غیر معتبر روایات کا فنی جائزہ (حصہ ہشتم)

روایت: ایک صحابی رضی اللہ عنہ کا نماز پڑھنے کے بعد فوراً نکل جانا، اور آپﷺ کے پوچھنے پر بتانا کہ گھر میں صرف یہی ایک ہی چادر ہے، لہذا میں گھر جاکر یہ چادر اپنی اہلیہ کو دیتا ہوں اور وہ نماز ادا کرتی ہیں، پھر آپﷺ کا صحابی رضی اللہ عنہ کو اپنی چادر عطا کرنا، اور صحابی رضی اللہ عنہ کا تاخیر سے گھر پہنچنا، اور اہلیہ کے پوچھنے پر پورا قصہ بتانا، اور صحابی رضی اللہ عنہ کی اہلیہ کا یہ کہنا کہ آج آپﷺ کے سامنے اپنے رب کی شکایت کر کے آئے ہو۔

تحقیق و نظرِ ثانی: مفتی طارق امیر خان صاحب

تحقیق کی تفصیل

علامہ شعراوی رحمہ اللہ نے اپنی’’تفسیر‘‘[1] میں اس حدیث کو بغیر سند کے ان الفاظ سے ذکر کیا ہے:

’’وكان بعض أصحابه يصلي خلفه، فكان عندما يسلم ينصرف الرجل مسرعا فيراه صلى الله عليه وسلم  في أول الصلاة، ولا يراه في آخرها، فاستوقفه في إحدى الصلوات، وقال له: أزهدا فينا؟ وكأنه يعز على رسول الله أن يجد أحد أصحابه لا يتواجد مع حضرته، أو يزهد في مجلسه، فيحرم من الخيرات والتجليات التي تتنزل على مجلس رسول الله، ويحرم من إشعاعات بصيرته وبصره إليه.

 لذلك أحرج الرجل، وأخذ يوضح لرسول الله صلى الله عليه وسلم  ما يدفعه كل صلاة إلى الإسراع بالانصراف، وأن هذا منه ليس زهدا في حضرة رسول الله ومجلس رسول الله، فقال: يا رسول الله! إن لي امرأة بالبيت تنتظر ردائي هذا لتصلي فيه، يعني: ليس لديه في بيته إلا ثوب واحد، فدعا له النبي صلى الله عليه وسلم  بالخير، فلما عاد لزوجته سألته عن سبب غيابه، فقص عليها ما كان من أمر رسول الله، وأنه استوقفه وحكى لها ما دار بينهما، فقالت لزوجها: أتشكو ربك لمحمد؟ ولما سألوها بعد ذلك قالت: غاب عني مقدار مائة تسبيحة‘‘.

ایک صحابی رضی اللہ عنہ آپﷺ کے پیچھے نماز پڑھتے تھے، جب آپﷺ سلام پھیرتے تو وہ صحابی رضی اللہ عنہ فوراً چلے جاتے تھے، آپﷺ نماز سے پہلے تو ان کو دیکھتے تھے لیکن نماز کے بعد آپﷺ ان کو نہیں پاتے تھے، چنانچہ آپﷺ نے کسی ایک نماز میں ان کو روک کر کہا: کیا ہم سے بے رغبتی کرتے ہو؟ گویا کہ رسول اللہﷺ پر شاق گزرتا تھا کہ آپﷺ بذات خود موجود ہوں اور  کسی صحابی کو نہ پائیں، یا کوئی آپ کی مجلس سے بے رغبتی برتے، جس کے نتیجہ میں وہ ان بھلائیوں اور تجلیات سے محروم ہوجائے جو رسول اللہﷺ کی مجلس میں نازل ہوتی ہیں، نیز وہ آپﷺ کی بصیرت کی شعاعوں، اور ان پر پڑنے والی نگاہ سے محروم رہے۔

اسی وجہ سے وہ پریشان ہوا، اور اس نے رسول اللہﷺ کے سامنے وہ وجہ بیان کرنا چاہی جو اس کے لئے ہر نماز کے بعد جلدی سے لوٹنے کا باعث بنی رہی ہے، اور یہ وضاحت بھی کردی کہ ان کا یہ فعل رسول اللہﷺ کے پاس حضوری اور رسول اللہﷺکی مجلس سے بے رغبتی کی وجہ سے نہیں تھا، چنانچہ صحابی رضی اللہ عنہ نے عرض کیا: یا رسول اللہ! میری بیوی گھر میں میری اس چادر کا انتظار کررہی ہوتی ہے، تاکہ وہ اس میں نماز پڑھے، یعنی صحابی رضی اللہ عنہ کے گھر میں ایک ہی کپڑا تھا، یہ سن کر نبیﷺ نے اس صحابی رضی اللہ عنہ کے لئے خیر کی دعا کی، جب صحابی رضی اللہ عنہ بیوی کے پاس لوٹے تو بیوی نے غائب ہونے کی وجہ پوچھی،صحابی رضی اللہ عنہ نے رسول اللہﷺ کے ساتھ پیش آنے والا معاملہ بیان کردیا کہ رسول اللہﷺ نے روک لیا تھا، نیز صحابی رضی اللہ عنہ اور آپﷺ کے مابین جو پیش آیا تھا وہ سب بتادیا، بیوی نے اپنے شوہر سے کہا: کیا آپ اپنے رب کی، محمدﷺ سے شکایت کرتے ہو؟ اس واقعہ کے بعد جب لوگوں نے اس عورت سے دریافت کیا تو عورت نے کہا: مجھ سے سو مرتبہ تسبیح پڑھنے کی مقدار چھوٹ گئی تھی۔

تلاش بسیار کے باوجودیہ روایت سند اًتاحال ہمیں کہیں نہیں مل سکی، اور جب تک اس کی کوئی معتبر سند نہ ملے اسے آپ ﷺ کے انتساب سے بیان کرنا موقوف رکھا جائے ،کیونکہ آپﷺ کی جانب صرف ایساکلام اور واقعہ ہی منسوب کیا جاسکتا ہے جومعتبر سند سے ثابت ہو،واللہ اعلم ۔

حوالہ جات

[1] تفسير الشعراوي:17/10350،ت:أحمد عمر هاشم،دار أخبار اليوم .