روایت:جس میں مسواک کے چوبیس (۲۴) فضائل مذکور ہیں۔
حکم: حافظ ابن دقیق العید رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ’’اس کے متن میں نکارت ہے، اور یہ موقوف ہے، مرفوع نہیں ہے‘‘،حافظ ابن ملقن رحمہ اللہ نے حافظ ابن دقیق العید رحمہ اللہ کے کلام پر اعتماد کیا ہے، حافظ عراقی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ’’خالد بن معدان کا ابو درداء رضی اللہ عنہ سے سماع نہیں ہے، اور حدیث کے متن میں نکارت ہے، اور یہ موقوف ہے‘‘،حافظ ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ’’اس کی کوئی اصل نہیں ہے، نہ کسی صحیح طریق میں، اور نہ ہی کسی ضعیف طریق میں‘‘، علامہ لکھنوی رحمہ اللہ نے حافظ ابن حجر رحمہ اللہ کے کلام پر اعتماد کیا ہے، الحاصل اسے رسول اللہ ﷺ کے انتساب سے بیان کرنا درست نہیں ہے، واللہ اعلم۔
تحقیق کی تفصیل
حافظ ابن دقیق العید رحمہ اللہ نے ’’الإمام‘‘[1] میں حافظ ابو نعیم رحمہ اللہ کے حوالے سے زیر بحث روایت ان الفاظ سے ذکر کی ہے:
’’وروى أيضا من حديث إسماعيل بن عياش، عن ثور بن يزيد، عن خالد بن معدان، أن أبا الدرداء قال: عليكم بالسواك، فلا تغفلوه، وأديموا به، فإن في السواك أربعة وعشرين خصلة: أفضلها خصلة، وأعلاها درجة [أنه] يرضي الرحمن، ومن أرضى الرحمن فإنه يحل الجنان، والخصلة الثانية: أنه يصيب السنة، والخصلة الثالثة: أنه يضاعف صلاته سبعا وسبعين ضعفا، والخصلة الرابعة: يورثه إدمان السواك السعة والغنى، والخصلة الخامسة: يطيب نكهته، والخصلة السادسة: يشد لثته حتى لا تسترخي مع إدمان السواك، والخصلة السابعة: يذهب عنه الصداع، ويسكن عروق رأسه، فلا يضرب عليه عرق ساكن، ولا يسكن عليه عرق ضارب، والخصلة الثامنة: يذهب عنه وجع الضرس حتى لا يجده .
والخصلة التاسعة: تصافحه الملائكة لما ترى من النور على وجهه، والخصلة العاشرة: ينقي أسنانه حتى تبرق، والخصلة الحادي عشر: تشيعه الملائكة إذا خرج إلى مسجده لصلاته في الجميع، والخصلة الثاني عشر: تستغفر له حملة العرش عند رفع أعماله في الخميس والإثنين، والخصلة الثالث عشر: تفتح له أبواب الجنة، والخصلة الرابع عشر: يقال له هذا مقتد بالأنبياء يقفو آثارهم ويلتمس هديهم، والخصلة الخامس عشر: يكتب له أجر من تسوك من يومه ذلك في كل يوم، والخصلة السادس عشر: تغلق عنه أبواب الجحيم، والخصلة السابع عشر: تستغفر له الأنبياء والرسل .
والخصلة الثامن عشر: لا يخرج من الدنيا إلا طاهرا مطهرا، والخصلة التاسع عشر: أنه لا يعاين ملك الموت عند قبض روحه إلا في الصورة التي يقبض فيها الأنبياء، والخصلة العشرون: أن لا يخرج من الدنيا حتى يسقى شربة من حوض النبي صلى الله عليه وسلم ـ هو الرحيق المختوم ـ ، والخصلة الحادي والعشرون: أن قبره يوسع عليه، وتكلمه الأرض من تحته، وتقول: كنت أحب نغمتك على ظهري، فلأتسعن عليك اليوم وأنت في بطني بما يقصر عنه مناك، والخصلة الثاني والعشرون: فإن قبره يصير عليه أوسع من مد البصر، وتكلمه الأرض من تحته في لحده، قد كنت أحب نغمتك وأنت على ظهري، فلأستقرن لك اليوم وأنت في بطني بما يقصر عنه مناك، والخصلة الثالث والعشرون: أن الله عز وجل يقطع عنه كل داء، وتعقبه كل صحة عرفها في نفسه في صغره إلى كبره، والخصلة الرابع والعشرون: أنه يكسى إذا كسي الأنبياء صلوات الله عليهم، ويكرم إذا أكرموا، ويدخل الجنة معهم بغير حساب‘‘.
