روایت: مسنون دعا:’’اللّهم أرنا الحق حقا وارزقنا اتباعه،وأرنا الباطل باطلا وارزقنا اجتبابه‘‘.’’اےاللہ! ہمیں حق کا حق ہونا دکھا کر اس کی پیروی کی توفیق عطاء کر،اور باطل کا باطل ہونا دکھا کر اس سے بچنے کی توفیق عطاء کر‘‘۔
حکم: حافظ عراقی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ ’’میں اس روایت کی کسی اصل پرمطلع نہیں ہوسکا ہوں‘‘ انتہی، اس لئے اسے آپ ﷺ کی جانب منسوب کرنادرست نہیں ہے، البتہ بعض مقامات پر اسے حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ اورحضرت عمر رضی اللہ عنہ کے قول کے طور پر بھی نقل کیا گیا ہے، چنانچہ ان حضرات کیجانب ان کے ذکر کردہ الفاظ سے اسے منسوب کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
اہم نوٹ: واضح رہے کہ ذیل میں اس دعا کی بحیثیتِ حدیث تحقیق ذکر کی جائے گی۔
تحقیق کی تفصیل
یہ روایت مرفوعاً و موقوفاً دونوں طرح سے منقول ہے:
مرفوع طریق
امام غزالی رحمہ اللہ ’’إحياءعلوم الدين‘‘[1] میں اس روایت کو مرفوعاً ان الفاظ سے نقل کرتے ہیں:
’’اللّهم أرني الحق حقا فأتبعه، وأرني المنكر منكرا وارزقني اجتنابه، وأعذني من أن يشتبه علي، فأتبع هواي بغير هدى منك، واجعل هواي تبعا لطاعتك، وخذ رضا نفسك من نفسي في عافية، واهدني لما اختلف فيه من الحق بإذنك، إنك تهدي من تشاء إلى صراط مستقيم‘‘.
اےاللہ!مجھے حق کا حق ہونا دکھا کر اس کی اتباع کی توفیق عطاء کر، اور منکر کا منکر ہونا دکھا کر اس سے بچنے کی توفیق عطا کر، اور مجھ پر حق کو مشتبہ نہ ہونے دیں کہ میں آپ کی رہنمائی کے بغیر خواہشات کی پیروی کرنے لگوں، اور میری خواہشات کو اپنی اطاعت کے تابع کردے، اور عافیت میں اپنی ذات کی رضا مندی میرے جی میں ڈال دیجئے، اور جس چیز میں اختلاف ہوجائے اس میں اپنے حکم سے حق کی طرف میری رہنمائی فرما، بےشک آپ جسے چاہیں سیدھے راستے کی طرف رہنمائی کرتے ہیں۔
نیز حافظ ابن کثیر رحمہ اللہ نے اپنی ’’تفسیر‘‘ میں اسے ان الفاظ سے نقل کیا ہے:
’’وفي الدعاء المأثور: اللهم أرنا الحق حقا وارزقنا اتباعه، وأرنا الباطل باطلا، ووفقنا لاجتنابه، ولا تجعله ملتبسا علينا فنضل، واجعلنا للمتقين إماما‘‘.
اور ایک ماثوردعا میں آتا ہے کہ اےاللہ!ہمیں حق کا حق ہونا دکھا کر اس کی اتباع کی توفیق عطاء کر، اور باطل کا باطل ہونا دکھا کر اس سے بچنے کی توفیق عطاء کر، اور حق کو ہم پر ملتبس نہ کیجئےتاکہ ہم گمراہ نہ ہوجائیں، اور ہمیں متقی لوگوں کا امام بنادیجئے۔[2]
حافظ ابن تیمیہ رحمہ اللہ نے بھی ’’منهاج السنة النبوية‘‘[3] میں اسے ’’دعائے ماثور‘‘ کہہ کر نقل کیا ہے۔
روایت پر ائمہ کا کلام
حافظ عراقی رحمہ اللہ ’’المغني عن حمل الأسفار‘‘ [4] میں اس روایت کے بارے میں فرماتے ہیں: ’’لم أقف لأوله على أصل‘‘.میں اس حدیث کے ابتدائی حصے کی کسی اصل پر واقف نہیں ہوسکا ہوں۔
حافظ تاج الدین سبکی رحمہ اللہ نے ’’طبقات الشافعية الكبرى‘‘ [5] میں مذکورہ روایت کو ان روایات میں شمار کیا ہے جس کی انہیں سند نہیں مل سکی ہے۔
علامہ ابوطالب مکی رحمہ اللہ نے ’’قوت القلوب‘‘ [6] میں زیرِ بحث دعا حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے قول کے طور پر نقل کی ہے، الفاظ یہ ہیں:
’’اللّهم أرنا الحق حقا فنتبعه، وأرنا الباطل باطلا فنجتنبه، ولا تجعل ذلك علينا متشابها، فنتبع الهوى‘‘.اےاللہ!ہمیں حق کا حق ہونا دکھا کر اس کی اتباع کی توفیق عطاء کر، اور باطل کا باطل ہونا دکھا کر اس سے بچنے کی توفیق کر، اور حق کو ہم پر متشابہہ نہ کیجئےکہ ہم خواہشات کی پیروی کرنے لگ جائیں۔
