حضرت مولانا محمد یونس جونپوری صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا من گھڑت روایات پر تعاقب

روایت: ’’×الصدق ينجي، والكذب يهلك÷. سچ نجات دیتا ہے، اور جھوٹ ہلاک کرتا ہے‘‘۔

یہ لفظ بھی تلاش کے باوجود اب تک نہیں ملا، البتہ حضرت کعب رضی اللہ عنہ کا غزوہ تبوک میں شرکت نہ کرنا اور پھر سچ سچ خدمت نبویہ میں عرض کردینا اس روایت کے معنی کی صحت کی دلیل ہے۔

تحقیق و نظرِ ثانی: مفتی طارق امیر خان صاحب

تحقیق کی تفصیل

’’سوال: ×الصدق ينجي، والكذب يهلك÷. [سچ نجات دیتا ہے، اور جھوٹ ہلاک کرتا ہے]

جواب: یہ لفظ بھی تلاش کے باوجود اب تک نہیں ملا، مولانا الشاہ اسماعیل شہید رحمہ اللہ نے اپنے خطبۂ جمعہ میں یہ لفظ ذکر کیا ہے، حضرت کعب  رضی اللہ عنہ  کا غزوہ تبوک میں شرکت نہ کرنا اور پھر سچ سچ خدمت نبویہ میں عرض کر دینا اس کی صحت کی دلیل ہے۔

 علامہ سیوطی رحمہ اللہ نے ’’جامع صغیر‘‘ میں بحوالہ خطیب بغدادی رحمہ اللہ ایک روایت نقل کی ہے :

×عليكم بالصدق، فإنه باب من أبواب الجنة، وإياكم والكذب، فإنه باب من أبواب النار÷. [سچ کو لازم پکڑو، کیونکہ یہ جنت کے دروازوں میں سے ایک دروازہ ہے، اور جھوٹ سے بچو کہ یہ جہنم کے دروازوں میں سے ایک دروازہ ہے] لیکن اس کی سند میں ایک راوی کذّاب ہے ۔

 اور طبرانی رحمہ اللہ نے ’’کبیر‘‘ میں حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ سے ایک حدیث روایت کی ہے اس کے الفاظ یہ ہیں:

 ×عليكم بالصدق، فإنه يهدي إلى البر، وهما في الجنة، وإياكم والكذب، فإنه يهدي إلى الفجور وهما في النار. قال المنذري: سنده حسن÷.‘‘ [سچ لازم پکڑو، کیونکہ سچ نیکی کی جانب رہنمائی کرتا ہے، اور یہ دونوں جنت میں ہوں گے، اور جھوٹ سے بچو کہ جھوٹ برائی کی جانب رہنمائی کرتا ہے، اور یہ دونوں جہنم میں ہوں گے۔منذری رحمہ اللہ نے کہا کہ اس کی سند حسن ہے][1]۔

حوالہ جات

[1] الیواقیت الغالیۃ: ۱۹، احادیث کی تحقیق،۲/۱۲۷۔