اور اسی طرح ابو نعیم رحمہ اللہ نے اسماعیل بن عیاش، عن ثور بن یزید، عن خالد بن معدان کے طریق سے روایت کیا ہے، ابو درداء رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: مسواک کو لازم پکڑو، اس سے غافل مت ہونا، اور اس کی پابندی کرنا، اس لئے کہ مسواک میں چوبیس خصلتیں ہیں: سب سے افضل خصلت اور اس کا سب سے اعلی درجہ یہ ہے کہ یہ رحمن کو راضی کرتی ہے، اور جو رحمن کو راضی کردے تو وہ اس کےلئے جنت کو حلال کر دیتا ہے، اور دوسری خصلت یہ ہے کہ وہ سنت کو پانے والا ہوتا ہے، اور تیسری خصلت یہ ہے کہ اس کی نماز کا ثواب ستتر گنا بڑھا دیا جاتا ہے، اور چوتھی خصلت یہ ہے کہ پابندی سے مسواک کرنے سے وسعت اور غنا پیدا ہوتا ہے، اور پانچویں خصلت یہ ہے کہ منہ کی بو عمدہ ہوجاتی ہے، اور چھٹی خصلت یہ ہے کہ مسواک مسوڑہوں کو مضبوط کرتی ہے حتی کہ پاپندی سے مسواک کرنے سے مسوڑھے نرم نہیں ہوتے، اور ساتویں خصلت یہ ہے کہ اس سے سر کا درد ختم ہوجاتا ہے، اور سر کی رگوں کو سکون حاصل ہوتا ہے، چنانچہ اس کی ساکن متحرک نہیں ہوتی، اور متحرک رگ ساکن نہیں ہوتی، اور آٹھویں خصلت یہ ہے کہ اس سے داڑھ کا درد ختم ہوجاتا ہے یہاں تک کہ وہ محسوس بھی نہیں ہوتا۔
اور نویں خصلت یہ ہے کہ مسواک کرنے والے کے چہرے پر نور کو دیکھ کر فرشتے اسے سلام کرتے ہیں، اور دسویں خصلت یہ ہے کہ اس کے دانت صاف ہوجاتے ہیں یہاں تک کہ وہ چمکنے لگتے ہیں، اور گیارہویں خصلت یہ ہے کہ جب وہ نماز کےلئے مسجد جاتا ہے تو تمام لوگوں میں فرشتے اس کے ساتھ ساتھ چلتے ہیں، اور بارہویں خصلت یہ ہے کہ جمعرات اور پیر کے دن اعمال کے اٹھائے جانے کے وقت عرش کو اٹھانے والے فرشتے اس کےلئے استغفار کرتے ہیں، اور تیرہویں خصلت یہ ہے کہ اس کےلئے جنت کے دروازے کھولے جاتے ہیں، اور چودہویں خصلت یہ ہے کہ مسواک کرنے والے کو کہا جائے گا کہ یہ انبیاء کی اقتداء کرنے والا ہے، اور ان کے نقش قدم پر چلنے والا ہے، اور ان کے طریقۂ کار کی جستجو کرنے والا ہے، اور پندرہویں خصلت یہ ہے کہ اس دن جتنے لوگ مسواک کریں گے، اُن سب کا اجر ہر دن اس کےلئے لکھا جائے گا، اور سولہویں خصلت یہ ہے کہ اس سے جہنم کے دروازے بند کر دئیے جائیں گے، اور سترہویں خصلت یہ ہے کہ اس کےلئے انبیاء ورسل استغفار کرتے ہیں۔
