غیر معتبر روایات کا فنی جائزہ (حصہ ہفتم)

روایت: ’’ آپ ﷺ نے فرمایا : میں نے معراج کی رات اپنی امت کی کچھ عورتوں کو مختلف قسم کے عذاب میں مبتلا پایا: 1 ایک عورت پردہ نہ کرنے کی وجہ سے بالوں کے بل لٹکائی گئی تھی 2 ایک عورت شوہر کو تکلیف دینے کی وجہ سے زبان کے بل لٹکائی گئی تھی 3 غسل جنابت، غسل حیض نہ کرنے اور نماز کا مذاق اڑانے کی وجہ سے ایک عورت کے پیر اس کے پستانوں سے اور ہاتھ پیشانی سے بندھے ہوئے تھے 4 شوہر کے بستر میں ایذاء کا سبب بننے کی وجہ سے ایک عورت پستانوں کے بل لٹکائی گئی تھی 5 چغل خوری اور جھوٹ بولنے کی وجہ سے ایک عورت کاسر خنزیر کے سر کی طرح، جسم گدھے کے جسم کی طرح تھا 6 احسان جتلانے اور حسد کرنے کی وجہ سے ایک عورت کی شکل کتے کی شکل کی طرح تھی‘‘۔

تحقیق و نظرِ ثانی: مفتی طارق امیر خان صاحب

تحقیق کی تفصیل

حافظ ابن حجرہیتمی رحمہ اللہ  نے ’’الزواجر‘‘[1] میں اس روایت کو بلاسند ان الفاظ سے  ذکر کیا ہے:

’’وقال علي كرم الله وجهه: دخلت على النبي صلى الله عليه وسلم أنا وفاطمة رضي الله عنهما، فوجدناه يبكي بكاء شديدا، فقلت: فداك أبي وأمي يا رسول الله! ماالذي أبكاك؟ قال: يا علي! ليلة أسري بي إلى السماء، رأيت نساء من أمتي يعذبن بأنواع العذاب، فبكيت لما رأيت من شدة عذابهن، رأيت امرأة معلقة بشعرها يغلي دماغها، ورأيت امرأة معلقة بلسانها والحميم يصب في حلقها، ورأيت امرأة قد شد رجلاها إلى ثدييها ويداها إلى ناصيتها، وقد سلط الله عليها الحيات والعقارب، ورأيت امرأة معلقة بثدييها، ورأيت امرأة رأسها برأس خنزير وبدنها بدن حمار وعليها ألف ألف لون من العذاب، ورأيت امرأة على صورة الكلب، والنار تدخل من فيها وتخرج من دبرها، والملائكة يضربون رأسها بمقامع من نار.

 فقامت فاطمة الزهراء رضي الله عنها وقالت: يا حبيبي! وقرة عيني! ما كان أعمال هؤلاءحتى وقع عليهن هذا العذاب؟ فقال النبي صلى الله عليه وسلم: يا بنية! أما المعلقة بشعرها فإنها كانت لا تغطي شعرها من الرجال، وأما المعلقة بلسانها فإنها كانت تؤذي زوجها، وأما المعلقة بثدييها فإنها كانت تؤذي فراش زوجها، وأما التي شد رجلاها إلى ثدييها ويداها إلى ناصيتها، وقد سلط الله عليها الحيات والعقارب، فإنها كانت لا تغتسل من الجنابة والحيض، وتستهزئ بالصلاة، وأما التي رأسها رأس خنزير وبدنها بدن حمار فإنها كانت نمَّامة كذابة، وأما التي على صورة الكلب، والنار تدخل من فيها وتخرج من دبرها، فإنها كانت منّانة حسادة، ويا بنية! الويل لامرأة تعصي زوجها. انتهى ما ذكره ذلك الإمام، والعهدة عليه‘‘.

حضرت علی رضی اللہ عنہ  فرماتے ہیں: میں اور فاطمہ  رضی اللہ عنہا  نبی کریم ﷺ کے پاس آئے تو آپ کو بہت زیادہ روتے ہوئے دیکھا، میں نے کہا: میرے ماں باپ آپ پرقربان ہوں کس چیزنے آپ کورلایا؟ آپﷺ نے فرمایا: اے علی! معراج کی رات میں نے اپنی امت کی کچھ عورتوں کو مختلف قسم کے عذاب میں مبتلا پایا، میں ان کے عذاب کی شدت کی وجہ سے رورہا ہوں، میں نے ایک عورت کو دیکھا جوبالوں کے بل لٹکائی گئی تھی اور اس کا دماغ کھول رہا تھا، ایک عورت کو دیکھا جو زبان کے بل لٹکائی گئی تھی اور کھولتا ہوا پانی اس کے حلق میں ڈالا جارہاہے، ایک عورت کو دیکھااس کے پیر اس کے پستانوں سے اور ہاتھ پیشانی سے بندھے ہوئے تھے اور اللہ نے اس پر سانپ بچھومسلط کرديئے تھے، ایک عورت پستانوں کے بل لٹکائی گئی تھی، ایک عورت کودیکھا کہ اس کاسر خنزیر کے سر کی طرح اور جسم گدھے کے جسم کی طرح تھا، اور اس پر ہزار ہزار رنگ کے عذاب مسلط تھے، ایک عورت کو دیکھا کہ اس کی شکل کتے کی طرح ہے، آگ اس کے منہ میں داخل ہوتی اور اس کے پیچھے سے نکلتی تھی، اور فرشتے اس کے سر کو آگ کے گُرز مار رہے تھے۔

حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا  کھڑی ہوئیں اور کہا: اے میرے حبیب! اور میری آنکھوں کی ٹھنڈک! ان عورتوں کے ایسے کیا اعمال تھے جن کی وجہ سے انہیں اس طرح کا عذاب ہورہا تھا؟ آپﷺ نے فرمایا: اے میری بیٹی! جو عورت بالوں کے بل لٹکائی گئی تھی وہ نامحرم مَردوں سے اپنے بال نہیں چھپاتی تھی(یعنی پردہ نہیں کرتی تھی)، جوعورت زبان کے بل لٹکائی گئی تھی وہ اپنے شوہر کو تکلیف دیتی تھی، اور جوعورت چھاتی کےبل لٹکائی گئی تھی وہ اپنے شوہر کے بستر میں ایذاء کا باعث بنتی تھی، اور جس عورت کے پاؤں پستانوں سے اور ہاتھ پیشانی سے بندھے ہوئے تھے اور اللہ نے اس پر سانپ بچھو مسلط کئے تھے وہ عورت غسل ِ جنابت وغسلِ حیض نہیں کرتی تھی اور نماز کا مذاق اڑاتی تھی، اور جس عورت کا سر خنزیر کے سر کی طرح اور جسم گدھے کے جسم کی طرح تھا وہ چغل خور، جھوٹی تھی،اور جس عور ت کی شکل کتے کی شکل کی طرح تھی، او رآگ اس کے منہ میں داخل ہوکر پیچھے سے نکل رہی تھی، وہ احسان جتلاتی اور حسد کرتی تھی، اے میری بیٹی! ہلاکت ہو ایسی عورت کے لئے جو اپنے شوہر کی نافرمانی کرے۔

حافظ ابن حجرہیتمی رحمہ اللہ  (نقل روایت کے بعد) فرماتے ہیں کہ اس امام کی بات مکمل ہوئی،ذمہ داری اسی پر ہے۔

تلاش بسیار کے باوجودیہ روایت سند اًتاحال ہمیں کہیں نہیں مل سکی، اورجب تک اس کی کوئی معتبر سند نہ ملے اسے آپ ﷺ کے انتساب سے بیان کرنا موقوف رکھا جائے، کیونکہ آپﷺ کی جانب صرف ایساکلام وواقعہ ہی منسوب کیا جاسکتا ہے جومعتبر سند سے ثابت ہو،واللہ اعلم۔

زیر بحث روایت کی تفصیل گزر چکی ہے کہ سنداً نہیں ملتی، تاہم ذیل میں ’’صحیح رجال‘‘ پر مشتمل ایک حدیث نقل کی جارہی ہے، جس میں آپﷺ نے اپنا ایک خواب بیان فرمایا، جس میں مختلف نا فرمان عورتوں کو طرح طرح کے عذاب دئیے جانے کا بیان ہے، اسے بیان کرنا چاہئے، چنانچہ امام طبرانی رحمہ اللہ ’’المعجم الکبیر‘‘[2] میں تخریج فرماتے  ہیں:

 ’’حدثنا بكر بن سهل، ثنا عبد الله بن صالح، حدثني معاوية بن صالح، عن سليم بن عامر، أنه حدثه أن أبا أمامة الباهلي حدثه قال: خرج علينا رسول الله صلى الله عليه وسلم بعد صلاة الصبح، فقال: إني رأيت رؤيا هي حق فاعقلوها، أتاني رجل فأخذ بيدي، فاستتبعني حتى أتى بي جبلا وعرا طويلا، فقال لي: ارقه، فقلت: إني لا أستطيع، فقال: إني سأسهله لك، فجعلت كلما رقيت قدمي وضعتها على درجة حتى استوينا على سواء الجبل فانطلقنا، فإذا نحن برجال ونساء شققة [ كذا في الأصل، والصحيح: مشققة] أشداقهم، فقلت: من هؤلاء؟ قال هؤلاء الذين يقولون ما لا يعملون، ثم انطلقنا، فإذا نحن برجال ونساء مثمرة [ كذا في الأصل، والصحيح: مسمرة] أعينهم وآذانهم، فقلت: ما هؤلاء؟ قال: هؤلاء الذين يرون أعينهم ما لا يرون، ويسمعون آذانهم ما لا يسمعون.

