روایت: ’’روز قیامت مساجد کا سفید بختی اونٹوں کی شکل میں آنا، جسے موذنین آگے سے اور ائمہ پیچھے سے چلارہے ہوں گے، جس پر یہ لوگ قیامت کے تمام مراحل سے گزر جائیں گے، اور کہا جائے گا یہ امت محمدیہ ﷺ کے وہ افراد ہیں جو باجماعت نماز کی حفاظت کرتے تھے‘‘۔
تحقیق کی تفصیل
زیر بحث روایت فقیہ ابو اللیث سمر قندی رحمہ اللہ نے ’’ تنبيه الغافلين‘‘[1] میں بلا سند ان الفاظ سے ذکر کی ہے:
’’وعن أنس رضي الله تعالى عنه، عن رسول الله صلى الله عليه وسلم أنه قال: يحشر الله المساجد كأنها بخت بيض، قوائمها من العنبر، وأعناقها من الزعفران، ورؤوسها من المسك الأذفر، وأزمتها من الزبرجد الأخضر، وقوادها المؤذنون يقودونها، والأئمة يسوقونها، فيعبرون بها في عرصات القيامة كالبرق الخاطف، فيقول أهل القيامة: هؤلاء الملائكة المقربون والأنبياء المرسلون، فينادونهم: يا أهل القيامة! ما هؤلاء الملائكة المقربون والأنبياء والمرسلون، قالوا: هم من أمة محمد صلى الله عليه وسلم الذين كانوا يحفظون صلاة الجماعة‘‘.
انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ تعالی محشر میں مساجد کو لائیں گے،گو یا کہ وہ سفید بختی اونٹ ہیں، جن کے پاؤں عنبر کے، گردن زعفران کی، سر تیز مشک، اور لگام سبز زبر جرد کی ہوگی، اور موذنین ان کو آگے سے، اور ائمہ پیچھے سے چلارہے ہوں گے، یہ لوگ قیامت کے میدانوں کو ان اونٹوں پر بجلی کی کڑک کی طرح پار کرلیں گے، قیامت والے کہیں گے: یہ مقرب فرشتے اور مرسل انبیاء ہیں، چنانچہ کہنے والے باآواز بلند کہیں گے: اے قیامت والو! یہ مقرب فرشتے اور مرسل انبیاء نہیں ہیں، وہ مزید کہیں گے: یہ امت محمد ﷺ کے وہ افراد ہیں جو باجماعت نماز کی حفاظت کرتے تھے۔
زیر بحث روایت امام قرطبی رحمہ اللہ نے بلا سند اپنی تفسیر ’’الجامع لأحكام القرآن‘‘[2] میں ایک مقام پر امام ثعلبی رحمہ اللہ کے حوالہ سے، اور دوسرے مقام پر امام ثعلبی رحمہ اللہ کے انتساب کے بغیر ذکر کی ہے[3]، نیز یہی روایت علامہ عبد الرحمن صفوری رحمہ اللہ نے ’’نزهة المجالس‘‘[4] میں اور علامہ عثمان بن حسن خوبوی رحمہ اللہ نے ’’درة الناصحين‘‘[5] میں بلا سند ذکر کی ہے۔
اسی طرح زیر بحث روایت قاضی عبد الرحیم بن احمد رحمہ اللہ کی جانب منسوب کتاب ’’دقائق الأخبار‘‘[6] میں بھی بلا سند مذکور ہے۔
واضح رہے کہ بعض نسخوں میں یہی کتاب ’’دقائق الأخبار‘‘[7] امام غزالی رحمہ اللہ کی جانب بھی منسوب کی گئی ہے۔
تلاش بسیار کے باوجودیہ روایت سنداً تاحال ہمیں کہیں نہیں مل سکی، اور جب تک اس کی کوئی معتبر سند نہ ملے اسے آپ ﷺ کے انتساب سے بیان کرنا موقوف رکھا جائے، کیونکہ آپﷺ کی جانب صرف ایساکلام اور واقعہ ہی منسوب کیا جاسکتا ہے جومعتبر سند سے ثابت ہو،واللہ اعلم ۔
حوالہ جات
[1] تنبیه الغافلین:ص:۳۰۵،رقم:۴۳۴،ت:يوسف علي بدوي،دار ابن كثير ـ بيروت،الطبعة الثالثة1421هـ .
[2] الجامع لأحكام القرآن:۱۵/۲۷۵،ت:عبد الله بن عبد المحسن التركي،مؤسسة الرسالة ـ بيروت،الطبعة الأولى 1427هـ .
[3] الجامع لأحكام القرآن:۱۵/۲۹۵،ت:عبد الله بن عبد المحسن التركي،مؤسسة الرسالة ـ بيروت،الطبعة الأولى 1427هـ .
[4] نزهة المجالس:1/138،المكتبة العصرية ـ بيروت،الطبعة1438هـ .
[5] درة الناصحين:ص:41،فيضي كتب خانه ـ كوئته ـ باكستان .
[6] دقائق الأخبارفى ذكرالجنة والنار:ص:۳۳،الحرمين ـ الطبعة الأولى 1426هـ .
[7] انظر دقائق الأخبار:ص:110،مطبع قيومي ـ كانبور،الطبعة 1315هـ .