غیر معتبر روایات کا فنی جائزہ (حصہ ہفتم)

روایت: مساجد اپنے آباد کرنے والوں کو کشتی کی صورت میں پل صراط پار کرواکر جنت میں لے کر جائیں گی۔

تحقیق و نظرِ ثانی: مفتی طارق امیر خان صاحب

تحقیق کی تفصیل

زیر بحث روایت علامہ عبد الرحمن صفوری رحمہ اللہ  نے ’’نزهة المجالس‘‘[1] میں بلا سند کے ان الفاظ سے ذکر کی ہے:

’’ إذا كان يوم القيامة يأتي قوم فيقفون على الصراط يبكون، فيقال لهم: جوزوا على الصراط، فيقولون: نخاف من النار، فيقول جبريل عليه السلام: وكيف كنتم تمرون على البحر؟ فيقولون: بالسفن، فيؤتى بمساجد كان يصلون فيها كالسفن، فيركبونها ويمرون على الصراط‘‘.

جب قیامت کا دن ہوگا تو کچھ لوگ پل صراط پر رکے ہوئے ہوں گے، وہ رو رہے ہوں گے، چنانچہ ان سے کہا جائے گا: پل صراط کو پار کرو، وہ لوگ جواب دیں گے کہ ہمیں آگ کا ڈر ہے، تو جبرئیل علیہ السلام ان سے پوچھیں گے کہ تم لوگ دنیا میں سمندر میں کیسے گزرتے تھے؟ تو وہ جواب دیں گے کہ کشتیوں کے ذریعے سے، چنانچہ کشتیوں کی صورت میں مساجد کو لایا جائے گا جس میں وہ لوگ نماز پڑھتے تھے، پھر وہ لوگ کشتیوں میں بیٹھ کر پل صراط سے گزر جائیں گے۔

زیر بحث روایت قاضی عبد الرحیم بن احمد رحمہ اللہ  کی جانب منسوب  کتاب ’’دقائق الأخبار‘‘[2] میں بھی بلاسند مذکور ہے ۔

تلاش بسیار کے باوجودیہ روایت سنداً تاحال ہمیں کہیں نہیں مل سکی، اور جب تک اس کی کوئی معتبر سند نہ ملے اسے آپ ﷺ کے انتساب سے بیان کرنا موقوف رکھا جائے، کیونکہ آپﷺ کی جانب صرف ایساکلام اور واقعہ ہی منسوب کیا جاسکتا ہے جومعتبر سند سے ثابت ہو،واللہ اعلم ۔

حوالہ جات

[1] نزهة المجالس:1/138،المكتبة العصرية ـ  بيروت،الطبعة1438هـ .

[2] دقائق الأخبارفى ذكرالجنة والنار:ص:۳۳،الحرمين ـ  الطبعة الأولى 1426هـ .

[3] انظر دقائق الأخبار:ص:110،مطبع قيومي ـ  كانبور،الطبعة 1315هـ .