 ثم انطلقنا، فإذا نحن بنساء معلقات بعراقيبهن مصوبة رؤوسهن، تنهش ثداهن الحيات، قلت: ما هؤلاء؟ قال: هؤلاء الذين يمنعون أولادهن من ألبانهن، ثم انطلقنا فإذا نحن برجال ونساء معلقات بعراقيبهن مصوبة رؤوسهن يلحسن من ماء قليل وحما، فقلت: ما هؤلاء؟ قال: هؤلاء الذين يصومون ويفطرون قبل تحلة صومهم، ثم انطلقنا فإذا نحن برجال ونساء أقبح شيء منظرا، وأقبحه لبوسا، وأنتنه ريحا كأنما ريحهم المراحيض، قلت: ما هؤلاء؟ قال: هؤلاء الزانون والزناة، ثم انطلقنا فإذا نحن بموتى أشد شيء انتفاخا، وأنتنه ريحا قلت: ما هؤلاء؟ قال: هؤلاء موتى الكفار، ثم انطلقنا وإذا نحن نرى دخانا، ونسمع عواء قلت: ما هذا؟ قال: هذه جهنم فدعها.

ثم انطلقنا، فإذا نحن برجال نيام تحت ظلال الشجر، قلت: ما هؤلاء؟ قال: موتى المسلمين، ثم انطلقنا، فإذا نحن بغلمان وجوار يلعبون بين نهرين، قلت: ما هؤلاء؟ قال: ذرية المؤمنين، ثم انطلقنا فإذا نحن برجال أحسن شيء وجها، وأحسنه لبوسا، وأطيبه ريحا، كأن وجوههم القراطيس قلت: ما هؤلاء؟ قال: هؤلاء الصديقون والشهداء والصالحون، ثم انطلقنا فإذا نحن بثلاثة نفر يشربون خمرا لهم، ويتغنون، فقلت: ما هؤلاء؟ قال: ذلك زيد بن حارثة، وجعفر، [وعبد الله] بن رواحة، فملت قبلهم، فقالوا: قد نالك قد نالك، قال: ثم رفعت رأسي، فإذا ثلاثة نفر تحت العرش، قلت: ما هؤلاء؟ قال: ذاك أبوك إبراهيم وموسى وعيسى، وهم ينتظرونك، صلى الله عليهم أجمعين‘‘.

حضرت ابو امامہ باہلی رضی اللہ عنہ  فرماتے ہیں: رسول اللہﷺ فجر کی نماز کے بعد ہمارے پاس تشریف لائے، فرمایا: میں نے ایک خواب دیکھا ہےجو حق ہے، تم اسے سمجھ لو، میرے پاس ایک شخص آیا، اس نے میرا ہاتھ تھام لیا، پھر وہ میرے ساتھ چلتا رہا حتی کہ وہ مجھے ایک سخت طویل پہاڑ کے پاس لے آیا، پھر مجھے کہا: چڑھئے، میں نے کہا کہ میں نہیں چڑھ سکتا، اس شخص نے کہا: میں آپ کے لئے چڑھنے میں سہولت مہیا کروں گا، چنانچہ جب میں ایک قدم بلند کرتا تو اسے ایک درجہ پر رکھتا تھا، یہاں تک کہ ہم پہاڑ کی چوٹی تک پہنچ گئے، تو ہم ایسے مردوں اور عورتوں کے پاس تھے جن کے جبڑوں کو چیرا جارہاتھا، میں نے پوچھا: یہ کون ہیں؟ اس شخص نے کہا: یہ وہ لوگ ہیں جو ایسی باتیں کرتے ہیں جن پر عمل نہیں کرتے، پھر ہم چلے تو اچانک ایسے مردوں اور عورتوں کے پاس تھے جن کی آنکھوں اور کانوں میں گرم سلائی ڈالی جارہی تھی، میں نے کہا: یہ کون ہیں؟ اس شخص نے کہا: جو اپنی آنکھوں کو وہ دکھاتے ہیں جو انہوں نے نہیں دیکھا ہوتا، اور اپنے کانوں کو وہ سناتے ہیں جو انہوں نے نہیں سنا ہوتا۔

