، نبی ﷺ امت کے نیک لوگوں کو حاضر کریں گے، لیکن ارشاد ہوگا کہ بے نمازی، تارکِ زکوۃ، ماں باپ کے نافرمان، پڑوسی پر ظلم کرنے والے، اور جھوٹ بولنے والوں کو لاؤ تاکہ اللہ تعالی کی مغفرت وکرم کا اظہار ہوسکے۔
تحقیق کی تفصیل
علامہ احمد سعید صاحب دہلوی رحمہ اللہ نے اپنی کتاب ’’پہلی تقریر سیرت‘‘[1] میں کتاب ’’تفسیر اسرار الفاتحہ‘‘کے حوالہ سے یہ روایت بلا سند ان الفاظ سے ذکر کی ہے:
’’نبی کریمﷺنے فرمایا: قیامت میں ہر ایک پیغمبر کو حکم ہوگا کہ تم اپنی اپنی امتوں کو حاضر کرو، تمام پیغمبر اس کی تعمیل کریں گے، میں اپنے اصحاب اور دیگر رفقاء سے مشورہ کروں گا کہ مجھ کو کیا کرنا چاہئے ، سب لوگوں کی رائے یہ ہوگی کہ آپ کی امت میں بے شمار نیک لوگ ہیں ان کو اپنے ہمراہ لیجایئے اور پیش کردیجئے، آپ کی امت کو جنت میں داخل ہونے کا حکم دےدیا جائے گا، سرکار ﷺ فرماتے ہیں: میں اپنی امت کے لوگوں کو جمع کرکے پیش کروں گاتو ارشاد ہوگا:
اے محمد! یہ تو سب کے سب نمازی اور تہجد گزار ہیں، وہ لوگ کہاں ہیں جو کبھی نماز ہی نہیں پڑھتے تھے؟ یہ تو سب کے سب وہ ہیں جو نفلی روزے بھی ترک نہیں کرتے تھے، لیکن وہ کہاں ہیں جو رمضان میں علی الاعلان کھاتے پھرتے تھے؟ یہ تو وہ ہیں جو زکوۃ کے ساتھ نفلی خیرات بھی ترک نہیں کرتے تھے ، لیکن وہ بخیل کہاں ہیں جن کے دروازے پر کوئی سائل کبھی کامیاب ہی نہیں ہوا؟ یہ تو وہ ہیں جو ہمیشہ ماں باپ کی اطاعت کرتے تھے، لیکن وہ کہاں ہیں جو ماں باپ پر ظلم کرتے تھے؟ یہ تو وہ ہیں جو پڑوسیوں کی حفاظت کرتے تھے، لیکن پڑوسیوں پر ظلم کرنے والے کہاں ہیں؟ یہ تو وہ ہیں جو ہمیشہ سچ بولا کرتے تھے، لیکن جھوٹے اور دروغ گو کہاں ہیں؟ جب اس تفصیل کے ساتھ جرائم پیشہ لوگوں کی حاضری کا مطالبہ کیا جائے گا تو میں عرش الہی کے نیچے ایک طویل سجدہ کروں گا، اور اس میں اللہ رب العزت کی حمد بیان کروں گا، اور حمد بھی ایسی بیان کروں گا جو تمام پیغمبروں کی حمد سے بڑھ جائے گی۔
میں عرض کروں گا: الہی! میرے امت کے گناہ گاروں کو طلب کرکے مجھے میدان محشر میں رسوا نہ کر،میں ان روسیاہوں کو لا کر میدان محشر میں کیا کروں گا، مجھ کو تو یہ توقع تھی کہ میں نیک بندوں کو دکھا کر تمام امت کی بخشش کا اعلان کرالوں گا، الہی! تو نے مجھ سے وعدہ کیا ہے کہ میں تجھ کو راضی کردوں گا، اے میرے آقا! تیرا وعدہ کہاں ہے؟ میری امت کے معاملے میں میری رسوائی اور ذلت کا سامان نہ کر، جب میری حمد اورگریہ وزاری حد سے بڑھ جائے گی تو ارشاد ہوگا: اے محمد! سر اٹھاؤ، جو مانگوگے دیا جائے گا، اور جس کی شفاعت کروگے قبول کی جائے گی، تم نے یہ کس طرح سمجھ لیا کہ میں تمہاری امت کے گناہ گاروں کو تمہاری رسوائی کےلئےبلارہا ہوں، تم یہ تو بتاؤ جب گناہ گار نہ ہوں میں اپنی مغفرت اور کرم کا اظہار کس پر کروں، گناہ گاروں کا مطالبہ اس غرض سے کیا جارہا ہےکہ ان پر کرم ومغفرت کا اظہار کیا جائے‘‘۔
تلاش بسیار کے باوجودیہ روایت خاص اس سیاق والفاظ سے سنداً تاحال ہمیں کہیں نہیں مل سکی، اور جب تک اس کی کوئی معتبر سند نہ ملے اسے آپ ﷺ کے انتساب سے بیان کرنا موقوف رکھا جائے ،کیونکہ آپﷺ کی جانب صرف ایساکلام اور واقعہ ہی منسوب کیا جاسکتا ہے جومعتبر سند سے ثابت ہو،واللہ اعلم ۔
زیر بحث سیاق والفاظ پر مشتمل روایت کی تفصیل تو گزر چکی ہے، تاہم یہ واضح رہے کہ روزِ محشر نبی اکرم ﷺ کی شفاعت کبری ’’صحیح‘‘روایات سے ثابت ہے، چنانچہ امام بخاری رحمہ اللہ اپنی ’’صحیح‘‘[2] میں ایک طویل روایت تخریج فرماتے ہیں:
’’حدثنا سليمان بن حرب، حدثنا حماد بن زيد، حدثنا معبد بن هلال العنزي، قال: اجتمعنا ناس من أهل البصرة، فذهبنا إلى أنس بن مالك ... فأقول: أنا لها، فأستأذن على ربي، فيؤذن لي، ويلهمني محامد أحمده بها، لا تحضرني الآن، فأحمده بتلك المحامد، وأخر له ساجدا، فيقول: يا محمد! ارفع رأسك، وقل يسمع لك، وسل تعط، واشفع تشفع، فأقول: يا رب! أمتي أمتي ...‘‘.
’’۔۔۔آپ ﷺ ارشاد فرماتے ہیں: پھر میں اپنے رب سے اجازت طلب کروں گا (یعنی میدانِ محشر میں)، سو مجھے اجازت دے د ی جائے گی، اور مجھے محامد الہام ہوں گے جن کے ذریعہ میں حمد بیان کروں گا، وہ مجھے فی الحال مستحضر نہیں ہیں، سو میں ان محامد کے ذریعہ حمد بیان کروں گا، اور میں اپنے رب کے سامنے سجدہ میں چلا جاؤں گا، اللہ تعالی ارشاد فرمائیں گے: اے محمد! اپنا سر اٹھائیں، اور کہیں، آپ کی بات سنی جائے گی، اور آپ سوال کریں، آپ کو عطا کیا جائے گا، اور آپ سفارش کریں، آپ کی سفارش قبول کی جائے گی، میں کہوں گا: اے پروردگا! میری امت میری امت ۔۔۔‘‘۔