’’ایک شخص مدعی ہوا کہ حضورﷺ نے میرے برہنہ تن پر چابک مارا ہے، لہذا میں بھی حضور ﷺ سے مستدعی ہوں کہ آپ پیراہن مبارک اتاریں۔۔۔‘‘، یہ واقعہ صحیح نہیں،صحیح واقعہ دوسرا ہے۔
تحقیق کی تفصیل
’’سوال: یہ عوام، وعظ میں جو ایک طول طویل قصہ بیان کرتے ہیں کہ ایک شخص مدعی ہوا کہ حضور ﷺ نے میرے برہنہ تن پر چابک مارا ہے، لہذا میں بھی حضور ﷺ سے مستدعی ہوں کہ آپ پیراہن مبارک اتاریں، لہذا حضور ﷺ نے اتارا اس نے مہر ِنبوت کو بوسہ دیا، اور کہا بس یہی آرزو تھی، جناب والا کیا بھلا کسی کی مجال تھی جو حضور ﷺ سے بدلہ لے، اس قصہ کی بھی کچھ اصل ہے؟
جواب: یہ قصہ تو واقع ہوا، مگر واعظین جو اس کو وفاتِ نبوی ﷺ کے واقعہ میں بیان کرتے ہیں کہ حضور ﷺ نے سب لوگوں کو جمع کر کے ان سے معافی چاہی، اس وقت ایک صحابی نے عرض کیا، یہ صحیح نہیں، بلکہ ایک مرتبہ حضور ﷺ غزوہ میں یا نماز میں مسلمانوں کی صف سیدھی کر رہے تھے اس وقت ایک صحابی کا سینہ آگے کو ابھرا ہوا تھا، آپ ﷺ نے لکڑی سے ان کو برابر کیا، تو کہنے لگے کہ مجھے تکلیف ہوئی، حضور ﷺ نے فرمایا اچھا بدلہ لے لو، واللہ اعلم!‘‘[1]۔
حوالہ جات
[1] امدادالاحکام : ایک صحابی کے مہر نبوت چھونے کے واقعہ کی تحقیق، ۱/۳۴۲، مکتبہ دار العلوم کراچی۔
حافظ ابن جوزی رحمہ اللہ نے ’’ کتاب الموضوعات‘‘ (۱/۲۹۷)میں،حافظ ہیثمی رحمہ اللہ نے ’’مجمع الزوائد‘‘ میں، علامہ سیوطی رحمہ اللہ نے ’’لآلئ المصنوعہ‘‘ (۱/۲۵۷)میں،علامہ ابن عراق رحمہ اللہ نے ’’تنزیہ الشریعہ‘‘ (۱/۳۳۱) میں،علامہ لکھنوی رحمہ اللہ نے ’’آثار المرفوعہ‘‘ (ص:۴۰)میں اس مشہور حکایت کو من گھڑت قرار دیا ہے،صحیح واقعہ وہی ہے جو حضرت مولانا ظفر احمد عثمانی رحمہ اللہ نے نقل کیا ہے،تفصیل کےلئے دیکھئے: کتاب غیر معتبر روایات کا فنی جائزہ،حصہ اول،ص:۱۰۰۔