غیر معتبر روایات کا فنی جائزہ (حصہ نہم)

روایت:جس میں مسواک کے تقریباً چوّن (۵۴) فضائل مذکور ہیں۔

تحقیق و نظرِ ثانی: مفتی طارق امیر خان صاحب

​حکم: شیخ عبد الفتاح ابو غدہ رحمہ اللہ نے اسے من گھڑت احادیث میں شمار کیا ہے، اس لئے اسے رسول اللہ ﷺ کے انتساب سے بیان کرنا درست نہیں ہے، واللہ اعلم۔

تحقیق کی تفصیل

علامہ شہاب الدین احمد بن محمد المعروف بالزاہد رحمہ اللہ  (المتوفی ۸۱۹ ھ)نے ’’تحفة السلاك‘‘[1]  میں یہ روایت بغیر سند کے ذکر کی ہے، ملاحظہ ہو:

’’وأما فوائده وخصاله الحميدة فكثيرة، فمنها: ما روى الأئمة عن علي، وابن عباس، وعطاء رضي الله عنهم: عليكم بالسواك فلا تغفلوه، وأديموا به، فإن فيه رضى الرحمن، ويحل الجنان، ويصيب السنة ويوافقها، ويضاعف صلاته إلى تسع وتسعين ضعفا أو إلى أربع مائة، وإدمانه يورث السعة والغنى وتيسير الرزق، ويطيب الفم، ويشد اللثة، ويسكن الصداع، وعروق الرأس حتى لا يضرب عرق ساكن ولا يسكن عرق جاذب، ويذهب وجع الرأس والبلغم، ويقوي الأسنان، ويذهب الحقد، ويجلي البصر، ويصحح المعدة ويقويها، ويزيد الرجل فصاحة وحفظا وعقلا، ويطهر القلب، ويزيد في الحسنات .

ويفرح الملائكة، وتصافحه الملائكة لنور وجهه، وتشيعه الملائكة إذا خرج إلى الصلاة، وتستغفر حملة العرش لفاعله إذا خرج من المسجد، وتستغفر له الأنبياء والرسل، والسواك مسخطة للشيطان مطردة له، مصفاة للذهن، مهضمة للطعام، مكثرة للولد، ويجيز على الصراط كالبرق الخاطف، ويبطئ الشيب، ويعطي الكتاب باليمين، ويقوي البدن على طاعة الله تعالى، ويذهب الحرام من الجسد، ويذهب الوجع، ويقوي الظهر، ويشد لحم الأسنان، ويذكر الشهادة عند الموت، ويسهل النزع يعني نزع الروح.

ويبيض الأسنان، ويذكي الفطنة، ويقطع الرطوبة، ويحد البصر، ويضاعف [به] الأجر، وينمي المال والأولاد، ويعين على قضاء الحاجة، ويوسع عليه في قبره، ويؤنسه في لحده، ويكتب له أجر من لم يتسوك في يومه ذلك، ويفتح له أبواب الجنة، وتقول له الملائكة: هذا مقعد الأنبياء، ويقفوا آثارهم، ويلتمس هديهم في كل يوم، ويغلق عنه أبواب جهنم، ولا يخرج من الدنيا إلا طاهر مطهرا، ولا يأتيه ملك الموت عند قبض روحه إلا في الصورة التي يأتي بها الأولياء، ولا يخرج من الدنيا حتى يسقى شربة من حوض نبينا محمد صلى الله عليه وسلم، وهو الرحيق المختوم، وأعلا هذه الخصال أنه مطهرة للفم، مرضاة للرب .

 قال الشيخ رحمه الله تعالى: هذه الفضائل كلها مروية، بعضها مرفوع، وبعضها موقوف، وإن كان في أحاديثها مقال، فينبغي اعتقادها والعمل بها، ففي الحديث: من بلغه عن الله ثواب وطلبه، أعطاه الله إياه ...‘‘.