امام غزالی رحمہ اللہ نے بھی ’’إحياءعلوم الدين‘‘ [7] میں اسی طرح اسے حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے قول کے طور پر ذکر کیا ہے۔
اور علامہ منصور بن یونس بن ادریس بہوتی رحمہ اللہ (المتوفی ۱۰۵۱ھ) نے ’’شرح منتهي الإرادات‘‘ [8] میں اسے حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی دعا کے طور پر ذکر کیا ہے، ملاحظہ ہو:
’’وكان من دعاء عمر: اللّهم أرني الحق حقا، ووفقني لاتباعه، وأرني الباطل باطلا، ووفقني لاجتنابه‘‘.اور حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی دعا ہے: اےاللہ!مجھے حق کا حق ہونا دکھا کر اس کی اتباع کی توفیق عطاء کر، اور باطل کا باطل ہونا دکھا کر اس سے بچنے کی توفیق عطا فرما۔
حافظ عراقی رحمہ اللہ کا قول گزر چکا ہے کہ ’’میں اس روایت کے اول حصہ (یعنی زیرِ بحث دعا) کی کسی اصل پر مطلع نہیں ہوسکا ہوں‘‘، اس لئے اسے آپ ﷺ کی جانب منسوب کرنا درست نہیں ہے۔
بعض مقامات پر اسے حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ اور حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے قول کے طور پر بھی نقل کیا گیا ہے، چنانچہ ان حضرات کی جانب ان کے ذکر کردہ الفاظ سے اسے منسوب کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
حوالہ جات
[1] إحياء علوم الدين:2/369،دار المعرفة - بيروت .
[2] تفسير ابن كثير:۱۰/۵۷۱،ت:سامي بن محمد سلامة،دار طيبةـ الرياض،الطبعة الأولى۱۴۲۰هـ .
حافظ ابن کثیر رحمہ اللہ ہی نے درج بالا الفاظ سے پہلے ’’صحیحین‘‘کی اس ذیلی حدیث کا ذکر کیا ہے،جس میں زیرِ بحث روایت جیسی دعا کے الفاظ بھی ہیں،چنانچہ ایسے موقع پریہ دعا مانگیں،الفاظ یہ ہیں:’’وفي صحيح البخاري ومسلم عن عائشة:أن رسول الله صلى الله عليه وسلم كان إذا قام من الليل يصلي يقول:اللّهم رب جبريل وميكائيل وإسرافيل! فاطر السموات والأرض! عالم الغيب والشهادة! أنت تحكم بين عبادك فيما كانوا فيه يختلفون، اهدني لما اختلف فيه من الحق بإذنك، إنك تهدي من تشاء إلى صراط مستقيم‘‘. اور صحیح بخاری ومسلم رحمہ اللہ میں عائشہ رضی اللہ عنہا سے منقول ہے کہ رسول اللہ ﷺ جب رات کو بیدار ہوتے تو نماز پڑھتے،یہ دعا فرماتےتھے:اے اللہ!اے جبرائیل علیہ السلام ،مکائیل علیہ السلام واسرافیل علیہ السلام کے رب!آسمانوں اور زمین کو پیدا کرنے والے!چھپی ہوئی اور آشکارہ چیزوں کے جاننے والے !آپ بندوں کی اختلافی چیزوں میں فیصلہ فرمائیں گے،آپ اپنے حکم سے حق میں اختلاف کی صورت میں میری رہنمائی فرمادیجئے،بے شک آپ جس کی چاہیں سیدھے راستے کی جانب رہنمائی فرماتے ہیں۔
[3] منهاج السنة:1/19،ت:محمد رشاد سالم،جامعة الإمام محمد بن سعود الإسلامية،الطبعة الأولى ۱۴۰۶هـ .
حافظ ابن تیمیہ رحمہ اللہ کے ذکر کردہ الفاظ یہ ہیں:’’اللّهم أرني الحق حقا، ووفقني لاتباعه، وأرني الباطل[باطلا، ووفقني لاجتنابه، ولا تجعله] مشتبها علي، فأتبع الهوى‘‘.
[4] المغني عن حمل الأسفار:ص:643،رقم:2406،دار المعرفة ـ بيروت .
[5] طبقات الشافعية الكبرى:6/325،ت:محمود محمد الطناحي،عبد الفتاح محمد الحلو،هجر للطباعة والنشر، الطبعة الثانية1413هـ .
[6] قوت القلوب:ص:366،ت:محمود إبراهيم محمد الرضواني،مكتبة دار التراث ـ القاهرة،الطبعة الأولى ۱۴۲۲هـ .
[7] إحياء علوم الدين:4/401،دار المعرفة ـ بيروت .
[8] شرح منتهي الإرادات:3/497،عالم الكتب ـ بيروت،الطبعة الأولى1414هـ .