اور اٹھارہویں خصلت یہ ہے کہ مسواک کرنے والا طاہر ومطہر ہوکر دنیا سے جائے گا، اور انیسویں خصلت یہ ہے کہ جب ملک الموت اس کی روح قبض کرے گا تو وہ ملک الموت کو اُس صورت میں دیکھے گا جس میں ملک الموت انبیاء کی روحوں کو قبض کرتا ہے، اور بیسویں خصلت یہ ہے کہ مسواک کرنے والا دنیا سے اسی وقت رخصت ہوگا کہ وہ نبی ﷺ کے حوض سے پانی پئے گا جو خالص مہر زدہ مشروب ہے، اور اکیسویں خصلت یہ ہے کہ مسواک کرنے والے کی قبر اس پر وسیع کردی جائے گی، اور زمین اس کے نیچے سے آواز دے کر کہے گی: تیری آواز مجھے بہت زیادہ محبوب تھی جب تو میری پشت پر چلتا تھا، اور آج کے دن جبکہ تو میرے پیٹ میں ہے میں ضرور بالضرور تیرے لئے اتنی وسیع ہوجاؤں گی کہ جس سے تیری آرزو بھی قاصر ہے، اور بائیسویں خصلت یہ ہے کہ مسواک کرنے والے کی جہاں تک نگاہ جاتی ہے، اس کی قبر اس پر اس سے بھی زیادہ وسیع ہوجائے گی، اور اس کی قبر میں اس کے نیچے سے زمین کہے گی: تیری آواز مجھے بہت زیادہ محبوب تھی جب تو میری پشت پر چلتا تھا، اور آج کے دن جبکہ تو میرے پیٹ میں ہے میں ضرور بالضرور تیرے لئے ایسی جائے قرار بنوں گی کہ جس سے تیری آرزو بھی قاصر ہے، اور تیئسویں خصلت یہ ہے کہ اللہ عز وجل اس سے ہر قسم کی بیماری کو ختم کر دیں گے، اور بچپن سے بڑی عمر تک اپنی ذات میں جس کی صحت کو وہ پہچانتا ہے وہ اس کے پاس لوٹ آئے گی، اور چوبیسویں خصلت یہ ہے کہ انبیاء کو کپڑے پہنانے کے وقت مسواک کرنے والے کو کپڑے پہنائے جائیں گے، اور انبیاء کے اکرام کے وقت اس کا اکرام کیا جائے گا، اور اسے انبیاء کے ساتھ بغیر حساب کے جنت میں داخل کر دیا جائے گا۔
روایت پر ائمہ کا کلام
حافظ ابن دقیق العید رحمہ اللہ ’’الإمام‘‘[2] میں زیر بحث روایت حافظ ابو نعیم رحمہ اللہ کے حوالےسے ذکر کرنے کے بعد فرماتے ہیں:
’’رواه عن سليمان بن أحمد، عن أحمد بن عبد الوهاب بن نجدة، قال: ثنا عبد الوهاب بن نجدة، ثنا إسماعيل بن عياش، وفي متنه نكارة، وهو موقوف غير مرفوع، والله عز وجل أعلم‘‘.