’’بہر حال مسواک کے فوائد اور اچھی خصلتیں بہت ساری ہیں، جن میں سے بعض خصلتیں ائمہ نے حضرت علی رضی اللہ عنہ  ، ابن عباس رضی اللہ عنہ  اور عطاء رحمہ اللہ  سے روایت کی ہیں: مسواک کو لازم پکڑو اس سے غافل مت ہونا، اور اس کی پابندی کرنا، اس لئے کہ یہ رحمن کو راضی کرتی ہے، اور یہ جنت کا سبب ہے، اور مسواک سنت کو پانے والی اور اس کی موافقت کرنے والی ہے، اور مسواک کرنے والے کی نماز کا ثواب ننانوے گنا یا چار سو گنا تک بڑھا دیا جاتا ہے، اور پابندی سے مسواک کرنا وسعت اور غنا کا سبب ہے، اور یہ رزق کو آسان بناتی ہے، اور یہ منہ صاف کرتی ہے، اور یہ مسوڑھوں کو مضبوط کرتی ہے، اور صداع اور سر کی رگوں کو سکون دیتی ہے، حتی کہ اس سے ساکن رگ متحرک نہیں ہوتی، اور متحرک رگ ساکن نہیں ہوتی، اور یہ سر کے درد اور بلغم کو ختم کرتی ہے، اور دانتوں کو مضبوط کرتی ہے، اور دانتوں کی زردی کو دور کرتی ہے، اور نظر کو تیز کرتی ہے، اور معدہ کو درست اور قوی کرتی ہے، اور یہ انسان کی فصاحت، حفظ اور عقل میں اضافہ کرتی ہے،اور دل کو پاک کرتی ہے، اور نیکیوں میں اضافہ کرتی ہے۔

اور ملائکہ کو خوش کرتی ہے، اور اس کے چہرے کے نور کی وجہ سے ملائکہ اس سے مصافحہ کرتے ہیں، اور جب وہ نماز کےلئے مسجد جاتا ہے تو فرشتے اس کے ساتھ ساتھ چلتے ہیں، مسجد سے نکلتے وقت عرش کو اٹھانے والے فرشتے اس کےلئے استغفار کرتے ہیں، اور انبیاء ورسل اس کے لئے استغفار کرتے ہیں، اور شیطان کو ناراض اور دور کرنے کا سبب ہے، ذہن کو صاف کرتی ہے، کھانا ہضم کرنے کا ذریعہ ہے، اولاد کی زیادتی کا سبب ہے، اور مسواک کرنے والا پُل صراط پر بجلی کی طرح تیزی سے گزر جائے گا، اور مسواک بڑھاپے کو دور کرتی ہے، مسواک اعمال نامہ کو دائیں ہاتھ میں دلوائے گی، اور مسواک بدن کو اللہ تعالی کی اطاعت کےلئے قوی کرتی ہے، اور جسم سے حرام کو نکال دیتی ہے، اور بھوک کو  ختم کر دیتی ہے، اور پیٹھ کو مضبوط کرتی ہے، اور مسوڑھوں کو مضبوط کرتی ہے، اور موت کے وقت کلمہ شہادت یاد دلاتی ہے، اور روح کا نکلنا آسان کرتی ہے۔

اور یہ دانت صاف کرتی ہے، اور سمجھ داری پیدا کرتی ہے، اور رطوبت کو ختم کرتی ہے، اور نگاہ کو تیز کرتی ہے، اور اس سے اجر میں اضافہ ہوتا ہے، اور یہ مال اور اولاد بڑھاتی ہے، اور قضائے حاجت میں مدد گار ہوتی ہے، اور قبر میں وسعت پیدا کرتی ہے، اور قبر میں اس کےلئے انسیت کا سبب ہوتی ہے، اور اس کےلئے اس دن مسواک نہ کرنے والے شخص کا اجر بھی لکھا جائے گا، اور اس کےلئے جنت کے دروازے کھو دئیے جائیں گے، اور اس سے ملائکہ کہیں گے: یہ انبیاء کا ٹھکانہ ہے، اور ان کے نقشِ قدم پر چلنے والوں کا ٹھکانہ ہے، اور مسواک کرنے والا روزانہ ان کے ہدیہ کو پائے گا، اور مسواک کرنے والے پر جہنم کے دروازے بند کر دئیے جائیں گے،، اور مسواک کرنے والا دھلا دھلایا دنیا سے جائے گا، اور موت کا فرشتہ اس کے پاس روح قبض کرنے کےلئے ایسی صورت میں آئے گا جس صورت میں وہ اولیاء کے پاس روح قبض کرنے کےلئے آتا ہے، اور مسواک کرنے والا دنیا سے اسی وقت رخصت ہوگا کہ وہ ہمارے نبی ﷺ کے حوض سے پانی پئے گا جو خالص مہر زدہ مشروب ہے، اور سب سے اعلی خصلت یہ ہے کہ مسواک منہ کو صاف کرتی ہے، رب کی رضا کا سبب ہے۔

