غیر معتبر روایات کا فنی جائزہ (حصہ ششم)

روایت: درود ماہی اور اس کے فضائل

تحقیق و نظرِ ثانی: مفتی طارق امیر خان صاحب

تحقیق کی تفصیل

’’ آپ ﷺ مسجد نبوی میں تشریف فرما تھے کہ ایک اعرابی ایک بڑے برتن میں ایک مچھلی ڈالے آپ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا، اور عرض کیا کہ اس مچھلی کو تین دن سے آگ پر پکا رہا ہوں لیکن آگ اس پر اثر نہیں کرتی، حضور ﷺ نے مچھلی سے پوچھا کہ تو کیوں نہیں پکتی؟ تو مچھلی کو اللہ تعالی نے قوتِ گویائی بخشی، مچھلی کہنے لگی کہ میں پانی میں تیر رہی تھی کہ ایک آدمی کے درود شریف پڑھنے کی آواز میرے کانوں میں پہنچی، میں نے اور تو کچھ نہیں کیا البتہ میں وہ درود سنتی رہی، آپ ﷺ نے فرمایا: وہ درود سناؤ، مچھلی نے وہ درود سنایا، تو آپ ﷺ نے فرمایا: دنیا کی آگ تو  کیا اسے دوزخ کی آگ بھی نہیں جلا سکتی‘‘۔

بعض مقامات پر یہ روایت اس طرح بیان کی جاتی ہے:ایک تجارتی بیڑہ سمندر میں جارہا تھا کہ اس میں موجود ایک شخص اونچی آواز سے درود پڑھنے لگا، اور ایک مچھلی وہ درود سن کر مست ہوگئی اور جھومتی ہوئی اس آواز کے پیچھے آتی رہی، اور درود سنتی رہی، اتفاق سے وہی مچھلی ماہی گیر کے جال میں پھنس گئی، ماہی گیر اسے بیچنے کےلئے بازار لے آیا، ایک صحابی رضی اللہ عنہ   نے اس نیت سے وہ مچھلی خرید لی کہ اسے پکا کر رسول اللہ ﷺ کی بارگاہ میں پیش کروں گا، چنانچہ اس صحابی رضی اللہ عنہ   نے مچھلی کو پکانے کےلئے چولہے پر رکھااور آگ جلانا چاہی، لیکن آگ جل کر بجھ جاتی، چنانچہ صحابی رضی اللہ عنہ   تھک کر مچھلی کو رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں لے آیا، اور سارا قصہ سنایا، تو آپ ﷺ نے فرمایا: دنیا کی آگ تو  کیا اسے دوزخ کی آگ بھی نہیں جلا سکتی۔

پھر رسول اللہ ﷺ نے حضرت علی رضی اللہ عنہ  سے فرمایا: اے علی! اس درود کو  لکھو اور لوگوں کو سکھلاؤ، ان شاء اللہ اس درود کے پڑھنے والے پر دوزخ کی آگ حرام ہوجائے گی‘‘۔

اس لئے اسے درود ماہی کہا جاتا ہے۔

اور بعض مقامات پر یہ بھی بیان کیا جاتا ہے: روزانہ فجر کی نماز کے بعد ایک سو گیارہ مرتبہ اس درود کے پڑھنے سے اللہ جل شانہ پڑھنے والے کی حفاظت اور عزت افزائی کےلئے ایک فرشتہ مقرر فرما دیتے ہیں۔

 اور وہ درود ماہی یہ ہے:’’ اللهم صل على محمد وعلى آل محمد خير الخلائق وأفضل البشر وشفيع الأمم يوم الحشر والنشر، وصل على سيدنا محمد وعلى آل سيدنا محمد بعدد كل معلوم لك، وصل على محمد وعلى آل محمد وبارك وسلم، وصل على جميع الأنبياء والمرسلين، وصل على كل الملائكة المقربين وعلى عباد الله الصالحين وسلم تسليما كثيرا كثيرا، برحمتك وبفضلك وبكرمك يا أكرم الأكرمين برحمتك يا أرحم الراحمين، يا قديم يا دائم يا حي يا قيوم يا وتر يا أحد يا صمد يا من لم يلد ولم يولد ولم يكن له كفوا أحد، برحمتك يا أرحم الراحمين‘‘.

تلاش بسیار کے باوجود یہ روایت سنداً نہیں مل سکی، اس کو بیان نہ کیا جائے، واللہ اعلم۔