اسے ابو نعیم رحمہ اللہ نے سلیمان بن احمد، عن احمد بن عبد الوہاب بن نجدہ، قال حدثنا عبد الوہاب بن نجدہ، حدثنا اسماعیل بن عیاش کے طریق سے روایت کیا ہے، اور اس کے متن میں نکارت ہے، اور یہ موقوف ہے، مرفوع نہیں ہے، واللہ عز وجل اعلم۔
حافظ ابن ملقن رحمہ اللہ نے ’’البدر المنیر[3] میں حافظ ابن دقیق العید رحمہ اللہ کے کلام پر اعتماد کیا ہے۔
علامہ مناوی رحمہ اللہ نے ’’فيض القدير‘‘[4] میں زیر بحث موقوف طریق حافظ ابو نعیم رحمہ اللہ کے حوالے سے ذکر کرنے کے بعد حافظ عراقی رحمہ اللہ کا کلام نقل کیا ہے، فرماتے ہیں:
’’قال العراقي: خالد بن معدان لم يسمع من أبي الدرداء والحديث في متنه نكارة، وهو موقوف‘‘. عراقی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: خالد بن معدان کا ابو درداء رضی اللہ عنہ سے سماع نہیں ہے، اور حدیث کے متن میں نکارت ہے، اور یہ موقوف ہے۔
حافظ ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ ’’تلخیص الحبیر‘‘[5] میں یہ موقوف طریق علامہ قشیری رحمہ اللہ کے حوالے سے ذکر کرنے کے بعد فرماتے ہیں:
’’ولا أصل له، لا من طريق صحيح، ولا ضعيف‘‘. اس کی کوئی اصل نہیں ہے، نہ کسی صحیح طریق میں، اور نہ ہی کسی ضعیف طریق میں۔
علامہ لکھنوی رحمہ اللہ نے ’’أحكام السواك‘‘[6] میں حافظ ابن حجر رحمہ اللہ کے کلام پر اعتماد کیا ہے۔
حافظ ابن دقیق العید رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ’’اس کے متن میں نکارت ہے، اور یہ موقوف ہے، مرفوع نہیں ہے‘‘،حافظ ابن ملقن رحمہ اللہ نے حافظ ابن دقیق العید رحمہ اللہ کے کلام پر اعتماد کیا ہے، حافظ عراقی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ’’خالد بن معدان کا ابو درداء رضی اللہ عنہ سے سماع نہیں ہے، اور حدیث کے متن میں نکارت ہے، اور یہ موقوف ہے‘‘،حافظ ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ’’اس کی کوئی اصل نہیں ہے، نہ کسی صحیح طریق میں، اور نہ ہی کسی ضعیف طریق میں‘‘، علامہ لکھنوی رحمہ اللہ نے حافظ ابن حجر رحمہ اللہ کے کلام پر اعتماد کیا ہے، الحاصل اسے رسول اللہ ﷺ کے انتساب سے بیان کرنا درست نہیں ہے، واللہ اعلم۔
واضح رہے کہ زیر بحث حدیث میں مذکور صرف دو فوائد یعنی: ’’مسواک منہ کو صاف کرتی ہے، رب کو راضی کرنے کا سبب ہے‘‘،صحیح حدیث سے ثابت ہیں، اس لئے سابقہ ذکر کردہ حکم کا تعلق ان دو فوائد کے علاوہ سے ہے، ملاحظہ فرمائیں:
امام ابن خزیمہ رحمہ اللہ اپنی ’’صحیح‘‘[7] میں تخریج فرماتے ہیں:
’’أخبرنا أبو طاهر، نا أبو بكر، نا الحسن بن قزعة بن عبيد الهاشمي، نا سفيان بن حبيب، عن ابن جريج، عن عثمان بن أبي سليمان، عن عبيد بن عمير، عن عائشة قالت: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: السواك مطهرة للفم، مرضاة للرب‘‘.
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مسواک منہ کو صاف کرتی ہے، رب کو راضی کرنے کا سبب ہے۔
مسواک کے دس (۱۰) فضائل پر مشتمل روایت کی تحقیق گزر چکی ہے، اور چوّن (۵۴) فضائل پر مشتمل روایت کی تحقیق آگے آرہی ہے۔
حوالہ جات
[1] الإمام في معرفة أحاديث الأحكام:1/349،مخطوط من الشاملة .
[2] الإمام في معرفة أحاديث الأحكام:1/351،مخطوط من الشاملة .
[3] البدر المنير:۲/۲۷،ت:مصطفى أبو الغيط وعبد الله بن سليمان وياسر بن كمال،دار الهجرة ـ الرياض، الطبعة الأولى1425هـ .
[4] فيض القدير:۴/۴۵۱،دار المعرفة ـ بيروت،الطبعة الثانية1391هـ .
[5] تلخيص الحبير:1/248،ت:عادل أحمد عبد الموجود،دار الكتب العلمية ـ بيروت،الطبعة الأولى1419هـ .
[6] أحكام السواك من السعاية:ص:61،ت:صلاح محمد أبو الحاج،مركز أنوار العلماء للدراسات،الطبعة الأولى1441هـ .
[7] صحیح ابن خزیمة:1/70،رقم:135،ت:محمد مصطفى الأعظمی،المکتب الإسلامی ـ بیروت،الطبعة ۱۴۰۰هـ .