شیخ (مصنف رحمہ اللہ ) کہتے ہیں کہ یہ تمام فضائل مروی ہیں، ان میں سے بعض مرفوع ہیں، اور بعض موقوف ہیں، اگرچہ ان احادیث میں کلام ہوا ہے، لیکن ان پر اعتقاد رکھنا مناسب ہے، اور ان پر عمل کرنا چاہیے، کیونکہ حدیث میں ہے: جس کو اللہ کی جانب سے کوئی ثواب پہنچا، اور اس نے اسے طلب کیا تو اللہ اس شخص کو وہ ثواب دے دیتے ہیں۔۔۔‘‘۔

روایت پر ائمہ کا کلام

علامہ لکھنوی رحمہ اللہ نے زیر بحث روایت ذکر کرنے کے بعد فرمایا ہے: ’’یہ بات آپ پر مخفی نہیں ہونی چاہئے کہ ذکر کردہ فوائد میں سے اکثر مسواک کے ساتھ خاص نہیں ہیں، بلکہ ہر اچھے عمل کو عام ہیں، اس مقام پر ان کو حذف کرنا اولی ہے‘‘۔

اور شیخ عبد الفتاح ابو غدہ رحمہ اللہ نے زیر بحث روایت سے چند فوائد کو ذکر کرنے کے بعد  فرمایا ہے:’’اور اس جیسی من گھڑت، جھوٹی باتیں، چنانچہ ان سے دھوکہ نہیں کھانا چاہئے‘‘، نیز زیر بحث روایت سنداً نہیں ملتی، اس لئے اس کو بیان نہ کیا جائے، واللہ اعلم۔

حوالہ جات

[1] تحفة السلاك في فضائل السواك:ص:24،ت:راشد بن عامر بن عبد الله الغفيلي،دار البشائر الإسلامية ـ بيروت،الطبعة الأولى1436هـ .

[2] حاشية الطحطاوي على مراقي الفلاح:ص:69،ت:محمد عبدالعزيز الخالدي،دار الكتب العلمية ـ بيروت، الطبعة الأولى1418هـ .

[3] تحفة النساك في فضائل السواك:ص:60،ت:عبد الفتاح أبو غدة،دار البشائر الإسلامية ـ بيروت .

[4] إتحاف السادة المتقين:2/559،دار الكتب العربية ـ بيروت،الطبعة الخامسة1433هـ .

’’اتحاف‘‘ کی عبارت ملاحظہ ہو: ’’وزاد شيخ مشايخنا السيد موسى بن أسعد المحاسني الحنفي الدمشقي في شرح منظومة السواك، له خصالا في السواك غير ما ذكر، منها: أنه يورث الغنى مع الإدمان عليه، ويطرد وساوس الشيطان، ويفصح اللسان، ويهضم الطعام، ويغزر المني، ويبطئ الشيب، ويشد الظهر، ويؤنس في اللحد، ويوسع له في قبره، ويزيد في العقل، ويذكر الشهادة عند الموت، ويسهل خروج الروح من البدن، ويذهب الجوع، وينور الوجه، ويسكن الصداع، ويقطع الرطوبات .

وقد نظم بعض الفضلاء أكثر تلك الخصال في أبيات، فقال:

فوائد السواك عشرون تحب                     مطهرة للفم مرضاة للرب

يفرح املا كايغيظ الشيطان                        يطيب نكهة جلاء الأسنان

يحد أبصارا وتؤتي السنة                           يحسن الصوت يزكي الفطنة

يشد لحم ميت الأسنان                               يزيد في فصاحة اللسان

يذكر الميت بالشهادة                                  ينمي لمن اعتاده أعداده

يبطئ الشيب يزيد الأجرا                           يسهل النزع يقوى الظهرا

يريد في العقل على المعتاد                       وقاطع رطوبة الأجساد   اهـ‘‘.

[5] أحكام السواك من السعاية:ص:62،ت:صلاح محمد أبو الحاج،مركز أنوار العلماء للدراسات،الطبعة الأولى 1441هـ .

[6] انظر تعليق تحفة النساك في فضائل السواك:ص:59،ت:عبد الفتاح أبو غدة،دار البشائر الإسلامية ـ بيروت .

[7] صحیح ابن خزیمة:1/70،رقم:135،ت:محمد مصطفى الأعظمی،المکتب الإسلامی ـ بیروت،الطبعة ۱۴۰۰هـ .