 پھر ہم چلے تو اچانک ایسی عورتوں کے پاس تھے جن کی ایڑی کے اوپر والے حصہ کے ساتھ سروں کو جھکا کر لٹکایا گیا تھا، سانپ ان کی چھاتیوں کو ڈس رہے تھے، میں نے پوچھا: یہ کون ہیں: اس شخص نے کہا: یہ وہ ہیں جو اپنی اولاد سے اپنے دودھ کو روک لیتی تھیں، پھر ہم چلے، تو اچانک ایسے مردوں وعورتوں کے پاس تھے جن کی ایڑی کے اوپر والے حصہ کے ساتھ سروں کو جھکا کر لٹکایا گیا تھا جو تھوڑے کیچڑ ملے پانی کو چاٹ رہے تھے، میں نے پوچھا: یہ کون ہیں: فرمایا: یہ وہ لوگ ہیں جو روزہ رکھتے، اور اپنے روزے حلال ہونے سے پہلے (یعنی افطار سے پہلے) افطار کر لیا کرتے تھے، پھر ہم چلے تو اچانک ہم ایسے مردوں اور عورتوں کے پاس تھے جو قبیح ترین صورت، اور قبیح ترین لباس میں تھے، اور انتہائی بدبو دار تھے، گویا کہ ان کی بدبو قضائے حاجت (کی) ہے، میں نے پوچھا: یہ کون ہیں؟ اس شخص نے کہا: یہ زانی مرد اور زانی عورتیں ہیں، پھر ہم چلے تو اچانک ہم ایسے مردوں کے پاس تھے جو بہت زیادہ پھولے ہوئے اور بہت زیادہ بدبو دار تھے، میں نے پوچھا: یہ کون لوگ ہیں؟ اس شخص نے کہا: یہ مرے ہوئے کفار ہیں، پھر ہم چلے تو اچانک ہم نے دھواں دیکھا، اور ہمیں بھونکنے کی آواز سنائی دی، میں نے پوچھا: یہ کیا ہے؟ اس شخص نے کہا: یہ جہنم ہے اسے رہنے دو۔

پھر ہم چلے تو اچانک ہم ایسے لوگوں کے پاس تھے جو درختوں کے سائے میں سوئے ہوئے تھے، میں نے پوچھا: یہ کون ہیں؟ اس شخص نے کہا: فوت شدہ مسلمان ہیں، پھر ہم چلے تو اچانک ہم چھوٹے بچے بچیوں کے پاس تھے جو دو نہروں کے درمیان کھیل رہے تھے، میں نے پوچھا: یہ کون ہیں؟ اس شخص نے کہا: مومنین کی اولاد ہیں، پھر ہم چلے تو ہم اچانک ایسے لوگوں کے پاس تھے جن کے چہرے بہت زیادہ خوبصورت، لباس بہت زیادہ عمدہ اور بہت زیادہ خوشبو دار تھے، گویا کہ ان کے چہرے کاغذ ہیں(یعنی ان کے چہرے سفید کاغذ کی طرح ہیں)، میں نے پوچھا: یہ کون ہیں؟ اس شخص نے کہا: یہ لوگ صدیقین، شہداء، اور صالحین ہیں، پھر ہم چلیں تو اچانک ہم تین ایسے شخصوں کے پاس تھے جو شراب پی رہے تھے اور گیت گا رہے تھے، میں نے پوچھا: یہ کون ہیں؟ اس شخص نے کہا: زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ ، جعفر رضی اللہ عنہ ، اور عبد اللہ بن رواحہ رضی اللہ عنہ ہیں، میں ان کی طرف مائل ہوا تو انہوں نے کہا: آپ کو پا لیا ہے، آپ کو پا لیا ہے، پھر میں نے سر اٹھایاتو اچانک ہم تین شخصوں کے پاس تھے جو عرش کے نیچے تھے، میں نے پوچھا: یہ کون ہیں؟ اس شخص نے کہا: ابراہیم علیہ السلام ، موسی علیہ السلام  اور عیسی علیہ السلام  ہیں، اور وہ آپ کا انتظار کر رہے ہیں، اللہ تعالی ان تمام پر رحمت نازل فرمائیں۔

حافظ ہیثمی رحمہ اللہ ’’مجمع الزوائد‘‘[3] میں اس روایت کو نقل کرکے فرماتے ہیں: ’’رواه الطبراني في الكبير، ورجاله رجال الصحيح‘‘. اس کی تخریج طبرانی رحمہ اللہ  نے ’’کبیر‘‘ میں کی ہے اور اس کے رجال صحیح کے رجال ہیں۔

حوالہ جات

[1]  الزواجر عن اقتراف الكبائر:۲/۸۶ ،ت:محمد محمود عبدالعزیز،سید إبراهیم صادق،جمال ثابت،دار الحدیث- القاهرة،الطبعة۱۴۲۳هـ .

[2] المعجم الكبير:8/182،رقم:7666،ت:حمدي عبد المجيد السلفي،مکتبة ابن تیمیة ـ القاهرة .

[3]  مجمع الزوائد:۱ٍ/77،ت:حسام الدين القدسي،دار الكتاب العربي ـ بيروت .